Wednesday, 25 March 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 مارچ 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 25 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/مارچ ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ صرف ہندو‘ سکھ اور بودھ مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد ہی درجِ فہرست ذاتوں اور قبائل کے درجے کے اہل: سپریم کورٹ کا فیصلہ۔
٭ ریلوے ٹکٹ کے ریزرویشن منسوخ کرنے کے قواعد میں تبدیلی۔
٭ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے سمیت 9 ارکان کو قانون ساز کونسل میں وداعیہ۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کی راج ماتا جیجاؤ و اسمارٹ بس سروس کا افتتاح۔
اور۔۔۔٭ عالمی یومِ تپِ دِق پر عوامی بیداری کیلئے مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
عدالت ِ عظمیٰ نے اپنے ایک فیصلے میں کہا ہے کہ صرف ہندو‘ سکھ اور بودھ مذہب کے ماننے والے افراد ہی درجِ فہرست ذاتوں اور درجِ فہرست قبائل کے درجے کے اہل ہوں گے۔ آندھرا پردیش عدالت ِ عالیہ کے اس سلسلے میں دئیے گئے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست پر عدالت ِ عظمیٰ نے کل یہ فیصلہ جاری کیا۔ عدالت ِ عظمیٰ نے عدالت ِ عالیہ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ ان تین مذاہب کے ماننے والوں کے علاوہ دیگر کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے شخص کو درجِ فہرست ذاتوں و قبائل پر انسداد ِ مظالم قانون کے تحت تحفظ نہیں دیاجاسکتا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ جنگ زدہ مغربی ایشیاء میں قیامِ امن کیلئے بات چیت اور سفارتکاری ہی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔ کل راجیہ سبھا میں بیان دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ انھوں نے مغربی ایشیاء میں کشیدگی کم کرنے کیلئے متعلقہ سربراہانِ مملکت سے فون پر بات کی ہے۔ انھوں نے بتایا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
ریلوے کے محکمے نے ریزرویشن ٹکٹ منسوخ کرنے کے قواعد میں ردّ و بدل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب سفرکے آغاز سے آٹھ گھنٹے قبل ریلوے ٹکٹ منسوخ کرنے پر کوئی بھی رقم واپس نہیں ملے گی۔ سفر شروع کرنے سے نصف گھنٹہ قبل بھی سفر کا ابتدائی مقام تبدیل کرنے کی سہولت دی جائیگی۔ وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے کل نئی دہلی میں منعقدہ ایک اخباری کانفرنس میں یہ معلومات دیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
ریاستی قانون ساز کونسل کے 9 ارکان کی معیاد مکمل ہونے پر کل انھیں ایوان میں وداعیہ دیا گیا۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ان ارکان کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں کبھی بھی فُل اسٹاپ نہیں آتا۔ سبکدوش ہونے والے ارکان میں ڈپٹی چیئرپرسن نیلم گورہے، سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے‘ امول مٹکری‘ ششی کانت شندے اور سنجئے کینیکر شامل ہیں۔
***** ***** *****
زائدمنافع کا لالچ دیکر ڈپازیٹرس کے ساتھ جعلسازی کے مقدمات کا فیصلہ اندرونِ چھ ماہ دیا جائے اور ان معاملات میں ملزمان کو دو مرتبہ سے زیادہ حقِ التواء نہ دیا جائے۔ متعلق قوانین اس طرح کے ردّ و بدل کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل اسمبلی میں یہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان تبدیلیوں سے ملزمان کے اثاثے فروخت کیے جاسکیں گے اور ڈپازیٹرس کی رقومات ادا کی جاسکیں گی۔ ناسک کے جعلی نجومی اشوک کھرات کے معاملے میں بھی وزیرِ اعلیٰ نے کل اسمبلی میں وضاحتی بیان دیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس ضمن میں اب تک آٹھ مقدمات درج کیے جاچکے ہیں اور خاتون افسر کی زیرِ قیادت خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے معاملے کی جانچ کا آغاز کردیا ہے۔ پھڑنویس نے مزید کہا کہ کھرات کو جن افراد نے مدد کی ہے ان کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
اسی دوران‘ مہاراشٹر خاندانی تقسیم ِ وراثت اور زرعی زمین سے متعلق ترمیمی قوانین 2026 کو کل ریاستی اسمبلی میں منظور کرلیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی راج ماتا جیجاؤ و جدید اور اسمارٹ بس خدمات کا کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترااجیت پوار‘ حمل و نقل کے وزیر پرتاپ سرنائیک کے علاوہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرتاپ سرنائیک نے بتایا کہ ریاست بھر میں اس خدمات کی تین ہزار بسیں مرحلہ وار چلائی جائیں گی۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے کہا ہے کہ بارامتی اسمبلی حلقے کا ضمنی انتخاب بلامقابلہ کروانے کیلئے راشٹروادی کانگریس کوشش کررہی ہے اور اس سلسلے میں حزبِ اختلاف سے بھی بات چیت کی جائیگی۔ وہ کل ممبئی ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اجیت پوار کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی اس نشست پر این سی پی کی صدر و نائب وزیرِاعلیٰ سُنیترا پوار آئندہ 6 اپریل کو کاغذاتِ نامزدگی داخل کریں گی۔ بارامتی اور راہوری ان دو حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے 23 اپریل کو رائے دہی ہوگی۔
***** ***** *****
کل‘ عالمی یومِ تپِ دِق منایا گیا۔ شہریوں میں تپ ِ دق کی روک تھام اور علاج سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے کل مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگرضلع میں چوکا میں مرکزی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر ابھئے دھانورکر نے عالمی یومِ تپ ِ دق کے نعرے کی تشریح کرتے ہوئے تپ ِ دق کے تدارک کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اس خصوص میں کل بیڑ میں ایک بیداری ریلی نکالی گئی۔ ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو افسر جتن رحمن کے ہاتھوں ریلی کا افتتاح عمل میں آیا۔اس موقع پر مریضوں میں غذائی اشیاء کے پیکٹس بھی تقسیم کیے گئے۔
لاتور ضلع میں بھی ٹی بی مرکز کی جانب سے کل بیداری ریلی نکالی گئی۔ تپ ِ دق کے تدارک کیلئے ضلع میں 100 روزہ خصوصی تپ ِ دق جانچ مہم کا آغاز بھی عمل میں آیا۔
ہنگولی میں ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو افسر ویویک گائیکواڑ کے ہاتھوں ایکسرے وین کو ہری جھنڈی دکھا کر 100 روزہ طبّی جانچ مہم کا افتتاح کیا گیا۔ اس وین کے ذریعے 178 مخدوش دیہاتوں میں شہریوں کی طبّی جانچ کی جائیگی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے پنگڑا دیہات کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ 13 سالہ ارجن جگتاپ پر کامیاب عملِ جراحی کی گئی۔ شہر کے دیوگری اسپتال میں اس مرض کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے یہ مشکل آپریشن سرانجام دیا۔ وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ کے ذریعے ہوئے اس علاج کے باعث کمسن بچے کو نئی زندگی ملی ہے۔ پربھنی میں اس نوعیت کا یہ پہلا آپریشن تھا۔
***** ***** *****
ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے بی جے پی کے وِریندر سنگھ گاڑی والے اور خواتین‘ تعلیم و بہبودِ اطفال کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے کیلئے بی جے پی کی سدچھا سونی کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن کی مجلس ِ قائمہ کے سربراہ ے عہدے پر کانگریس کے سچن بنڈا پلّے اور ٹرانسپورٹ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے فیصل خان قائم خانی کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی امرت یوجنا کے دوسرے مرحلے میں امرت متر پروگرام میں پربھنی میونسپل کارپوریشن کے خواتین خود امدادی گروپ نے قومی سطح پر اپنی اجارہ داری قائم کی ہے۔ دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقدہ خصوصی پروگرام میں پربھنی شہر کے 29 خواتین بچت گروپوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ان خواتین کو مختلف ریاستوں کی خواتین بچت گروپوں سے بات چیت اور ان کے کامیاب تجربات کی معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ اس پروگرام میں شرکت کرنے والی خواتین کی خود اعتمادی میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ صرف ہندو‘ سکھ اور بودھ مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد ہی درجِ فہرست ذاتوں اور قبائل کے درجے کے اہل:سپریم کورٹ کا فیصلہ۔
٭ ریلوے ٹکٹ کے ریزرویشن منسوخ کرنے کے قواعد میں تبدیلی۔
٭ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے سمیت 9 ارکان کو قانون ساز کونسل میں وداعیہ۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کی راج ماتا جیجاؤ و اسمارٹ بس سروس کا افتتاح۔
اور۔۔۔٭ عالمی یومِ تپِ دِق پر عوامی بیداری کیلئے مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 01.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 01 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...