Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 17 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۱/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پالیسی سازی میں خواتین کی شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے - ناری شکتی وندن بل پر بحث کے دوران وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ انتخابی حلقوں کی تشکیلِ نو اور مرکز کے زیرِ انتظام ریاست بل کی کانگریس نے کی مخالفت۔
٭ طلباء سے ذاتی ترقی کے ساتھ ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو شرمندہئ تعبیر کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کی صدرِ جمہوریہ کی اپیل۔
٭ ریاستی قانون ساز کونسل کی نو نشستوں کیلئے آئندہ 12 مئی کو رائے دہی۔
٭ ناندیڑ شہر میں چاراسکولی طلبہ گڑھے کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق۔
اور۔۔۔٭ جی شری کانت چھترپتی سمبھاجی نگر کے نئے ڈویژنل کمشنر مقرر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک کی 50 فیصد آبادی پر مشتمل خواتین کو پالیسی سازوں میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ”ناری شکتی وندن بل“ میں آئینی ترامیم پر بحث کیلئے پارلیمنٹ کا تین روزہ خصوصی اجلاس کل شروع ہوا، وزیرِ اعظم اس بل پر بحث کے دوران بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیر قانون و انصاف ارجن رام میگھوال نے پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کو ریزرویشن فراہم کرنے اور انتخابی حلقوں کی تشکیلِ نو کرنے والے آئین کا 131 واں ترمیمی بل 2026 پیش کیا۔ جبکہ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے قوانین میں ترمیم کا بل پیش کیا۔ دریں اثناء‘ وزیرِ اعظم مودی نے بل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی نظام میں خواتین کو برابری کا درجہ دینے والا یہ بل ملک کے مقاصد اور سمت کا تعین کرے گا۔ انہوں نے کہا…
Byte: Prime Minister Narendra Modi
اس دوران کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کے. سی. وینوگوپال نے انتخابی حلقوں کی تنظیم نو اور مرکز کے زیر ِانتظام علاقوں کے قوانین میں ترمیم کرنے والے بل پیش کرنے کی مخالفت کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان بلوں سے ملک کے وفاقی ڈھانچے کو نقصان پہنچے گا۔ سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمان اکھلیش یادو نے ان بلوں کو لانے میں عجلت کا مظاہرہ کرنے پر سوال اٹھایا۔ کانگریس رہنماء پرینکا گاندھی نے ناری شکتی وندن بل سمیت دو دیگر بل لانے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا..
Byte: MP, Priyanka Gandhi
تاہم‘وزیرِ داخلہ امت شاہ نے اپوزیشن کے تمام الزامات کی تردید کی۔ شاہ نے ان بلوں سے پارلیمانی جمہوریت کو کوئی خطرہ نہ ہونے اور اس سے جنوبی ریاستوں میں عوامی نمائندوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کی طرف ایوان کی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا…
Byte: Home Minister Amit Shah
اس سے قبل، ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی ممتاز گلوکارہ آشا بھوسلے سمیت تین آنجہانی اراکین ابو ہاشم خان چودھری، محسنہ قدوائی اور ہری نارائن راج بھر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
دریں اثناء ونود تاؤڑے، نتن نبین، ابھیشیک منو سنگھوی سمیت 14 نو منتخب ارکان نے کل راجیہ سبھا کی رُکنیت کا حلف لیا۔ جس کے بعد ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شیو سینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین ریزرویشن بل 2023 میں ہی پارلیمنٹ میں منظور کیا گیا تھا۔ لہٰذا‘ اس کے مطابق 33 فیصد خواتین ریزرویشن کو فوری طور پر لاگو کیا جائے۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں ذرائع ابلاغ سے بات کر رہے تھے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ انتخابی حلقوں کی تنظیم نو قومی یکجہتی کیلئے ایک جامع اور اہم مسئلہ ہے، اسی لیے اس پر مزید بحث اور غور و خوض کرنے کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے طلباء سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی ترقی کے ساتھ ہی ملک کو خود کفیل اور ترقی یافتہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وہ وردھا میں مہاتما گاندھی انٹرنیشنل ہندی یونیورسٹی کے چھٹی تقسیمِ اسناد تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر گورنر جشنو دیو ورما سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں کامیاب طلباء کو طلائی تمغوں سے نوازا گیا۔ انہوں نے اس میں طالبات کی اکثریت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسی دوران صدرِ جمہوریہ نے کل سیواگرام آشرم کا بھی دورہ کیا۔ جہاں انھوں نے چرخی پر سوت کاتنے اور دعائیہ اجتماع میں شرکت کے علاوہ شجرکاری بھی کی۔
***** ***** *****
ریاستی قانون ساز کونسل کی نو نشستوں کیلئے آئندہ ماہ 12 مئی کو رائے دہی ہوگی۔ انتخابی کمیشن نے کل قانون ساز کونسل کے دو سالہ انتخابی پروگرام کا اعلان کیا۔ ان انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی 23 سے 30 اپریل تک داخل کیے جاسکتے ہیں‘ 2 مئی کو امیدواری عریضوں کی جانچ کی جائیگی اور 4 مئی تک پرچہئ نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے‘جبکہ 12 مئی کو صبح نو بجے سے دوپہر چار بجے تک رائے دہی کی جائیگی۔
***** ***** *****
پونہ میں کل”لتا- آشا منگیشکر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز“ کی مجوزہ عمارت کی سنگ بنیاد تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے، آر ایس ایس سنگھ کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت، پنڈت رِدَئے ناتھ منگیشکر، بزرگ گلوکارہ اوشا منگیشکر اور آنند بھوسلے موجود تھے۔ یہ ادارہ پونے کے قریب ناندوشی میں قائم کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ شہر کے دیگلور ناکہ علاقے میں واقع ایک گڑھے کے پانی میں ڈوب کر چار اسکولی طلبہ جاں بحق ہوگئے۔ آٹھ سال تا اٹھارہ عمر کے یہ طلبہ اسکول کے بعد گھر لوٹنے کے دوران تیراکی کیلئے گڑھے میں اُترے تھے‘ تاہم،پانی کی گہرائی کا علم نہ ہونے کے باعث چاروں طلبہ غرقاب ہو گئے۔ اس معاملے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے کل اعلیٰ سطحی افسران کے تبادلے کیے۔ ان میں جی شری کانت کو چھترپتی سمبھاجی نگر کا ڈویژنل کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ اس عہدے پر برسرِکار جتیندر پاپلکر کا تبادلہ ممبئی میں گڈز اینڈ سروسیز ٹیکس (جی ایس ٹی) محکمے کے جوائنٹ کمشنر کے طور پر کیا گیا ہے۔ اسی طرح چھترپتی سمبھاجی نگر کے سڈکو کے سی ای او جگدیش مِنیار کا پونے میں بہبودیِ خواتین و اطفال محکمے کے کمشنر کے طور پر تبادلہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور کی قدیم MIDC علاقے میں واقع ایک کمپنی میں کل زبردست آگ لگ گئی۔ پولس نے ابتدائی طور پر اندازہ لگایا ہے کہ یہ آگ سلنڈر پھٹنے سے لگی ہوگی۔ اس بھیانک آتشزدگی میں کمپنی میں برسرِکار ایک ملازم کی موت اور دیگر ایک ملازم کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے دھاراشیو ضلعے کے تیر میں واقع سنت گوروبا کے سمادھی مندر میں اووری کے کاموں کیلئے تین کروڑ روپے کا فنڈ منظور کیا ہے۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے کل تلجا پور میں اس کی اطلاع دی۔
دریں اثناء، کرشنا ندی کے دامن سے 50 بلین کیوبک فٹ اضافی پانی کو مراٹھواڑہ کی لانے کے کاموں میں بھی تیزی آئے گی۔ رکنِ اسمبلی پاٹل نے بتایا کہ اس منصوبے کی ”پیش رفت رپورٹ“ مثبت آنے کے بعد، وزیر اعلیٰ نے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
موسم: محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ اور ودربھ کے مختلف مقامات پر شدید گرمی کی لہر کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جبکہ کوکن، وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ پالیسی سازی میں خواتین کی شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے - ناری شکتی وندن بل پر بحث کے دوران وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ انتخابی حلقوں کی تشکیلِ نو اور مرکز کے زیرِ انتظام ریاست بل کی کانگریس نے کی مخالفت۔
٭ طلباء سے ذاتی ترقی کے ساتھ ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو شرمندہئ تعبیر کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کی صدرِ جمہوریہ کی اپیل۔
٭ ریاستی قانون ساز کونسل کی نو نشستوں کیلئے آئندہ 12 مئی کو رائے دہی۔
٭ ناندیڑ شہر میں چاراسکولی طلبہ گڑھے کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق۔
اور۔۔۔٭ جی شری کانت چھترپتی سمبھاجی نگر کے نئے ڈویژنل کمشنر مقرر۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment