Tuesday, 17 March 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 17 مارچ 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 17 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۱/مارچ ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر مذہبی آزادی بل اسمبلی میں صوتی ووٹوں سے منظور۔
٭ راجیہ سبھا کیلئے مہاراشٹر سمیت 10 ریاستوں کی 26 نشستوں پر بلامقابلہ انتخابات۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں گیس کی دستیابی کے سلسلے میں CMI کا پٹرولیم کمپنیوں کے ساتھ اجلاس۔
٭ بزرگ مصور راجو باوِسکر کی خود نوشت ”کاڑِیا نیڑیا ریشا“ ساہتیہ اکادمی ایوارڈ کیلئے منتخب۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں میں ناندیڑ، لاتور، دھاراشیو اضلاع میں غیر موسمی بارش کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مہاراشٹرا مذہبی آزادی بل 2026 کل اسمبلی میں صوتی ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔ اس بل میں زبردستی یا دھوکہ دیکر، لالچ یا شادی کے ذریعے کی جانے والی مذہبی تبدیلیوں کی روک تھام کی کئی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ اس میں شادی کے ذریعے غیر قانونی تبدیلی ِمذہب میں ملوث افراد کو سات سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا انتظام کیا گیا ہے۔
قبل ازیں‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس بل کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مہاراشٹرا فریڈم آف ریلیجن بل کسی مذہب کے خلاف نہیں ہے بلکہ غیر قانونی تبدیلی ِمذہب کو روکنے کیلئے ہے۔ کئی بار مذہب کی تبدیلی کے معاملے پر امن و قانون کا مسئلہ درپیش ہوجا تا ہے۔تاہم‘ موجودہ قانون میں اس حوالے سے کوئی واضح دفعات موجود نہیں ہیں، اس لیے نئے قانون کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس بل میں کسی بھی مذہب کے ساتھ کوئی زیادتی اور ناانصافی نہیں ہے بلکہ اس بل میں مختلف غلط و جبری مذہب تبدیلی کی روک تھام کا انتظام کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے مزید وضاحت کی کہ آئین کی دفعہ 25 کے تحت مذہب کی آزادی کا حق ہے، لیکن عدالت ِ عظمیٰ نے کہا ہے کہ ہر کسی کو اپنے مذہب کی پیروی کرنے کا حق ہے، لیکن اس کی کچھ حدود متعین ہیں۔
بھاسکر جادھو نے خدشہ ظاہر کیا کہ آزادیِ مذہب بل کے مطابق، مذہب تبدیل کرانے کے الزام کا سامنا کرنے والے شخص کو خود ہی اپنی بے گناہی ثابت کرنا ہوگی، جو کہ غیر منصفانہ ہے اور اس گنجائش کا غلط استعمال ہوسکتا ہے۔
اسلم شیخ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آزادیِ مذہب بل آئین کے منافی ہے۔ انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر دو بالغ آپس میں شادی کرنا چاہتے ہیں اور ان کے اہل خانہ شکایت کرتے ہیں تو ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
سماج وادی پارٹی کے رکن رئیس شیخ نے الزام لگایا کہ یہ بل یک طرفہ ہے اور اس کا مقصد صرف ایک مذہب کو نشانہ بنانا ہے۔
دریں اثناء‘ سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اسمبلی کے احاطے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بل کی حمایت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ سبھی کو مذہبی آزادی کا حق حاصل ہے اور لالچ دیکر یا دیگر طریقوں سے تبدیلی مذہب کو ہماری مخالفت ہے۔
***** ***** *****
اختصاصی بل 2026 کل اسمبلی میں صوتی ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے یہ بل ایوان میں پیش کیا۔ اس سے قبل بجٹ میں امدادی مطالبات پر بحث کی گئی۔
***** ***** *****
وزیر گلاب راؤ پاٹل نے اسمبلی میں وقفہئ سوالات کے دوران بتایا کہ مہاراشٹر میں جل جیون ابھیان کے تحت اب تک 26 ہزار 499 کام مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت ریاست بھر میں 51 ہزار 560 منصوبے زیرِ عمل ہیں اور ان میں سے 25 ہزار 61 منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔
***** ***** *****
صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر پرکاش آبِٹکر نے بتایا کہ مہاتما پھلے جن آروگیہ اسکیم کے تحت اسپتالوں کو مریضوں کا مفت علاج کرنا لازمی ہے، اور اضافی رقم وصول کرنے والے اسپتالوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے 337 معاملات میں 60 لاکھ 47 ہزار روپئے جرمانہ وصول کیا گیا اور 12 اسپتالوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
دیگر پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر اتل ساوے نے کل اسمبلی کو جانکاری دی کہ بوگس سرٹیفکیٹ معاملے میں ہنگولی کے ایک اسکول کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ وِدّیا شکتی شکشن پرسارک منڈل نامی ایک ادارے نے جعلی دستاویزات پیش کرتے ہوئے انگریزی میڈیم اسکول کو مراٹھی میڈیم اسکول بتایا تھا۔ اس معاملے کی تحقیقات مکمل کرکے 15 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شرد چندر پوار کی قیادت والی راشٹروادی کانگریس پارٹی نے بارامتی اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب میں امیدوار نہ اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجیت پوار کی موت کے بعد خالی ہونے والی اس نشست سے نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار کے انتخاب لڑنے کا امکان ہے۔ رکنِ پارلیمان سپریہ سولے نے راہُوری اسمبلی نشست سے متعلق بتایا کہ مہاوکاس آگھاڑی کی حلیف پارٹیاں مل کر اس بارے میں کوئی فیصلہ لیں گی۔
***** ***** *****
بہار، ہریانہ اور اڈیشہ میں راجیہ سبھا کی 11 نشستوں کیلئے کل ہوئے انتخابات میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (NDA) کے امیدواروں نے نو نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
دریں اثناء، 10 ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 26 نشستوں کیلئے انتخابات بلا مقابلہ ہو ئے۔ ان میں مہاراشٹر سے بی جے پی کے رام داس آٹھولے، مایا ایوناتے، رام راؤ وَڑکوتے، ونود تاؤڑے، راشٹروادی کانگریس کے پارتھ پوار، شیو سینا کی جیوتی واگھمارے اور مہا وکاس آگھاڑی کے شرد پوار منتخب ہوئے۔
***** ***** *****
چیمبر آف مراٹھواڑہ انڈسٹریز اینڈ ایگریکلچر (CMIA) اور بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (BPCL) کے عہدیداران کا چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایل این جی اور ایل پی جی کی دستیابی سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا۔ بی پی سی ایل کے افسران نے یقین دلایا کہ ایل این جی کی رسد مزید سرعت سے جاری رکھنے کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اغذیہ و رسد چھگن بھجبل نے کل قانون ساز کونسل کوبتایا کہ ریاست کے ہر ضلعے میں ایل پی جی اور سی این جی کے حوالے سے مقرر کردہ کمیٹیوں نے اب تک ایک ہزار 208 سلنڈرس ضبط کیے ہیں، اور 23 مقدمات درج کرکے 18 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضبط شدہ اشیاء کی مالیت 33 لاکھ 66 ہزار روپے سے زائد ہے۔
***** ***** *****
ساہتیہ اکادمی کے مختلف ایوارڈز کا‘ کل اعلان کیا گیا۔بزرگ مصور راجو باوِسکر کی سوانح عمری ”کاڑیا نیڑیا ریشا“ کو 2025 کے ساہتیہ اکادمی ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔ باوِسکر جلگاؤں ضلعے کے پمپرالہ میں پی ایم مندڑے ثانوی اسکول کے سبکدوش معلم ہیں۔ اس ایوارڈ کے بارے میں آکاشوانی سے بات چیت کے دوران باوِسکر نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے، غیر جانبدارانہ جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنے کا عزم ظاہرکیا۔
***** ***** *****
آبی بیداری ہفتے کے موقعے پر کل دھاراشیو میں پانچ ندیوں -تیرنا،مانجرا، سِینا، بوری اور بینی تُرا کے پانی کی پوجا کا پروگرام منعقد ہوا۔ پانی کی پوجا سپرنٹنڈنٹ انجینئر وجے تھورات نے کی۔ اس ہفتے کے دوران مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں، جس کے تحت آج نہروں کی صفائی مہم چلائی جائے گی۔
***** ***** *****
پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں کل ضلعی سطح کے زرعی میلے کا افتتاح ضلع کلکٹر سنجے سنگھ چوہان کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس میلے میں سیمینارز، مذاکرے اور زرعی پیداوار کی کاشتکاروں سے صارفین تک براہِ راست فروخت کی جائیگی۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں سابق وزیرِ اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کا مکمل مجسمہ نصب کیا جائے گا۔ کل میئر کویتا مڑے کی صدارت میں منعقدہ عام اجلاس میں اس تجویز کو اتفاقِ رائے سے منظور کیا گیا۔
دریں اثناء‘ میونسپل کارپوریشن کے اس اجلاس میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے 16 اراکین، خواتین و اطفال کمیٹی کے اراکین اور آٹھ کوآپٹ ممبران کا انتخاب کیا گیا۔
***** ***** *****
لاتور ضلع پریشد کے صدر اور نائب صدر کے عہدوں کیلئے کل ہوئے انتخابات میں بی جے پی اور راشٹروادی کانگریس نے متحدہ طور پر اقتدار حاصل کیا۔ صدر عہدے پر بی جے پی کی اوشا پاٹل جبکہ نائب صدر عہدے پر راشٹروادی کانگریس کے دیانند سروسے کا انتخاب عمل میں آیا۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے ودربھ، مراٹھواڑہ، خاندیش اور وسطی مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو دنوں میں دوپہر کے بعد، ابر آلود موسم اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشن گوئی کی ہے۔ مراٹھواڑہ کے ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں آج اور کل کیلئے غیر موسمی بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مہاراشٹر مذہبی آزادی بل اسمبلی میں صوتی ووٹوں سے منظور۔
٭ راجیہ سبھا کیلئے مہاراشٹر سمیت 10 ریاستوں کی 26 نشستوں پر بلامقابلہ انتخابات۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں گیس کی دستیابی کے سلسلے میں CMI کا پٹرولیم کمپنیوں کے ساتھ اجلاس۔
٭ بزرگ مصور راجو باوِسکر کی خود نوشت ”کاڑِیا نیڑیا ریشا“ ساہتیہ اکادمی ایوارڈ کیلئے منتخب۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں میں ناندیڑ، لاتور، دھاراشیو اضلاع میں غیر موسمی بارش کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 01.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 01 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...