Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 15 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۱/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی حکومت ملک کے شہریوں کو مغربی ایشیاء میں جاری جنگ کے اثرات سے بچانے کیلئے کوشاں ہے: وزیراعظم کا بیان۔
٭ پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کی جانب سے صارفین سے گیس سلنڈروں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کرنے کی اپیل۔
٭ ریاست بھر کے مختلف علاقوں میں چھترپتی شیواجی مہاراج مہاراجسو مہم کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ ناسک کے عوامی دارالمطالعہ کا فعال رکنِ پارلیمان ایوارڈ دھاراشیو کے ایم پی اوم راجے نمبالکر کو تفویض۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ملک کے شہری مغربی ایشیاء میں جنگ کے اثرات کو محسوس نہ کریں۔ وہ کل آسام کے سِلچر ضلعے میں 23 ہزار 500 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ ِبنیاد رکھنے کے بعد مخاطب تھے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ملک کے شہریوں پر اس جنگ کا اثر کم سے کم ہو۔ انہوں نے کہا…
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
دو بھارتی بحری جہاز شیوالِک اور نندا دیوی گزشتہ روز آبنائے ہرمز سے محفوظ طریقے سے بھارت کی جانب گامزن ہوگئے۔ آبی گذرگاہوں کی وزارت کے اسپیشل سکریٹری راجیش کمار سنہا نے دہلی میں ایک بین وزارتی صحافتی کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ ان دونوں جہازوں سے 92 ہزار 700 میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی جا رہی ہے۔ سنہا نے بتایا کہ یہ دونوں جہاز کل اور پرسوں گجرات کے مُندرا اور کانڈلا بندرگاہوں پر پہنچیں گے۔
***** ***** *****
پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کی جوائنٹ سکریٹری سجاتا شرما نے گیس صارفین سے اپنے گیس سلنڈروں کا آن لائن رجسٹریشن کروانے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کمرشیل سلنڈر ریاستی حکومتوں کے پاس دستیاب ہیں اور اب 29 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں کمرشیل گیس سلنڈروں کی تقسیم شروع ہو گئی ہے۔ سجاتا شرما نے کہا کہ گیس تقسیم کاروں کی دکانوں کے باہر قطاروں میں کھڑے ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، انہوں نے کہا…
Byte: Petroleum And Natural Gas Joint Secretary Sujata Sharma
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے خبردار کیا ہے کہ ایل پی جی کی تقسیم میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا دانستہ طور پر تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وہ کل رتناگیری میں متعلقہ محکمہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسی کوئی شکایت پائی گئی تو متعلقہ کمپنیوں یا افراد کے خلاف براہِ راست مقدمات درج کیے جائیں گے۔ سامنت نے بتایا کہ حکومت نے 13 مارچ کو گیس کی تقسیم کیلئے رہنما خطوط جاری کیے ہیں اور اس کے مطابق تقسیم کی جائے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلعی رسد افسر پروین پھلاری نے بتایا ہے کہ ضلعے میں گیس کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے اور کہیں بھی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس ایجنسیوں کے ذریعے گیس کی فراہمی درست طریقے سے جاری ہے اور ضلعے میں کہیں سے بھی کالا بازاری کی کوئی خبر نہیں ملی ہے۔ پھلاری نے بتایا کہ فلائنگ اسکواڈ نے اب تک ضلعے میں 46 ایجنسیوں کا معائنہ کیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع انتظامیہ نے گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے دس فلائنگ اسکواڈ تعینات کیے ہیں۔
بیڑ شہر کے شیونیری نگر علاقہ میں ایک مکان میں گھریلو اور کمرشیل گیس سلنڈروں کو غیر قانونی طور پر ذخیرہ کرنے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے ذخیرہ ضبط کرلیا گیا ہے۔
***** ***** *****
محکمہ انکم ٹیکس نے مالی سال 2026-27 کیلئے ایڈوانس ٹیکس ای-کمپین کے تحت ٹیکس دہندگان کو بھیجے گئے کچھ ای میل پیغامات کے بارے میں وضاحت جاری کی ہے۔ اگر کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے، کچھ ٹیکس دہندگان کو ”اہم لین دین“ کے بارے میں غلط معلومات والی ای میلز موصول ہوئی ہیں تو ایسے ٹیکس دہندگان سے سابقہ ای میلز کو نظر انداز کر دینے کی درخواست کی گئی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شاہراہ اور حمل و نقل کی مرکزی وزارت نے ”FASTAG“ سالانہ پاس کی شرحوں میں دو اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جسکے بعد تین ہزار روپے میں دستیاب ہونے والا یہ سالانہ پاس اب تین ہزار 750 روپے میں دستیاب ہوگا۔ یہ نئی قیمتیں یکم اپریل سے لاگو ہوں گی۔
***** ***** *****
چھترپتی شیواجی مہاراج مہاراجسو ابھیان کل ریاست بھر میں مختلف مقامات پر منعقد کیا گیا۔ اس کے تحت محصول، صحت، رسد، خواتین و اطفال ترقی، دیہی ترقیات اور پنچایت راج محکمے سمیت تعلیم، زراعت، محکمہ جنگلات، لینڈ ریکارڈ وغیرہ محکمہ جات کی معرفت شہریوں کو مختلف خدمات فراہم کی گئیں۔
مہاراجسوابھیان کا افتتاح مرکزی وزیرِ آیوش پرتاپ راؤ جادھو نے بلڈانہ ضلعے کے لونار تعلقے کے ہِرڈَو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے افسران اپنے شاہانہ اطوار کو ایک طرف رکھ کر عوام کے کام کریں۔ اس کیمپ میں محصول محکمے سمیت 15 سے زیادہ دیگر محکمہ جات کی خدمات فراہم کی گئیں، اس موقعے پر جادھو نے دیہی لوگوں سے اس مہم کا فائدہ اٹھانے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے سنگنا پور تحصیل ڈویژن میں بھی کل مہاراجسو سمادھان کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں ایک ہی دن میں ایک ہزار41 مستحقین کو راست فوائد پہنچائے گئے۔ اس کیمپ میں ضلع کلکٹر سنجے سنگھ چوہان اور سنگنا پور کی منتظم و سرپنچ شاردا کھلارے کے ساتھ کئی عہدیدار موجود تھے۔
***** ***** *****
جالنہ کی ضلع کلکٹر آشیما متل نے کل ضلعے کے گھن ساونگی تعلقے کے رانی اونچے گاؤں میں منعقدہ شیواجی مہاراج راجسو سمادھان کیمپ میں حصہ لیا۔ اس کیمپ میں 720 شہریوں نے مختلف سرکاری خدمات سے براہ راست استفادہ کیا۔ محکمہ زراعت کی جانب سے کسانوں میں ٹریکٹر، ہارویسٹر، روٹاویٹر اور دیگر زرعی آلات تقسیم کیے گئے۔
***** ***** *****
ناسک کے عوامی دارلمطالعہ کی جانب سے دیا جانے والا ”فعال رکنِ پارلیمان“ ایوارڈ کل دھاراشیو کے رکنِ پارلیمان اوم راجے نمبالکر کو تفویض کیا گیا۔ ناسک میں منعقدہ ایک تقریب میں اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے یہ ایوارڈ پیش کرکے نمبالکر کا استقبال کیا۔ اس موقعے پر نمبالکر نے کہا کہ جمہوریت عوام کیلئے وقف ہونا چاہیے، اور رائے دہندگان کا مالی لالچ میں ووٹ دینا دھوکہ دہی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ اساتذہ حلقے کے ایم ایل سی وکرم کالے نے کہا ہے کہ کتابی نمائش اور کتاب میلوں جیسے اقدامات نوجوانوں میں مطالعے کا شوق پیدا کرنے میں اہم ثابت ہوتے ہیں۔ وہ لاتور ضلعے کے اوسا میں دو روزہ لاتور ضلع کتاب میلہ اور کتاب نمائش کے افتتاح کے موقع پر بات کر رہے تھے۔ کالے نے کہا کہ مراٹھواڑہ میں تقریباً ساڑھے تین سو اسکولوں اور کالجوں کو 36 ہزار روپے کی کتابیں فراہم کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
فہرست رائے دہندگان کی درستگی اور تجدیدکاری کیلئے پربھنی اسمبلی حلقے میں خصوصی نظرِ ثانی مہم کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس تناظر میں سب ڈویژنل آفیسر اور ووٹر رجسٹریشن آفیسر ادئے سنگھ بھوسلے نے تمام ووٹروں سے انتظامیہ کا تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ ٹیکس کے بقایہ جات کی وصولی کیلئے خصوصی مہم چلا رہا ہے۔ اس مہم کے دوران کل‘ تین جائیدادیں ضبط کی گئیں۔ 4 مارچ 2026 سے املاک ٹیکس ادا نہ کرنے پر میونسپل کارپوریشن نے 34 جائیدادوں کو ضبط کیا ہے۔
***** ***** *****
جرمنی کے ایک وفد نے کل‘ عالمی ثقافتی ورثے غارہائے اجنتا کا دورہ کیا۔ ارکان نے اجنتا غاروں میں موجود مصوری کے نمونے اور مجسّمے کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ اس وفد کے دورے کا منصوبہ مہاراشٹر کے محکمہ سیاحت کی پہل پر بنایا گیا تھا۔ محکمہ سیاحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر وجئے جادھو نے بتایا کہ محکمہ، ریاست میں کسانوں، دیہی سیاحوں، صنعت کاروں اور خواتین کو سیاحت سے متعلق مختلف صنعت اور کاروبار کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مرکزی حکومت ملک کے شہریوں کو مغربی ایشیاء میں جاری جنگ کے اثرات سے بچانے کیلئے کوشاں ہے: وزیراعظم کا بیان۔
٭ پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کی جانب سے صارفین سے گیس سلنڈروں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کرنے کی اپیل۔
٭ ریاست بھر کے مختلف علاقوں میں چھترپتی شیواجی مہاراج مہاراجسو مہم کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ ناسک کے عوامی دارالمطالعہ کا فعال رکنِ پارلیمان ایوارڈ دھاراشیو کے ایم پی اوم راجے نمبالکر کو تفویض۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment