Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 22 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ تقسیمِ اسناد کا جلسہ صرف تعلیمی کامیابی کا جشن نہیں ہے بلکہ ہنرمند انسانی وسائل کا عالمی مرکز بننے کے سفر میں ایک اہم مرحلہ ہے: نائب صدرِ جمہوریہ کا اظہارِ خیال۔
٭ مرکزی حکومت کل سے کمرشیل گاہکوں کو 20 فیصد مزید LPG فراہم کرنے کیلئے ہے تیار۔
٭ سپریم کورٹ کے سبکدوش جج‘ جسٹس سدھاکر کُرڈُوکر کی وفات؛ آخری رسومات ممبئی میں۔
اور۔۔۔٭ عیدالفطر منائی گئی ہر طرف جوش و خروش کے ساتھ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
نائب صدرِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کہا ہے کہ تقسیمِ اسناد کا جلسہ صرف تعلیمی کامیابی کا جشن نہیں ہے بلکہ ہنرمند انسانی وسائل کا عالمی مرکز بننے کے سفر میں ایک اہم مرحلہ ہے۔ نائب صدرِ جمہوریہ کل ممبئی میں رتن ٹاٹا مہاراشٹر اسٹیٹ اسکل یونیورسٹی کے پہلے تقسیمِ اسناد جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ گریجویٹ طلبہ کو ہنرمندی کی ترقی‘ روزگار اور اختراعی ٹکنالوجی کی اہمیت پر رہنمائی کرتے ہوئے انھوں نے کہا:
Byte: Vice President of India, C. P. Radhakrishnan
نائب صدرِ جمہوریہ نے کل ممبئی میں منعقدہ جین سماج کی دِکشا تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس تقریب میں گورنر جشنو دیو ورما‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور دیگر معززین موجود تھے۔ اس موقعے پر وزیرِ اعلیٰ نے قوم کی تعمیر میں جین برادری کے تعاون سے متعلق کہا:
Byte: Chief Minister of Maharashtra, Devendra Fadnavis
سی پی رادھا کرشنن مہاراشٹر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ کل صبح انھوں نے ناگپور میں بھارتیہ یووا سنسد کے 29 ویں قومی کنونشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ بھارتیہ یووا سنسد صرف بحث و مباحثے کا ایک پلیٹ فارم نہیں ہے بلکہ مستقبل کے ذمہ دار شہریوں کی تخلیق کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔
نائب صدرِ جمہوریہ آج پونے کے قریب اُرلی کانچن میں نیچروپیتھی آشرم کے یومِ تاسیس کے پروگرام میں شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
شیوسینا کے بانی" بالا صاحب ٹھاکرے کی صد سالہ سالگرہ کے موقع پر مقامی لوک ادھیکار کمیٹی کی جانب سے نوجوانوں کیلئے امپورٹ- ایکسپورٹ لاجسٹک ٹریننگ کل سے شروع کیا گیا۔ اس کورس کا افتتاح ممبئی کے شیوسینا بھون میں سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی موجودگی میں کیا گیا۔ اس موقع پر ٹھاکرے نے بتایا کہ وہ اس طرح کی کلاسیس ریاست بھر میں شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ چھ ہفتوں کی اس تربیت میں طلبہ کو لاجسٹک اور صنعتی شعبے کے ماہرین سے رہنمائی ملے گی اور ساتھ ہی عملی مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
ناسک پولس کی ایک خصوصی ٹیم نے کل ایک فرضی نجومی اشوک کھرات سے دو گھنٹوں تک تفتیش کی۔ کھرات کے دفتر کا ایک ساتھی پولس کی حراست میں ہے‘ جس کی دی گئی معلومات کی بنیاد پر یہ پوچھ تاچھ کی گئی۔ اسی دوران اس معاملے میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ خواتین کی شناخت ظاہر کی جائیگی اس طرح کی کوئی خبر شائع نہ کی جائے کیونکہ ایسی خبریں پھیلنے والوں کو جرمانہ اور دو برس قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے کل سے کمرشیل گاہکوں کو 20 فیصد مزید LPG فراہم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اس سے اب ریاستوں کو ان کی ماہانہ اوسط LPG فراہمی کا 50 فیصدملے گا۔ خانگی ریسٹورنٹس‘ دھابوں‘ ہوٹلوں‘ ریاستی حکومت یا مقامی اداروں کے زیرِ انتظام کینٹینز‘ فوڈ پروسیسنگ اور ڈیری صنعتوں کو کمرشیل LPG فراہم کرتے وقت ترجیح دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت کے پیٹرولیم سیکریٹری نے تمام ریاستوں کے چیف سیکریٹریز کو لکھے گئے خط میں ہدایت دی ہے کہ پانچ کلو وزنی سلنڈر خریدنے والوں کو ترجیح دی جائیگی۔ اس LPG سپلائی سے فائدہ اٹھانے کیلئے انھیں پیٹرولیم کمپنیوں میں اندراج کرنا ہوگا۔ اسی طرح انھیں پائپ گیس کنکشن حاصل کرنے کیلئے متعلقہ کمپنی کو درخواست دیکر ضروری طریقہئ کار کی تکمیل کرنی ہوگی تب ہی انھیں LPG کی یہ اضافی فراہمی کی جائیگی۔
***** ***** *****
جنگلات کا عالمی دن کل منایا گیا۔ اس موقع پر ماحولیات اور موسمی تبدیلی کے مرکزی وزیر بھوپیندر یادو نے ہم وطنوں سے جنگلات کے تحفظ کا عہد کرنے کی اپیل کی۔ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2012 میں 21 مارچ کو جنگلات کا عالمی دن قرار دیاتھا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ کے سبکدوش جج‘ جسٹس سدھاکر کرڈوکر کا کل ممبئی میں انتقال ہوگیا۔ وہ 91 برس کے تھے۔ بیڑ ضلع کے امباجوگائی کے رہنے والے کُرڈوکر نے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔ وہ پنجاب کے قائم مقام گورنر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی آخری رسومات کل ممبئی کے گرگاؤں میں ادا کردی گئیں۔
***** ***** *****
ریاست بھر میں عیدالفطر کل ہر طرف جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر سمیت ضلع بھر میں خوشی اور بھائی چارے کی ایک انوکھی تصویر دیکھنے کو ملی۔ شہر کی مختلف مساجد اور عیدگاہوں میں مسلمان بھائیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نئے لباس پہن کر بچوں‘ جوانوں اور ضعیف لوگوں نے نظم و ضبط کے ساتھ عید کی نماز ادا کی۔ شہر کی چھاؤنی عیدگاہ سمیت مختلف مقامات پر عید کی نماز کی ادائیگی کے ذریعے اتحاد کا پیغام دیا گیا اور عوامی کی سلامتی کیلئے دعا مانگی گئیں۔ مسلمان بھائیوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دی۔
جالنہ شہر اور ضلع بھر میں رمضان عید روایتی انداز میں منائی گئی۔ شہر کے قدیم جالنہ عیدگاہ میدان پر عید کی نماز ادا کی گئی۔ اس موقعے پر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے مسلم بھائیوں کو عید کی مبارکباد دی۔
اسی طرح بیڑ میں مسلم بھائیوں نے عیدگاہ میدان میں اجتماعی نماز ادا کی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر رکنِ اسمبلی وجئے سنگھ پنڈت‘ بیڑ نگر پریشد کی صدرِ بلدیہ ہیم لتا پاروے‘ نائب صدر وِنود مڑک سمیت پولس افسران اور مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیدار موجود تھے۔
وہیں دھاراشیو کے عیدگاہ میدان پر بھی عید کی نماز ادا کی گئی۔ مسلم بھائیوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر سیاسی جماعتوں کے عہدیداران نے مسلم سماج کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اسی طرح ناندیڑ اور لاتور میں بھی عیدگاہوں میں نمازِ عید ادا کی گئی‘ جس میں کثیر تعدادمیں مسلمانوں نے شرکت کی اور عالمی امن کیلئے دُعائیں کیں۔
***** ***** *****
پونے کے واگھولی میں جاری 68 ویں مہاراشٹر کیسری اور مہاراشٹر اسٹیٹ ریسلنگ چمپئن شپ مقابلوں میں آج فائنل میچ ہوگا۔ کل ان مقابلوں کیلئے 57 کلو گرام وزن زمرے میں کولہا پور ضلع کے مرنال پاٹل نے پہلا مقام حاصل کیا، جبکہ پونے شہر کے اومکار نگڑے کو دوسرے مقام پر اکتفاء کرنا پڑا۔ 79 کلو گرام وزن زمرے میں شولاپور ضلع کے بیرو دیو بنسوڑے نے جبکہ 86 کلو گرام وزن زمرے میں بچیا مجید شیخ نے پہلا مقام حاصل کیا۔ وہیں گادی سیکشن میں کولہاپور کے ویبھو پاٹل نے 61 کلوگرام وزن زمرے میں اور ابھیشیک کاپڑے نے 86 کلو گرام وزن زمرے میں اوّل پوزیشن حاصل کی۔
***** ***** *****
اعلیٰ قسم کی ہلدی اُگانے والے ضلع کے طور پر شہرت حاصل کرنے والے ہنگولی ضلع میں خواتین کے ”اپنی مدد آپ گروپس“ ہلدی کو پروسیس کرکے مختلف مصنوعات تیار کررہے ہیں۔ موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ان مصنوعات کی برانڈنگ کی جائے گی اور انھیں قومی سطح پر شناخت دی جائے گی۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی سندیپ شرساگر نے کل بیڑ ضلع میں غیر موسمی بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے انتظامیہ کو پنچنامے کرنے کی ہدایت دی اور تیقن دیا کہ متاثرہ کسانوں کو معاوضہ دلانے کی کوشش کی جائیگی۔ اسی طرح چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع میں بھی غیر موسمی بارش اور ژالہ باری سے فصلوں اور مویشیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
وہیں محکمہئ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں وسطی مہاراشٹر‘ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں کئی مقامات پر بجلی کی چمک اور بادلوں کی گرج کے ساتھ بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ تقسیمِ اسناد کا جلسہ صرف تعلیمی کامیابی کا جشن نہیں ہے بلکہ ہنرمند انسانی وسائل کا عالمی مرکز بننے کے سفر میں ایک اہم مرحلہ ہے: نائب صدرِ جمہوریہ کا اظہارِ خیال۔
٭ مرکزی حکومت کل سے کمرشیل گاہکوں کو 20 فیصد مزید LPG فراہم کرنے کیلئے ہے تیار۔
٭ سپریم کورٹ کے سبکدوش جج‘ جسٹس سدھاکر کُرڈُوکر کی وفات؛ آخری رسومات ممبئی میں۔
اور۔۔۔٭ عیدالفطر منائی گئی ہر طرف جوش و خروش کے ساتھ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment