Tuesday, 14 April 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 14 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۱/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے 136 ویں یوم پیدائش پر مختلف تقاریب اور سرگرمیوں کا انعقاد۔
٭ آزاد بھارت کی بنیاد رکھنے میں نسوانی طاقت کا بے مثال تعاون - وزیر اعظم کا فخریہ اظہار۔
٭ ریاستی حکومت کی مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کے عمل میں اصلاح، پبلک سروس کمیشن کی معرفت مزید 102 کیڈرس کی آسامیاں بڑھانے کا فیصلہ۔
٭ ممتاز گلوکارہ آشا بھوسلے کے جسد ِ خاکی پر ممبئی میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ کی آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ رواں سال مانسون کی بارشیں طویل مدتی اوسط کا 92 فیصد رہنے کی محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کا 136 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔ اس مناسبت سے ہر طرف مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ باباصاحب کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج صبح نئی دہلی کے پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کے ”فلم ڈویژن“ کی تیار کردہ دستاویزی فلم ”بابا صاحب امبیڈکر“ ڈائریکٹوریٹ جنرل کے فیس بک‘ یوٹیوب اور ٹوئٹر ہینڈل پر دوپہر ایک بجے نشر کی جائے گی۔
بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف تنظیموں اور جماعتوں کی جانب سے آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں متعدد پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ ٹریفک محکمے نے اطلاع دی ہے کہ آج شہر کے کئی راستے آمد و رفت کیلئے مکمل طور پر بند رہیں گے۔
اسی طرح چھترپتی سمبھاجی نگر کے گھاٹی اسپتال اور ضلع اسپتال کا بیرونی مریض شعبہ (یعنی او پی ڈی شعبہ) بھی آج بند رہے گا۔
***** ***** *****
باباصاحب کے یوم پیدائش کے موقعے پر پربھنی شہر کے مختلف علاقوں میں سماجی مساوات ہفتے کے تحت صفائی مہم چلائی گئی‘ جبکہ سماجی بہبود دفتر کی جانب سے ضلع جنرل اسپتال میں عطیہ خون کیمپ منعقد کیا گیا۔
ہنگولی ضلع کے کوْڑا میں ماتوشری ساوتری بائی پھلے آدیواسی کالج کے طلباء نے رنگولی بناکر بابا صاحب کی زندگی پر روشنی ڈالی۔
ناندیڑ میں کل‘ ڈاکٹر شیوراج شندے کے تیار کردہ”بھیماچا درارا“ گیت کا امبیڈکر جینتی کے موقعے پر رسمی طور پر اجراء کیا گیا۔ سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر کی موجودگی میں اس گیت کی اجرائی عمل میں آئی۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ جدوجہدِ آزادی سے لے کر دستور ساز اسمبلی کے تمام فیصلوں تک آزاد بھارت کی بنیاد رکھنے میں ملک میں نسوانی طاقت نے بے مثال تعاون کیا ہے۔ وہ گزشتہ روز نئی دہلی میں ناری شکتی وندن سمیلن سے خطاب کر رہے تھے۔ ناری شکتی وندن قانون پر بحث اور منظوری کیلئے 16 سے 18 اپریل کے درمیان پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے پس منظر میں یہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک کے ترقیاتی سفر کے ان اہم لمحات کے دوران ملک اکیسویں صدی کا اہم ترین فیصلہ لینے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیرِاعظم نے مزید بتایا کہ گفت و شنید، تعاون اور اتفاقِ رائے سے اس بل کومنظور کرنا حکومت کی کوشش اور ترجیح ہے۔ انھوں نے یقین ظاہرکیا کہ جس طرح یہ قانون منظور ہوا اور پارلیمنٹ کے وقار میں اضافہ ہوا، اسی طرح اس بار بھی اس قانون میں ترامیم منظور ہوں گی اور سب کی متحدہ کوششوں سے پارلیمنٹ کا وقار نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘کانگریس پارلیمانی پارٹی کی رہنماء سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ انتخابی حلقوں کی تشکیلِ نو‘ پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں خواتین کے ریزرویشن سے زیادہ سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ میں تحریر کردہ ایک مضمون میں انتخابی حلقوں کی تشکیل ِ نو کی تجاویز کو انتہائی خطرناک اور آئینی دفعات کیلئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے۔ سونیا گاندھی نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کیلئے 33 فیصد نشستیں مختص کرنے کیلئے،ناری شکتی وندن قانون، 2023میں ہی لوک سبھا میں منظور کیا گیا تھا اور کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے ان ترامیم کو 2024 کے عام انتخابات سے ہی لاگو کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن حکومت نے اس مطالبے کو مسترد کر دیا تھا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی مجلسِ وزراء نے ریاستی حکومت میں بھرتی کے عمل میں اصلاحات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت مستقبل میں نان گزیٹیڈ آسامیوں کیلئے انٹرویو نہیں لیے جائیں گے، اور بھرتی میں اصلاحات کے مطابق مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کی معرفت مختلف خدمات کی تعداد 102 ہو جائے گی۔ اسی طرح مشترکہ امتحانی منصوبے میں 18 نئی خدمات اور 93 زمرے شامل ہوں گے۔ جس کے باعث مختلف خدمات میں داخلے کے قوانین اور تجربے کی شرائط میں اصلاحات ہوں گی اور مستقبل میں تجربے کی شرط عام طور پر براہِ راست بھرتی کیلئے لاگو نہیں ہوگی۔ گروپ بی اور گروپ سی میں کچھ جائیدادوں کو دو زمروں یعنی انتظامی اور تکنیکی میں درجہ بند کیا جائے گا۔ حکومت کے مطابق ان اصلاحات سے بھرتی کے امتحانات کی تعداد کافی حد تک کم ہو جائے گی۔
اسی طرح MPSC کی جانب سے حتمی انتخاب کیلئے سفارش سے محروم امیدواروں کے بارے میں مختلف کمپنیوں کو معلومات فراہم کرنے کیلئے مہاجابس پورٹل کے تحت ”نپون سیتو“ کے نام سے ایک پہل بھی شروع کی جائے گی۔
کابینہ نے جالنہ، بیڑ، ہنگولی، پربھنی، دھولیہ اور پال گھر اضلاع کو ترجیحی اضلاع کے پروگرام میں شامل کرنے کو بھی منظوری دی۔ اس اسکیم کو مجموعی طور پر 177 تعلقہ جات میں لاگو کیا جائے گا، جس میں موجودہ 27 ترجیحی تعلقہ جات کے علاوہ 150 نئے تعلقہ جات شامل ہیں۔
***** ***** *****
ممتاز گلوکارہ پدم وبھوشن آشا بھوسلے کے جسدِ خاکی کو کل ممبئی میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد آتش کر دیا گیا۔ پولس دستوں کی جانب سے ہوا میں گولیاں چلا کر اور رنجیدہ گیت بجاکرانھیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب میں موجود سبھی نے جئے ہند کا نعرہ لگاکر آنجہانی گلوکارہ کی خواہش کے مطابق انہیں آخری وداعیہ دیا۔ قبل ازیں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور سنیترا پوار نے گلہائے عقیدت نچھاور کر کے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کابینہ کے کئی ارکان، عوامی نمائندوں اور موسیقی اور فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے کئی فنکاروں نے آشا بھوسلے کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس دوران کل منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں بھی آشا بھوسلے کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقعے پر یقین دلایا کہ ان کے تصور پر مبنی موسیقی کے ادارے کے قیام کیلئے مثبت اقدامات کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
تھانے ضلعے میں کل ہوئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں 11 مسافرین ہلاک ہوگئے جبکہ ایک مسافر شدید زخمی ہوا۔ یہ حادثہ کلیان-اہلیا نگر شاہراہ پر ایک سیمنٹ مکسر اور ایک خانگی مسافر بردار گاڑی کے آپس میں متصادم ہونے کے سبب پیش آیا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع پولس محکمے نے سی سی ٹی این ایس نظام میں دوسرا مقام‘ جبکہ ناندیڑ ریجن میں سرِ فہرست مقام حاصل کیا ہے۔ ریاست میں پولس دستوں کے 53 معاملات میں اس نظام کا جائزہ لینے کے بعد، ہنگولی پولس دستے کو 201 میں سے 200 نشانات حاصل ہوئے۔ اس نظامِ کار میں جرائم کے آن لائن اندراج، سی سی ٹی این ایس سسٹم میں جرائم کی معلومات پُر کرنے، مجرمین کی معلومات کی تصدیق اور کارروائی کے کام کیے جاتے ہیں۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے رواں سال جون سے ستمبر کے درمیان اوسط سے کم بارشیں ہونے کا اندازہ ظاہر کیا ہے۔ موسمیاتی محکمے کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجے موہاپاترا نے کل نئی دہلی میں صحیفہ نگاروں کو یہ معلومات دیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں موسمی بارش طویل مدتی اوسط کا 92 فیصد ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ مانسون مشن کلائیمیٹ فورکاسٹ انتظامیہ نے موسمِ باراں کے دوران ایل نینو صورتحال پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے 136 ویں یوم پیدائش پر مختلف تقاریب اور سرگرمیوں کا انعقاد۔
٭ آزاد بھارت کی بنیاد رکھنے میں نسوانی طاقت کا بے مثال تعاون - وزیر اعظم کا فخریہ اظہار۔
٭ ریاستی حکومت کی مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کے عمل میں اصلاح، پبلک سروس کمیشن کی معرفت مزید 102 کیڈرس کی آسامیاں بڑھانے کا فیصلہ۔
٭ ممتاز گلوکارہ آشا بھوسلے کے جسد ِ خاکی پر ممبئی میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ کی آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ رواں سال مانسون کی بارشیں طویل مدتی اوسط کا 92 فیصد رہنے کی محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 14.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 14 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...