Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 20 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ملک فی الحال سماجی، اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی بیداری کے نئے عمل سے گزر رہا ہے:صدرِ جمہوریہ کا اظہارِ خیال۔
٭ ناسک کے اشوک کھرات جنسی استحصال معاملے کی تحقیقات خصوصی خاتون پولس افسر کے سپرد۔
٭ گڈچرولی میں گیارہ نکسلیوں نے کی پولس کے سامنے خودسپردگی۔
٭ گڑی پاڑوا کا تہوار ہر طرف روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر علاقوں میں مسلسل تیسرے دن بھی غیر موسمی بارش، جالنہ اور ہنگولی اضلاع میں فصلوں کا بڑے پیمانے پر نقصان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ ہمارا ملک اس وقت سماجی، اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی طور پر نئی تبدیلیوں اور بیداری کے دور سے گزر رہا ہے۔ وہ کل ایودھیا کے شری رام جنم بھومی مندر میں منعقدہ ایک پروگرام سے مخاطب تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر اس تبدیلی کی علامت ہے۔ رام راجیہ کی تشریح سے ترقی یافتہ ملک کا تصور واضح ہوتا ہے، صدرِ جمہوریہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ایک ترقی یافتہ ملک کا ہدف 2047 یا اس سے پہلے حاصل کر لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا:
Byte: President Draupadi Murmu
دریں اثناء، صدرِجمہوریہ نے کل رام جنم بھومی مندر کے دوسرے منزلے پر واقع اجلاس گاہ میں ”شری رام ینتر“ نصب کیا۔ اس 150 کلو گرام وزنی ینترپر سونے کی ملمع کاری کی ہوئی ہے۔ اس موقعے پر اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ موجود تھے۔ اس موقعے پر اپنی تقریر میں وزیرِ اعلیٰ آدتیہ ناتھ نے بتایا کہ گذشتہ سال ڈیڑھ بلین سے زیادہ عقیدت مندروں نے اتر پردیش کے مختلف مندروں کا دورہ کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ملک کو آئندہ برسوں میں مقامی ڈرون سازی کے عالمی مرکز کے طور پر ابھرنے کیلئے مشن موڈ پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ کل‘ نئی دہلی میں نیشنل ڈیفنس انڈسٹری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اسٹریٹجک خود مختاری کو یقینی بنانے، دفاعی تیاریوں کو بڑھانے اور موجودہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال میں ملک کو خود کفیل بنانے کیلئے ڈرون سازی اداروں کے قیام کی اشد ضرورت پر زور دیا۔ راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ مائیکرو، چھوٹے اور درمیانی درجے کے ادارے ملک کے دفاعی پیداواری شعبے میں ایک اہم ستون کے طور پر ابھر رہے ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے قومی شاہراہوں پر ٹول وصولی میں شفافیت اور آسانی کو یقینی بنانے کیلئے نیشنل ہائی ویز ضابطوں میں ترمیم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ ان میں ٹول نادہندگان سے وصولی، ایس ایم ایس کے ذریعے ای نوٹس بھیجنے کی سہولت، اور ٹول دہندگان کی شکایات کے ازالے کیلئے علیحدہ پورٹل جیسی نئی خصوصیات شامل ہیں۔
***** ***** *****
دسمبر 2028 تک ریاست کی ہر گرام پنچایت کو ’ہر گھر جل‘ سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی کی اسکیموں کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے بنیادی مقصد کے ساتھ، مرکزی جل شکتی وزارت اور ریاستی حکومت کے درمیان کل دہلی میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔ مرکزی کابینہ نے ”جل جیون مشن“ پروگرام میں دسمبر 2028 تک توسیع کر دی ہے، اور اس نئے مرحلے کو ”جل جیون مشن 2.Oکہا جائے گا۔ اس کے مطابق، ساختی اصلاحات، معیاد کی پابندی، اسکیمات کی پائیداری اور ریاستوں کے ذریعے شہریوں پر مبنی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے جیسے معاہدے کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ویڈیو کانفرنسنگ نظام کے ذریعے اس پروگرام میں شرکت کی۔
***** ***** *****
ناسک کے ایک نام نہاد نجومی اشوک کھرات کی جانب سے ایک خاتون کے جنسی استحصال معاملے کی تحقیقات خصوصی خاتون پولس افسر تیجسوینی ساتپوتے کو سونپی گئی ہے۔ ساتپوتے نے کل اس معاملے کا جائزہ لیا۔ اشوک کھرات کیخلاف 28 سالہ خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ کھرات کے دفتر اور گھر کی تلاشی کے دوران پین ڈرائیو سے 58 ویڈیوز ملی ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
گڈچرولی میں کل 11 نکسلیوں نے پولس کے سامنے خودسپردگی کردی۔ ان نکسلیوں پر کُل68 لاکھ روپئے کا انعام تھا۔ اس موقعے پر نکسل مخالف مہم کے پولس انسپکٹر جنرل سندیپ پاٹل، ڈپٹی انسپکٹر جنرل انکت گوئل، پولس سپرنٹنڈنٹ نیلوتپل اور دیگر افسران موجود تھے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کیلے کے کاشت کاروں کی ہمہ گیر ترقی کیلئے پابند ِ عہد ہے اور کیلے کے کلسٹرز، کولڈ اسٹوریج، رائپننگ چیمبرز اور جدید ذخیرہ کرنے کی سہولیات کیلئے بھرپور امداد فراہم کی جائے گی۔ مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے یہ اعلان کیا۔ وہ کل جلگاؤں میں خطاب کررہے تھے۔ چوہان نے نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی میں کیلے کے کاشتکاروں سے بات چیت کرکے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔
***** ***** *****
گڑی پاڑوا کا تہوار کل‘ ہر طرف جوش و خروش سے منایا گیا۔ نئے سال کا استقبال کرنے کیلئے ریاست میں کئی مقامات پر مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل ناگپور میں گڑی پاڑوا اور مراٹھی سال ِ نوکے موقعے پر منعقدہ خیر سگالی ریلی اور مذہبی مطالعے کے پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقعے پر انہوں نے نئے سال کے عزائم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے ہر شہری کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہی نئے سال کا ہدف ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگرسمیت ضلع بھر میں بھی گڑھی پاڑوا کا تہوارجوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقعے پر پیٹھن کے شالی واہن ستون کے علاقے میں ایک خصوصی پروگرام اور خیر سگالی جلوس کا اہتمام کیا گیا۔
***** ***** *****
تلجا پور میں تلجابھوانی دیوی کے مندر میں گڑی پاڑوا کا تہوار روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔علی الصبح مندر پر ایک گڑی اُبھاری گئی۔ مہنت تکوجی بوا اور مہنت واکوجی بوا کی موجودگی میں گڑھی کو کھڑا کرکے دیوی کو شکرکا ہار نذر کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست کے کئی علاقوں میں کل بھی بے موسمی بارش ہوئی۔ جالنہ شہر سمیت ضلعے میں کئی مقامات پر گھن گرج کے ساتھ اوسط درجے کی بارش ہوئی۔ اس بے موسمی بارش سے گندم اور چنے کی فصل کو بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ ہے۔ کل ضلعے میں اولہ باری سے ایک بھینس اور ایک بیل کے فوت ہونے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
ہنگولی ضلعے کے کلمنوری تعلقے کے کونڈُھر، دِگرس اور ہنگولی تعلقے کے جوڑتلہ اور سرسم علاقوں میں ژالہ باری ہوئی۔ گندم، چنے اور ہلدی کی کشید کے دنوں میں ہونے والی اس بے موسمی بارش کی وجہ سے کسانوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جبکہ غیر موسمی بارش سے آم کی فصل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
اہلیانگر ضلعے کے مختلف تعلقوں میں گھن گرج کے ساتھ غیر موسمی بارش ہوئی۔ ضلعے کے پارنیر تعلقے کے اکولے سمیت پاتھرڈی تعلقے کے دیہاتوں میں اولہ باری کے ساتھ بارش ہوئی۔
غیر موسمی بارش اور ژالہ باری نے شولاپور، ناسک اور اکولہ اضلاع میں بھی فصلوں کو بڑے پیمانے پر متاثر کیا۔
دریں اثناء، مراٹھواڑہ کے ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے دیگر اضلاع میں ہلکی سے اوسط درجے کی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے گرگاؤں ابتدائی طبّی مرکز کے تحت سومٹھانہ ذیلی مرکز کو نیشنل کوالٹی ایشورنس ریٹنگ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس ریٹنگ پروگرام کے تحت، نیشنل ہیلتھ سسٹم ریسورس سینٹر کی طرف سے مقرر کردہ اشاریہ جات کو پورا کرتے ہوئے ایک خصوصی معائنہ کیا گیا۔
***** ***** *****
کسانوں کی خودکشی کے بڑھتے ہوئے مسائل پر کسان حق مورچے کی جانب سے کل بیڑ میں ایک بیداری مہم چلائی گئی۔ کسان رہنماء راجندر آمٹے نے کہا کہ ملک میں پہلی کسان خودکشی کے 40 سال گزر جانے کے باوجود کسانوں کی خودکشی کے واقعات نہیں رک رہے ہیں، اس کے برعکس خودکشیوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ملک فی الحال سماجی، اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی بیداری کے نئے عمل سے گزر رہا ہے:صدرِ جمہوریہ کا اظہارِ خیال۔
٭ ناسک کے اشوک کھرات جنسی استحصال معاملے کی تحقیقات خصوصی خاتون پولس افسر کے سپرد۔
٭ گڈچرولی میں گیارہ نکسلیوں نے کی پولس کے سامنے خودسپردگی۔
٭ گڑی پاڑوا کا تہوار ہر طرف روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر علاقوں میں مسلسل تیسرے دن بھی غیر موسمی بارش، جالنہ اور ہنگولی اضلاع میں فصلوں کا بڑے پیمانے پر نقصان۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment