Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 07 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شہری رسد کے محکمے نے ریاست میں گھریلو گیس (LPG) کی بلاتعطل فراہمی کی‘ کی تصدیق۔
٭ بارامتی اور راہوری اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کیلئے مہایوتی کی جانب سے نامزدگی کا پرچہ داخل؛ بارامتی اسمبلی حلقے میں کانگریس نے دی امیدواری۔
٭ بیڑ ضلع میں مریضوں سے اضافی فیس وصول کرنے پر طبّی پیشے سے جڑے چار افرادکیخلاف جرمانے کی کارروائی۔
٭ دِشا مہم کے تحت لاتور ضلع کے چار اسکولوں کا بہترین کارکردگی کیلئے ریاستی سطح پر انتخاب۔
اور۔۔۔٭ محکمہ صحت کی جانب سے آج صحت کے عالمی دن کے موقع پر عوامی بیداری کے مختلف پروگرامز کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
خوراک‘ شہری رسد اور Consumer Protection Department کے اضافی چیف سیکریٹری انل ڈگی نے تصدیق کی ہے کہ ریاست میں گھریلو گیس (LPG)‘ پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی بلاتعطل جاری ہے۔ موصوف کل وزارتِ داخلہ میں منعقدہ صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں PNG یعنی پائپ کے ذریعے گیس کنکشن کی تعداد 25 لاکھ 36 ہزار تک پہنچ گئی ہے اور ہر ماہ 73 ہزار نئے کنکشنز فراہم کیے جارہے ہیں۔ جن مقامات تک PNGنیٹ ورک پہنچ گیا ہے وہاں صارفین کو صرف رجسٹریشن کروانا ہے اور جن علاقوں میں PNG کی فراہمی ممکن نہیں وہاں LPG کی سپلائی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
***** ***** *****
ریاست کے سپلائی کنٹرولر چندر کانت ڈانگے نے ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے بارے میں معلومات دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مہاجر مزدوروں کیلئے پانچ کلو کے چھوٹے گیس سلنڈرز کی بڑھتی ہوئی مانگ اور آٹو رکشہ کیلئے LPG کی طلب میں اضافے کی اطلاع مرکزی حکومت کو دے دی گئی ہے۔
***** ***** *****
بھارتی بحری جہاز ’گرین آشا‘ کل آبنائے ہرمز کو عبور کرکے بھارت کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔ مغربی ایشیاء میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے آبنائے ہرمز عبور کرنے اور گھریلو گیس LPG بھارت لانے والا یہ نواں جہاز ہے۔ وہیں دوسری جانب 46 ہزار 650 میٹرک ٹن ایندھن لانے والے بحری جہاز گرین سانوی نے اپنا سفر مکمل کرلیا ہے۔ تیل سے لدے بھارتی بحری جہازوں کی آمد و رفت اس علاقے میں معمول کے مطابق جاری ہے۔
***** ***** *****
ایئرانڈیا نے اسرائیل کیلئے فی الحال پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ ایئر انڈیا کے حکام نے بتایا کہ تل ابیب کیلئے آئندہ 31 مئی تک پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔ چند اسرائیلی ایئر لائنز کے علاوہ بقیہ تمام ہوائی کمپنیوں نے تل ابیب کیلئے اپنی پروازیں معطل کی ہیں۔ اس کے سبب اسرائیل میں رہنے والے 40ہزار بھارتی وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
نائب صدرِ جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے کل ایوان کے نومنتخب اراکین کو حلف دلایا۔ اس موقع پر مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے اور این سی پی کے شرد پوار نے راجیہ سبھا ممبر کے طور پر حلف لیا۔ یہ دونوں قائدین مہاراشٹر سے دوبارہ راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔ ریاست سے نئے چنے گئے اراکینِ پارلیمنٹ مایا اِیوناتے، رام راؤ وڑکوتے اور جیوتی واگھمارے نے بھی کل حلف لیا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے بارامتی اسمبلی حلقے سے ضمنی انتخاب کیلئے کل اپنا پرچہئ نامزدگی داخل کیا۔ اس نشست کیلئے رائے دہی آئندہ 23 اپریل کو ہوگی۔ اس انتخاب کو بلامقابلہ بنانے کیلئے راشٹروادی کانگریس پارٹی شرد پوار گروپ کے قائد روہت پوار نے تمام سیاسی جماعتوں سے امیدواری درخواست داخل نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ کانگریس نے بارامتی سے ریاستی سیکریٹری آکاش مورے کو میدان میں اُتارا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی نے کل وضاحت کی ہے کہ اگر سابق نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی جاتی ہے تو کانگریس اپنے امیدوار کی نامزدگی واپس لے لیگی۔
اکشئے کرڈیلے نے کل بی جے پی کی جانب سے اہلیا نگر ضلع کے راہوری اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب کیلئے اپنی نامزدگی کا پرچہ داخل کیا۔ اس سے قبل بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان اور وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے پراجکت تنپورے سے ملاقات کی‘ جس کے بعد تنپورے نے راہوری میں انتخابی میدان سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔ اس حلقے سے راشٹروادی کانگریس شردپوار گروپ کی جانب سے گووند موکاٹے نے امیدواری عرضی داخل کی۔ اس نشست کیلئے اب تک چار امیدواروں نے پرچے داخل کیے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
خواتین کے قومی کمیشن کی چیئرپرسن وجیا راہٹکر نے خواتین کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنانے کیلئے وضع کیے گئے قوانین کے مطابق ہر خاتون سے اپنے حقوق کا استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔ موصوفہ کل دہلی میں خواتین کے مسائل اور انھیں بااختیار بنانے کیلئے کیے جارہے اقدامات پر آکاشوانی کے ایک ورکشاپ سے خطاب کررہی تھیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع میں مریضوں سے اضافی فیس وصول کرنے پر طبّی پیشے سے منسلک چار افراد کے خلاف جرمانے کی کارروائی کی گئی۔ یکم اپریل 2025 تا 31 مارچ 2026 کے دوران آیوشمان بھارت مشن کے تحت زیرِ علاج مریضوں کی جانب سے 73 شکایات درج کرائی گئیں۔ ان میں سے 69 شکایات کا ازالہ کیا گیا، جس میں یہ پتہ چلا کہ ضلع کے چار اسپتالوں کے ڈاکٹرس نے مریضوں سے ادویات اور انجکشنس کیلئے اضافی رقم وصول کی۔ اس مناسبت سے ان ڈاکٹرس پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ ریاست کے آیوشمان بھارت مشن کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اوم پرکاش شیٹے نے ایسے واقعات پر فوجداری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
روزگار کی ضمانت اور باغبانی کے ریاستی وزیر بھرت گوگاولے نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں روزگار ضمانتی اسکیم کے تحت جاری کاموں کو مربوط اور متحرک انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ موصوف کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں اپنے محکمے کے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے رہے تھے۔
***** ***** *****
دِشا ابھیان کے تحت لاتور ضلع کے چار اسکولوں کو تعلیمی نصاب کے نفاذ میں بہترین کارکردگی کیلئے ریاستی سطح پر منتخب کیا گیا ہے۔ اس انتخاب کے صداقت نامے ضلع پریشد کے چیف ایکزیکٹیو افسر راہل کمار مینا نے متعلقہ اسکولوں کے ہیڈماسٹرز کو پیش کیا ہے۔ ان اسکولوں میں سنت گاڑگے بابا یتیم اور ذہنی معذور بچوں کا بال گرہ، جیون وکاس پرتشٹھان متی مند ودیالیہ، پانڈورنگ نواسی متی مند ودیالیہ اور چاکور تعلقے کے نلے گاؤں میں واقع سنت گاڑگے بابا نیواسی متی مند ودیالیہ شامل ہیں۔
***** ***** *****
صحت کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر ریاستی صحت خدمات کے سبکدوش ڈائریکٹر ڈاکٹر ایکناتھ مالے نے آکاشوانی کو دئیے گئے انٹرویو میں شہریان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی صحت کو بنائے رکھنے کیلئے تدابیر اختیار کریں۔ ڈاکٹر مالے کا یہ انٹرویو آپ کل صبح پونے گیارہ بجے آکاشوانی کے پروگرام پراسنگک کے دوران سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
عالمی دن کی مناسبت سے آج پربھنی ضلع کے صحت ِعامہ محکمے کی جانب سے مختلف پروگرامز اور عوامی بیداری مہم کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے بھوکر میں بچہ دانی کے منہ کے کینسر کی روک تھام کی خاطر HPV ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس موقع پر دو لڑکیوں کو یہ ٹیکہ دیا گیا، جن میں سے ایک نے آکاشوانی سے بات کرتے ہوئے 14 تا 15 عمر زمرے کی لڑکیوں سے یہ ٹیکہ لگوانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے سرکاری دفاتر میں کام کے دوران تمباکو اور گٹکا استعمال کرنے والے 11 ملازمین کے خلاف ضلع تمباکو کنٹرول سیل نے جرمانے کی کارروائی کی۔ اس کارروائی کے دوران ان سرکاری ملازمین سے 1880 روپئے جرمانہ وصول کیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے شری نگر علاقے میں کل صبح شیوسینا شندے گروپ کے یووا سینا کے شہر صدر کو تیز دھار ہتھیار سے وار کرکے قتل کردیا گیا۔ گذشتہ تین دنوں کے دوران قتل کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کا 47 واں یومِ تاسیس کل منایا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم اور بی جے پی قائد نریندر مودی نے پارٹی کارکنان کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین نے نئی دہلی میں پارٹی کے صدر دفتر پر پرچم لہرایا۔ وہیں دوسری جانب بی جے پی کے سینئر رہنماء اور مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بی جے پی کے مسلم مخالف ہونے کے دعوے کو بالکل غلط بتایا۔ وزیرِ موصوف کل ناگپور میں بی جے پی کے یومِ تاسیس کی تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کررہے تھے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کا یومِ تاسیس کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر شہر میں واقع پارٹی دفتر کے احاطے میں جھنڈا لہرایا گیا اور وندے ماترم گیت گایا گیا۔
***** ***** *****
ونچت بہوجن آگھاڑی کی جانب سے کل ہنگولی ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو گیس سلنڈرس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے مطالبے پر احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر خواتین کے دفتر کے سامنے چولہا جلاکر روٹیاں پکائیں۔ مظاہرین نے انتظامیہ کو محضر پیش کیا، جس میں گیس سلنڈرس کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ شہری رسد کے محکمے نے ریاست میں گھریلو گیس (LPG) کی بلاتعطل فراہمی کی‘ کی تصدیق۔
٭ بارامتی اور راہوری اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کیلئے مہایوتی کی جانب سے نامزدگی کا پرچہ داخل؛ بارامتی اسمبلی حلقے میں کانگریس نے دی امیدواری۔
٭ بیڑ ضلع میں مریضوں سے اضافی فیس وصول کرنے پر طبّی پیشے سے جڑے چار افرادکیخلاف جرمانے کی کارروائی۔
٭ دِشا مہم کے تحت لاتور ضلع کے چار اسکولوں کا بہترین کارکردگی کیلئے ریاستی سطح پر انتخاب۔
اور۔۔۔٭ محکمہ صحت کی جانب سے آج صحت کے عالمی دن کے موقع پر عوامی بیداری کے مختلف پروگرامز کا انعقاد۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment