Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 16 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۱/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ زرعی شعبے میں مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرنے والی مہاراشٹر بنی ملک کی پہلی ریاست؛ زرعی پیداواری لاگت میں 25 فیصد کی کمی کے ساتھ پیداوار میں اضافہ۔
٭ چار ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام ایک علاقے میں اسمبلی انتخابات کا اعلان؛ بارامتی اور راہوری میں آئندہ 23 اپریل کو ہوں گے ضمنی انتخابات۔
٭ تپش میں اضافے کے سبب آج سے ضلع پریشد اسکولوں میں اوقات تبدیل۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ہیریٹیج واک کا اہتمام‘ ساتھ ہی چھترپتی شیواجی مہاراج کو موسیقی پروگرام کے ذریعے پیش کیا گیا خراجِ عقیدت۔
اور۔۔۔٭ کرکٹ کے قومی ادارے (BCCI) نے راجر بِنّی‘ راہل دراوڈ اور متالی راج کو اعزاز سے نوازا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر زراعت میں مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے اور اس کے ذریعے زرعی پیداوار کی لاگت میں 25 فیصد کی کمی آئی ہے اور آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ‘ کل راہوری میں مہاتما پھلے زرعی یونیورسٹی کے 39 ویں تقسیمِ اسناد جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ ریاست میں قرض معافی ایک عارضی قدم ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے دیگر اداروں اور زرعی گریجویٹس سے ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر پائیدار زراعت کا طویل مدتی ماڈل بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
اس تقریب کی صدارت گورنر جشنو دیو ورما نے کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے انھیں اس موقع پر ڈاکٹر آف سائنس کی اعزازی ڈگری سے نوازا۔ گورنر نے زرعی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ سے اپیل کی کہ وہ تحقیق‘ ٹکنالوجی اور اختراع پر توجہ دیں۔ اس تقریب میں مختلف علمی شاخوں کے کُل چار ہزار 602 طلبہ کو بیچلرز‘ ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریوں سے نوازا گیا۔
اسی دوران‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے صحیفہ نگاروں کوبتایا کہ ریاست میں ایندھن سے متعلق مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
دن بہ دن گرمی میں اضافے کے پیش ِ نظر ریاست کے ضلع پریشد اسکولوں میں تدریسی اوقات میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیاہے۔ اس کے مطابق اسکول میں اب تعلیمی دورانیہ صبح سات سے دوپہر بارہ بجے تک رہے گا۔
***** ***** *****
انتخابی کمیشن نے کل مغربی بنگال‘ آسام‘ کیرالہ، پڈوچیری اور تمل ناڈو میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی انتخابی کمشنر دنیش کمار نے کل نئی دہلی میں ایک صحافتی کانفرنس کے دوران یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ آسام‘ کیرالہ اور پڈوچیری میں 9 اپریل‘ تمل ناڈو میں 23 اپریل اور مغربی بنگال میں 23 اور 29 اپریل کو انتخابات ہوں گے۔ ان چاروں ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام اس ایک علاقے میں ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ہوگی۔ وہیں انتخابی کمیشن نے بتایاکہ بارامتی اور راہوری میں 23 اپریل کو انتخابات ہوں گے اور 4 مئی کو رائے شماری کی جائیگی۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ اور رکنِ پارلیمان اشوک چوہان نے کسانوں سے زرعی پیداوار میں اضافے اور اپنی معاشی سطح کو بلند کرنے کیلئے زراعت میں ٹکنالوجی کے استعمال کی اپیل کی ہے۔ موصوف کل ناندیڑ میں ضلع زرعی گرین فیسٹیول اور نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت کسانوں کیلئے اہم اسکیمات نافذ کررہی ہے اور حالیہ بجٹ میں حکومت نے دو لاکھ روپؤں تک کے بقایہ قرض معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیسٹیول میں کُل 125 دکانیں لگائی گئیں۔
***** ***** *****
پربھنی میں آج اور کل ضلعی سطح کے زرعی میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس میلے میں زرعی نمائش‘ اناج میلہ‘ غذائیت سے بھرپور اناج کی نمائش‘ سیمینارز اور ورکشاپس سمیت براہِ راست فروخت جیسی مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی مرکزی وزارت نے کہا ہے کہ LPG گیس تقسیم کاروں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے۔ وزارت نے بتایا کہ گذشتہ دو دِنوں کے دوران گیس رجسٹریشن میں کمی آئی ہے۔ 13 مارچ کو 88 لاکھ اندراج کیے گئے تھے جبکہ کل کے اعداد و شمار 77 لاکھ ہیں۔ وزارت نے شہریان سے نہ گھبرانے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کہا ہے کہ دھاراشیو‘ چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے کے ذریعے بیڑ ضلع کو شمالی اور جنوبی بھارت سے جوڑا جائے گا، جس سے بیڑ ضلع ایک ریلوے جنکشن بن جائے گا۔سوتنتر سینک ریلوے آندولن کمیٹی کے ایک وفد نے کل بیڑ میں ڈاکٹر کراڑ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انھوں نے یہ بات کہی۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ مراٹھواڑہ کو مختلف ریلوے لائنوں سے جوڑا جائے گا۔ اس لیے ہماری کوشش رہے گی کہ چھترپتی سمبھاجی نگر اورناندیڑ ریلوے کے علیحدہ ڈویژنس رہیں۔
***** ***** *****
رواں برس چھترپتی شیواجی مہاراج کے اُس وقت کے اورنگ آباد شہر کے دورے کے تاریخی واقعے کی 360 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ اس کو یادگار بنانے کی خاطر کل چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن اور INTAC کی جانب سے ایک خصوصی پروگرام ’ہیریٹیج واک‘ کا اہتمام کیا گیا۔ ساتھ ہی چھترپتی شیواجی مہاراج کو موسیقی کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر تاریخ داں سنکیت کلکرنی اور آدتیہ واگھمارے نے شہر کی تاریخ‘ مختلف مقامات کی تاریخی اہمیت اور شیواجی مہاراج سے ان کے تعلق کے بارے میں تفصیلی معلومات دی۔ اس موقع پر میئر سمیر راجورکر‘ حزبِ اختلاف کے رہنماء عبدالسمیر بلڈر اورمیونسپل کارپوریشن کے اضافی کمشنر رنجیت پاٹل موجود تھے۔ اس موقع پر میئر راجورکر نے بتایا کہ شہر کے تاریخی ورثے کے بارے میں بتانے کیلئے رواں برس اسی طرح کے 11ہیریٹیج واکس کا انعقاد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں اساتذہ کی 73 عہدوں کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کرنے کی آخری تاریخ میں 20 مارچ تک توسیع کردی گئی ہے۔ یہ اطلاع یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر پرشانت امرتکر نے دی۔
***** ***** *****
ریاستی وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر کو امریکہ میں ”آؤٹ اسٹینڈنگ ویجنری لیڈر اینڈ ٹرو چینج میکر“باوقار بین الاقوامی ایوارڈ دئیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ منتظمین نے بتایا ہے کہ بورڈیکر کیلئے اس انعام کا اعلان‘ ان کے ریاست اور بالخصوص پربھنی ضلع میں خواتین کی ہمہ جہت ترقی کیلئے کیے گئے نمایاں کاموں کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی میں کل قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران 28 1زیرِ التواء اور پہلے سے دائر تین مقدمات کا فیصلہ کیا گیا۔ وہیں ناندیڑ میں منعقدہ قومی لوک عدالت میں چھ ہزار 199 مقدمات فیصل کیے گئے۔ ان مقدمات میں 38 کروڑ روپؤں کے سمجھوتے بھی کیے گئے۔
***** ***** *****
جالنہ پولس دستے میں کانسٹیبل کے 156 عہدوں پر جاری تقررات کے عمل کے تحت کل تحریری امتحان کا انعقاد کیا گیا۔ میدانی جانچ میں کامیاب ایک ہزار 944 امیدواروں نے یہ امتحان دیا۔
***** ***** *****
عالمی گلوکومہ ہفتے کے موقع پر کل پربھنی میں آنکھوں کی بیماریو ں کے ماہرین کی جانب سے ایک بیداری ریلی نکالی گئی۔ جس میں شہر کے ماہرینِ امراضِ چشم اور اسپتال کے عملے نے شرکت کی۔ اسوسی ایشن کے سیکریٹری ڈاکٹر وجئے سائی شیڑکے نے اس موقع پر بتایا کہ گلوکومہ سے بچنے کا واحد طریقہ آنکھوں کا باقاعدہ معائنہ کرانا ہے۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر جتندر پاپلکر نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک سماجی تنظیم ”جن سہیوگ“ کی جانب سے بنائے گئے ”سمپورن وَن“ نامی بائیو پارک کا دورہ کیا اور درختوں کے مختلف وسائل کا معائنہ کیا۔ انھوں نے اس موقع پر نایاب پودوں کے تحفظ سے متعلق معلومات بھی لی۔ پڑے گاؤں کے اہلیا دیوی ہولکر بھیڑ‘ بکری افزائش مرکز کے علاقے میں 25 ایکڑ رقبے پر تیار کیے گئے اس پارک میں تقریباً چار سو قسم کے نایاب اور دواؤں کے پودوں کی اقسام کو محفوظ کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کا پہلا عام اجلاس آج میئر کویتا مُڑے کی زیرِ صدارت منعقد ہوگا۔ جس میں مختلف کمیٹیوں کے ممبران کا انتخاب کیا جائے گا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع کے لاتور‘ تلجاپور روڈ پر کل ایک خوفناک حادثے میں تین افراد کی موت ہوگئی اور دو شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ دوپہر کے قریب کرنج کھیڑا گاؤ ں کے پاس تین گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے سبب پیش آیا۔
***** ***** *****
بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (BCCI) کے نمن ایوارڈس کی تقریب کل نئی دہلی میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر سینئر کھلاڑی راجر بنی اور راہل درواڈ کو کرنل سی کے نائیڈو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وہیں خواتین کی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان متالی راج کو ویمنز لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ ساتھ ہی شبھمن گل اور اسمرتی مندھانا کو 2024-25 کے کرکٹ سیزن میں بہترین بین الاقوامی کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔ اسی طرح آیوش مہاترے اور اِرا جادھو کو بہترین گھریلو کھلاڑی کے انعام سے نوازا گیا۔ وہیں گھریلو کرکٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد کیلئے ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کو ایوارڈ دیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ زرعی شعبے میں مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرنے والی مہاراشٹر بنی ملک کی پہلی ریاست؛ زرعی پیداواری لاگت میں 25 فیصد کی کمی کے ساتھ پیداوار میں اضافہ۔
٭ چار ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام ایک علاقے میں اسمبلی انتخابات کا اعلان؛ بارامتی اور راہوری میں آئندہ 23 اپریل کو ہوں گے ضمنی انتخابات۔
٭ تپش میں اضافے کے سبب آج سے ضلع پریشد اسکولوں میں اوقات تبدیل۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ہیریٹیج واک کا اہتمام‘ ساتھ ہی چھترپتی شیواجی مہاراج کو موسیقی پروگرام کے ذریعے پیش کیا گیا خراجِ عقیدت۔
اور۔۔۔٭ کرکٹ کے قومی ادارے (BCCI) نے راجر بِنّی‘ راہل دراوڈ اور متالی راج کو اعزاز سے نوازا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment