Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 21 April-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/اپریل ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ خواتین ریزرویشن سے متعلق آئینی ترمیمی بل کی حمایت میں حکومت کی دستخطی مہم؛ حزبِ اختلاف کا ریزرویشن کے معاملے پر کھلی بحث کا حکومت کو چیلنج۔
٭ وزیرِ اعلیٰ کی تمام محکموں کو گرمی کی لہر کے پیشِ نظر فوری اقدامات کی ہدایت۔
٭ ریاست کے ہر پولس اسٹیشن میں بچوں کا خصوصی سیل قائم کرنے کے احکامات۔
٭ اکشئے ترتیہ پر انتظامیہ 13 سے زائد بچوں کی شادیوں کو روکنے میں کامیاب۔
٭ دھاراشیو ضلعے میں 14 زرعی خدمت مراکز کے لائسنس معطل۔
اور۔۔۔٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کا ڈائریکٹ ٹیکسیشن کا پرچہ لیک‘ چار مئی کو دوبارہ امتحان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اعلان کیا ہے کہ خواتین کے ریزرویشن سے متعلق 131 ویں آئینی ترمیمی بل کی حمایت میں دستخطی مہم چلائی جائیگی۔ وہ کل ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس کیلئے وہ ریاست کی ایک کروڑ خواتین کے دستخط جمع کریں گے اور تعلقہ سطح تک بیداری پیدا کریں گے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ خواتین کے ریزرویشن کی مخالفت کرکے کانگریس‘ راشٹروادی کانگریس شرد پوار اور شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے کی پارٹی کا خواتین مخالف چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ اس موقع پر قانون ساز کونسل کی نائب چیئرمین ڈاکٹر نیلم گورہے‘ خواتین و بچوں کی ترقی کی وزیر آدیتی تٹکرے اور ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے موجود تھیں۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ رکنِ پارلیمان سپریہ سُلے نے وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس کے الزامات کو مسترد کردیا۔ انھوں نے کہا کہ ناری شکتی وندن بل 2023 میں ہی متفقہ طور پر منظور کیا جاچکا ہے۔ جبکہ ابھی کا بل یہ خواتین ریزرویشن نہیں بلکہ لوک سبھا کے حلقوں کی دوبارہ تشکیل کا ہے۔ رکنِ پارلیمان پرنیتی شندے و رکنِ پارلیمان بچھاؤ نے کل ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کی پرنیتی شندے نے کہا کہ کانگریس پارٹی خواتین کے ریزرویشن پر کھلی بحث کیلئے تیار ہے۔ خواتین بل پہلے ہی منظور ہوچکا ہے۔ بچھاؤ نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کی صرف 543 نشستوں پر ہی خواتین کو ریزرویشن دیا جائے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ پارلیمانی اُمور کے وزیر کرین رِجیجو نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ناری شکتی وَندن بل میں رُکاوٹ ڈالنے کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ وہ کل نئی دہلی میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ بل کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انھوں نے واضح کیا کہ حکومت اس معاملے میں اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ممکنہ ایل نینو اثر سے پیدا ہونے والی گرمی کی لہر کے پیشِ نظر فوری اقدامات کریں۔ وہ کل اس سلسلے میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے تجویز دی کہ پانی کے قدیم ذرائع کی مرمت اور بحالی پر زور دیا جائے‘ پانی کے تحفظ کیلئے ہر ضلع میں مقامی سطح پر ایکشن ٹیمیں تشکیل دی جائیں‘ ویرن وکاس پروگرام کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جائے اور کھاد کی فراہمی اور تقسیم کی نگرانی AI کے ذریعے کی جائے۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے بتایا کہ حکومت نے ریاست میں ممکنہ خشک سالی کی صورتحال کے پیشِ نظر اقدامات کی تشکیل شروع کردی ہے۔ وہ کل ناگپور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت کے کردار اور اقدامات پر تبادلہئ خیال کیلئے جلد ہی ایک تفصیلی میٹنگ منعقد کی جائیگی۔
***** ***** *****
آبنائے ہرمز سے 31بھارتی ملاحوں کو لیکر ایک جہاز پرسوں ممبئی پہنچنے والا ہے۔ حکومت نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں دو بھارتی بحری جہازوں پر فائرنگ کی گئی تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔
***** ***** *****
وزارتِ پیٹرولیم کی جوائنٹ سیکریٹری سجاتا شرما نے کہا ہے کہ ملک میں ایل پی جی کی فراہمی مستحکم ہے۔ یہ بتاتے ہوئے کہ ملک میں کمرشیل گیس کی فراہمی 70 فیصد تک بحال ہوگئی ہے‘ شرما نے آج نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سی این جی اور پی این جی کی فراہمی کو پوری ترجیح دی گئی ہے اور نئے کنکشن میں اضافہ ہوا ہے۔انھوں نے کہا:
Byte: Petroleum And Natural Gas Joint Secretary Sujata Sharma
***** ***** *****
اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے امکان ظاہر کیا ہے کہ رواں مالی سال میں بھارت کی شرحِ نمو چھ اعشاریہ آٹھ اور سات اعشاریہ ایک فیصد کے درمیان رہے گی۔ ایس بی آئی نے اس رپورٹ میں کہا کہ 2025-26 میں بھارت کی شرحِ نمو سات اعشاریہ چھ فیصد‘ افراطِ زر ساڑھے چار فیصد‘ جبکہ مالیاتی خسارہ ساڑھے چار تا چار اعشاریہ چھ فیصد رہے گا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت مغربی ایشیاء میں کشیدگی اور تیل کے بحران سے پیدا ہونے والی عالمی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بچوں سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے ریاست کے ہر پولس اسٹیشن میں اسپیشل چائلڈ پولس سیل قائم کرنے کے احکامات ریاستی کمیشن برائے حقوقِ اطفال نے دئیے ہیں۔ یہ احکامات ریاست بھر کے پولس کمشنروں اور پولس سپرنٹنڈنٹ پر نافذ ہیں۔ بچوں سے متعلق جرائم میں اضافہ ہورہا ہے اور اجلاس میں اپیل کی گئی ہے کہ پولس سمیت تمام ادارے ایسے معاملات کو ہمدردی سے نمٹائیں۔
***** ***** *****
اکشئے ترتیہ کے موقعے پر ہونے والی 13 سے زائد کم عمری کی شادیوں کو ریاست میں روک دیا گیا ہے۔ خواتین و بچوں کی ترقی کی وزیرِ مملکت میگھنا بورڈیکر نے کل یہ اطلاع دی ہے۔ یہ شادیاں چھترپتی سمبھاجی نگر‘ پربھنی‘ دھاراشیو‘ رائے گڑھ‘ بلڈانہ‘ ایوت محل اور اہلیا نگر میں اکشئے ترتیہ کے موقع پر ہونے والی تھیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے میں 14 زرعی خدمت مراکز کے لائسنس معطل کردئیے گئے ہیں جبکہ ایک زرعی خدمت مرکز کو مستقل طور پر منسوخ کردیا گیا ہے۔ یہ کارروائی بے قاعدگیوں کے پائے جانے کے بعد کی گئی ہے۔ ان میں دھاراشیو اور تلجاپور تعلقے کے فی کس ایک‘ عمرگہ کے چار‘ بھوم کے تین‘ پرانڈہ‘ واشی اور کلمب تعلقے کے فی کس دو مراکز کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے کامرس شعبے کے ڈائریکٹ ٹیکس کا امتحان منسوخ کردیا گیا ہے۔ اب اس مضمون کا امتحان 4 مئی کو دوبارہ ہوگا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے کنڑ تعلقے کے ہتنور کے نیشنل کالج کیمرکز سے اس مضمون کے سوالیہ پرچے کے لیک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر وجئے پھلاری نے متعلقہ امتحانی مرکز کو مستقل طور پر منسوخ کرنے اور مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور میں خریف سیزن کیلئے 75 ہزار ٹن سے زیادہ کھاد کا ذخیرہ موجود ہے اور کسانوں سے کھاد ذخیرہ کرنے کی جلد بازی نہ کرنے کی اپیل ضلع سپرنٹنڈنٹ ایگری کلچر آفیسر راجندر کدم نے کی ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کو امتیازی ضلعے میں شامل کرنے کا حکومتی فیصلہ کل محکمہ منصوبہ بندی نے جاری کیا تھا۔ ضلع کے ترقیاتی کاموں کو اب ریاستی ضلعی سالانہ منصوبہ بندی اور مرکزی اسکیموں سے ترجیحی فنڈ ملے گا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں دو پہیہ گاڑیوں کے سواروں اور مسافروں کیلئے ہیلمٹ جبکہ چار پہیہ ڈرائیوروں کیلئے سیٹ بیلٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلابھ روہن نے یہ حکم جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کا کل عام اجلاس منعقد ہوا۔ اس میں 10 کوآپٹ ممبرس کا انتخاب کیا گیا۔ ان میں بی جے پی کے پانچ‘ ایم آئی ایم کے تین‘ شیوسینا کا ایک اور شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کا ایک ممبر شامل ہیں۔ ان کوآپٹ ممبران کے ساتھ ہی چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے ارکان کی تعداد اب 125 تک پہنچ گئی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں کانگریس پارٹی کے سینئر عہدیدار اور سابق میونسپل اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر ظفر احمد خان علالت کے باعث گذشتہ شب انتقال کرگئے۔ وہ 55 برس کے تھے۔وہ گذشتہ کچھ دنوں سے علیل تھے اور پونہ کے ایک خانگی اسپتال میں زیرِ علاج تھے‘ جہاں دورانِ علاج ان کا انتقال ہوگیا۔ کانگریس پارٹی کے مختلف عہدوں پر انھوں نے ذمہ داریاں ادا کیں۔ ان کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائیگی۔
***** ***** *****
جالنہ مرچنٹ کوآپریٹیو بینک فراڈ کیس میں کرائم برانچ نے کل مزید تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ عدالت نے انھیں چھ دن کی پولس کسٹڈی میں بھیج دیا ہے۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ (IPL) کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل ممبئی انڈینس نے گجرات ٹائٹنز کو 99 رنز سے شکست دے دی۔ حیدرآباد میں آج سن رائزرس حیدرآباد اور دہلی کیپٹلس آمنے سامنے ہوں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ خواتین ریزرویشن سے متعلق آئینی ترمیمی بل کی حمایت میں حکومت کی دستخطی مہم؛ حزبِ اختلاف کا ریزرویشن کے معاملے پر کھلی بحث کا حکومت کو چیلنج۔
٭ وزیرِ اعلیٰ کی تمام محکموں کو گرمی کی لہر کے پیشِ نظر فوری اقدامات کی ہدایت۔
٭ ریاست کے ہر پولس اسٹیشن میں بچوں کا خصوصی سیل قائم کرنے کے احکامات۔
٭ اکشئے ترتیہ پر انتظامیہ 13 سے زائد بچوں کی شادیوں کو روکنے میں کامیاب۔
٭ دھاراشیو ضلعے میں 14 زرعی خدمت مراکز کے لائسنس معطل۔
اور۔۔۔٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کا ڈائریکٹ ٹیکسیشن کا پرچہ لیک‘ چار مئی کو دوبارہ امتحان۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment