Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 05 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ایل پی جی تقسیم کار ایجنسیوں پر پانچ کلو گرام وزن کے چھوٹے سلنڈر دستیاب؛ درست شناختی کارڈ پر صارفین کو ملے گا سلنڈر۔
٭ بارامتی اسمبلی نشست کا ضمنی انتخاب بلامقابلہ کروانے کی وزیر اعلیٰ کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل۔
٭ ناندیڑ میں گروہی تصادم میں تین افراد کی موت؛ چار ملزمان گرفتار۔
٭ ایسٹر سنڈے کے موقعے پر آج مختلف مذہبی تقاریب کا انعقاد۔
٭ ماہُور کے دتّ شِکھر سنستھان کے مہنت مدھوسُدن بھارتی کا انتقال۔
اور۔۔۔٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی سے ملحقہ کالجز میں 18 گھنٹے مطالعے کی سرگرمی کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزارت نے اپیل کی ہے کہ قلّت کے خوف سے شہری پیٹرول، ڈیزل خریدنے یا ایل پی جی کی بکنگ سے گریز کریں۔
دریں اثناء، تمام ایل پی جی تقسیم کاروں کو پانچ کلو وزن کے چھوٹے سلنڈرس دستیاب کرائے گئے ہیں، اور شہری اپنے درست شناختی کارڈ دکھا کر یہ سلنڈر خرید سکتے ہیں، اس کیلئے رہائشی پتے کے ثبوت کی ضرورت نہ ہونے کی وضاحت وزارت نے کی ہے۔
***** ***** *****
اسی بیچ، بھارتی جہاز ”گرین سانوی“ 44 ہزار ٹن ایل پی جی کے ساتھ آبنائے ہرمز کو عبور کر کے ممبئی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مغربی ایشیاء میں جنگ شروع ہونے کے بعد گزشتہ ایک ماہ میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والا یہ ساتواں بھارتی جہاز ہے۔ آبنائے ہرمز کے مغربی سمت روکے گئے 17 بھارتی جہازوں میں سے دو جہاز ”گرین آشا“ اور ”جگ وِکرم“ بھی ایل پی جی سے لدے ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ان جہازوں کو جلد ہی آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت مل جائے گی‘ جس سے ملک میں گھریلو ایل پی جی کی فراہمی مزید ہموار ہو سکے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اور بی جے پی رہنماء دیویندر پھڑنویس نے اپیل کی ہے کہ بارامتی اسمبلی نشست کا ضمنی انتخاب بلا مقابلہ کرایا جائے۔ سابق نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی اس نشست سے نائب وزیر اعلیٰ سُنیترا پوار انتخاب لڑ رہی ہیں، لہٰذا‘ وزیر اعلیٰ نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے خلاف امیدوار نہ کھڑے کریں۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ یہ انتخاب بلا مقابلہ ہوتا ہے تو مہاراشٹر کی ایک اچھی روایت برقرار رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی کئی انتخابات بلا مقابلہ ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
بزرگ رہنماء شرد پوار نے قانون ساز کونسل کے انتخابات میں اُدّھو ٹھاکرے کے امیدوار کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ وہ ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔ ادھو ٹھاکرے کی پارٹی نے حالیہ راجیہ سبھا انتخابات میں شرد پوار کی حمایت کی تھی، اب قانون ساز کونسل کی نو نشستوں کیلئے انتخابات ہوں گے۔ اسمبلی میں موجودہ اعداد وشمار کو دیکھتے ہوئے مہایوتی کو آٹھ نشستیں، جبکہ مہاوِکاس آگھاڑی کو ایک نشست ملنے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ناسک میں ہوئے حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ پرسوں دِنڈوری میں سڑک کے قریب ایک چار پہیہ گاڑی کنویں میں گرنے سے نو مسافروں کی موت ہو گئی تھی۔ حکومت نے تمام مہلوکین کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ایسے پُرخطر کنوؤں کا معائنہ کرکے ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ آبی وسائل کے ریاستی وزیر گریش مہاجن نے بتایا کہ انتظامیہ کو اس کنویں کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ مہاجن نے کل جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد یہ جانکاری دی۔ اس موقع پر خو راک و ادویات کے وزیر نرہری جھرواڑ، رکنِ پارلیمان بھاسکر بھگرے، ضلع کلکٹر آیوش پرساد اور انتظامیہ کے دیگر افسران موجود تھے۔
***** ***** *****
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سکریٹری چنچل کمار نے کل پونے میں قومی فلم میوزیم کا دورہ کرکے وہاں جاری کاموں کا جائزہ لیا اور افسران سے بات چیت کی۔ چنچل کمار نے کل‘ بھارتی فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹیٹیوٹ - ایف ٹی آئی آئی کا بھی دورہ کیا۔ انھوں نے انسٹیٹیوٹ کے پروفیسرز کے ساتھ بات چیت کرکے تعلیمی اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کا جائزہ لینے کی اطلاع متعلقہ خبر میں دی گئی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مسیحی برادری کی جانب سے آج حضرت عیسیٰ مسیح سے متعلق، ایسٹر سنڈے منایا جا رہا ہے۔ گورنر جشنو دیو ورما نے عوام کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے مبارکبادی پیغام میں انھوں نے کہا کہ یسوع مسیح کی انسانیت، محبت، ہمدردی اور قربانی کی تعلیمات سب کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔
ایسٹر کے موقع پر ملک بھر کے گرجا گھروں میں دعائیہ اجتماعات سمیت مختلف مذہبی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مادرِ رحم نکالنے کے آپریشن سے متعلق ریاستی سطح کی کمیٹی کی از سرِ نو تشکیل کی گئی ہے۔ اس کمیٹی کے کام کو مزید تیز اور موثر بنانے کیلئے جلد ہی ضلعی سطح کی کمیٹیوں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ کل پونے میں قانون ساز کونسل کی نائب چیئرمین ڈاکٹر نیلم گورہے کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں لیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں کل صبح دو گروہوں کے درمیان ہوئے تشدد میں تین افراد کی موت ہوگئی۔ اس معاملے میں چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دو جرائم پیشہ گروہوں میں تنازعے کے بعد فریقین نے ایک دوسرے پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا جس میں دو افراد کی موقعے پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ ایک شخص کو علاج کیلئے اسپتال لے جایا گیا، جہاں دوسرے گروہ نے اس پر حملہ کر کے اسے ہلاک کر دینے کی اطلاع پولس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار نے دی ہے۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے، اور پولس سپرنٹنڈنٹ نے قصورواروں کیخلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے تحت آئندہ 12 اپریل کویونیورسٹی سے ملحقہ کالجوں کی لائبریریوں میں 18 گھنٹے مطالعے کی سرگرمی چلائی جائیگی۔ یہ سرگرمی بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر جینتی کی مناسبت سے وائس چانسلر ڈاکٹر وجے پھلاری کے تصور پر چلائی جارہی ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد طلباء میں مستقل مطالعہ کی عادت ڈالنا ہے۔ یہ مہم 12 اپریل کو صبح چھ بجے سے شروع ہوگی۔
دریں اثناء، بابا صاحب کے 135 ویں یوم پیدائش کے موقعے پر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں آئندہ 7 سے 14 اپریل کے درمیان جینتی مہوتسو منایا جائے گا۔ اس دوران کہانی نویسی، تقریری مقابلہ، امبیڈکری جلسہ، بھیم گیت جیسے پروگرام ہوں گے۔
***** ***** *****
شریکشتیر ماہور گڑھ کے دتّ شِکھر سنستھان کے مہنت مدھوسُدن بھارتی کا کل انتقال ہوگیا۔ وہ 95 برس کے تھے۔ اپنی سادگی اور روحانی غور و فکر کیلئے مشہور، مدھوسُدن بھارتی نے عقیدت مندوں کو روحانیت، اخلاقی اقدار اور یکجہتی کا پیغام دیا۔ سابق وزیرِ اعلیٰ اور رکنِ پارلیمان اشوک چوہان، ہنگولی کے رکنِ پارلیمان ناگیش پاٹل آشٹیکر سمیت کئی سنتوں اور مہنتوں انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے جسدِ خاکی پر آج سہ پہر تین بجے آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
لاتور کے نئے ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھارت باستیواڑ نے کل رخصت پذیر ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے سے اپنے عہدے کا جائزہ حاصل کرلیا۔ورشا ٹھاکر-گھوگے نے ان کا استقبال کرکے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
سانگلی میں آج سے آل انڈیا انٹر یونیورسٹی کَنوِئنگ اورکَیاکِنگ مقابلوں کا آغاز ہو رہا ہے۔ ان مقابلوں میں ملک بھر کی 40 یونیورسٹیوں کے تقریباً 685 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے نئے کمشنر امول ییڑگے نے کل رخصت پذیر کمشنر جی شری کانت سے اپنے عہدے کا جائزہ حاصل کیا۔ شری کانت نے میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں ییڑگے کا استقبال کرکے مستقبل کیلئے نیک خواہشات پیش کیں۔
***** ***** *****
موسم: محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ کے پربھنی، ہنگولی، ناندیڑ میں آج اورودربھ کے ایوت محل سمیت کئی اضلاع میں کل بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ایل پی جی تقسیم کار ایجنسیوں پر پانچ کلو گرام وزن کے چھوٹے سلنڈر دستیاب؛ درست شناختی کارڈ پر صارفین کو ملے گا سلنڈر۔
٭ بارامتی اسمبلی نشست کا ضمنی انتخاب بلامقابلہ کروانے کی وزیر اعلیٰ کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل۔
٭ ناندیڑ میں گروہی تصادم میں تین افراد کی موت؛ چار ملزمان گرفتار۔
٭ ایسٹر سنڈے کے موقعے پر آج مختلف مذہبی تقاریب کا انعقاد۔
٭ ماہُور کے دتّ شِکھر سنستھان کے مہنت مدھوسُدن بھارتی کا انتقال۔
اور۔۔۔٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی سے ملحقہ کالجز میں 18 گھنٹے مطالعے کی سرگرمی کا انعقاد۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment