Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 10 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۱/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرامرحلہ ہوا شروع؛ مغربی ایشیاء کی صورتحال پر پارلیمنٹ میں وزیرِ خارجہ کا بیان۔
٭ احتیاطی اور جامع صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں بھارت مضبوطی سے پیش رفت کررہا ہے: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ راجیہ سبھا انتخابات میں ریاست کی تمام سات نشستوں پر امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب۔
٭ ریاستی حکومت نے رکشہ لائسنسوں کی تقسیم کو معطل کرنے کا کیا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ پیٹھن میں ناتھ ششٹھی کی تقریبات کا آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کی کل سے شروعات ہوئی۔ لوک سبھا میں کل کارروائی کی ابتداء کے ساتھ وفات پانے والے اراکین کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس کے بعد جب دوپہر 12 بجے کام کاج کا دوبارہ آغاز ہوا تو مخالف جماعتوں نے مغربی ایشیاء کی صورتحال پر نعرے بازی کی، جس کے سبب ایوان کی کارروائی پہلے تین بجے تک اور پھر دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
***** ***** *****
وزیرِ خارجہ ایس جئے شنکر نے کہا ہے کہ مغربی ایشیاء میں کشیدگی کو کم کرنے کیلئے سفارت کاری اور بات چیت ہی مؤثر ذریعہ ہے۔ وزیرِ موصوف کل لوک سبھا میں اس معاملے میں بھارت کے کردار پر بیان دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت امن کے حق میں ہے اور پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کی اپیل کرتا ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: External Affairs Minister S. Jaishankar
راجیہ سبھا میں بھی وزیرِ خارجہ نے مغربی ایشیاء کے ممالک کی صورتحال پر بیان دیا۔ انھوں نے اس وقت کوچی میں موجود ایرانی جہاز سے متعلق بھی ایوان کو آگاہ کیا۔ اسی بیچ شہری ہوابازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو نے بتایا کہ وہ مغربی ایشیاء میں ہوائی ٹریفک پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے شہریان سے اپیل کی ہے کہ وہ مغربی ایشیاء میں موجودہ صورتحال کے پس منظر میں ایندھن کی قلّت کی افواہوں پر یقین نہ کریں۔ وزیرِ اعلیٰ کل قانون ساز اسمبلی کے احاطے میں نامہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت اس تعلق سے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت احتیاطی اور جامع صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں مضبوطی سے پیش رفت کررہا ہے۔ وزیرِ اعظم کل مرکزی بجٹ کے دوران اعلان کیے گئے ”سب کا ساتھ‘ سب کا وکاس‘ اور لوگوں کی خواہشات کی تکمیل“ کے موضوع پر ایک پوسٹ بجٹ ویبینار سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے نشاندہی کی کہ گذشتہ چند برسوں میں ملک کے سیکڑوں اضلاع میں میڈیکل کالجز شروع کیے گئے ہیں اور صحت کی خدمات ہر گاؤں تک پہنچ گئی ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
راجیہ سبھا کیلئے ریاست کی سات سیٹوں پر اُمیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ ان میں بی جے پی کے ونود تاؤڑے‘ رام داس آٹھولے‘ مایا اِیوناتے اور رام راؤ وڑکوتے شامل ہیں۔ اسی طرح شیوسینا کی جیوتی واگھمارے‘ راشٹروادی کانگریس کے پارتھ پوار اور مہاوِکاس آگھاڑی کے شرد پوار بھی چن لیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
حمل ونقل کے ریاستی وزیر پرتاپ سرنائیک نے بتایا ہے کہ پانچ لاکھ سے زائد آبادی والے شہروں میں رکشہ لائسنسوں کی تقسیم کو روک دیا گیا ہے۔ وزیرِ موصوف کل ودھان بھون کے احاطے میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ وزارت کی ایک میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ 1997 میں رکشہ لائسنسوں پر عائد پابندی کو حکومت نے 2017 میں ہٹادیا تھا۔ یکم جنوری 2026 تک ریاست میں 12 لاکھ 96 ہزار رکشے چل رہے تھے اور کئی شہروں میں ٹریفک کی بھیڑ اور فضائی آلودگی کی شکایات تھیں۔ پرتاپ سرنائیک نے بتایا کہ ان وجوہات کے پیشِ نظر ریاستی حکومت نے رکشہ لائسنسوں کی تقسیم کو معطل کردیا ہے۔ اسی کے ساتھ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے Ola, Uber اور Rapido کے الیکٹرک بائیک کے لائسنس بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ اگر یہ کمپنیاں مستقبل میں حفاظتی معیارات پر پورا اُترتی ہیں تو انھیں دوبارہ اجازت مل سکتی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کیلئے نئے نامزد کیے گئے گورنر جشنو دیو ورما کی آج حلف برداری ہوگی۔ اسی بیچ نامزد کیے گئے گورنر کل شام ممبئی پہنچے۔ طیران گاہ پر وزیرِ اعلیٰ‘ نائب وزرائے اعلیٰ‘ کابینہ کے اراکین اور افسران نے ان کا استقبال کیا۔ لوک بھون کے احاطے میں پولس فورس کی جانب سے انھیں سلامی دی گئی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی کے بغیر کسی بھی معاشرے کی ہمہ گیر ترقی ممکن نہیں ہے۔ وہ کل ممبئی کے یشونت راؤ چوہان فاؤنڈیشن میں ”سکشم مہیلا سشکت مہاراشٹر“ نامی پروگرام سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کو یہ قبول کرنا ہوگا کہ انھیں اب تک ان کے کاموں کا کریڈٹ اور انعام نہیں ملا ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیئرمین رام شندے‘ خواتین و اطفال کی ترقی کی وزیر آدیتی تٹکرے‘ ریاستی وزیر میگھنا بورڈیکر سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ اس پروگرام میں مختلف شعبوں میں کام کرنے والی 10 نوجوان خواتین کو معززین نے انعامات سے نوازا۔ ان میں جیوتی میرگنے شامل ہیں جو بیڑ ضلع کے کیج تعلقے کے روہا میں فاریسٹ گارڈ کے عہدے پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے بجٹ پر کل قانون ساز اسمبلی میں بحث شروع ہوئی۔ رکنِ اسمبلی دھننجے منڈے نے اس بحث کیلئے وقفے میں اضافے کا مطالبہ کیاہے۔ وہیں رکن اسمبل ارجن کھوتکر نے بھی منڈے کے اس مطالبے کی حمایت کی ہے۔ وزیر جئے کمار گورے نے کہا ہے کہ اراکین کو بجٹ پر بحث کیلئے کافی وقت دیاجائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے پیٹھن میں سنت ایکناتھ مہاراج کی ناتھ ششٹھی تقریب عقیدت کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ اس مناسبت سے مذہبی پروگرامس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ان تقاریب میں شامل ہونے کیلئے ملک بھر سے وارکریوں کی 700 دِنڈیاں پیٹھن شہر میں داخل ہوگئی ہیں۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں کل پنچایت سمیتیوں کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین عہدوں پر انتخاب کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ ریناپور پنچایت سمیتی میں مہاراشٹر نونرمان سینا نے لاتور ضلع میں پہلی بار چیئرمین کا عہدہ حاصل کیا ہے۔ دیگر پنچایت سمیتیوں میں بی جے پی نے نلنگہ، اَوسا، دیونی‘ شرور اننت پال‘ جبکہ راشٹروادی کانگریس نے احمدپور‘ اودگیر اور چاکور میں چیئرمین عہدوں پر جیت درج کی ہے۔ وہیں کانگریس نے لاتور اور جلکوٹ پنچایت سمیتیوں کے چیئرمین عہدے اپنے نام کیے ہیں۔ ریناپور میں بی جے پی نے ایم این ایس کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔ کُل آٹھ نشستوں میں سے بی جے پی نے تین‘ کانگریس نے تین اور ایم این ایس نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ایم این ایس کی مونیکا روی سوریہ ونشی کو سبھا پتی منتخب کیا گیا ہے کہ جبکہ بی جے پی کے شرد دریکر نائب سبھا پتی بنائے گئے ہیں۔ یہ انتخاب بلا مقابلہ عمل میں آیا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی میں کل ریاستی کانگریس پارٹی کی جانب سے مرکزی حکومت کے خلاف مورچہ نکالا گیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ کی قیادت میں صبح گیارہ بجے کلمنوری سے اس مورچے کی شروعات ہوئی، جس میں قبائلیوں اور محروم طبقات کے مسائل کو اٹھایا گیا۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان اشوک چوہان نے کل راجیہ سبھا میں ناندیڑ- لاتور براہِ راست ریلوے لائن کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ لائن ودربھ، مراٹھواڑہ اور مغربی مہاراشٹر کے تین خطوں کو جوڑے گی۔ اس پروجیکٹ کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے اور یہ اب ریلوے کی وزارت کے پاس زیرِ التواء ہے۔ چوہان نے بتایا ہے کہ مہاراشٹر حکومت نے اس پروجیکٹ کی لاگت کا 50 فیصد برداشت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کی گیورائی بازار کمیٹی نے کل پیاز منڈی کا افتتاح کیا ہے۔ کسانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس بازار کمیٹی میں نیلامی کیلئے اپنی پیاز لائیں تاکہ بغیر دھوکے کے مناسب طریقے سے پیاز کی نیلامی کا عمل مکمل کیا جاسکے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرامرحلہ ہوا شروع؛ مغربی ایشیاء کی صورتحال پر پارلیمنٹ میں وزیرِ خارجہ کا بیان۔
٭ احتیاطی اور جامع صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں بھارت مضبوطی سے پیش رفت کررہا ہے: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ راجیہ سبھا انتخابات میں ریاست کی تمام سات نشستوں پر امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب۔
٭ ریاستی حکومت نے رکشہ لائسنسوں کی تقسیم کو معطل کرنے کا کیا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ پیٹھن میں ناتھ ششٹھی کی تقریبات کا آغاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment