Wednesday, 3 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 03 June 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/ جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ گرام سڑک یوجنا کے تیسرے مرحلے کے کاموں اور ریاستی سڑک بہتری منصوبوں کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ لاڈکی بہین یوجنا سے خارج کی جانے والی خواتین سے رقم واپس نہیں لی جائے گی: وزیرِ اعلیٰ کی وضاحت؛ لیکن مستفید مردوں سے رقم واپس لینے کا اعلان۔
٭ وزیرِ اعظم سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم میں بہترین کارکردگی انجام دینے والی ملک کی پانچ ریاستوں میں مہاراشٹر شامل۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے نئے آبرسانی منصوبے کے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت۔
اور۔۔۔ ٭ جنوب مغربی مانسون آئندہ روز کیرالہ میں داخل ہونے کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
گرام سڑک یوجنا کے تیسرے مرحلے کے کاموں کیلئے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے 50 کروڑ امریکی ڈالر کے قرض اور ریاستی فنڈ کی تجاویز کو کل ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی۔ ایشیائی بنیادی ڈھانچہ سرمایہ کاری بینک اور نیو ڈیولپمنٹ بینک کی جانب سے ریاستی راستوں کے بہتری منصوبوں کیلئے فی کس آٹھ ہزار 700 کروڑ روپئے مالی امداد دی جائیگی۔
ریاستی کابینہ نے ریاستی سڑک بہتری منصوبے کو بھی منظوری دی ہے۔ بھارتی روڈ کانگریس کے معیار کے مطابق یہ منصوبہ آئندہ تین سالوں میں نافذ کیا جائے گا۔ پرشورام مالیاتی ترقیاتی کارپوریشن‘ ویرشرومنی مہارانا پرتاپ اقتصادی ترقیاتی کارپوریشن اور واسوی کنیکا اقتصادی ترقیاتی کارپوریشن میں مختلف عہدوں کی گنجائش پیدا کرنے کو بھی کابینہ نے منظوری دی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے وضاحت کی ہے کہ مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین یوجنا سے خارج کی جانے والی نااہل خواتین کو ادا کی گئی رقم واپس نہیں لی جائیگی۔ کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس اسکیم سے استفادہ کرنے والی پانچ لاکھ سے زائد خواتین کے خاندانوں میں سرکاری ملازم موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ علاوہ ازیں 10لاکھ خواتین کی آمدنی ڈھائی لاکھ روپئے سے زیادہ ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ اس بنیاد پر ان تمام خواتین کو نااہل قرار دیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ KYC کروانے والی ایک کروڑ 70 لاکھ خواتین اسکیم کیلئے اہل قرار دی گئی ہیں۔ جن خواتین کو نااہل قرار دیا گیا ہے انھیں اب اسکیم کے پیسے نہیں ملیں گے۔ اس کے علاوہ اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ 14 ہزار مردوں نے بھی ماجھی لاڈکی بہین یوجنا سے فائدہ اٹھایا۔ وزیرِ اعلیٰ نے واضح طور پر کہا کہ ان مردوں سے رقم واپس لی جائے گی۔ کل منعقدہ اس ریاستی کابینی اجلاس کے بعد کسانوں کے قرضہ جات معاف کیے جانے سے متعلق اعلان متوقع تھا‘ تاہم وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے باعث یہ باقاعدہ اعلان کرنا ممکن نہیں ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کے ورثاء کو مہاراشٹر صنعتی ترقیاتی کارپوریشن میں انوکمپا کی بنیاد پر ملازمت دی جائیگی۔ عمومی انتظامیہ محکمے نے اس خصوص میں ریاست کے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔
***** ***** *****
پیاز کو تین ہزار روپئے فی کوئنٹل ضمانتی نرخ دیئے جانے اور نافیڑ کے ذریعے پیاز خریدے جانے سمیت دیگر مطالبات کیلئے مہاوِکاس آگھاڑی نے کل پونہ ضلع کے آمبے گاؤں تعلقے میں پونہ- ناسک شاہراہ پر راستہ روکو احتجاج کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے مطالبہ کیا کہ پیاز کی خریداری زرعی بازار کمیٹیوں کے ذریعے کی جائے۔
ادھر ناندیڑ کے حد گاؤں میں کانگریس کی جانب سے تحصیل دفتر کے روبرو ”گدھا جلوس“ نکالا گیا۔
***** ***** *****
ممبئی کے آزاد میدان پر ریاست بھر کے آنگن واڑی‘ آشا‘ قومی طبّی مہم اور غیر منظم شعبے سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کارکنوں کا مظاہرہ کل دوسرے دن بھی جاری رہا۔ اس سلسلے میں CITU کے نمائندہ وفد نے ریاست کے وزیرِ محنت آکاش پھنڈکر سے ملاقات کرکے انھیں ایک مطالباتی محضر پیش کیا۔ جس میں تمام شعبوں کے محنت کشوں کی ملازمت مستقل کرنے اور انھیں کم از کم 30ہزار روپئے ماہانہ تنخواہ، پی ایف، ریاستی بیمہ اسکیم اور پنشن اسکیم کے فوائد دئیے جانے کے مطالبات بھی اس میمورنڈم میں شامل ہیں۔
***** ***** *****
نئی دہلی کی ایک عدالت نے NEET سوالیہ پرچہ افشاء ہونے کے معاملے میں پانچ افراد کی عدالتی تحویل کی مدت میں 15 جون تک توسیع کردی ہے۔ مانگی لال کھاٹک‘ وکاس بیول‘ دنیش بیول‘ یش یادو اور دھننجئے لوکھنڈے ان میں شامل ہیں۔ منیشا حوالدار، ڈاکٹر منوج شرور اور تیجس شاہ کو عدالت نے 14 دنوں تک عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
پردھان منتری سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم میں ملک کی بہترین کارکردگی دکھانے والی پانچ ریاستوں میں مہاراشٹر بھی شامل ہے۔ اس پر مرکزی وزیر برائے قابلِ تجدید توانائی پرلہاد جوشی نے مہاراشٹر کو مبارکباد دی۔ 29 مئی کو ملک میں اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ 15 ہزار مکانات شمسی توانائی منصوبے نصب کیے گئے۔ جن میں سے چار ہزار 700 مہاراشٹر میں بٹھائے گئے۔ ریاست نے ماہِ مئی میں اس اسکیم کیلئے درخواست دہی میں پہلا مقام حاصل کیا۔ جن مکانات پر شمسی توانائی منصوبے نصب کیے جاچکے ہیں ان میں دوسرا‘ منصوبوں کی جانچ میں پہلا اور سپلائر رجسٹریشن میں دوسرا مقام حاصل کیا۔
***** ***** *****
ناسک کے کومبیٹ ایوی ایشن ٹریننگ اسکول کی گریجویشن پریڈ کل پورے فوجی شان و شوکت کے ساتھ منعقد کی گئی۔ جنگی ہیلی کاپٹر کی پرواز کے 18 ہفتے کی سخت تربیت مکمل کرنے والے 25 تربیتی پائلٹس اور 10 انسٹرکٹرس کو ملک کی خدمات میں شامل کرلیا گیا ہے۔ ان میں دو خواتین پائلٹس بھی شامل ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ حمل و نقل پرتاپ سرنائیک نے انتباہ دیا ہے کہ ایس ٹی بسوں کی روانگی میں تاخیر ہونے پر متعلقہ افسران و ملازمین کے خلاف فوری کارروائی کی جائیگی۔ تمام بسوں کو وقت ِ روانگی سے قبل ہی پلیٹ فارم پر رہنا لازمی ہوگا۔ ان کی ٹکٹوں کی تقسیم بروقت کی جائے‘ بالخصوص صبح پانچ تا دس بجے کے دوران تمام بس سروس بروقت روانہ ہوں۔ اس طرح کی ہدایات وزیرِ موصوف نے کل منعقدہ ایک اجلاس میں دیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے اپنے دورِ اقتدار کے 12برس مکمل کرلیے ہیں۔ سابق مرکزی وزیرِ مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے اس موقع پر آکاشوانی پر ایک ملاقات کے دوران کہا کہ اس عرصے میں ”ایک ملک ایک ٹیکس“ نظام یعنی جی ایس ٹی اصلاحات کے ذریعے حکومت نے قومی معیشت کو مستحکم کیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں معلّنہ مدت میں پانی کی فراہمی شروع کرنے کیلئے زیرِ تکمیل کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت ڈویژنل کمشنر جی شریکانت نے دی ہے۔ آئندہ 12 جون تک اضافی آبرسانی کے منصوبے کے پیشِ نظر انھوں نے کل نکشترواڑی میں پانی صاف کرنے کے مرکز کا معائنہ بھی کیا۔
***** ***** *****
محکمہ خوراک و ادویات نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک مشروب کا بڑا ذخیرہ ضبط کرلیا۔ صارفین کو گمراہ کرتے ہوئے یہ کولڈ ڈرنکس جعلی نام سے فروخت کرنے کیلئے لایا جارہا تھا۔ اس کارروائی میں کروڑی علاقے کے ایک گودام سے 400 ملی لیٹر کی 36 ہزار 468 بوتلیں ضبط کرلی گئیں۔ بازار میں اس مشروب کی قیمت 20 لاکھ 78 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن نصابوں میں داخلے کے عمل کا کل سے آغاز ہوگیا۔ یہ آن لائن داخلے کا عمل 28 جون تک جاری رہے گا۔ اس بار طلبہ، سرپرست اور تعلیم کے دلدادہ شہریوں کیلئے ”اوپن ڈے“ شروع کیا گیا ہے۔ 5 اور 6 جون کو ایجوکیشن ایکسپو بی منعقد کیے جانے کی اطلاع یونِک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پروین یناوار نے دی۔
***** ***** *****
ضلع پربھنی کے پورنا تعلقے کے کاتنیشور اور سندلاپور میں ”یوا جل دِنڈی 2026“ کا کل انعقاد کیا گیا ہے۔ اس مہم کے ذریعے مختلف دیہاتوں میں زیرِ زمین آب کے تحفظ‘ پانی کی بچت اور آبی وسائل کے تحفظ کا پیغام پہنچایا جائے گا۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی مانسون کے کل تک ریاست ِ کیرالہ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ محکمے نے پیش گوئی کی ہے کہ لکش دویپ‘ کیرالہ، تملناڈو اور خلیج ِ بنگال کے علاقوں میں مانسون مزید پیش قدمی کرے گا۔
ادھر ریاست میں کل ضلع چندر پور کے برہم پوری میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 34.3 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے پربھنی اور بیڑ میں اوسطاً 40 ڈگری‘ جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر‘ ناندیڑ اور دھاراشیو میں اوسطاً 39 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔ محکمہ موسمیات نے آج چھترپتی سمبھاجی نگر‘ بیڑ، دھاراشیو اور لاتور میں گرج اور چمک کے ساتھ بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ گرام سڑک یوجنا کے تیسرے مرحلے کے کاموں اور ریاستی سڑک بہتری منصوبوں کو ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ لاڈکی بہین یوجنا سے خارج کی جانے والی خواتین سے رقم واپس نہیں لی جائے گی: وزیرِ اعلیٰ کی وضاحت؛ لیکن مستفید مردوں سے رقم واپس لینے کا اعلان۔
٭ وزیرِ اعظم سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم میں بہترین کارکردگی انجام دینے والی ملک کی پانچ ریاستوں میں مہاراشٹر شامل۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے نئے آبرسانی منصوبے کے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت۔
اور۔۔۔ ٭ جنوب مغربی مانسون آئندہ روز کیرالہ میں داخل ہونے کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 13 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 13 June-2026 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں ...