Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 08 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ خواتین کیلئے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جائے جہاں خواتین کو مساوی مواقع حاصل ہوں: عالمی خواتین دن کے موقعے پر صدرِ جمہوریہ کی اپیل۔
٭ HPV ریاست گیر ویکسینیشن مہم آج خواتین دن سے شروع۔
٭ پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر قرض معافی اسکیم اہل اداروں کے زرعی قرض کیلئے نافذ: وزیرِ اعلیٰ کی تصدیق۔
٭ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں 60 روپئے کا اضافہ۔
اور۔۔۔٭ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کے خطاب کیلئے آج بھارت- نیوزی لینڈ مقابلہ؛ جبکہ آل انگلینڈ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں لکشیے سین داخل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ یومِ خواتین کے موقعے پر صدر جمہوریہ دروپدی مُرمو نے خواتین کو مبارکباد دی۔ انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین معاشرے اور قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور تعلیم یافتہ‘ خود مختار اور بااختیار خواتین ایک خوشحال اور ترقی پسند قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ یہ بتاتے ہوئے کہ خواتین نے تعلیم‘ سائنس‘ کھیل‘ فنون اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے‘ صدرِ جمہوریہ نے ہم وطنوں نے اپیل کی کہ وہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں خواتین کو مساوی مواقع حاصل ہوں۔ اس مرتبہ کے یومِ خواتین کا موضوع تمام خواتین اور لڑکیوں کیلئے منصفانہ کارروائی ہے۔
***** ***** *****
خواتین کے قومی کمیشن کی چیئرپرسن وجیا راہٹکر نے خواتین کے عالمی دن کے موقعے پر اپنی مبارکباد پیش کی ہے۔ راہٹکر نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اعتماد کو برقرار رکھیں اور قانون کے تحت انھیں دئیے گئے حقوق کا استعمال کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔
***** ***** *****
خواتین کے عالمی دن کے موقعے پر محکمہئ صحت ِ عامہ کے ذریعے ریاست گیر مہم میں مختلف سرگرمیاں شروع کی جارہی ہیں۔ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کیلئے HPV ویکسینیشن کی مہم آج سے شروع ہورہی ہے۔ یہ پروگرام ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِاعلیٰ سُنیتراپوار کی رہنمائی میں اور صحت و خاندانی بہبود کے وزیرِ مملکت پرتاپ راؤ جادھو کی موجودگی میں منعقد کیا گیا ہے۔ اس مہم میں ریاست کی نو لاکھ 84 ہزار 414 اہل لڑکیوں کو ان کے والدین کی رضامندی سے مفت ٹیکہ لگایا جائے گا۔ یہ مہم ایک خصوصی مہم کے طور پر مسلسل تین ماہ تک چلائی جائیگی۔ اس موقعے پر صحت ِ عامہ کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا۔
***** ***** *****
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل اسپورٹس کمپلیکس میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ پروگرام مرکزی وزیرِ کھیل رکشا کھڑسے کی موجودگی میں منعقد ہورہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے خواتین کی دو پہیہ گاڑیوں کی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی صبح ساڑھے سات بجے کرانتی چوک سے شروع ہوئی‘ اورنگ پورہ علاقے میں مہاتما پھلے اور کرانتی جیوتی ساوتری بائی پھلے کے مجسّموں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد ریلی کلکٹر آفس کے احاطے میں اختتام پذیر ہوگی۔
***** ***** *****
خواتین کے عالمی دن کے موقعے پر تلجابھوانی مندر سنستھان اورمحکمہ صحت کی جانب سے تلجاپور میں خواتین کیلئے ایک مفت طبّی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ کو کل خواتین ملازمین کا پُرجوش ردّ عمل ملا۔
***** ***** *****
وزیرِ مملکت برائے دفاع سنجئے سیٹھ نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے دور میں نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت پر مبنی مہارتیں بھی حاصل کرنی چاہئیں۔ وہ کل پونے میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کے 15 ویں یومِ تقسیمِ اسناد سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سوامی رامانند تیرتھ مراہٹواڑہ یونیورسٹی ناندیڑ کے وائس چانسلر منوہر چاسکر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سنجئے سیٹھ نے کہا:
Byte: Union Minister Sanjay Seth
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے وضاحت کی ہے کہ ریاست بجٹ میں اعلان کردہ پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر قرض معافی اسکیم کسی بھی اہل ادارے سے لیے گئے قرض پر نافذ ہوگی۔ وہ کل ناگپور میں صحافیوں سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ یہ قرض معافی بینکوں کیلئے نہیں ہے بلکہ کسانوں کیلئے ہے اس لیے اس پر عمل کا طریقہ تیار کیا جارہا ہے تاکہ کسان اس اسکیم سے حقیقی معنوں میں فائدہ حاصل کرسکیں۔
***** ***** *****
ریاست کے پہلے X SIO Intelligant Integrated Advanced Industrial Manufacturing Park کا سنگِ بنیاد کل ناگپور میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے رکھا۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی صنعت کی حمایت کی پالیسی کی وجہ سے مینوفیکچرنگ سیکٹر ایک مثبت رُخ اختیار کررہا ہے۔ اس پروجیکٹ کے ذریعے ریاست میں آٹھ ہزار 142 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے اور اس کا مقصد ریاست میں 35 ہزار سے زائد ملازمتیں پیداکرنا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی شیواجی مہاراج محصول سمادھان کیمپ مہم کل سے شروع ہوئی۔ ضلع کلکٹر آشیمامتل نے جالنہ ضلع کے بدناپور تعلقے کے باؤنے پانگری میں مہم کا افتتاح کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ عوام پر مبنی انتظامیہ کا آغاز ہے۔
لاتور ضلع کے احمد پور تعلقے کے کِن گاؤں میں منعقدہ سمادھان کیمپ کا افتتاح وزیرِ تعاون بابا صاحب پاٹل نے کیا۔ کیمپ کو شہریوں کی جانب سے بھرپور ردّ عمل ملا۔
رکنِ اسمبلی پرکاش سولنکے نے کل بیڑ تعلقے کے نِتروڈ میں اس سمادھان کیمپ کا افتتاح کیا۔
***** ***** *****
گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں 60 روپئے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ یہ نئی قیمتیں میٹرو شہر میں لاگو کردی گئی ہیں۔ کمرشیل LPG سلنڈر کی قیمت میں بھی 115 روپئے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ہندوستان پیٹرولیم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں شپنگ لین کی بندش کی وجہ سے پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی میں رُکاوٹ کی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں اور بھارت کے پاس ایندھن کے کافی ذخائر اور متبادل فراہمی کے ذرائع موجود ہیں۔ کمپنی نے ٹویٹ کیا ہے کہ شہری افواہوں پر یقین نہ کریں اور پیٹرول پمپوں پر بھیڑ نہ لگائیں۔
***** ***** *****
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کا فائنل مقابلہ آج بھارت او رنیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ یہ میچ احمدآباد کے نریندر مودی اسپورٹس کمپلیکس میں شام سات بجے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
بھارت کے لکشیہ سین آل انگلینڈ اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز کے فائنل میں داخل ہوگئے ہیں۔ کل منعقدہ سیمی فائنل میں لکشیہ سین نے کینیڈا کے وِکٹر لائے کو 21-16, 18-21, 21-15 سے شکست دی۔ لکشیہ کا مقابلہ آج ٹورنامنٹ کے فائنل میں چین کے لن چونئی کے تئے پیئی سے ہوگا۔ مقابلہ بھارتی وقت کے مطابق شام پانچ بجے کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
رنگ پنچمی کا تہوار آج منایا جارہا ہے۔ ریاست کے کچھ مقامات بشمول ناسک‘ اہلیا نگر اور شولاپور میں دھلنڈی کے بجائے آج رنگوں سے کھیلنے کا رواج ہے۔ ناسک میں اس تہوار کیلئے پیشوا دور کی ایک راہداری یعنی زمین کے اندر کم اونچائی کے حوض کو کھول کر ان کی صفائی کی گئی۔ شہر میں اس طرح کے آٹھ حوض ہیں جن میں رنگ بھر کر رنگ پنچمی منائی جاتی ہے۔
***** ***** *****
سنت کانِف ناتھ کی یاترا آج سے اہلیا نگر ضلعے کے مَڈھی میں شروع ہو رہی ہے۔ کانِف ناتھ کی سنجیون سمادھی کے درشن کیلئے عقیدت مندوں کا ہجوم ہے، اور مندر کی جانب سے ان کی سہولت کیلئے تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ یاترا گڈی پاڑوا تہوار تک جاری رہتی ہے، اور اسے ہندو مسلم اتحاد کی علامت کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہرمیں رمضان المبارک کے مہینے میں کھانے پینے کی مختلف دکانوں اور اسٹالوں سے سجے ہوئے بڈی لین علاقے میں کل INTAC کی جانب سے ایک ہیریٹیج فوڈ واک کا انعقاد کیا گیا۔ بزرگ تاریخ داں ڈاکٹر دلاری قریشی نے کھانے کے لوازمات کی تاریخ اور شہر کے پکوانوں کی روایت اور ورثے کے بارے میں تفصیلی معلومات دیں۔ اس موقعے پر میئر سمیر راجورکر بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کے مالیگاؤں ضلع پریشد اسکول کے صدرِ جمہوریہ ایوارڈ یافتہ معلم شیوا کامبلے کو ریاستی حکومت کے ساہتیہ رتن لوک شاہر انا بھاؤ ساٹھے چرتر سادھنا پرکاشن سمیتی کے ممبر سکریٹری کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ شیوا کامبلے گزشتہ کئی سالوں سے تعلیمی، ادبی، ثقافتی اور سماجی شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ انا بھاؤ ساٹھے کے ادب کی سات جلدیں شائع ہو چکی ہیں، اور شیوا کامبلے نے اس میں بڑا تعاون کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ خواتین کیلئے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جائے جہاں خواتین کو مساوی مواقع حاصل ہوں: عالمی خواتین دن کے موقعے پر صدرِ جمہوریہ کی اپیل۔
٭ HPV ریاست گیر ویکسینیشن مہم آج خواتین دن سے شروع۔
٭ پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر قرض معافی اسکیم اہل اداروں کے زرعی قرض کیلئے نافذ: وزیرِ اعلیٰ کی تصدیق۔
٭ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں 60 روپئے کا اضافہ۔
اور۔۔۔٭ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کے خطاب کیلئے آج بھارت- نیوزی لینڈ مقابلہ؛ جبکہ آل انگلینڈ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں لکشیے سین داخل۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment