Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 15 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۱/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ خواتین مقامی ممبرانِ پارلیمنٹ کو خط لکھیں اور ناری شکتی وندن قانون کی حمایت کریں: وزیرِ اعظم کی اپیل۔
٭ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو آج ناگپور کے دورے پر۔
٭ طئے شدہ حد سے زیادہ وزن لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف آج سے کارروائی۔
٭ مہاراشٹر دن سے لائسنس یافتہ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو مراٹھی زبان آنا لازمی۔
٭ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو مختلف پروگراموں کے ذریعے خراجِ عقیدت۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت بیشتر اضلاع کیلئے آئندہ دو دنوں کیلئے گرمی کی لہر کی پیشگوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ملک کی تمام خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مقامی ممبرانِ پارلیمنٹ کو خط لکھیں اور انھیں ناری شکتی وندن قانون میں ترمیم کی حمایت کرنے کی ترغیب دیں۔ ناری شکتی وندن قانون سے متعلق اہم ترامیم پر بحث کیلئے پارلیمنٹ کا اجلاس کل 16 اپریل سے شروع ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ اس بل کی منظوری کیلئے ملک کی کروڑوں خواتین کا احسان ضروری ہے۔
***** ***** *****
کھیلوں و اُمورِ نوجوان وزیرِ مملکت رکشا کھڑسے نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کو یقین ہے کہ خواتین ریزرویشن بل کی منظوری کے بعد خواتین کو پارلیمنٹ اور ریاستی مقننہ میں ان کی جائز اور مناسب نمائندگی ملے گی۔ وہ کل دہلی میں میڈیا سے خطاب کررہی تھیں۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو آج ناگپورکے دورے پر ہیں۔ وہ آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز AIMS کے دوسرے تقسیمِ اسناد جلسے میں مہمان خصوصی ہوں گی۔ نیشنل اکیڈمی آف ڈائریکٹ ٹیکسز میں انڈین ریوینیو سروس کی 78 ویں بیچ کی تربیت کی اختتامی تقریب بھی صدرِ جمہوریہ کی موجودگی میں منعقد ہوگی۔
***** ***** *****
بی جے پی قائد سمراٹ چودھری آج بہار کے نئے وزیرِ اعلیٰ کے طورپر حلف لیں گے۔ گورنر سیّد عطا حسنین صبح گیارہ بجے پٹنہ کے لوک بھون میں انھیں عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گے۔
دریں اثناء‘ جنتا دَل کے قائد نتیش کمار جو راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے ہیں‘ انھوں نے کل بہار کے وزیرِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اسکے بعد سمراٹ چودھری کو بہار قانون ساز اسمبلی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔
***** ***** *****
حکومت نے قومی شاہراہوں پر مقررہ حد سے زیادہ وزن والی گاڑیوں پر ٹول نافذ کرنے کیلئے نیشنل ہائی وے ٹول چوتھے ترمیمی ایکٹ 2026 کو مطلع کیا ہے۔ یہ اُصول آج سے نافذ ہوں گے۔ اس کے مطابق مقررہ صلاحیت سے دس فیصد سے زیادہ وزن لے جانے والی گاڑیوں سے زائد وزن کا چارج نہیں لیا جائے گا۔ دس سے چالیس فیصد زیادہ وزن والی گاڑیوں پر اصل ٹول سے دوگنا اور اس سے زیادہ وزن والی گاڑیوں پر اصل ٹول سے چار گنا وصول کیا جائے گا۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ ٹول صرف فاسٹیگ کے ذریعے ہی وصول کیا جائے گا اور ایسی گاڑیوں کو نیشنل وہیکل رجسٹر میں رجسٹر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یکم مئی یعنی یومِ مہاراشٹر سے لائسنس یافتہ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی زبان جاننا ضروری ہوجائے گا۔اس سلسلے میں موٹر ٹرانسپورٹ محکمہ ریاست میں لائسنس کی جانچ مہم چلائے گا۔ وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے خبردار کیا ہے کہ جن ڈرائیوروں کو مراٹھی زبان کا علم نہیں ہے ان کے لائسنس منسوخ کردئیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ان شکایات کی بنیاد پر کیا گیا ہے کہ کچھ شہروں میں ڈرائیور مسافروں سے مراٹھی میں بات کرنے سے قاصر ہیں جبکہ کچھ ڈرائیور مراٹھی بولنے سے گریز کرتے ہیں۔
***** ***** *****
ونچت بہوجن آگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت درجِ فہرست ذاتوں کی ذیلی زمرہ بندی سے متعلق جسٹس بدر کمیٹی کی رپورٹ جاری کرے۔ وہ کل ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کمیٹی کو اس بات کا جائزہ لینے کی اجازت دی جائے کہ تقسیم کیسے ہوئی۔ پارلیمنٹ کو ریزرویشن میں درجہ بندی کرنے کا حق ہے‘ لیکن امبیڈکر نے ناراضگی کی کہ سپریم کورٹ نے اس حق کو لے لیا اور ریاستی حکومت کو ذیلی زمرہ بندی کرنے کو کہا۔
***** ***** *****
فائر سروس ہفتے کا آغاز نیشنل فائر ڈے کے موقعے پر ہوا۔ گورنر جشنو دیو ورما کی موجودگی میں ممبئی کے لوک بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں ریاست کے 12 افسران و ملازمین کو فائر سروس کیلئے صدرِ جمہوریہ کے تمغوں سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بھارتی آئین کے معمار بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو کل ان کے یومِ پیدائش پر ملک بھر میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ گورنر جشنو دیو ورما‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے و نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے ممبئی کے چیتیہ بھومی پر بابا صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ممبئی سمیت ریاست کے مختلف مقامات سے عقیدت مند چیتیہ بھومی پہنچے تھے۔ بابا صاحب کو سرکاری خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد ہیلی کاپٹر سے پھولوں کی بارش کی گئی۔
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے بابا صاحب کے ملک کیلئے دئیے گئے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
قانون ساز کونسل کی نائب چیئرپرسن ڈاکٹر نیلم گورہے نے ودھان بھون میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسّمے پر پھولوں کی چادر چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے ناگپور کے دِکشا بھومی میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسّمے پر پھول چڑھاکر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
رتناگری ضلع کے منڈن گڑھ تعلقے کے باباصاحب کے آبائی گاؤں آمبڑوے میں ان کی یادگار پر ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقعے پر کوکن علاقے کے اسپیشل انسپکٹر جنرل آف پولس سنجئے دراڑے نے ڈاکٹر امبیڈکر کو گلہائے عقیدت پیش کیا۔
رائے گڑھ کے مہاڑ تعلقے کے چودار تڑے میں ڈاکٹر امبیڈکر کے یومِ پیدائش کے موقعے پر اتحاد کا تہوار بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں بھی بابا صاحب کے جلوسوں‘ لیکچروں اور مختلف پروگراموں کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ان پروگراموں کے پیشِ نظر پولس انتظامیہ کی جانب سے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دفتر میں ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی نے ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر پر پھول چڑھاکر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ضلع کلکٹر نے آئین کے دیباچے میں درج انصاف‘ آزادی مساوات‘ بھائی چارے اور سیکولرازم کی اقدار کو اپنانے اور فروغ دینے کی اپیل کی۔
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی نے مختلف مقابلوں اور لیکچرز کے ذریعے بابا صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بابا صاحب کی آئیل پینٹنگ کا جلوس یونیورسٹی کے داخلی دروازے سے ڈھول کے ساتھ نکالا گیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر وجئے پھلاری نے آئیل پینٹنگ پر پھول چڑھا کر جلوس کا آغاز کیا۔ کئی جماعتوں اور تنظیموں نے شہر کے بھڑکل گیٹ پر بابا صاحب کے مجسّمے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے دو پہیہ و چار پہیہ ریلی بھی نکالی گئی اور کتابوں کی خریداری اور پڑھنے کی سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں۔
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا یومِ پیدائش جالنہ شہر اور ضلع میں مختلف سماجی سرگرمیوں کے ساتھ منایا گیا۔ پربھنی میں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسّمے کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ بھکو سنگھ کی جانب سے ایک اجتماعی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
ہنگولی میں بابا صاحب کے مجسّمے کے علاقے میں یومِ پیدائش منایا گیا۔ اس موقعے پر ضلع کلکٹر راہل گپتا نے کہا کہ اگر بابا صاحب کے ایک فلسفے کو بھی زندگی میں اپنایا جائے تو زندگی خوشحال ہوگی۔
بیڑ میں ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے بابا صاحب کے مجسّمے پر پھول چڑھاکر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ آف پولس نونیت کانوت‘ سی ای او جتن رحمان اور کئی دیگر موجود تھے۔
لاتور شہر میں بھی پُرجوش ماحول میں سماجی‘ ثقافتی اور عوامی بیداری کی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ کوآپریٹیو وزیر بابا صاحب پاٹل نے مفت کھچڑی تقسیم کرنے کی سرگرمی میں حصہ لیا‘ جس کا اہتمام لاتور کے دوارکاداس شیام کمار گروپ اور تکارام پاٹل متر منڈل کے ذریعے پچھلے 17 سالوں سے مسلسل کیا جارہا ہے۔
ناندیڑ میں رکنِ پارلیمان اشوک چوہان‘ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے اور دیگر معززین نے بابا صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دھاراشیو میں مبارکباد کے ساتھ کھانے کے عطیہ کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ فوڈ ڈونیشن اسٹال کا افتتاح ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے کیا۔
***** ***** *****
موسم: محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں ممبئی سمیت پورے کوکن، مراٹھواڑہ، ودربھ میں شدید گرم لہر کی وارننگ دی ہے۔ مراٹھواڑہ میں، چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی اور ہنگولی اضلاع کیلئے گرمی کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آکولہ میں کل ریاست کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 43.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
اسی دوران‘ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑھتی ہوئی گرمی سے بچاؤ کیلئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اس کیلئے حکومت نے تین جامع معیاری طریقہ کار جاری کیے ہیں۔ ان میں کام کے اوقات میں تبدیلی، آرام کیلئے ٹھنڈی جگہ، پانی کی فراہمی اور علاج سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل سے 18 تاریخ تک منعقد ہونے والے سائیکلنگ مقابلے کی وجہ سے جھالٹہ پھاٹے سے ایس آر پی ایف کیمپ تک راستے کے ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیاہے۔چھترپتی سمبھاجی نگر دیہی پولس نے اطلاع دی ہے کہ اس مدت کے دوران بیڑ کی سمت سے آنے والی گاڑیوں کو ہوٹل پالکھی کے قریب سے متبادل راستوں پر موڑ دیا جائے گا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے میں زرعی پمپوں کے تعلق سے شمسی زرعی پمپ سے استفادہ کرنے والوں کی شکایات کے ازالے کیلئے مہاوِترن انتظامیہ نے 16 سے 20 اپریل تک ایک شکایات ازالہ اجلاس کا اہتمام کیا ہے۔ مہاوترن نے کسانوں سے اس اجلاس سے مستفید ہونے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ خواتین مقامی ممبرانِ پارلیمنٹ کو خط لکھیں اور ناری شکتی وندن قانون کی حمایت کریں: وزیرِ اعظم کی اپیل۔
٭ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو آج ناگپور کے دورے پر۔
٭ طئے شدہ حد سے زیادہ وزن لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف آج سے کارروائی۔
٭ مہاراشٹر دن سے لائسنس یافتہ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو مراٹھی زبان آنا لازمی۔
٭ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو مختلف پروگراموں کے ذریعے خراجِ عقیدت۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت بیشتر اضلاع کیلئے آئندہ دو دنوں کیلئے گرمی کی لہر کی پیشگوئی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment