Friday, 24 April 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 24 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 24 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/اپریل ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مغربی بنگال اور تملناڈو کے اسمبلی انتخابات میں آزادی کے بعد پہلی بار ریکارڈ رائے دہی۔
٭ راہوری اور بارامتی ضمنی اسمبلی انتخابات کیلئے 50 فیصد سے زیادہ ووٹنگ۔
٭ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں گمراہ کُن: وزارتِ پیٹرولیم کی وضاحت۔
٭ مراٹھواڑہ میں تین مختلف حادثات میں سات افراد کی موت۔
اور۔۔۔٭ لاتور‘ ناندیڑ‘ بیڑ اور پربھنی میں اگلے دو دنوں تک غیر موسمی بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مغربی بنگال اور تملناڈو اسمبلی انتخابات میں کل ریکارڈ رائے دہی عمل میں آئی۔ مغربی بنگال میں پہلے مرحلے کی 152 نشستوں کیلئے تقریباً91.78 فیصد جبکہ تملناڈو میں تمام 234 نشستوں کیلئے 84.69 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا کہ آزادی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اتنی زیادہ ووٹنگ درج کی گئی۔
***** ***** *****
پونے ضلعے کے بارامتی اوراہلیا نگر ضلع کے راہوری کے ضمنی اسمبلی انتخابات کیلئے کل ووٹنگ ہوئی۔ بارامتی میں 57.48 فیصد جبکہ راہوری میں 55.31 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
***** ***** *****
پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے واضح کیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی میڈیا رپورٹس سراسر غلط اور گمراہ کُن ہیں۔ وزارت نے کہا ہے کہ فی الحال ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی کوئی تجویز حکومت کے زیرِ غور نہیں ہے۔ وزارت نے یہ بھی بتایا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت اور سرکاری تیل کمپنیاں عام آدمی کو راحت فراہم کرنے کیلئے مسلسل کوششیں کررہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں مترا- مہاراشٹر انسٹیٹیوشن فار ٹرانسفارمیشن اور BISAG- بھاسکر آچاریہ نیشنل انسٹیٹیوٹ فار اسپیس ایپلیکیشن اینڈ جیو کے مابین کل ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔ جغرافیائی معلومات کے انتظام اور تجزیہ کیلئے معلومات کو مختلف ذرائع سے اور مختلف فارمیٹس میں جمع کیا جائے گا اور اس کا گہرائی سے تجزیہ کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس اقدام سے مہاراشٹر کی ہمہ جہت اور ٹکنالوجی پر مبنی ترقی کو فروغ ملے گا۔
***** ***** *****
مرکزی جل شکتی وزیر سی آر پاٹل نے لوک سبھا میں خواتین ریزرویشن بل کے مسترد ہونے کے بعد اپوزیشن کے جشن کو شرمناک قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے۔ وہ کل ناگپور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں پر جان بوجھ کر دہائیوں سے خواتین کو ان کے حقوق سے محروم رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس بل کیلئے حکومت کی لڑائی جاری رہے گی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Jal Shakti Minister C.R. Patil
***** ***** *****
شردچندر پوار کی زیرِ قیادت راشٹروادی کانگریس چاہتی ہے کہ سابق وزیرِاعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے قانون ساز کونسل کی 9 خالی نشستوں میں سے ایک پر انتخاب لڑیں۔ پارٹی کی کارگزار صدر رکنِ پارلیمان سپریہ سُلے نے کہا کہ اُدّھو ٹھاکرے ایک تجربہ کار لیڈر ہیں اور ان کے تجربے کا فائدہ ریاست اور ایوان کو ہوگا۔
دریں اثناء‘ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کل سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے سے ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ انھوں نے واضح کیا کہ کانگریس پہلے ہی قانون سازکونسل کیلئے اُدّھو ٹھاکرے کے نام کی حمایت کرچکی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں تین مختلف حادثات میں سات افراد کی موت ہوگئی۔ ہنگولی ضلع کے بسمت تعلقے کے تیل گاؤں پھاٹے کے قریب دو پہیہ گاڑیوں کے درمیان ہوئے ایک حادثے میں بائیک سوار ایک شخص کی موقعے پر ہی موت ہوگئی جبکہ دیگر دو شدید زخمی ہوگئے۔
ایک اور حادثے میں دو پہیہ گاڑی پر سوار دو نوجوانوں کی اس وقت موت ہوگئی جبکہ جالنہ- دیول گاؤں راجہ روڈ کے گوندے گاؤں پھاٹے پر تیز رفتار کار نے ایک دو پہیہ گاڑی کو ٹکر ماردی۔
کل دیر رات گئے ناندیڑ ضلع کے حد گاؤں تعلقے کے ہڈسنی کے قریب دو‘ دو پہیہ گاڑیوں اور ایک چار پہیہ کے ایک ہولناک حادثے میں تین افرادکی موت ہوگئی اور دو دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں موٹر سائیکل سوار لڑکا‘ اس کی والدہ اور خالہ شامل ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پربھنی پولس ہیڈکوارٹرمیں تعمیر کردہ سدرکشن گڑھ قلعے کا افتتاح اور پولس فورس میں شامل کی جانے والی 31 نئی گاڑیوں کے داخلے کا افتتاح کل سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ یہ گاڑیاں گشت میں اضافہ کریں گی اور امن و امان کو برقرار رکھنے کی صلاحیت کو مضبوط کرے گی۔
دریں اثناء‘ بورڈیکر نے کل سیلو اور جنتور تعلقوں میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیا۔ انھوں نے عہدیداروں کو واضح ہدایت دی کہ مفادِ عامہ کے کاموں میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہونے دی جائے۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی سندیپ شرساگر نے مطالبہ کیا ہے کہ بیڑ میں ایک نیا پانچ ستارہ صنعتی علاقہ تعمیر کیا جائے۔ اس حوالے سے انھوں نے کل ایک محضر وزیرِ صنعت اُدئے سامنت کو پیش آیا۔ اس موقع پر سامنت نے متعلقہ افراد کوہدایت دی ہے کہ وہ آئندہ ہفتے میں اس معاملے کی وزارتی سطح پر میٹنگ کریں۔
***** ***** *****
ہنگولی اسمبلی حلقے کے سابق رکنِ اسمبلی اور بی جے پی کے سینئر لیڈر بڑی رام پاٹل کوٹکر کا کل ضعیف العمری کی وجہ سے انتقال ہوگیا۔ وہ 78 برس کے تھے۔ کوٹکر نے شروع میں پولس پاٹل اور بعد میں سرپنچ کے طور پر کام کیا تھا۔ انھوں نے بغیر کسی سیاسی ورثے کے سیاست میں اپنا مقام بنایا تھا۔
***** ***** *****
بھگوت آچاریہ شیش نارائن مہاراج گوندیکر کا کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 95 سال تھی۔ سنسکرت زبان میں مہارت اور ویدانت کے مطالعے کی وجہ سے انھیں کلکتہ یونیورسٹی نے 1948 میں ویدانت تیرتھ کے خطاب سے نوازا تھا۔
***** ***** *****
CBSE (سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن) کے دسویں جماعت کے نمبرات میں بہتری کا امتحان 15 مئی سے شروع ہوگا۔ اگر امتحان پاس کرنے والے طلبہ سائنس‘ ریاضی‘ سماجی سائنس اور زبان کے مضامین میں اپنی کارکردگی بہتر بنانا چاہتے ہیں تو وہ اس امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں۔ دسویں جماعت کے باقاعدہ امتحان کے نتائج کا اعلان 15 اپریل کو کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
جالنہ میونسپل کارپوریشن نے کل قدیم جالنہ کے گھاٹی روڈ اور نوتن وساہت علاقوں میں کھلے میں گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر اٹھارہ گوشت فروشوں کو نوٹس جاری کیے گئے اور سڑک پر ٹریفک میں رکاوٹ بننے والے غیر مجاز شیڈز ہٹادئیے گئے۔ متعلقہ دکانداروں کو اپنے طور پر تجاوزات ہٹانے کیلئے 24 گھنٹوں کا وقت دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ناری شکتی وندن ایکٹ کی مخالفت کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کی پالیسیوں کے خلاف بی جے پی خواتین مورچہ اور یووا مورچہ کی جانب سے کل ناندیڑ کے آئی ٹی آئی چوک پر ایک عوامی احتجاج کیا گیا۔ شہر صدر امرناتھ راجورکر‘ شری جیا چوہان‘ میئر کویتا مڑے سمیت پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد اس احتجاج میں موجود تھی۔
***** ***** *****
موسم: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مراٹھواڑہ کے لاتور، ناندیڑ، بیڑ، پربھنی میں آئندہ دو دنوں تک گھن گرج اور بجلی کی کڑکڑاہٹ کے ساتھ بارش ہوگی۔ یہی صورتحال پونے، ستارا، شولاپور، سانگلی، اہلیانگر اضلاع میں رہے گی۔ جبکہ ممبئی، تھانے، رائے گڑھ اور کوکن میں آئندہ دو دنوں تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کا اندازہ ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے ثقافتی امور کے ڈائریکٹوریٹ نے 27 اپریل کو چھترپتی سمبھاجی نگر میں شاہ جی راجے بھوسلے کے 432 ویں یوم پیدائش کے موقع پرسوراجیہ سنکلپ مہوتسو کا اہتمام کیا ہے۔ بھونڈوے پاٹل کے احاطے میں منعقد ہونے والا یہ پروگرام شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
گزشتہ روز عالمی یومِ کتاب منایا گیا۔ اس موقعے پر چھترپتی سمبھاجی نگر میں سرکاری علاقائی لائبریری اور ماڈرن کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی کالج کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر کتاب نمائش کا افتتاح اسسٹنٹ لائبریری ڈائریکٹر سنیل ہُسے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
***** ***** *****
جالنہ میونسپل کارپوریشن کے نومنتخبہ کارپوریٹروں کیلئے کل پولس سپرنٹنڈنٹ دفتر کی اجلاس گاہ میں قانون اور سلامتی سے متعلق ایک روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ ماہرین نے POCSO قانون، خواتین کے تحفظ، منشیات کے مضر اثرات اور سائبر جرائم کے موضوعات پر حاضرین کی رہنمائی کی۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر جی شری کانت نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں یومِ مہاراشٹر کے موقعے پر یکم مئی کو ہونے والے مختلف پروگراموں کی قبل از تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اہم سرکاری پرچم کشائی کی تقریب پولس کمشنر دفتر کے دیوگری میدان میں منعقد ہوگی۔ اس دوران تقریب کی منصوبہ بندی، حفاظتی انتظامات، ٹریفک کنٹرول، صفائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مغربی بنگال اور تملناڈو کے اسمبلی انتخابات میں آزادی کے بعد پہلی بار ریکارڈ رائے دہی۔
٭ راہوری اور بارامتی ضمنی اسمبلی انتخابات کیلئے 50 فیصد سے زیادہ ووٹنگ۔
٭ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں گمراہ کُن: وزارتِ پیٹرولیم کی وضاحت۔
٭ مراٹھواڑہ میں تین مختلف حادثات میں سات افراد کی موت۔
اور۔۔۔٭ لاتور‘ ناندیڑ‘ بیڑ اور پربھنی میں اگلے دو دنوں تک غیر موسمی بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 24 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 24 April-2026 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں...