Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 29 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کیلئے جدید ترین بنیادی ڈھانچے میں مرکزی حکومت بڑی سرمایہ کاری کررہی ہے: وزیرِ اعظم نریندر مودی کا اظہارِ خیال۔
٭ ”من کی بات“ پروگرام کے تحت آج وزیرِ اعظم ملک کی عوام سے خطاب کریں گے۔
٭ ای گورننس اصلاحاتی پروگرام میں چھترپتی سمبھاجی نگر ڈیویژنل کمشنر دفتر کو دوسرا مقام؛ ڈیویژن کے چار افسران کو بھی ایوارڈز۔
٭ 19 ویں IPL کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز؛ افتتاحی میچ میں دفاعی چمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو کی سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف فتح۔
اور۔۔۔٭ لاتور و دھاراشیو سمیت کئی اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کیلئے جدید ترین بنیادی ڈھانچے میں مرکزی حکومت بڑی سرمایہ کاری کررہی ہے۔ اُترپردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع کے جیور میں‘ نوئیڈا بین الاقوامی طیران گاہ کے پہلے مرحلے کے افتتاح کے بعد منعقدہ پروگرام سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ 11 برسوں میں بنیادی سہولیات کیلئے مختص کیے جانے والے فنڈز میں چھ گنا اضافہ کیا گیا ہے۔ ایکسپریس وے اور قومی شاہراہوں پر 17 لاکھ کروڑ روپئے خرچ کیے گئے ہیں اور ملک بھر میں ایک لاکھ کلو میٹر طویل شاہراہوں کا جال بچھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ براڈ گیج نیٹ ورک کو تقریباً صد فیصد بجلی پر منتقل کردیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ مغربی ایشیاء میں جاری کشیدگی کے باعث پیدا شدہ صورتحال کا مقابلہ ملک کی عوام سے حاصل ہونے والے اعتماد کے بل بوتے پر کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج صبح 11 بجے آکاشوانی پر ”من کی بات“ پروگرام کے ذریعے عوام سے خطاب کریں گے۔ یہ اس سلسلے کی 132 ویں قسط ہے۔ اس پروگرام کو صبح 11 بجے آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام چینلز‘ اے آئی آر نیوز ویب سائٹ اور نیوز آن اے آئی آر ایپ پر نشر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام متعلقہ یوٹیوب چینلز پر بھی پروگرام نشر ہوگا۔
***** ***** *****
برقی گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے حکومت نے پی ایم- ای ڈرائیو اسکیم کے تحت مراعات کے معیار میں تبدیلی کی ہے۔ اب 31 جولائی 2026 تک رجسٹر ہونے والی ٹو وہیلرز اور 31 مارچ تک رجسٹر ہونے والی رکشہ اور باربرداری کرنے والی تین پہیہ گاڑیاں اس اسکیم کے تحت سبسیڈی کی اہل ہوں گی۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ برقی گاڑیوں کے استعمال کی ترغیب دینا ہے۔ سبسیڈی کیلئے ٹو وہیلر گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ قیمت کی حد ڈیڑھ لاکھ روپئے اور رکشے کیلئے یہ حد ڈھائی لاکھ روپئے مقرر کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ملک میں ایندھن کا ذخیرہ ختم ہونے سے متعلق سماجی رابطے پر گردش کرنے والی خبروں کی مرکزی حکومت نے تردید کی ہے۔ حکومت کے انفارمیشن بیورو کے دفتر کی فیکٹ چیک ٹیم نے ان خبروں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے وضاحت کی کہ ملک میں کہیں بھی پیٹرول‘ ڈیزل یا ایل پی جی کی قلّت نہیں ہے۔ اس خصوص میں خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں ایندھن کی سپلائی مستحکم ہے اور اس پر مسلسل نظررکھی جارہی ہے۔ ملک کی ایندھن ذخیرہ کرنے کی صلاحیت تقریباً 74 دنوں کی ہے اور فی الحال موجود ذخیرہ ملک کی 60 دنوں کی ضرورت کیلئے کافی ہے۔
***** ***** *****
حکومت ِ مہاراشٹر کے 150 روزہ ای گورننس اصلاحاتی پروگرام کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژنل کمشنر دفتر نے ریاستی سطح پر دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ ممبئی کے سہیادری ہال میں منعقدہ تقریب میں وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ڈویژنل کمشنر جتندر پاپڑکر کو توصیفی سند دے کر اعزاز سے نوازا۔ تقریب کے بعد پاپڑکر نے کہا کہ یہ اعزاز تمام افسران وملازمین کی اجتماعی کوششوں کا ثمر ہے اور مستقبل میں انتظامیہ کو مزید عوام دوست بنانے کیلئے جدید ٹکنالوجی کازیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے گا۔
اسی پروگرام کے ذیل میں ”سیوا کرمی پلس“ کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد نے عمدہ کارکردگی پیش کی۔ اس کیلئے ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو افسر انکت کو وزیرِاعلیٰ کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا گیا۔ ناندیڑ پولس رینج کو بہترین انسپکٹر جنرل کا ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین ضلع کلکٹر کا اعزاز جلگاؤں کے روہن گھوگے‘ تھانہ کے شری کرشن پانچاڑ‘ دھاراشیو کے کیرتی کرن پجار‘ لاتور کی ورشا ٹھاکر گھوگے‘ ہنگولی کے چیف ایکزیکٹیو افسر ویویک گائیکواڑ اور کولہاپور کے امول ییڑگے کو دیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
قومی شاہراہوں کے متعددمنصوبوں کیلئے زمین کے حصول کے سلسلے میں زیرِ التواء 28 ہزار معاملات کو تیزی سے نمٹانے کیلئے 57 نئے ٹریبیونل قائم کیے گئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی ہدایت کے بعد وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے کی پہل پر ان ٹریبیونلز کی نامزدگی عمل میں آئی۔ جس کے بعد کئی برسوں سے زیرِالتواء 28 ہزار سے زائد پروجیکٹ سے متاثرہ افراد کے دعوے تیزی سے نمٹائے جاسکیں گے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں پائپ لائن کے ذریعے طبعی گیس کی فراہمی کے جال (نیٹ ورک) کو وسعت دینے کیلئے مرکزی حکومت سے تکنیکی و مالی امداد دینے کا مطالبہ وزیر چھگن بھجبل نے کیا ہے۔ اس خصوص میں نئی دہلی میں منعقدہ اجلاس میں بھجبل نے پی این جی کی توسیع میں حائل رکاوٹوں کی سمت توجہ مبذول کروائی۔ اجلاس میں مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر اور ہردیپ سنگھ پوری سمیت مختلف ریاستوں کے نمائندے موجود تھے۔ نئے تعمیراتی منصوبوں کیلئے پی این جی کو لازمی کرنے کی تجویز بھی چھگن بھجبل نے اس موقع پر پیش کی۔
***** ***** *****
ریاست میں گنے کی کشید ہنگام اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ ریاست کے 210 میں سے 183 شکر کارخانوں میں گنے کی کشید مکمل ہوچکی ہے۔ اب تک 98 لاکھ 80 ہزارٹن شکر تیار کی جاچکی ہے۔ اس میں سب سے زیادہ 23 لاکھ ٹن شکر کی پیداوار کولہاپور ڈویژن میں ہونے کی اطلاع شکر کمشنر دفتر سے دی گئی۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے کل ضلع کلکٹر دفتر میں تمام گیس کمپنیوں کے سپلائی افسران اور گیس ایجنسی مالکان کا ایک اجلاس طلب کیا۔ کرڈیلے نے اس موقع پر کہا کہ صارفین کو ان کے رجسٹرڈ پتے پر گیس پہنچانا لازمی ہے اورکسی بھی صورت میں صارفین کو ایجنسی پر بلاکر گیس کا سلنڈر نہ دیا جائے۔
***** ***** *****
19 ویں انڈین پریمیر لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا کل سے آغاز ہوا۔ بنگلورو کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم پر دفاعی چمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو اور سن رائزرس حیدرآباد کے مابین کھیلے گئے افتتاحی میچ میں رائل چیلنجرز کی ٹیم نے چھ وکٹ سے فتح حاصل کی۔ حیدرآباد کی ٹیم کی جانب سے دئیے گئے 202 رنوں کے ہدف کو 15 اوور اور چار گیندوں میں حاصل کرلیا۔ ویراٹ کوہلی نے غیر مفتوح 69 رن بنائے‘ جبکہ دیو دت پڈیکل نے 61 اور رجت پاٹیدار نے 31 رن بنائے۔ بنگلورو کے جیکب ڈفی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
خواتین کے مہاراشٹر کیسری کُشی مقابلوں کا کل شولاپور میں آغاز ہوا۔ اکل کوٹ کے رکنِ اسمبلی سچن کلیان شیٹی کے ہاتھوں اس ٹورنامنٹ کا افتتاح عمل میں آیا۔ کل کھیلے گئے پہلے راؤنڈ میں خواتین پہلوانوں کے مختلف زمروں کے مقابلے ہوئے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی نے مارچ- اپریل 2026 کے امتحانات کا ٹائم ٹیبل جاری کردیا ہے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے سے جاری کردہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ گریجویشن نصاب کے امتحانات 7 اپریل سے اور پوسٹ گریجویشن امتحانات 16 اپریل سے شروع ہوں گے۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں لاتور‘ دھاراشیو سمیت متعدد اضلاع میں آج کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ موسمیات کی جانب سے آج یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آنے والے چند دنوں میں اہلیا نگر‘ شولاپور‘ بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں ژالہ باری کا امکان ہے۔ یہ اطلاع محکمہ موسمیات نے دی ہے
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کیلئے جدید ترین بنیادی ڈھانچے میں مرکزی حکومت بڑی سرمایہ کاری کررہی ہے: وزیرِ اعظم نریندر مودی کا اظہارِ خیال۔
٭ ”من کی بات“ پروگرام کے تحت آج وزیرِ اعظم کا ملک کی عوام سے خطاب۔
٭ ای گورننس اصلاحاتی پروگرام میں چھترپتی سمبھاجی نگر ڈیویژنل کمشنر دفتر کو دوسرا مقام؛ ڈیویژن کے چار افسران کو بھی ایوارڈز۔
٭ 19 ویں IPL کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز؛ افتتاحی میچ میں دفاعی چمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو کی سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف فتح۔
اور۔۔۔٭ لاتور و دھاراشیو سمیت کئی اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment