Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 27 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ملک میں پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی کوئی قلّت نہیں ہے: مرکزی حکومت کی وضاحت۔
٭ ہوٹل مالکان‘ گاہکوں سے گیس یا ایندھن کے اضافی چارجیس وصول نہ کریں -قومی تحفظ حقوقِ صارفین ادارے کے احکامات۔
٭ کھیت راستوں پر تجاوزات کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتظام۔
٭ شری رام نومی کا تہوار ملک بھر میں جوش و خروش اور احترام سے منایا گیا۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو ضلعے کے پڑسپ میں 29 تاریخ کو گیارہویں مراٹھواڑہ دیہی ادبی کانفرنس کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی حکومت نے مطلع کیا ہے کہ ملک کے پاس74 دن کا ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے، اور خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ تقریباً 60 دنوں کا ہے۔ پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم اور ایل پی جی کی تقسیم ہموار اور مکمل قابو میں ہے۔ وزارت نے مزید وضاحت کی کہ تمام ایندھن فراہمی مراکز پر وافر ذخیرہ موجودہے اور ملک میں کہیں بھی پیٹرول، ڈیزل یا ایل پی جی کی کوئی قلّت نہیں ہے۔
***** ***** *****
ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران نے بھارت، چین اور روس سمیت دیگر دوست ممالک کو آبنائے ہرمز کو تجارتی جہاز رانی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے مخالفین سے وابستہ بحری جہازوں کو اس آبی راہداری سے گزرنے کی اجازت نہیں ہے۔
دریں اثناء، مرکزی وزیر کرین رِجیجو نے بتایا کہ بھارت کے تیل اور گیس بردار جہاز آبنائے ہرمز میں آسانی سے نقل و حمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا…
Byte: Union Minister Kiren Rijiju
خلیجی ممالک میں جنگ سے پیدا شدہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے متبادل ایندھن کے طور پر مٹی کے تیل کی تقسیم کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے مہاراشٹر کیلئے37 لاکھ 44 ہزار لیٹر مٹی کے تیل کی تقسیم کو منظوری دی ہے۔ اس کے تحت ہر راشن کارڈ پر تین لیٹر مٹی کا تیل فراہم کیا جائے گا۔
اسی دوران‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر ایندھن کا ذخیرہ نہ کریں اور پیٹرول پمپس پر قطاریں نہ لگائیں۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر ایندھن کا ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا بھی انتباہ دیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ نے پیٹرول اور ڈیزل کی لامحدود فروخت پر تحدیدات عائد کی ہیں۔ ضلع رسد افسر پروین پھلاری نے ایندھن فراہمی مراکز کو حکم دیا ہے کہ ضلعے میں دو پہیہ گاڑیوں کو 200 روپئے اور چار پہیہ گاڑیوں کو دوہزار روپے سے زیادہ کا ایندھن نہ دیں۔ ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں اور ضلعے میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔
ہنگولی ضلع انتظامیہ نے بھی اسی طرح کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ضلع رسد افسران نے پیٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 200 روپئے دو پہیہ گاڑیوں کیلئے اور چار پہیہ گاڑیوں کیلئے زیادہ سے زیادہ دو ہزار روپئے کا ہی ایندھن فروخت کریں۔
جالنہ شہر سمیت ضلعے کے بیشتر پیٹرول پمپس پر کل نو اسٹاک کے بورڈ نظر آئے۔ صبح شہر میں صرف چند پیٹرول پمپ کھلے اور وہاں صارفین کی قطاریں نظر آئیں۔
ناندیڑ کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر راہل کرڈیلے نے وضاحت کی ہے کہ ضلعے میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی غیر قانونی طریقے سے ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی انتباہ بھی دیا۔
پربھنی ضلعے میں بھی ایندھن کا وافر ذخیرہ موجود ہونے کی وضاحت ضلع سپلائی آفیسر ولاس مسڑے نے کی ہے۔ انھوں نے شہریوں سے افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل بھی کی۔
***** ***** *****
قومی گاہک تحفظ اتھاریٹی نے حکم دیا ہے کہ ہوٹلس اور کیٹرنگ ادارے ایل پی جی گیس یا ایندھن چارجز کے نام پر کوئی اضافی پیسے وصول نہ کریں۔ اگر متعلقہ ادارے اضافی پیسے وصول کرتے ہیں تو صارفین اس کی شکایت ہیلپ لائن نمبر 1915 یا قومی گاہک ہیلپ لائن کے موبائل ایپ پر کر سکتے ہیں۔ اس سے متعلق شکایت ضلع کلکٹر یا براہِ راست اتھارٹی کے پاس بھی درج کی جا سکتی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کھیت راستوں پر تجاوزات کرنے یا راستوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف اب سخت کارروائی کرنے اور متعلقہ افراد کے آدھار کارڈ اور فارمر آئی ڈی پانچ سال کیلئے بلاک کر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے متعلقہ شخص مختلف سرکاری اسکیمات اور امداد کیلئے نااہل ہو جائے گا۔ محصول محکمے نے کل‘ اس سلسلے میں ایک حکم نامہ جاری کیا۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ کی تشکیل کردہ ایک مشاہداتی کمیٹی نے مرکزی حکومت کو ٹرانس جینڈر حقوق تحفظ ترمیمی بل2026 واپس لینے کی ہدایت دی ہے۔ یہ بل حال ہی میں پارلیمنٹ میں منظور ہوا ہے۔ مشاہداتی کمیٹی نے نوٹ کیا کہ بل میں یہ ترمیم خود شناخت اور رازداری کے حق کو محدود کرتی ہے۔ نئے قانون میں اغواء اور استحصال جیسے جرائم کیلئے سخت سزا تجویز کی گئی ہے لیکن کمیٹی نے نوٹ کیا ہے کہ یہ جرائم پہلے ہی دوسرے قوانین کے تحت آتے ہیں۔
***** ***** *****
شری رام نومی کل ملک بھر میں جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ دوپہر بارہ بجے کے قریب رام مندروں میں رام جنم کی روایتی رسومات ادا کی گئیں۔ ان تقاریب میں عقیدت مند بالخصوص خواتین بڑی تعداد میں جمع ہوئیں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے مختلف رام مندروں میں رام جنم تقاریب منعقدہوئیں۔ جس میں عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پرساد تقسیم کے ساتھ زیادہ تر مندروں میں عطیہئ خون کیمپ اور طبّی جانچ کیمپ منعقد ہوئے۔ اسی طرح شری رام چندر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے احاطے میں رام مندر کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ یہ مندر ایودھیا میں شری رام جنم بھومی مندر کی طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔
جالنا شہر کے قدیم جالنہ کے آنند واڑی میں واقع رام مندر میں رام جنم اُتسو جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
بیڑ شہر میں رام نومی کے موقعے پر موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ دوپہر کو مختلف مندروں میں رام جنم بھومی کی تقریبات کے بعد پرساد تقسیم سمیت مختلف سرگرمیاں کی گئیں‘ جبکہ شام کے وقت شہر میں ایک خیر سگالی جلوس نکالا گیا۔ وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے کے ہاتھوں آرتی کرکے اس جلوس کا آغازہوا۔
پربھنی شہر کے قدیم رام مندر میں رام نومی کا جوش و خروش دکھائی دیا۔ پورنا تعلقے کے کاتنیشور میں ہنومان جینتی تک اکھنڈ ہرینام سپتاہ کی شروعات ہوئی۔
ہنگولی کے خاکی بابا مٹھ سے ایک رتھ یاترا نکالی گئی۔ مہنت کوشلیا داس مہاراج کے ذریعہ شری رام کی پوجا اور آرتی کے بعد، عقیدت مندوں نے رتھ کے ساتھ مندر کے چکر لگائے۔
لاتور شہر کے شری رام مندر میں صبح سے ہی عقیدت مندوں کا ہجوم تھا۔ شری رام مندر، کیشوراج مندر، سائی مندر اور دیگر مندروں میں رام کے یوم پیدائش کے ساتھ ساتھ بھجن کیرتن جیسے پروگرام منعقد کیے گئے۔
ناندیڑ میں، گاڑی پورہ علاقے میں رینوکا ماتا مندر سے رام جی کی شبیہ کا ایک جلوس نکالا گیا، جلوس کا آغاز رکنِ اسمبلی بالاجی کلیانکر اور آنندراؤ بونڈھارکر نے شری رام کی آرتی سے کیا۔ اس جلوس میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلوس اشوک نگر کے شری رام مندر میں اختتام پذیر ہوا۔
دھاراشیو میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے زعفرانی پرچم جلوس نکالا گیا۔ یہ جلوس چھترپتی شیواجی مہاراج چوک سے رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل، ضلع پریشد کی صدر ارچنا پاٹل اور صدرِ بلدیہ نیہا راہل کاکڑے کی موجودگی میں شروع ہوا۔
آکولہ، گوندیا، جلگاؤں، دھولیہ سمیت ریاست کے تمام مقامات پر رام نومی کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے پڑسپ میں 29 تاریخ کو گیارہویں مراٹھواڑہ دیہی ادبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ریاستی این سی پی اساتذہ تنظیم اور وسنت راؤ کالے پرتشٹھان کے اشتراک سے منعقدہونے والی اس کانفرنس کی استقبالیہ کمیٹی کے صدر اور مراٹھواڑہ اساتذہ حلقے کے رکنِ کونسل وکرم کالے نے ایک صحافتی بیان کے ذریعے یہ جانکاری دی۔ اس کانفرنس میں کتاب میلہ، کتابوں کی نمائش، تصویری نمائش، سیمینار، مشاعرہ اور نسوانی امراض کے تشخیصی کیمپ جیسی سرگرمیاں کی جائیں گی۔
***** ***** *****
لاتور کی ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر-گھوگے نے ہدایات دی ہیں کہ مردم شماری کے کاموں میں لاپرواہی اور تساہلی سے کام نہ لیا جائے۔ وہ کل‘ تحصیلداروں اور سی ای اوز کے تین روزہ تربیتی اجلاس کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے موقع پر مخاطب تھیں۔
دھاراشیو ضلعے میں بھی مردم شماری کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، مکانات کی فہرست اور مکانات شماری سے لے کر ڈیجیٹل مردم شماری تک کے تمام کاموں کو مرحلہ وار انجام دیا جائے گا۔ تمام مردم شماری افسران کے دفاتر میں مردم شماری سیل قائم کر دیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
بزرگ تاریخی محقق ڈاکٹر جئے سنگھ راؤ پوار کے جسد ِ خاکی پر کل کولہاپور میں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات اداکردی گئیں۔ پوار کا کل صبح کولہاپور میں انتقال ہوگیا تھا، وہ 85 برس کے تھے۔
***** ***** *****
موسم:محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ کے پربھنی، بیڑ، ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں بجلی کی گھن گرج کے ساتھ طوفانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اسی طرح آئندہ 30 اور 31 تاریخ کو بھی ریاست کے متعدد اضلاع میں گرج اور چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ملک میں پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی کوئی قلّت نہیں ہے: مرکزی حکومت کی وضاحت۔
٭ ہوٹل مالکان‘ گاہکوں سے گیس یا ایندھن کے اضافی چارجیس وصول نہ کریں -قومی تحفظ حقوقِ صارفین ادارے کے احکامات۔
٭ کھیت راستوں پر تجاوزات کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتظام۔
٭ شری رام نومی کا تہوار ملک بھر میں جوش و خروش اور احترام سے منایا گیا۔
اور۔۔۔٭ دھاراشیو ضلعے کے پڑسپ میں 29 تاریخ کو گیارہویں مراٹھواڑہ دیہی ادبی کانفرنس کا انعقاد۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment