Monday, 30 March 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 مارچ 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 30 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/مارچ ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مغربی ایشیاء میں جنگ سے پیدا ہونے والی چیلنجنگ صورتحال کا مل کر مقابلہ کرنے کی وزیرِ اعظم نے کی اپیل۔
٭ ملک بھر میں LPG گیس سلنڈرس کی بلاتعطل فراہمی جاری اور کمرشیل سلنڈرس کی بھی 70 فیصد تک دستیابی: وزارتِ پیٹرولیم کی وضاحت۔
٭ 2011 سے پہلے کی اراضی پر 1500 مربع فٹ تک کیے گئے قبضہ جات کو ریگولرائز کیا جائے گا: محصول کے وزیرِ کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر حصوں میں غیر موسمی بارش کا امکان؛ مراٹھواڑہ میں بھی بارش کا الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ مغربی ایشیاء میں جاری جنگ نے پیٹرول اور ڈیز کے حوالے سے دنیا میں بحران پیدا کردیا ہے اور ہمیں مل کر اس چیلنجنگ صورتحال سے نکلنا ہوگا۔ وزیرِ اعظم کل آکاشوانی کے پروگرام ”من کی بات“ کے ذریعے قوم سے خطاب کررہے تھے۔ اس پروگرام کی یہ 132 ویں قسط تھی۔ انھوں نے بتایا کہ بھارت اپنے عالمی تعلقات‘ مختلف ممالک سے مل رہے تعاون اور پچھلی دہائی کے دوران اُبھرنے والی ملک کی طاقت کی بنیاد پر اس صورتحال کا مضبوطی سے سامنا کررہا ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ شہریان کو ہوشیار رہنا چاہیے اور افواہوں کا شکار نہیں ہونا چاہیے اور حکومت کی جانب سے انھیں مسلسل دی جانے والی معلومات پر بھروسہ کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیرِ اعظم مودی نے بتایا کہ نوجوانوں کو بجٹ کے عمل اور پالیسی سازی سے جوڑنے کیلئے ”میرا بھارت“ تنظیم کی جانب سے بجٹ پر منعقد کیے گئے کوئز میں ملک بھر سے 12 لاکھ نوجوانوں نے حصہ لیا۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان طبقے نے اس اقدام کے تحت منتخب مضامین میں قومی مفاد کے بہت سے مسائل کو اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ اس سے نوجوانوں کا ملک کی ترقی کیلئے جوش و خروش ظاہر ہوتا ہے۔
”من کی بات“ پروگرام میں وزیرِاعظم نے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ مقابلے میں بھارت کی جیت اور جموں و کشمیر کے رانجی ٹرافی پہلی بار جیتنے کا ذکر کرتے ہوئے کھیلوں کے میدان میں بھارت کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انھوں نے تعلیمی میدان میں کی جانے والی اختراعی کوششوں کے بارے میں بھی معلومات دی۔ وزیرِ اعظم نے یہ بھی بتایا کہ بین الاقوامی یوگا دِن میں سو سے بھی کم دن باقی رہ گئے ہیں۔ انھوں نے اس سلسلے میں سامعین کو صحت کے فروغ کے بارے میں آگاہ کیا۔
انھوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم کا اثر ملک کے کونے کونے میں نظر آنے لگا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب شہر میں بڑی تعداد میں گھروں کی چھتوں پر سولار پینل لگائے جارہے ہیں۔ وہیں موسمِ گرما کے پس منظر میں ملک بھر میں پانی کے تحفظ کیلئے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے پانی کے تحفظ کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔
***** ***** *****
پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی مرکزی وزارت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں LPG گیس سلنڈر کی فراہمی بلاتعطل کی جارہی ہے اور کمرشیل گیس سلنڈرس کی دستیابی بھی 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت نے بتایا کہ ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپوں پر پیٹرول اور ڈیزل کا مناسب ذخیرہ دستیاب ہے اور دو LPG گیس ٹینکرز یعنی پانی کے جہاز 94ہزار میٹرک ٹن LPG لیکر بھارت کی جانب روانہ ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل ناگپور میں ”آل انڈیا پولس ڈیوٹی میٹ“ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ یہ پولس ڈیوٹی میٹ مختلف ریاستوں کی جانب سے صلاحیتوں کو بانٹنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے جوہماری اجتماعی کارکردگی کو بڑھانے میں مدد کرتا ہے۔ اس ڈیوٹی میٹ میں ملک بھر سے 29 اسکواڈز‘ 935 پولس اہلکاروں سمیت 152 ڈاگ اسکواڈز نے حصہ لیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
محصول کے ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کڑے نے بتایا کہ 2011 سے پہلے کی سرکاری اراضی پر 1500 مربع فٹ تک کے قبضہ جات کو ریگولرائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیرِ موصوف کل ناگپور میں میڈیا سے بات کررہے تھے۔ باون کُڑے نے بتایا کہ ان کی پارٹی نے انتخابات کے دوران عوام سے اس کا وعدہ کیا تھا جس کے سبب یہ فیصلہ کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو ان کے حق کا گھر ملنا چاہیے۔ باون کُڑے نے بتایا کہ پہلے وزیرِ اعظم آواس اسکیم کے تحت مکانات دستیاب تھے‘ تاہم اب عام شہریان کو لیز پر مکانات تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ انھوں نے بتایا کہ لیز ملنے کے بعد صرف ایک ہزار روپئے میں رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
***** ***** *****
عدالت نے خواتین کے جنسی استحصال کے معاملے میں ڈھونگی بابا اشوک کھرات کی پولس تحویل میں مزید تین دنوں کا اضافہ کردیا ہے۔ کھرات کے خلاف مزید دو خواتین نے شکایات درج کرائی ہیں۔ تفتیش کے دوران تعاون نہ کرنے کی بنیاد پر سرکاری وکیلوں نے پولس تحویل میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے ہمیشہ کسانوں کے مفاادات کو ترجیح دینے والے فیصلے کیے ہیں۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کل ناندیڑ ضلع کے لوہا میں کسانوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ لاڈلی بہن اسکیم کی رقم میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر انھوں نے کسانوں کی قرض معافی اور بجلی بلوں کی معافی کیلئے اسکیمات کا ذکر کیا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی امرت اسکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت ناندیڑ ضلع کے کوٹھا علاقے کیلئے منظور شدہ 24 گھنٹے پانی فراہمی کی اسکیم آج سے شروع کی جارہی ہے۔ ایکزیکٹیو انجینئر سمنت پاٹل نے بتایا کہ اس اسکیم کا افتتاح سابق وزیرِ اعلیٰ اور رکنِ پارلیمان اشوک چوہان کریں گے۔ میونسپل کارپوریشن اس منصوبے کیلئے دو کروڑ 66 لاکھ روپئے خرچ کرے گی۔ یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ کوٹھا کے علاقے میں اس پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد پورے شہر کو میٹر کے ذریعے پانی فراہمی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
***** ***** *****
امدادِ باہمی کے ریاستی وزیر بابا صاحب پاٹل نے کل دھاراشیو تعلقے کے پڑسپ میں گیارہویں مراٹھواڑہ دیہی ادبی کانفرنس کاافتتاح کیا۔ اس موقع پر کانفرنس کے صدر اور معروف ادیب ڈاکٹر سریش ساونت کے ساتھ ساتھ دیگر معززین بھی موجود تھے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ مراٹھی ادب کی ایک عظیم روایت ہے اور ہر سال مراٹھواڑہ دیہی ادبی کانفرنس کے توسط سے سنت ادب کے ورثے کو محفوظ رکھنے کا کام کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل پڑسپ گاؤں میں ایک عظیم الشان گرنتھ ڈنڈی نکالی گئی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع پریشد کے محکمہ سوچھ بھارت مہم کے تحت کل گندے پانی کی نکاسی‘ خشک کچرے اور پلاسٹک کچرے کو ٹھکانے لگانے سے متعلق ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سنت گاڑگے بابا دیہی صفائی مہم ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔ مانوت تعلقے کے کولہاواڑی گرام پنچایت نے پہلا‘ جنتور تعلقے کے کمبھاری گرام پنچایت نے دوسرا اور پورنا تعلقے کی پپلا لوکھنڈے گرام پنچایت نے تیسرامقام حاصل کیا۔ ایک اور پروگرام میں پربھنی ضلع پریشد کے پنچایت محکمے کی جانب سے آئیڈیل گرام پنچایت افسر ایوارڈ پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
انتظامیہ نے جالنہ ضلع میں ایک ملٹی ماڈل ڈرائے پورٹ پروجیکٹ کی 495 ایکڑ اراضی کو ضبط کرلیا ہے۔ یہ کارروائی 52 لاکھ روپئے کے محصول بقایہ جات ادا نہ کرنے پر کی گئی۔ وصولی کیلئے کئی بار نوٹسیں جاری کرنے کے باوجود پروجیکٹ حکام نے کوئی جواب نہیں دیا‘ جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محصول کے بقایہ جات کی ادائیگی کے بعد ہی اراضی واپس کی جائے گی۔ جواہر لعل نہرو پورٹ اتھاریٹی اور نیشنل ہائی وے لاجسٹک مینجمنٹ لمیٹڈ مشترکہ طور پر اس پروجیکٹ کو تیار کررہے ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین انل مکرئیے نے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے کل منعقدہ ایک جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے موصوف نے اساتذہ سے طلبہ کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
خواتین مہاراشٹر کیسری اور سینئر خواتین کی ریاستی چمپئن شپ کشتی مقابلوں کا شولاپور میں انعقاد کیا گیا۔ ان مقابلوں میں کولہاپور کی امرتا پجاری نے ”ہند کیسری“ کا خطاب جیتا۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں کے دوران مراٹھواڑہ اور جنوب وسطی مہاراشٹر میں بجلی کی چمک اور بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ بارش ہونے اور بعض مقامات پر اولے گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی، بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے آرینج الرٹ‘ جبکہ ناندیڑ اور ہنگولی کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مغربی ایشیاء میں جنگ سے پیدا ہونے والی چیلنجنگ صورتحال کا مل کر مقابلہ کرنے کی وزیرِ اعظم نے کی اپیل۔
٭ ملک بھر میں LPG گیس سلنڈرس کی بلاتعطل فراہمی جاری اور کمرشیل سلنڈرس کی بھی 70 فیصد تک دستیابی: وزارتِ پیٹرولیم کی وضاحت۔
٭ 2011 سے پہلے کی اراضی پر 1500 مربع فٹ تک کیے گئے قبضہ جات کو ریگولرائز کیا جائے گا: محصول کے وزیرِ کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر حصوں میں غیر موسمی بارش کا امکان؛ مراٹھواڑہ میں بھی بارش کا الرٹ جاری۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 02.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...