Monday, 23 March 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 23 مارچ 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 23 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/مارچ ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مغربی ایشیاء کی صورتحال کے پیشِ نظر وزیرِا عظم کی زیرِ قیادت کابینی کمیٹی برائے سلامتی اُمور کا اجلاس۔
٭ ریاست کی ہوٹلوں اور ریستورانٹس کو آج سے 20 فیصد اضافی گیس کی فراہمی۔
٭ ریاست کے ہر ضلعے میں مرحلہ وار اُمید مال قائم کیے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ ناسک کے ہرش وردھن سدگیر نے جیتا مہاراشٹر کیسری کا خطاب۔
اور۔۔۔٭ لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں آج غیر موسمی بارش کا امکان؛ محکمہ موسمیات کا یلو اَلرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مغربی ایشیاء میں بدلتی صورتحال کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم نریندرمودی نے کل کابینہ کی سلامتی اُمور سے متعلق کمیٹی کا ایک اجلاس نئی دہلی میں طلب کیا۔ اجلاس میں پیٹرولیم‘ خام تیل‘ گیس‘ توانائی اور کھادوں جیسے شعبوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا اور ملک بھر میں مناسب رسد‘ مستحکم لاجسٹکس اورمؤثر تقسیم کو یقینی بنانے پر خصوصی طور پر زور دیا گیا۔ اس موقعے پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس بحران کے اثرات سے شہریوں کو بچانے کی کوشش کی جانی چاہیے۔ ضروری اشیاء کی کالابازاری اور ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے ریاستی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں رہنے کے احکامات بھی انھوں نے دئیے۔
***** ***** *****
پانی کے عالمی دن کے حوالے سے کل دئیے گئے پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم سب پانی کے ہر قطرے کی حفاظت اور اس کا پوری ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنے کے پابند ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پانی زندگی کی بنیاد اور کرہئ ارض کے مستقبل کی ساخت طئے کرتا ہے۔ اقوامِ متحدہ نے بھی اس ضمن میں پانی اور جنسی مساوات سے متعلق ”جہاں پانی بہتا ہے وہاں مساوات میں اضافہ ہوتا ہے“ کا تصور پیش کیا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ ملک میں سب سے طویل عرصے تک سربراہِ حکومت رہنے کا تاریخی ریکارڈ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے نام رقم ہوا ہے۔ اس سے قبل پون کمار چام لنگ کے نام پر موجود آٹھ ہزار 930 دن کا ریکارڈ رتوڑ کر نریندر مودی نے آٹھ ہزار 931 واں دن مکمل کیا۔ اس ریکارڈ میں گجرات کے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے گذارا گیا دورِ اقتدار بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
اغذیہ اور شہری رسد کے وزیر چھگن بھجبل نے کہا ہے کہ ریاست کی ہوٹلوں اور ریستورانٹس کیلئے آج سے 20 فیصد اضافی گیس فراہم کی جائیگی۔ ریاست کی ہوٹلوں‘ دھابوں‘ ریستورانٹس‘ صنعتی کینٹینس‘ فوڈ پروسیسنگ اکائیوں‘ دودھ کے کاروبار‘ ریاستی حکومت یا مقامی اداروں کے زیرِ انصرام چلنے والی امداد یافتہ کینٹینس اور کمیونٹی کیچنس ان میں شامل ہیں۔ پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے اس خصوص میں گذشتہ ہفتے کو ہدایات جاری کی تھیں۔ بھجبل نے مزید کہا کہ ریاست میں مٹی کے تیل کی فراہمی پربھی اہم فیصلے کیے گئے۔ علاوہ ازیں‘ زیرِ التواء لائسنس اب تجدید شدہ مان لیے جائیں گے اور اس کیلئے کوئی بھی فیس وصول نہیں کی جائیگی۔
***** ***** *****
نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے کہا ہے کہ نیچروپیتھی‘ فطرت کے ساتھ ہم آہنگ طرزِ زندگی کو فروغ دیتی ہے۔ وہ کل پونا میں نیچروپیتھی آشرم کے 81 ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بھارت کی قدیم روایت کا حصہ ہے اور آج بھی اُتنی ہی مؤثر ہے۔
راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نارائن سنگھ، گورنر جشنو دیو ورما اور نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار بھی اس تقریب میں شریک تھیں۔ اس موقع پر سنیترا پوار نے نیچروپیتھی کو طرزِ زندگی کے طور پر اپنانے کی ترغیب دی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاست کے 12 اضلاع میں خواتین کے خود امدادی گروپوں کیلئے ”اُمید مال“ قائم کیے جارہے ہیں اور تمام 36 اضلاع میں مرحلہ وار اس کا قیام عمل میں آئے گا۔ وہ کل ناگپور میں مہالکشمی سرس نمائش کا دورہ کرنے کے بعد گفتگو کررہے تھے۔ اس نمائش کی ستائش کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ یہ نمائش محض تجارتی مقام نہیں بلکہ خواتین کے خود امدادی گروپوں کیلئے منڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ نقلی نجومی اشوک کھرات کے معاملے کو انھوں نے نہایت سنگین قرار دیا۔ ناگپور میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس خصوص میں ہر متاثرہ خاتون کو انصاف دلانے کیلئے حکومت ہر ممکنہ کوشش کرے گی اور اس پورے معاملے کی نہایت ہی اعلیٰ سطح پر مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ اس خصوص میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور معاملے میں ملوث کسی بھی کو بخشا نہیں جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ خواتین کے وقار کا مسئلہ ہے اور اپیل کی کہ اس میں سیاست نہ کی جائے۔ اسی دوران اشوک کھرات کے خلاف مزید ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایک متاثرہ خاتون نے شکایت کی کہ اس کے حمل کے دوران کھرات نے اسے دفتر بلاکر جنسی زیادتی کی اور توہماتی کام کیلئے اس سے سنّر تعلقے کے ایشانیشور مندر ٹرسٹ کیلئے پیسے وصول کیے گئے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ تعلقے کے نرکھیڑا میں کل چھترپتی شیواجی مہاراج محصول کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ حکومت کی مختلف اسکیموں کا فائدہ ایک ہی مقام پر پہنچانے کے مقصد سے منعقدہ اس کیمپ میں مختلف اسٹالس کے ذریعے شہریوں کی رہنمائی کی گئی اورمختلف نوعیت کے اہم دستاویزات بھی ضرورت کے مطابق فراہم کیے گئے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع پریشد کی جانب سے 67 طلبہ کو ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے اِسرو کے تعلیمی دورے پر روانہ کیا گیاہے۔ دیہی علاقوں کے طلبہ میں سائنس اور ٹکنالوجی کے تئیں دلچسپی پیدا کرنا‘ ان کی ذہنی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور ضلع پریشد اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانا اس مقصد سے یہ تعلیمی دورہ کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
سابق رکنِ پارلیمان دتا میگھے کل ناگپور میں چل بسے۔ وہ 89 برس کے تھے۔ سیاست اور تعلیمی شعبوں میں اپنے نقوش چھوڑنے والے دتا میگھے نے ودربھ کی سیاست میں اپنا منفرد مقام بنایا تھا۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے دتا میگھے کی موت پر شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ودربھ میں تعلیمی اور طبّی شعبے میں ان کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔
***** ***** *****
سابق رکنِ پارلیمان‘ بزرگ ادیب اور ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے تاسیسی چانسلر ڈاکٹر جناردھن واگھمارے کو کل لاتور میں منعقدہ ایک پروگرام میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر ناگو راؤ کمبھار‘ ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ امول تامبے اور پروفیسر ڈاکٹرشیش راؤ موہیتے نے اس موقع پر واگھمارے کے تعلیمی اور فکری سفرکا جائزہ پیش کیا۔
***** ***** *****
ایپسٹن فائلز معاملے میں کانگریس اور ونچت بہوجن آگھاڑی کی جانب سے آج آر ایس ایس کے ناگپور کے صدر دفتر پر مشترکہ طورپر مورچہ نکالا جائے گا۔ یہ مورچہ ناگپور کے سنویدھان چوک سے شروع ہوگا اور آر ایس ایس کے دفتر پر پہنچے گا۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ اور ونچت بہوجن آگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر کی قیادت میں یہ مورچہ نکالا جائے گا۔
***** ***** *****
پونہ کے واگھولی میں کھیلے گئے مہاراشٹر اسٹیٹ چمپئن شپ اور مہاراشٹر کیسری کُشتی مقابلوں میں ناسک کے ہرش وردھن سدگیر نے مہاراشٹر کیسری کا خطاب جیت لیا۔ فائنل میچ میں انھوں نے شولاپور کے مہندر گائیکواڑ کو 4-3 سے شکست دیکر دوسری بار یہ خطاب جیتا۔ چاندی کی گدا‘ پانچ لاکھ روپئے نقد اور فارچیونر گاڑی انعام کی شکل میں ہرش وردھن سدگیر کو دی گئی۔
***** ***** *****
چارٹھانہ منٹھا روڈ پر کل ایک کار اور ٹراویلز کی منی بس کے درمیان ہوئے بھیانک سڑک حادثے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے اور تین افراد شدید زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ہنگولی ضلع کے بسمت تعلقے کے سیّد خاندان کے میاں بیوی اور ان کی آٹھ سالہ بچی شامل ہے۔
***** ***** *****
موسم: محکمہئ موسمیات نے آج لاتور‘ دھاراشیو‘ ستارا‘ سانگلی اور شولاپور اضلاع کیلئے غیر موسمی بارش کا یلوالرٹ جاری کیا ہے۔ ان مقامات پر آج گھن گرج کے ساتھ ہلکی تا اوسط درجے کی بارش کے امکان کا اظہار محکمہ موسمیات کی جانب سے کیا گیاہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مغربی ایشیاء کی صورتحال کے پیشِ نظر وزیرِا عظم کی زیرِ قیادت کابینی کمیٹی برائے سلامتی اُمور کا اجلاس۔
٭ ریاست کی ہوٹلوں اور ریستورانٹس کو آج سے 20 فیصد اضافی گیس کی فراہمی۔
٭ ریاست کے ہر ضلعے میں مرحلہ وار اُمید مال قائم کیے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ ناسک کے ہرش وردھن سدگیر نے جیتا مہاراشٹر کیسری کا خطاب۔
اور۔۔۔٭ لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں آج غیر موسمی بارش کا امکان؛ محکمہ موسمیات کا یلو اَلرٹ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 02.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...