Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 07 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آئندہ مالی برس کیلئے خسارے کا ریاستی بجٹ اسمبلی میں پیش۔
٭ ممبئی عظمیٰ کی طرز پر ریاست کے دیگر شہروں کیلئے ترقیاتی منصوبہ بندی۔
٭ کسانوں کیلئے قرض معافی کی اسکیم اور اسٹارٹ اَپس کیلئے ایک میگا فنڈ کا قیام۔
٭ مجوزہ اضلاع ترقی اسکیم کی توسیع؛ بیڑ‘ جالنہ، پربھنی اور ہنگولی اسکیم میں شامل۔
٭ حزبِ اختلاف کی جانب سے بجٹ پر تنقید؛ تاہم شعبہئ صنعت نے کیا بجٹ کا خیر مقدم۔
اور۔۔۔٭ بھارت کے لکشیہ سین‘ انگلینڈ اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ترقی پسند‘ پائیدار‘ جامع اور بہترین حکمرانی کے چار ستونوں پرمبنی آئندہ سال کیلئے ریاست کا بجٹ کل پیش کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ اور ریاست کے وزیرِ مالیات دیویندر پھڑنویس نے قانون ساز اسمبلی میں‘ جبکہ مالیات کے وزیرِ مملکت آشیش جیسوال نے قانون ساز کونسل میں بجٹ پیش کیا۔ اس کے مطابق آئندہ مالی سال میں ریاست کی محصول آمدنی چھ لاکھ 16 ہزار 99 کروڑ روپئے اور اخراجات چھ لاکھ 56 ہزار 651 کروڑ روپئے ہوں گے۔ بجٹ میں خسارے کا تخمینہ 40 ہزار 552 کروڑ روپئے بتایا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے مالیاتی خسارے کو قواعد کے مطابق مجموعی ریاستی آمدنی کے تین فیصد سے کم رکھنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست‘ جی ایس ٹی وصولی میں ملک میں اوّل مقام پر ہے۔ ضلعی سالانہ منصوبے میں 21 ہزار 867 کروڑ روپئے مختص کیے جانے کے اعلان کے ساتھ‘ ترقی یافتہ مہاراشٹر 2047 کے وژن سے متعلق دستاویز جاری کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاست تیزی سے ایک ٹریلین ڈالر معیشت کی جانب گامزن ہے اور 2047 تک پانچ ٹریلین ڈالر کی معیشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ الیکٹرک یا ماحول دوست گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی خاطر وزیرِ اعلیٰ نے ان گاڑیوں کے روڈ ٹیکس میں بھاری رعایت دینے جبکہ دیگر گاڑیوں پر ٹیکس میں اضافے کی تجویز پیش کی ہے۔
آئندہ کے ناسک کمبھ میلے کے پس منظر میں وزیرِ اعلیٰ نے مختلف ترقیاتی کاموں‘ آگرہ اور ہریانہ کے پانی پت میں مراٹھا سلطنت کی یادگار کی تعمیر‘ چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی یادگار کی تعمیر‘ خدمات ِ عامہ کمیشن اور دیگر ذرائع کے ذریعے 75 ہزار عہدوں کی بھرتی‘ انتظامی کاموں کے ڈیجیٹلائزیشن‘ مصنوعی ذہانت کے استعمال‘ ندیو ں کو جوڑنے کے منصوبے‘ صاف توانائی‘ پینے کے پانی کی فراہمی‘ سیلاب پر قابو‘ استعمال شدہ پانی کی ری سائیکلنگ اور طبّی خدمات کے کاموں کی منصوبہ بندی سے متعلق معلومات دیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایاکہ بچوں کیلئے غذائیت سے بھرپور اور محفوظ ماحول خواتین کاروباریوں کی حوصلہ افزائی، بزرگوں کیلئے صحت مند اور باوقار زندگی کی ضمانت‘ اکیلی خواتین کی فلاح وہ بہبود کیلئے مناسب پالیسیاں وضع کی جائیں گی۔ اور آئندہ برس اُمید مہم کے تحت مزید25 لاکھ خواتین کو لکھ پتی دیدی بنانے کا ہدف ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے لاڈلی بہن اسکیم کو آئندہ بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کینسر‘ ذیابطیس اور دل کے امراض کی جانچ کیلئے دیہی علاقوں میں سالانہ تشخیصی کیمپس کا انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ہر ضلع میں مائیکرو‘ چھوٹے اور درمیانی درجے کی صنعتی اکائیوں‘ MSME مراکز کے ساتھ ساتھ MSME اور شعبہئ خدمت کیلئے کمشنریٹس کا قیام‘ بلدیاتی اداروں میں صحت کی بنیادی سہولیات کو مربوط کرنے کی خاطر ورلڈ ہیلتھ کمشنریٹ کا قیام اور پائیدار شہری ترقی کیلئے قابل علاقائی اتھارٹیز کا قیام‘ 50 سے زائد شہروں کی منصوبہ بند ترقی‘ معذورین کیلئے کاروباری ترقی کے 36مراکز کے قیام کاوزیرِ اعلیٰ نے اعلان کیا۔ انھوں نے جائیداد اور حقوق کے تنازعات کے حل کی خاطر مہاراشٹر لینڈ رائٹس اینڈ اونرشپ بل پیش کرنے کی بھی بات کہی۔
ممبئی عظمیٰ کی طرز پر۔۔بتایاکہ ممبئی کی طرح پونے‘ ناگپور‘ ناسک اور چھترپتی سمبھاجی نگر ان شہروں کی ترقی کیلئے خاکہ تیار کیا جائے گا۔ وزِ یرِ اعلیٰ نے بجٹ میں کسانوں کیلئے پنیہ شلوک اہلیادیوی ہولکر قرض معافی اسکیم کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے قرض کی باقاعدگی سے ادائیگی کرنے والے کسانوں کی خاطر مراعاتی اسکیم کا بھی اعلان کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بجٹ میں ریاست کے ایک ہزار سے زائد آبادی والے دیہاتوں کو جوڑنے کیلئے کانکریٹ سڑکوں کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ہوائی اڈے اور والوج صنعتی شہر کے درمیان روڈ دو مرحلوں میں تعمیر کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر اور پونے شاہراہ کے درمیان 192 کلو میٹر گرین فیلڈ ہائی وے کی تعمیر کیلئے رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی وزیرِ اعلیٰ نے کلیان تا لاتور کے درمیان گرین فیلڈ ایکسپریس وے بنانے کی بھی بات کہی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے اسٹارٹ اَپس اور انوویشن کے فروغ کی خاطر خصوصی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت کا مقصد آئندہ پانچ برسوں میں ڈیڑھ لاکھ کاروباری افراد تیار کرنا اور 50ہزار اسٹارٹ اَپس کو مدد فراہم کرنا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ نئے کاروباری افراد کیلئے وہ چیف منسٹر انٹرپرینیورشپ فنڈ قائم کررہے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ نے پونے تا واسوٹا فورٹ روپ وے پروجیکٹ کی تعمیر‘ ناگپور ضلع کے رام ٹیک میں واقع رام سرشٹی اور کالی داس سرشٹی کے قیام‘ ریاستی کی تیسری چترنگری کی رام ٹیک تعلقے میں تعمیر اور پال گھر تعلقے کے واڑھون میں ”چوتھی ممبئی“ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں دس تعلیمی شہر قائم کیے جائیں گے۔ وزیرِ اعلیٰ نے نئی ممبئی طیران گاہ کے قریب ملک کی پہلی Edu-City کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اپنی بجٹ تقریر کے دوران کہا کہ وہ مجوزہ اضلاع اور تعلقہ جات کی ترقیاتی اسکیموں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے آنجہانی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی یاد میں گلابی جیکٹ پہنی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اس بجٹ کو آنجہانی اجیت پوار کے نام وقف کررہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اجیت پوار کی شخصیت کی مناسبت سے ایک عظیم الشان یادگار تعمیر کی جائے گی اور ان کے نام سے ایک تیز تر عوامی خدمت ایوارڈ دئیے جانے کا آغاز کیا جائے گا۔
2026-27 یہ برس مہاتما پھلے کی 200 ویں یومِ پیدائش‘ سنت گاڑگے بابا کی 150 ویں سالگرہ اور بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی ”چودار تڑے ستیہ گرہ“ کا سوواں برس ہے۔ اس وجہ سے اس برس کو سماجی مساوات اور ہم آہنگی کا برس قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ آئندہ برس کا بجٹ ایک وژنری یعنی نظریاتی اور ترقی یافتہ مہاراشٹر 2047 کی جانب مضبوطی سے بڑھنے والا بجٹ ہے۔ جبکہ نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار نے اپنا ردّ عمل ظاہر کیا کہ یہ بجٹ تمام عوامل کو مدِنظر رکھتے ہوئے بہت متعلقہ اور جامع ہے۔ وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے نے کہا ہے کہ یہ بجٹ ترقی یافتہ مہاراشٹر کی جانب اٹھایا گیا ٹھوس قدم ہے۔ دوسری جانب سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھوٹھاکرے نے بجٹ کو ترقی کا سراب اور کسانوں کے ساتھ دھوکہ دہی والا بتایا۔ وہیں کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے تنقید کی ہے کہ ریاست دیوالیہ ہونے کی جانب بڑھ رہی ہے۔
کانگریس لیڈر وجئے وڑیٹیوار نے نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ صرف ممبئی اور صنعتی شعبے کیلئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ الفاظ اور اعداد و شمار کے ذریعے عوام کی آنکھو ں میں دھول جھونکی گئی ہے۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے اس بجٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس بجٹ کی دفعات‘ کولہاپور اور سانگلی اضلاع سے سمندر میں بہنے والے سیلابی پانی کو مراٹھواڑہ کی جانب موڑنے میں مدد کرے گی‘ ساتھ ہی دھاراشیو ضلع کے تمام تعلقہ جات کے ترقیاتی کاموں کو بڑا فروغ ملے گا۔ وہیں اتل ساوے نے کہا ہے کہ یہ بجٹ جامع ترقی کیلئے واضح روڈ میپ پیش کرتا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایک تاجر ویویک دیشپانڈے نے بھی بنیادی ڈھانچے پر توجہ مرکوز کرنے والے اس بجٹ کا خیر مقدم کیا ہے۔
***** ***** *****
یونین پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 2025 میں منعقدہ سیول سروس امتحانات کے حتمی نتیجوں کا کل اعلان کیا گیا۔ اس امتحان میں کل 958 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جس میں ریاست کے 60 امیدوار شامل ہیں۔
***** ***** *****
بھارت کے لکشیہ سین آل انگلینڈ اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلے میں سیمی فائنل میں داخل ہوگئے ہیں۔ کل رات کوارٹر فائنل مقابلے میں انھوں نے چین کے Lee,Shee,Feng کو 21-13 اور 21-16 سے شکست دے دی۔ سیمی فائنل میں آج ان کا مقابلہ کینڈا کے وِکٹر لائے سے ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آئندہ مالی برس کیلئے خسارے کا ریاستی بجٹ اسمبلی میں پیش۔
٭ ممبئی عظمیٰ کی طرز پر ریاست کے دیگر شہروں کیلئے ترقیاتی منصوبہ بندی۔
٭ کسانوں کیلئے قرض معافی کی اسکیم اور اسٹارٹ اَپس کیلئے ایک میگا فنڈ کا قیام۔
٭ مجوزہ اضلاع ترقی اسکیم کی توسیع؛ بیڑ‘ جالنہ، پربھنی اور ہنگولی اسکیم میں شامل۔
٭ حزبِ اختلاف کی جانب سے بجٹ پر تنقید؛ تاہم شعبہئ صنعت نے کیا بجٹ کا خیر مقدم۔
اور۔۔۔٭ بھارت کے لکشیہ سین‘ انگلینڈ اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخل۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment