Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 28 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آئندہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے مستعدی‘ تیاری اور مربوط اقدامات کی ضرورت پر وزیرِ اعظم کا زور۔
٭ پیٹرول اور ڈیزل پر عائد سینٹرل ایکسائز میں 10 روپئے فی لیٹر کی تخفیف۔
٭ لاک ڈاؤن کی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا وزیرِ اعلیٰ کا انتباہ۔
٭ سرکاری اراضی پر موجود جنوری 2011 تک کے رہائشی تجاوزات کو مشروط طور پر باقاعدہ کرنے کا فیصلہ۔
٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مثالی اسکول اسکیم کے اگلے مرحلے میں 405 اسکولوں کو منظوری۔
اور۔۔۔٭ انڈین پریمیر لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
آئندہ آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے مستعدی‘ تیاری اور مربوط اقدامات کی ضرورت پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے زور دیا ہے۔ مغربی ایشیاء میں جاری کشیدگی کے پیشِ نظر تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے نائب گورنروں کے ساتھ بذریعہئ ٹیلی کانفرنسنگ اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ تغیر پذیر صورتحال پر مسلسل نظر رکھنا اور پالیسیوں میں حالات کے متقاضی تبدیلیاں ضروری ہیں۔ نریندر مودی نے مزید کہا کہ معیشت اور تجارت کو مستحکم رکھنا‘ توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانا اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا نیز سپلائی چین کو مستحکم بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔
***** ***** *****
اندرونِ ملک استعمال ہونے والے پیٹرول اور ڈیزل پر مرکزی حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی میں 10 روپئے فی لیٹر تخفیف کردی ہے‘ جس کے باعث ایندھن کی قیمت میں اضافے سے صارفین محفوظ رہیں گے۔ اس کے علاوہ ڈیزل کی برآمد پر ساڑھے 21 روپئے فی لیٹر اور طیاروں کے ایندھن پر فی لیٹر 29 روپئے ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے اندرونِ ملک استعمال کیلئے ایندھن کی دستیابی یقینی ہوگی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ عوام کیلئے راحت بخش ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ تیل کمپنیاں اور حکومت مشترکہ طور پر برداشت کریں گی۔ انھوں نے ملک میں لاک ڈاؤن لگائے جانے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اس طرح کی افواہیں پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کی غلط خبریں فیس بک‘ ایکس یا کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ڈالنے یا ان خبروں کو واٹس ایپ پر فارورڈ کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
پھڑنویس نے مزید کہا کہ کمرشیل گیس سلنڈر کی سپلائی مرحلہ وار بڑھا کر 50 فیصد تک لائی جائیگی۔ ملک میں ایندھن کا ذخیرہ وافر مقدار میں موجود ہے‘ اس لیے عوام قلّت کے خوف سے اپنی ضرورت سے زیادہ پیٹرول اور ڈیزل نہ خریدیں۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ ایندھن کی قلّت کے خدشے کے باعث ایندھن کی اضافی خریداری کو روکنے کیلئے بعض اضلاع میں ڈیزل و پیٹرول کی فروخت پر عائد کردہ پابندی ختم کردی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر‘ جالنہ اور پربھنی ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس ضمن میں جاری کردہ احکامات واپس لے لیے گئے ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے اس ضمن میں عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ ضلع میں ایندھن کی رسد جاری ہے لیکن عوام نے خوفزدہ ہوکر اپنی ضرورت سے زیادہ پیٹرول ڈیزل خریدنا شروع کردیا ہے جس سے قلّت جیسی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ انھوں نے تیقن دیا کہ ایندھن کی کوئی قلّت نہیں اور مستقبل میں قلّت ہونے کا بھی کوئی خدشہ نہیں ہے۔
ناندیڑ کے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ خوفزدہ ہوکر پیٹرول ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی نہ کریں۔ کل انھوں نے ضلع کے تمام پیٹرول پمپ مالکان کا ایک اجلاس طلب کیا اور پیٹرول پمپوں کی ضرورت کے مطابق انھیں پیٹرول و ڈیزل فراہم کرنے کی تیل کمپنیوں کیلئے ہدایات جاری کیں۔
جالنہ کی ضلع کلکٹر آشیما متل نے بھی عوام سے ضرورت سے زیادہ ایندھن نہ خریدنے کی درخواست کی۔ انھوں نے کہا کہ افواہوں کے سبب شہری زیادہ پیٹرول و ڈیزل خرید رہے ہیں جس سے قلّت جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
اہلیانگر میں گھریلو استعمال کے سلنڈر میں سے کمرشیل سلنڈر میں گیس بھرکر دینے والے ایک شخص کو پولس نے حراست میں لے لیا۔ تاہم‘ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ گرفتار شخص کے قبضے سے 33 ہزار 500 روپئے کی اشیاء ضبط کی گئیں۔ مقامی کرائم برانچ نے دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں گیس سلنڈر اضافی قیمت پر فروخت کرنے والی گیس ایجنسی کے خلاف شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے کل مظاہرہ کیا گیا۔ پارٹی رہنماء امباداس دانوے کی زیرِ قیادت شہر کی 23 گیس ایجنسیوں کو اس سلسلے میں ایک میمورنڈم بھی دیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آکاشوانی اور دوردرشن کی نشریات مزید بہتر بنانے کیلئے حکومت نے ملک بھر میں مزید 68 ٹرانسمیٹر لگانے کی اجازت دے دی ہے۔ اطلاعات و نشریات کے مملکتی وزیر ایل مروگن نے کل راجیہ سبھا میں یہ اطلاع دی۔ اس کیلئے دو ہزار 539 کروڑ روپئے کے فنڈ کو بھی منظوری دی گئی۔ اس فیصلے سے آکاشوانی کی نشریاتی رسائی 70 سے بڑھا کر 81 فیصد تک پہنچ جائیگی۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ دہلی‘ چنئی اور ممبئی میں آکاشوانی نے میڈیم ویوز بینڈ پر بھی ڈیجیٹل نشریات شروع کردی ہیں۔
***** ***** *****
راجیہ سبھا نے مالیاتی بل پر بحث کے بعد اسے لوک سبھا واپس بھیج دیا ہے۔ لوک سبھا میں یہ بل دو دن قبل ہی منظور کیا جاچکا ہے۔ ضابطے کی اس کارروائی کے بعد اس بار کے بجٹ کی کارروائی مکمل ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے پندرہویں مالیاتی کمیشن کے تحت مہاراشٹر کو 79 کروڑ روپئے کی پہلی قسط جاری کردی ہے۔ اس فنڈ کا استعمال‘ صفائی’پینے کے پانی کی فراہمی اور بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کی سہولت جیسی بنیادی سہولتوں پر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں جنوری 2011 تک سرکاری زمینوں پر موجود رہائشی تجاوزات کو مشروط طور پر باقاعدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے ممبئی عظمیٰ کو مستثنیٰ رکھا گیاہے۔ ریاست کے غریب اور ضرورتمند خاندانوں کو گھر دینے سے متعلق وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس کی ہدایات کے بعد وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے یہ فیصلہ کیا۔ اس کیلئے اہلیت اور طریقہئ عمل درآمد طئے کیا جاچکا ہے اور اس خصوص میں درخواستیں 31 دسمبر تک قبول کی جائیں گی۔ اس فیصلے کا سرکاری مکتوب جاری کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مثالی اسکول اسکیم کے آئندہ مرحلے کے 405 اسکولوں کو منظوری دی گئی ہے۔ اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ مہاراشٹر 2047 ویژن کے مطابق اس اسکیم سے طلبہ کو معیاری تعلیم دینے کا موقع ملے گا۔ اس سلسلے میں سرکاری حکمنامہ جاری کردیا گیاہے۔
***** ***** *****
راشٹروادی مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر روپالی چاکنکر نے کل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انھوں نے پارٹی کی قومی صدر سُنیترا پوار کو اپنا استعفیٰ ارسال کیا۔ چاکنکر نے گذشتہ ہفتے انفرادی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے خواتین کمیشن کے چیئرمین کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔
***** ***** *****
ناسک کے جعلی نجومی اشوک کھرات کے معاملے میں متاثرہ خواتین کے ویڈیو کلپس سماجی ذرائع ابلاغ پر پھیلانے کے الزام پر ناسک ضلع کے سات پور کے چھ افرادکے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ اس معاملے کے جو ویڈیوز سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کیے گئے تھے انھیں بھی ہٹالیا گیا ہے۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ گذشتہ آئی پی ایل جیتنے والی رائل چیلنجرز بنگلورو کا مقابلہ آج چنا سوامی میدان پر سن رائزرس حیدرآباد سے ہوگا۔ شام ساڑھے سات بجے اس میچ کا آغاز ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ 31 مئی تک جاری رہے گا۔
***** ***** *****
موسم: مراٹھواڑہ کے پربھنی‘ بیڑ‘ لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں کل اتوار تک گھن گرج کے ساتھ غیر موسمی بارش کے امکان کا اظہار محکمہئ موسمیات نے کیا ہے۔ آئندہ 30 اور 31 تاریخ کو بھی ریاست کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے امکان کا اظہارکیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آئندہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے مستعدی‘ تیاری اور مربوط اقدامات کی ضرورت پر وزیرِ اعظم کا زور۔
٭ پیٹرول اور ڈیزل پر عائد سینٹرل ایکسائز میں 10 روپئے فی لیٹر کی تخفیف۔
٭ لاک ڈاؤن کی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا وزیرِ اعلیٰ کا انتباہ۔
٭ سرکاری اراضی پر موجود جنوری 2011 تک کے رہائشی تجاوزات کو مشروط طور پر باقاعدہ کرنے کا فیصلہ۔
٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مثالی اسکول اسکیم کے اگلے مرحلے میں 405 اسکولوں کو منظوری۔
اور۔۔۔٭ انڈین پریمیر لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment