Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 26 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آئندہ مالی سال کا مالیاتی بجٹ لوک سبھا میں صوتی رائے دہی سے منظور۔
٭ ملک میں ایندھن کا ضروری ذخیرہ موجود؛حکومت کا تیقن؛افواہوں پر توجہ نہ دینے کی شہریوں سے اپیل۔
٭ ترمیم شدہ ہوا بازی اسکیم کو 10 برس کیلئے مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ اشوک کھرات معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کرکے سخت کارروائی کی جائیگی: وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر علاقوں میں غیر موسمی بارش کا امکان؛ پربھنی‘ بیڑ، ناندیڑ‘ لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں چار دِن کیلئے یلو اَلرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
سالانہ مالیاتی بل کل لوک سبھا میں صوتی رائے دہی کے ذریعے منظور کرلیا گیا۔ متعدد ترامیم اور نئی تجاویز کے ساتھ پیش کردہ اس بل پر ہوئی دو روزہ بحث کا وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے جواب دیا۔ انھوں نے کہا کہ مائیکرو‘ چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں سمیت کسانوں اور امدادِ باہمی اداروں کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت کام کررہی ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Finance Minister Nirmala Sitharaman
وزیرِ خزانہ کے اس جواب کے بعد ایوان میں اس بل کو منظور کرلیا گیا۔ بعد ازاں‘ سیتا رَمن نے دیوالیہ پن اور اِن سولونسی ضوابط ترمیمی بل لوک سبھا میں پیش کیا۔
***** ***** *****
پیٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیوں بھارت پیٹرولیم اور ہندوستان پیٹرولیم نے واضح طورپر کہا ہے کہ ملک میں ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے۔ پیٹرولیم اور طبعی گیس کی وزارت کی جوائنٹ سیکریٹری سجاتا شرما نے کہا ہے کہ ایندھن کی قلّت ہونے سے متعلق خبریں مکمل طورپر بے بنیاد ہیں اور پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Petroleum And Natural Gas Joint Secretary Sujata Sharma
دریں اثناء‘ پردھان منتری اُجولا یوجنا اور دیگر اسکیموں کے صارفین کیلئے سلنڈر کی بکنگ کی مدت میں اضافے کی خبروں کو بھی پیٹرولیم و طبعی گیس وزارت نے بے بنیاد قرار دیاہے۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی مکتوب میں کہا گیا ہے کہ سلنڈر کی بکنگ کیلئے شہری علاقوں میں 25 اور دیہی علاقوں میں 45 دنوں کی مدت اب بھی برقرار ہے اور اس میں کوئی ردّ و بدل نہیں کیا گیا۔
***** ***** *****
مغربی ایشیاء میں جنگ کی بگڑتی صورتحال کے پیشِ نظر‘ مرکزی حکومت نے کل سنسد بھون کمپلیکس میں ایک کُل جماعتی اجلاس منعقد کیا۔ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کی زیرِ صدارت منعقدہ اس اجلاس میں مرکزی وزراء کے علاوہ کانگریس رہنماء مکل واسنک اورطارق انور‘ سی پی آئی ایم کے جان برٹاس‘ سماج واری پارٹی کے دھرمیندر یادو اور حزبِ اختلاف کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر کرین رِجیجو نے بتایا کہ مغربی ایشیاء میں جاری کشیدگی پر اس اجلاس میں گفت و شنید کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت‘ حزبِ اختلاف کے تمام سوالات کے جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ اس اجلاس میں موجودہ صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے کیے جارہے اقدامات کی مکمل حمایت کا تیقن بھی حزبِ اختلاف کے رہنماؤں نے دیا۔
***** ***** *****
مرکزی کابینہ نے علاقائی حمل و نقل سے متعلق ترمیم شدہ ہوا بازی اسکیم کو آئندہ دس برس کیلئے منظوری دے دی۔ اس اسکیم کیلئے 28 ہزار 840 کروڑ روپئے کے اخراجات کو بھی منظور کرلیا گیا۔ کل مرکزی کابینہ کے اجلاس کے بعد مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے نئی دہلی میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس اسکیم میں اب تک فضائی خدمات سے محروم 100 مقامات پر ہوائی اڈے تعمیر کیے جائیں گے جس سے عام شہریوں کیلئے ہوائی سفر مزید آسان ہوگا۔
امیگریشن ویزا‘ فارینرس اینڈ ٹریکنگ یعنی IVFRT اسکیم کی مدت میں مزید پانچ برس تک کی توسیع کو بھی کابینہ نے منظوری دی۔ اس کیلئے ایک ہزار آٹھ سو کروڑ روپئے منظور کیے گئے۔
***** ***** *****
آکاشوانی کی روزانہ کی نشریات کا آغاز آج سے وندے ماترم مکمل طور پر نشر کرکے کیا گیا۔ اب تک نشریات کی ابتداء اس گیت کے دو بند سے ہوتی تھی‘ لیکن اب صبح میں نشریات کے آغاز میں اس گیت کے تمام چھ بند نشر کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی کارروائی کل ملتوی کردی گئی۔ اس اجلاس کے دوران 22 سرکاری بل منظور کیے گئے۔ اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے ایوان کو بتایا کہ اسمبلی کا آئندہ اجلاس 22 جون 2026 سے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
ناسک کے جعلی نجومی بابا اشوک کھرات کے معاملے میں باریک بینی سے تحقیقات کرکے سخت کارروائی کا عندیہ دیویندر وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے دیا ہے۔ وہ‘ کل اسمبلی میں حزبِ اختلاف کی پیش کردہ آخری ہفتہ کی تجویز پر بحث کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں روزانہ نئے انکشافات ہورہے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس خصوص میں متعلقہ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کی مزید معلومات حکومت اور تحقیقاتی اداروں تک پہنچائیں۔
***** ***** *****
سابق نائب وزیرِ اعلیٰ آنجہانی اجیت پوار کا طیارہ حادثہ‘ ان کی موت اور اس حادثے کی تحقیقات سے متعلق وزیرِ اعلیٰ نے ایوان کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انھوں نے ایوان کو یقین دہانی کروائی کہ اس معاملے میں ابتدائی اطلاعاتی رپورٹ سمیت تمام عمل مکمل قانونی طریقہئ کار پر کیا جارہا ہے۔ انھوں نے عندیہ دیا کہ اگر اس حادثے میں سبوتاژ کا عنصر پایا گیا تو ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائیگی۔ ریاست میں حفاظتی نظام کے تحت نصب کیے جانے والے مہانیتر CCTV آلات سے متعلق بھی وزیرِ اعلیٰ نے تفصیلات پیش کیں۔
***** ***** *****
قومی ضابطہئ عدل مہاراشٹر ترمیمی بل 2026 کل ریاستی مقننہ کے دونوں ایوانوں میں اتفاقِ رائے سے منظور کرلیا گیا۔ تیزاب کے حملے میں متاثرہ کا نام ظاہر نہ کی جانے نیز ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ پر خواتین کو بدنام کیے جانے پر اسے جنسی ہراسانی قرار دیئے جانے اس طرح کی ترامیم بھی بل میں شامل کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
کنٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل CAG کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 2011 تا 2024 کے دوران منظور شدہ منریگا کے 27 فیصد سے زائد کام شروع ہی نہیں کیے گئے اور 19 فیصد کام نامکمل رہے۔ کل جاری کردہ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران 13 ہزار 957 کروڑ روپئے کے فنڈ مختص کیے گئے تھے۔ جس میں سے ساڑھے 13 ہزار کروڑ روپئے خرچ کیے گئے۔
***** ***** *****
آج شری رام نومی منائی جارہی ہے۔ اس ضمن میں ایودھیا سمیت ملک بھر کے رام مندرروں میں دوپہر 12 بجے رام جنم اُتسو منایا جائے گا۔ جالنہ، ناسک‘ شرڈی اور چھترپتی سمبھاجی نگر کے مختلف مندروں میں اس کی بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
بزرگ تاریخ داں ڈاکٹر جئے سنگھ راؤپوار آج صبح کولہاپور میں چل بسے۔ وہ 85 برس کے تھے۔ انھوں نے تاریخ کے میدان میں وسیع تحقیق کی اور 25 سے زائد کتابیں لکھیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں رائے دہی مرکز کی سطح کے افسر یعنی بی ایل اوز کو 30 مارچ تک گھر گھر جاکر فہرست رائے دہندگان کی میپنگ اور ووٹر لسٹ کی تصدیق مکمل کرنے کی ہدایت ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے دی ہے۔ کل شہر میں اس ضمن میں بی ایل اوز کے ایک تربیتی ورکشاپ سے انھوں نے خطاب کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں سہکار بھارتی کے زیرِ انتظام ضروری اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے مختلف امدادِ باہمی ادارے قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ اطلاع سہکار بھارتی کے سربراہ سنجئے پاچپور نے دی۔
***** ***** *****
موسم: مراٹھواڑہ میں آج سے اتوار تک پربھنی‘ بیڑ‘ ناندیڑ‘ لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں گھن گرج کے ساتھ غیر موسمی بارش کے امکان کا اظہار محکمہئ موسمیات نے کیا ہے اور اس سلسلے میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ودربھ کے بھی بیشتر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آئندہ مالی سال کا مالیاتی بجٹ لوک سبھا میں صوتی رائے دہی سے منظور۔
٭ ملک میں ایندھن کا ضروری ذخیرہ موجود؛حکومت کا تیقن؛افواہوں پر توجہ نہ دینے کی شہریوں سے اپیل۔
٭ ترمیم شدہ ہوا بازی اسکیم کو 10 برس کیلئے مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ اشوک کھرات معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کرکے سخت کارروائی کی جائیگی: وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر علاقوں میں غیر موسمی بارش کا امکان؛ پربھنی‘ بیڑ، ناندیڑ‘ لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں چار دِن کیلئے یلو اَلرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment