Saturday, 14 March 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 مارچ 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 14 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۱/مارچ ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی حکومت مختلف اسکیمات کے ذریعے کسانوں کو تحفظ فراہم کررہی ہے: وزیرِاعظم کا اظہارِ خیال؛ پردھان منتری کسان سمّان فنڈ کی 22 ویں قسط جاری۔
٭ ملک میں گھریلو گیس سمیت ایندھن کا وافر ذخیرہ موجود؛ قلّت کے ڈر سے ایندھن کا ذخیرہ نہ کرنے کی حکومت کی اپیل۔
٭ مہاراشٹر مذہبی آزادی بل 2026‘ اسمبلی میں پیش۔
٭ گوپی ناتھ منڈے Ex-Gratia گرانٹ اسکیم میں کھیت مزدوروں کو کیا گیا شامل۔
اور۔۔۔٭ پری پرائمری اسکولوں میں داخلے کی خاطر اہلیتی امتحان پر پابندی عائدکرنے کا ریاستی حکومت کا تیقن۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِا عظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے گذشتہ 11 برسوں میں مختلف اسکیمات کے ذریعے کسانوں کو تحفظ فراہم کیا ہے۔ انھوں نے کل آسام کے گوہاٹی سے پردھان منتری کسان سمان فنڈ کی 22 ویں قسط جاری کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کسانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی والی اسکیمات کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیرِاعظم نے تقریباً 9 کروڑ 32 لاکھ کسانوں کے بینک کھاتوں میں براہِ راست 18 ہزار 640 کروڑ روپئے منتقل کیے۔ اس اسکیم کے تحت اب تک چار لاکھ 9 ہزار کروڑ روپؤں سے زائد رقم کسانوں میں تقسیم کی گئی ہے۔ وہیں زراعت کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ کسان سمان فنڈ اسکیم کسانوں کیلئے ایک اعزاز ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
***** ***** *****
مالیات کی مرکزی وزیر نرملا سیتا رمن نے عالمی بحران کے دوران پارٹی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد کو ترجیح دینے کی اپیل کی ہے۔ وزیرِ موصوفہ کل لوک سبھا میں ضمنی مطالبات پر بحث کا جواب دے رہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سپلائی چین میں رُکاوٹ اور ایل پی جی یعنی گیس کی قلّت سمیت کسی بھی متوقع واقعات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔ سیتا رَمن نے بتایا کہ حکومت نے عالمی بحران کے اثرات سے نمٹنے کیلئے 57 ہزار 381 کروڑ روپؤں کے اقتصادی استحکام فنڈ کی تجویز پیش کی ہے۔
اسی دوران لوک سبھانے ضمنی مطالبات کو منظوری دی ہے۔ ایوان کے سامنے تقریباً 2.81 لاکھ کروڑ روپؤں کے 61 مطالبات رکھے گئے، جنہیں منظور کرلیا گیا۔
***** ***** *****
مغربی ایشیاء کی جنگ کے پس منظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلّت کے پیشِ نظر‘ پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے شہریان سے اپیل کی ہے کہ وہ رسوئی گیس اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کا استعمال کفایت شعاری سے کریں۔ اس حوالے سے جاری کیے گئے حکمنامے کے مطابق اس وقت ملک میں گھریلو گیس، پیٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ وافر مقدار میں موجود ہے۔ وزارت کی جوائنٹ سیکریٹری سجاتا شرما نے شہریان سے اپیل کی ہے وہ گھبرائیں نہیں اور ضرورت سے زیادہ گیس سلنڈر نہ خریدیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Petroleum And Natural Gas Joint Secretary Sujata Sharma
***** ***** *****
بیڑ کے ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے کہا ہے کہ ضلع میں گھریلو گیس کے اندراج کی حدکو 45 دن کردیا گیا ہے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ آئندہ تقریباً 30 دنوں کیلئے ضلع میں پیٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ موجود ہے۔ اسی دوران کل بیڑ ضلع میں غیرقانونی طور پر استعمال کیے جانے والے گیس سلنڈرس ضبط کیے گئے۔ اس سلسلے میں تین ہوٹل مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
وہیں جالنہ ضلع میں بھی مختلف تجارتی اداروں میں غیرقانونی طور پر استعمال ہونے والے 30 گھریلو گیس سلنڈر ضبط کیے گئے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ان افراد پر کارروائی کی جارہی ہے۔
ضلع سپلائی افسر وینکٹیش راؤ لوڈ نے اطلاع دی ہے کہ لاتور ضلع میں گھریلو گیس سلنڈرسکی غیر قانونی تجارت کرنے پر روک لگانے کیلئے 10 فلائنگ اسکواڈز تعینات کیے گئے ہیں۔
وہیں ہنگولی اور لاتور ضلع کے چاکور میں کانگریس کمیٹی کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
اسی طرح چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے ضلع میں شہریان کو ایندھن کی فراہمی کا تیقن دیاہے اور اسے کفایت شعاری سے استعمال کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے ماہواری کے دوران خواتین کو چھٹی دینے سے متعلق ملک گیر پالیسی بنانے کی درخواست پر سماعت کرنے سے انکارکردیا ہے۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ اس طرح کی دفعات سے صنفی تعصب کے پھیلنے کا خطرہ ہے۔ تاہم‘ عدالت نے کہا ہے کہ فیصلہ ساز ادارے اس تعلق سے غور و خوص کرسکتے ہیں اور ماہواری کے دوران چھٹی دینے سے متعلق پالیسی بنانے کے امکان کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر مذہبی آزادی بل 2026‘ کل قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا گیا۔ وزارتِ داخلہ کے مملکتی وزیر پنکج بھوئیر نے یہ بل ایوان میں پیش کیا۔ مذہبی آزادی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ، بل کا مقصد لالچ‘ زبردستی دھوکہ دہی کے ذریعے انفرادی اور اجتماعی مذہبی تبدیلی کو روکنا ہے۔ اس بل کے مطابق مجرمین کو سات برس قید اور ایک لاکھ روپئے جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔
***** ***** *****
گوپی ناتھ منڈے Ex-Gratia گرانٹ اسکیم میں اب زرعی مزدوروں کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔ یہ اطلاع ریاستی وزیرِ خزانہ آشیش جیسوال نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس فیصلے سے دو کروڑ کھیت مزدوروں کو فائدہ ہوگا۔
***** ***** *****
پری پرائمری اسکولوں میں داخلے کی خاطر اہلیتی امتحان نہ لیے جانے کیلئے حکومت قانون سازی کرے گی۔ اسکولی تعلیم کے ریاستی وزیر دادا بھوسے نے کل قانون ساز اسمبلی میں وقفہئ سوالات کے دوران یہ اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ خانگی Kinter Gardens میں اندراج کیلئے ایک بل تجویز کیا گیا ہے، جس کا مقصد رجسٹریشن‘ عمل آوری اور معیارِ تعلیم کو یقینی بنانا ہے۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل ہی یہ قانون نافذ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ فی الحال حقِ تعلیم کے قانون کے تحت گھر سے ایک کلو میٹر کے فاصلے کے اندر اسکول میں داخلہ دیا جاتا ہے‘ اگر ضروری ہوا تو اس فاصلے کو تین کلو میٹر تک بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔
***** ***** *****
حکومت نے شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ کیلئے امتحانی فیس معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم‘ کیلاش پاٹل نے ایوان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ امتحان کے آن لائن فارم داخل کرتے وقت امتحانی فیس کی ادائیگی لازمی کی گئی ہے۔ وہیں اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے ریاستی وزیر چندرکانت پاٹل نے کہا کہ اس تعلق سے تکنیکی مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔
***** ***** *****
سماجی انصاف کے محکمے کی جانب سے ساوی بائی پھلے تعلیمی وظیفے کے تحت درج فہرست ذاتوں (SC) کے طلبہ کو دی جانے والی اسکالرشپ کی رقم میں اضافے کا فیصلہ اجلاس کے دوران لیا جائے گا اور رواں برس سے اضافہ شدہ وظیفہ نافذ کیا جائے گا۔ قانون ساز کونسل میں کل سماجی انصاف کے ریاستی وزیر سنجئے شرساٹ نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مرکزی حکومت مختلف اسکیمات کے ذریعے کسانوں کو تحفظ فراہم کررہی ہے: وزیرِاعظم کا اظہارِ خیال؛ پردھان منتری کسان سمّان فنڈ کی 22 ویں قسط جاری۔
٭ ملک میں گھریلو گیس سمیت ایندھن کا وافر ذخیرہ موجود؛ قلّت کے ڈر سے ایندھن کا ذخیرہ نہ کرنے کی حکومت کی اپیل۔
٭ مہاراشٹر مذہبی آزادی بل 2026‘ اسمبلی میں پیش۔
٭ گوپی ناتھ منڈے Ex-Gratia گرانٹ اسکیم میں کھیت مزدوروں کو کیا گیا شامل۔
اور۔۔۔٭ پری پرائمری اسکولوں میں داخلے کی خاطر اہلیتی امتحان پر پابندی عائدکرنے کا ریاستی حکومت کا تیقن۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 01.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 01 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...