Tuesday, 28 April 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 28 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 28 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط۔
٭ تعلیم اور روزگار کیلئے مفید ”مہاچتُر“ AI چیٹ باٹ عوام کے نام وقف۔
٭ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیورس کیلئے مراٹھی زبان لازمی کرنے کا فیصلہ ملتوی۔
٭ عدالتی نظام میں تکنیکی تبدیلیاں ضروری ہیں: قانون اور انصاف کے مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال کا اظہارِ خیال۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی لہر کا الرٹ؛ چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی میں مسلسل دوسرے دن درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیئس سے زیادہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
بھارت اور نیوزی لینڈ نے کل دہلی میں آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کا مقصد آئندہ پانچ برسوں میں دو طرفہ تجارت کو پانچ ارب ڈالرس تک بڑھانا ہے۔ اس معاہدے کے تحت نیوزی لینڈ آئندہ 15 برسوں کے دوران بھارت میں 20ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا‘ ساتھ ہی پانچ ہزار بھارتیوں کو نیوزی لینڈ میں ملازمت کے عارضی ویزے فراہم کیے جائیں گے، جس کے تحت وہ وہاں تین برسوں تک رہ سکیں گے۔ اس معاہدے کے مطابق‘ نیوزی لینڈ سے بھارت درآمد کی جانے والی 54 فیصد سے زائد اشیاء پر درآمدی ٹیکس معاف رہے گا۔ اس کے علاوہ سیب‘ کیوی اور شہد جیسی اشیاء کی درآمد پر بھی رعایت دی جائیگی۔ لوہے اور اسکریپ ایلومینیم جیسی اشیاء پر 10 برسوں کیلئے ٹیکس معاف کیاجائے گا۔ تجارت اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں دُگنا اضافہ ہوگا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Minister of Commerce and Industry Piyush Goyal
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ”مہاچتُر“ AI چیٹ باٹ نوجوانوں کیلئے تعلیم سے روزگار تک کے سفر کو آسان بنائے گا اور صنعتوں کو فوری طور پر افرادی قوت فراہم کرے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل ممبئی میں ہنرمندی‘ روزگار اور انٹرپرینرشپ محکمے کے اس چیٹ باٹ کو عوام کے نام وقف کیا اور اس کے مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے۔ نوجوانوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر ہنرمندی کی تربیت‘ روزگار‘ کاروبار اور رہنمائی فراہم کرنے والا یہ چیٹ باٹ‘ ریاستی حکومت کی جانب سے بنایا گیا ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا پروجیکٹ ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیورس کیلئے مراٹھی بولنا لازمی قرار دینے کا فیصلہ ملتوی کردیا گیا ہے۔ حمل و نقل کے ریاستی وزیر پرتاپ سرنائیک نے کل ممبئی میں رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیورس کی مختلف تنظیموں کے ساتھ میٹنگ کی، جس کے بعد ایک صحافتی کانفرنس میں انھوں نے یہ اطلاع دی۔ مراٹھی میں بات کرنے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم اس کیلئے تنظیموں کے عہدیداروں نے مہلت میں توسیع کا مطالبہ کیا۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ اس تعلق سے مدت میں اضافے کا فیصلہ آج کیا جائے گا۔ انھوں نے تیقن دیا کہ اس سے کوئی روزگار سے محروم نہیں ہوگا۔ سرنائیک نے وضاحت کی کہ حکومت اب بھی رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیورس کیلئے مراٹھی زبان کو لازمی قرار دینے کے اپنے فیصلے پر قائم ہے۔ انھوں نے اعادہ کیا کہ اگر مہاراشٹر میں کام کرنا ہے تو مراٹھی جاننا ضروری ہے۔
***** ***** *****
قانون اور انصاف کے مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال نے کہا ہے کہ عدالتی نظام میں تکنیکی تبدیلیاں ضروری ہیں۔ وزیرِ موصوف نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں آل انڈیا بار اسوسی ایشن اور مانک چند پہاڑے لاء کالج کے زیرِاہتمام عدالتی نظام میں تکنیکی ترقی پر خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ عدالتی نظام میں مصنوعی ذہانت‘ روبوٹکس اور ڈیجیٹل سسٹم کا استعمال وقت کی ضرورت ہے۔ ان تبدیلیوں کی مخالفت کی بجائے انھیں مواقع میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ ساتھ ہی وزیرِ موصوف نے یہ بھی کہا کہ عدالتی فیصلہ سازی کے عمل میں انسانی حساسیت اور صوابدید بھی ضروری ہے۔
اسی بیچ میگھوال کی موجودگی میں کل سرسوتی بھون تعلیمی ادارے میں آئین بیداری مہم کا اختتام عمل میں آیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر‘ دستور کے معمار بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی کرم بھومی ہے۔ میگھوال نے کہا کہ ہمارے دستور کے مطابق فرائض کی انجام دہی اور بھائی چارہ‘ حقوق سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Minister of Law and Justice, Arjun Ram Meghwal
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے عام آدمی پارٹی کے سات اراکین ِ پارلیمنٹ کی بی جے پی میں شامل ہونے کی درخواست منظور کرلی ہے۔ اس کے ساتھ ہی راجیہ سبھا میں بی جے پی کے اراکینِ پارلیمان کی تعداد 113 ہوچکی ہے۔ راگھو چڈھا‘ اشوک متل‘ ہربھجن سنگھ‘ سندیپ پاٹھک‘ وکرم جیت ساہنی‘ سواتی مالیوال اور راجندر گپتا نے بی جے پی میں شامل ہونے کا گذشتہ جمعہ کو اعلان کیا تھا۔ عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا میں اب صرف تین ممبران بچے ہیں۔
***** ***** *****
اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے ریاستی وزیر چندر کانت پاٹل نے ریاست کے کالجز میں طلبہ سے اضافی فیس وصول کرنے کی صورت میں تحقیقات کرنے اور سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ موصوف کل پونے میں ILS Law College معاملے کے پس منظر میں بول رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ مذکورہ کالج کو طلبہ کی فیس‘ چھ فیصد سود کے ساتھ واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ غیر قنونی فیس وصولی کیس میں حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ پاٹل نے بھی بتایا کہ حکومت طلبہ کے تعلیمی مفادات کے تحفظ اور کالجز میں فیس کے تعین کے عمل میں شفافیت برقرار رکھنے کیلئے قدم اٹھا رہی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے نے بیج پیدا کرنے والی کمپنیوں اور تاجروں کو بیجوں سے متعلق قوانین اور احکامات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جعلی بیجوں کی شناخت کیلئے بیجوں کا DNA معائنہ کیا جائے گا۔ وزیرِ موصوف کل پونے کے زرعی کالج میں بیج تیار کرنے والی تنظیموں اور تاجروں کیلئے خریف موسم سے پہلے منعقد کیے گئے ریاستی سطح کے ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے۔ اس ورکشاپ میں آئندہ موسم کی تیاریوں‘ منصوبہ بندی‘ بیجوں کی دستیابی اور تقسیم سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اسی دوران‘ ریاست میں زرعی اشیاء کے تاجروں نے کل اپنے مختلف مطالبات کی یکسوئی کی خاطر بند منایا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ بیج کے بوگس نکلنے پر اس کے تاجروں کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔ اس کی خاطر بیڑ شہر میں زرعی اشیاء کے تاجروں نے اپنی دکانیں بند رکھیں۔
***** ***** *****
آبرسانی کے انتظامات کو مزید متحرک‘ فعال اور عوامی شراکت کے ذریعے مؤثر بنانے کیلئے شروع کی گئی گودا تا نرمدا پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر جل یاترا کا کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں خیر مقدم کیا گیا۔ رکنِ اسمبلی رمیش بورنارے نے ویجاپور میں جبکہ رکنِ اسمبلی پرشانت بمب نے‘ گنگاپور میں اس یاترا کا استقبال کیا۔ یہ یاترا آج کنڑ اور چالیس گاؤں سے گزرتے ہوئے دھولیہ جائے گی۔
***** ***** *****
ریاست کے کئی علاقے اس وقت گرمی کی شدید لہر سے متاثر ہے۔ ودربھ کے آکولہ میں کل سب سے زیادہ 46.9 ڈگری سیلسیئس اور امراوتی میں 46.8 ڈگری سیلسیئس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں ناگپور‘ چندرپور‘ بلڈانہ‘ واشم‘ وردھا اور ایوت محل اضلاع میں اوسطاً درجہ حرارت 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں 43.4ڈگری‘ پربھنی میں 43.5 ڈگری اور بیڑ میں 42 ڈگری سیلسیئس تپش درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے آج مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ پربھنی‘ ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع سمیت ودربھ کے چند اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج دوپہر بعد ہنگولی ضلع میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
اسی بیچ چھترپتی سمبھاجی نگرکے ضلع کلکٹر ونئے گوڑا نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہیکہ وہ گرمی کی لہروں سے نمٹنے کیلئے عوامی بیداری پیدا کریں۔ وہ کل ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے مانسون کی تیاریوں سے متعلق جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے پرلی‘ ماجل گاؤں اور دھارور تعلقہ جات میں کسانوں نے کل فصل بیمے سے متعلق کی خاطر تحصیل دفتر کے روبرو احتجاج کیا۔ کسانوں نے جلد از جلد فصل بیمہ فراہم کرنے، کسانوں کے قرضے معاف کرنے سمیت دیگر مانگیں کیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط۔
٭ تعلیم اور روزگار کیلئے مفید ”مہاچتُر“ AI چیٹ باٹ عوام کے نام وقف۔
٭ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیورس کیلئے مراٹھی زبان لازمی کرنے کا فیصلہ ملتوی۔
٭ عدالتی نظام میں تکنیکی تبدیلیاں ضروری ہیں: قانون اور انصاف کے مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال کا اظہارِ خیال۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی لہر کا الرٹ؛ چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی میں مسلسل دوسرے دن درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیئس سے زیادہ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 28.04.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 28 April 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...