Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 06 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعلی دیویندر پھڑنویس آج پیش کریں گے ریاستی بجٹ، اقتصادی سروے رپورٹ میں معیشت کی شرحِ نمو سات اعشاریہ نوفیصد رہنے کا اندازہ۔
٭ راجیہ سبھا انتخابات کیلئے مہاراشٹر سے سات امیدواری عریضے داخل - بلامقابلہ انتخابات کیلئے رسمی اعلان کا انتظار۔
٭ جِشنو دیو ورما مہاراشٹر کے نئے گورنر مقرر۔
٭ تکارام بیج تقریب عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی -پیٹھن میں ناتھ ششٹھی کی تیاریاں آخری مرحلے میں۔
اور۔۔۔٭ انگلینڈ کو شکست دے کر بھارت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کے فائنل میں داخل؛ اتوار کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین خطابی مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاست کا آئندہ مالی سال کا بجٹ آج اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ مالیات دیویندر پھڑنویس قانون ساز اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے جبکہ ریاستی وزیرِ خزانہ آشیش جیسوال قانون ساز کونسل میں بجٹ پیش کریں گے۔
دریں اثناء، گزشتہ روز مالی سال 2025-26 کی اقتصادی سروے رپورٹ پیش کی گئی۔ جس میں اندازہ لگایا ہے کہ ریاست میں معیشت کی شرح نمو جاری رہے گی، اور سات اعشاریہ نو فیصد کی نمو متوقع ہے۔ رپورٹ میں زراعت اور متعلقہ شعبوں میں تین اعشاریہ چار، صنعتی شعبے میں پانچ اعشاریہ سات اور خدمات کے شعبے میں نو فیصد اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس مالی سال میں ریاست کی محصول آمدنی پانچ لاکھ 60 ہزار 964 کروڑ روپے، جبکہ محصولاتی خرچ چھ لاکھ چھ ہزار 855 کروڑ روپے ہونے کا اندازہ رپورٹ میں ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹرغیر امدادی خانگی کاروباری تعلیمی ادارے ترمیمی بل کل اسمبلی میں صوتی ووٹوں سے منظور کرلیا گیا۔ بل کا مقصد خانگی تعلیمی اداروں میں داخلوں اور فیس کی نگرانی کرنا ہے۔
***** ***** *****
10 ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 37 نشستوں کے انتخابات کیلئے موصولہ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ آج کی جائیگی، جبکہ امیدواری عریضے 9 مارچ تک واپس لیے جا سکیں گے۔
مہاراشٹر میں سات نشستوں کیلئے یہ انتخابات بلامقابلہ ہو رہے ہیں، اور اس کا صرف رسمی اعلان باقی رہ گیا ہے۔ بی جے پی کی جانب سے رام داس آٹھولے، ونود تاؤڑے، مایا اِیوناتے اور رام راؤ وڑکوتے نے اپنے اُمیدواری عریضے داخل کیے ہیں۔
راشٹروادی کانگریس پارٹی نے پارتھ پوار کو جبکہ شیوسینا نے جیوتی واگھمارے کو اُمیدواری دی ہے۔ جبکہ بزرگ رہنماء شرد پوار نے مہا وکاس آگھاڑی کے امیدوار کی حیثیت سے ساتویں نشست کیلئے اپنا امیدواری پرچہ داخل کیا ہے۔
***** ***** *****
آئندہ سال مجوزہ مردم شماری کے پیشِ نظر مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے کل نئی دہلی میں چار ڈیجیٹل وسائل کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ان میں ہاؤس لسٹنگ بلاک کرئیٹر ویب ایپلی کیشن، ایچ ایل او موبائل ایپلی کیشن، خودکار شماری پورٹل، مردم شماری انتظامی اور نگرانی پورٹل شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وزیرِ داخلہ نے مردم شماری 2027 کے پیشِ نظر خواتین کیلئے ”پرگتی“ اور مردوں کے لیے ”وکاس“ ماسکوٹس کی رسمی طور پر نقاب کشائی بھی کی۔
***** ***** *****
تلنگانہ کے گورنر جِشنو دیو ورما کا مہاراشٹر کے گورنر عہدے پر تقرر کیا گیا ہے۔ صدرِ جمہوریہ دَروپدی مُرمو نے کل مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے گورنرس اور ڈپٹی گورنرس کے تقررات کیے۔ شیو پرتاپ شکلا کو تلنگانہ کا گورنر، نند کشور یادو کو ناگالینڈ کا گورنر اور ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل سید عطا حسنین کو بہار کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے تمام مال برداروں نے ای چالان سسٹم کو بند کرنے کے مطالبے پر معلّنہ ہڑتال واپس لے لی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل ایک ویڈیو کانفرنسنگ نظام کے ذریعے مال بردار تنظیموں کی اعلیٰ کمیٹی ’مہاراشٹرا ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی‘ کے اراکین سے بات چیت کی۔ شندے نے ٹرانسپورٹروں سے ہڑتال واپس لینے کی اپیل کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت ٹرانسپورٹروں کے مطالبات پر ہمدردی کے ساتھ غور کررہی ہے۔
دریں اثناء، خانگی گاڑی مالکان،نے ای-چالان کے بڑھتے ہوئے جرمانے کیخلاف کل لاتور ٹرانسپورٹ دفتر پر احتجاج کیا۔ اس مظاہرے میں گاڑی مالکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سنت تکارام مہاراج کا سمادھی دن، یعنی تکارام بیج کی تقریب کل انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ پونے کے قریب دیہو میں واقع سنت تکارام مندر میں ہزاروں عقیدت مندوں نے درشن کیلئے بھیڑ کی تھی۔ کل صبح مندر میں مہاپوجا کے بعد، تکوبا کی پالکی ویکنٹھ استھان کی جانب روانہ ہوئی۔
تکارام بیج کے موقعے پر‘ پربھنی ضلعے کے ناؤکی اور کاتنیشور سمیت کئی مقامات پر مختلف تقاریب منعقد ہوئیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن میں سنت ایکناتھ مہاراج ناتھ ششٹھی یاترا اُتسو 9سے 11مارچ کے درمیان منعقد ہوگا۔ اس تقریب کی تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔ ریاست بھر سے تقریباً 12 سے 15 لاکھ عقیدت مند اس میلے میں آتے ہیں۔ اس دوران ٹریفک جام کے مسئلے سے بچنے کیلئے پیٹھن کی جانب جانے اور پیٹھن کی جانب سے آنے والی بڑی گاڑیوں کو متبادل راستے پر موڑ دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بھارت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کے فائنل میں داخل ہو گیا ہے۔ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کل‘ کھیلے گئے سنسنی خیز سیمی فائنل میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو سات رنوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ اوورز میں سنجو سیمسن کے 89، شیوم دوبے کے 43 اور ایشان کشن کے 39 رنوں کی بدولت سات وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے، جبکہ انگلینڈ نے جیکب بیتھل کی طوفانی سنچری کے بل بوتے پر اس ہدف تک پہنچنے کی کوشش کی۔ تاہم بھارتی گیند باز انگلینڈ کو 247 رنزپر روکنے میں کامیاب رہے۔ بھارت کے سلامی بلّے باز سنجو سیمسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
احمد آباد میں اتوار کو فائنل میچ میں بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔
***** ***** *****
مغربی ایشیائی ممالک میں گئے ہوئے جالنہ شہر کے پانچ افراد بھارتی سفارت خانے کی مدد سے بحفاظت وطن واپس آگئے ہیں‘ جبکہ بقیہ دو افراد آج وطن واپس لوٹیں گے۔ اسی طرح مشرق وسطیٰ کے دُبئی، شارجہ، قطر، بحرین اور سعودی عرب جیسے ممالک میں مقیم ناندیڑ ضلعے کے 59 شہری بھی پوری طرح محفوظ ہیں اور ضلع ہنگامی حالات محکمے کے رابطے میں ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے میں ”چھترپتی شیواجی مہاراج مہاراجسو سمادھان شِبِر“ مہم کے پہلے مرحلے پر مارچ سے مئی 2026 کے درمیان عمل درآمد کیا جائے گا۔ اس کیلئے کل سے ضلع کے تمام تحصیل ڈویژنس، میونسپل کونسل اور نگر پنچایتوں کی سطح پر کیمپ منعقد کیے جائیں گے۔
ناندیڑ ضلعے کے لوہا تعلقے میں بھی، چھترپتی شیواجی مہاراج سمادھان شبر مہم کا پہلا مرحلہ 7 مارچ سے 8 مئی تک تحصیل وار منعقد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے میں 8 مارچ سے مادرِ رحم کے کینسر کی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم شروع ہوگی۔ضلع انتظامیہ کے مطابق‘ اس مہم کے تحت ضلعے میں ضرورتمند لڑکیوں کی مفت ویکسینیشن کی جائے گی۔
دریں اثناء، ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے کل بیڑ ضلع میں پیدائش اور اموات کے رجسٹریشن پر عمل آوری اور نگرانی کے سلسلے میں ایک جائزاتی اجلاس لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع میں پیدائش اور اموات کا سو فیصد اندراج کیا جائے اور شہریوں میں اس حوالے سے بیداری پیدا کی جائے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کے انتخاب کا عمل کل مکمل ہو گیا۔ 16 رکنی کمیٹی میں بی جے پی کے آٹھ، شیوسینا کے دو، کُل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے چار، اور شیو سینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی اور ونچیت بہوجن آگھاڑی اتحاد کا ایک ایک کارپوریٹر شامل ہے۔
***** ***** *****
لاتور میں ولاس راؤ دیشمکھ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک مفت سلائی تربیتی کیمپ کل اختتام پذیر ہوا۔ اس اقدام کے تحت 74 خواتین نے کامیابی کے ساتھ تین ماہ کی سلائی کی تربیت مکمل کی۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی اور وینکٹیش مہاجن سینئر کالج کے اشتراک سے منعقدہ نیشنل سروس اسکیم پروگرام میں کل‘ پدم شری چیترم پوار نے حاضرین کی رہنمائی کی۔ گاؤں کے ساکنان نے چیترام پوار سے مختلف سوالات کیے اور اپنے شبہات کا ازالہ کیا۔
***** ***** *****
جالنا ضلع کے کچھ مقامات پر ایندھن کی قلت کی افواہیں پھیل رہی ہیں۔ اس پسِ منظر میں ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
دھاراشیو ضلعے میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہونے اور ایندھن کی رسد معمول کے مطابق جاری رہنے کی وضاحت انتظامیہ نے کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ وزیرِ اعلی دیویندر پھڑنویس آج پیش کریں گے ریاستی بجٹ، اقتصادی سروے رپورٹ میں معیشت کی شرحِ نمو سات اعشاریہ نوفیصد رہنے کا اندازہ۔
٭ راجیہ سبھا انتخابات کیلئے مہاراشٹر سے سات امیدواری عریضے داخل - بلامقابلہ انتخابات کیلئے رسمی اعلان کا انتظار۔
٭ جِشنو دیو ورما مہاراشٹر کے نئے گورنر مقرر۔
٭ تکارام بیج تقریب عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی -پیٹھن میں ناتھ ششٹھی کی تیاریاں آخری مرحلے میں۔
اور۔۔۔٭ انگلینڈ کو شکست دے کر بھارت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کے فائنل میں داخل؛ اتوار کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین خطابی مقابلہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment