Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 13 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۱/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیر اعظم آج پردھان منتری کسان سمان ندھی کی 22ویں قسط کریں گے جاری۔
٭ ملک میں گھریلو استعمال کے گیس سلنڈر اور ایندھن کا وافر ذخیرہ موجود ہونے کی حکومت نے کی وضاحت۔
٭ صدرِ جمہوریہ کی جانب سے فوڈ پروسیسنگ شعبے میں برسرِکار خواتین رہنماؤں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور۔
اور۔۔۔٭ خلیجی ممالک میں جنگ جیسی صورتحال میں حکومت کاروباری افراد کے ساتھ کھڑی ہے:وزیرِ صنعت اُدئے سامنت کی یقین دہانی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِاعظم نریندر مودی آج آسام کے گوہاٹی سے پردھان منتری کسان سمان ندھی کی 22ویں قسط جاری کریں گے۔ یہ جانکاری مرکزی وزیرِ زراعت اور بہبودیِ کسان شیوراج سنگھ چوہان نے دی۔ اس اسکیم کے تحت اب تک چار لاکھ نو ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کسانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ چوہان نے بتایا کہ آج وزیر اعظم تقریباً نو کروڑ 32 لاکھ کسانوں کے بینک کھاتوں میں براہِ راست فائدے کی منتقلی کے ذریعے 18 ہزار 640 کروڑ روپے جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا…
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
چوہان نے مزید بتایا کہ ملک میں اناج کی مجموعی پیداوار 2014 میں 252 ملین ٹن سے بڑھ کر 2025 میں تقریباً 357 ملین ٹن ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے AI پر مبنی ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھارت وِستار کا پہلا مرحلہ بھی شروع کیا ہے، جس کے ذریعے کسانوں کو ان کی اپنی زبان میں زرعی مسائل سے متعلق جامع معلومات حاصل ہورہی ہیں۔
***** ***** *****
پیٹرولیم کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کل پارلیمنٹ کو بتایا کہ ملک میں گھریلو استعمال کیلئے گیس اور ایندھن کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور اس بارے میں شہریوں کو فکر کرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، وزیرِ موصوف نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اگر مغربی ایشیاء میں جنگ طویل بھی ہوتی ہے تو بھی ملک میں ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا…
Byte: Petroleom Minister Hardeep Singh Puri
ہردیپ سنگھ پوری نے مزید بتایا کہ ملک میں کمرشیل صارفین کیلئے گیس کی فراہمی شروع ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گھریلو گیس کیلئے اندراج کے بعد ڈھائی دن کے اندر اندر صارفین کو گیس سلنڈر پہنچائے جا رہے ہیں، اور شہری علاقوں میں 25 دن اور دیہی علاقوں میں گیس سلنڈر کی دو درخواستوں کے درمیان 45 دن کا وقفہ رکھنے کا ضابطہ لاگو کیا گیا ہے۔ پوری نے کہا کہ اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو بلاتعطل گیس فراہم کی جا رہی ہے، اور مٹی کے تیل کی خوردہ فروخت بھی ملک بھر میں شروع کردی گئی ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء، ریاستی حکومت نے گھریلو اور تجارتی استعمال کیلئے گیس سلنڈروں کی بلا تعطل فراہمی اور ممکنہ قلت کی صورت میں رابطہ پیدا کرنے کی غرض سے ضلعی سطح پر خصوصی کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ محکمے نے شہریوں کو اطمینان دلایا ہے کہ گھریلو گیس سلنڈروں کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر اور ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے درمیان گفت و شنید کے بعد ایران نے دو بھارتی پرچم والے آئل بردار ٹینکرس کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔ جس کے بعد دونوں بحری جہاز پشپک اور پریمَل‘ ہرمز سے ہوتے ہوئے بھارت پہنچیں گے۔ مغربی ایشیاء میں جاری تنازعات کے باعث بھارت کے 28 بحری جہاز آبنائے ہرمز کے علاقے میں رُکے ہوئے ہیں۔ متعلقہ حکام ان جہازوں کو سہولیات اور حفاظت فراہم کرنے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دَروپدی مُرمو نے زرعی شعبے بالخصوص زرعی فوڈ پروسیسنگ کے شعبے میں برسرِکار رہنماء خواتین کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت کا اظہار کیاہے۔ صدرِ جمہوریہ کل نئی دہلی میں ’زرعی فوڈ پروسیسنگ میں خواتین کا کردار‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر مخاطب تھیں۔ اس شعبے میں خواتین کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا …
Byte: President Draupadi Murmu
***** ***** *****
لوک سبھا میں کل‘ ضمنی مطالبات پر بحث ہوئی۔ حکومت نے ایوان میں تقریباً دو لاکھ 81 ہزار کروڑ روپئے کے 61 مطالبات رکھے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ آنجہانی یشونت راؤ چوہان کو کل ان کے 113ویں یوم پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے سماجی رابطوں پر چوہان کو خراج عقیدت پیش کیا، جبکہ نائب وزیر اعلیٰ سُنیترا اجیت پوار نے کراڑ میں واقع پریتی سنگم پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں کارگذار وائس چانسلر ڈاکٹر اشوک مہاجن نے آنجہانی چوہان کی تصویر پر گلہائے عقیدت نذر کیے۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی میں کل‘ سالانہ مالی بجٹ میں امدادی مطالبات پر بحث دوسرے دن بھی جاری رہی۔ اس موقع پر اراکین نے مختلف محکموں سے متعلق مطالبات ایوان میں پیش کیے۔ جبکہ حزبِ اختلاف کے اراکین نے ریاست میں امن و امان کی صورتحال کے موضوع پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
***** ***** *****
مرکزی اور ریاستی حکومتیں خلیجی ملک میں جنگ جیسی صورتحال کے اثرات سے صنعتوں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہیں اور حکومت صنعت کاروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے، ریاستی وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے کل صنعتی تنظیموں اور ان کے نمائندوں کو یہ یقین دلایا۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں اس حوالے سے منعقدہ ایک جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقعے پر صنعتوں کو جاری رکھنے کیلئے گیس ایندھن کی ضرورت اور متبادل ایندھن کے نظام سے متعلق تبادلہئ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
جالنا ضلعے میں تقریباً تین دنوں کا گھریلو گیس کا ذخیرہ ہے اور مرحلہ وار فراہمی بھی جاری ہے۔ یہ جانکاری ضلعی رسدافسر سویتا چوتھر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں دی گئی۔ انتظامیہ نے شہریوں سے افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
دھاراشیو ضلعے میں بھی گھریلو استعمال کے گیس سلنڈرس کا معقول ذخیرہ ہونے کی وضاحت ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے کی ہے۔جبکہ پربھنی کے ضلع کلکٹر سنجے سنگھ چوہان نے ضلعے میں پیٹرول-ڈیزل اور گھریلو گیس سلنڈروں کا وافر ذخیرہ موجود ہونے کی وضاحت کے ساتھ ہی شہریوں سے پریشان نہ ہونے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ میں تین ہوٹلوں پر چھاپے مارکر گھریلو سلنڈرس ضبط کیے گئے۔ کمرشیل گیس سلنڈرس کی قلت کی صورتحال میں ہوٹلوں میں گھریلو گیس استعمال کیے جانے کی اطلاع پر محکمہ رسد نے یہ کارروائی کی ہے۔
***** ***** *****
گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے کل‘ ناندیڑ میں ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ضلع صدر راجیش پاوڑے کی قیادت میں کیے گئے اس احتجاجی مظاہرے میں خواتین کارکنان نے حصہ لیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن میں کارپوریٹر انیل مکریے کو اسٹینڈنگ کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن کی دیگر اہم کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے انتخاب کا عمل بھی کل‘ مکمل کر لیا گیا۔
دریں اثناء، چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کیلئے شہریوں سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ شہریان‘ راستوں، پانی، صفائی، صحت، تعلیم جیسے بلدی مسائل پر 16 مارچ تک اپنے مشورے اور تجاویز دے سکتے ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع پریشد کے صدر کے عہدے کیلئے آج انتخاب ہو رہا ہے۔ ضلع پریشد کے صدر کا عہدہ جنرل زمرے کی خاتون کیلئے مختص کیا گیا ہے اور بی جے پی 19نشستیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ وزیر اعظم آج پردھان منتری کسان سمان ندھی کی 22ویں قسط کریں گے جاری۔
٭ ملک میں گھریلو استعمال کے گیس سلنڈر اور ایندھن کا وافر ذخیرہ موجود ہونے کی حکومت نے کی وضاحت۔
٭ صدرِ جمہوریہ کی جانب سے فوڈ پروسیسنگ شعبے میں برسرِکار خواتین رہنماؤں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور۔
اور۔۔۔٭ خلیجی ممالک میں جنگ جیسی صورتحال میں حکومت کاروباری افراد کے ساتھ کھڑی ہے:وزیرِ صنعت اُدئے سامنت کی یقین دہانی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment