Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 09 July-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹/جولائی ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ایل نینو کے پیشِ نظر پانی کے کم استعمال سے جلد تیار ہونے والی فصلوں کو ترجیح دی جائے: مرکزی وزیرِ زراعت کی اپیل۔
٭ شدید بارش سے متعلق ہر ممکن مدد کی مرکزی وزیرِ داخلہ کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ کو یقین دہانی۔
٭ بھارتی شہری سلامتی ضابطہ ترمیمی بل قانون ساز کونسل سے منظور۔
٭ مراٹھواڑہ کے پربھنی، ہنگولی اور لاتور سمیت بعض علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے۔
اور۔۔۔٭ آشاڑھی واری کیلئے سنت گیانیشور مہاراج کی پالکی آڑندی سے روانہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
اس برس برسات کے موسم میں ایل نینو کے ممکنہ اثرات کے پیشِ نظر کسان پانی کے کم استعمال سے جلد تیار ہونے والی فصلوں کو ترجیح دیں، یہ اپیل مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کی ہے۔ وہ کل نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چنددنوں سے ملک بھر میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث پانی کی قلت سے متاثرہ اضلاع کی تعداد 262 سے کم ہو کر 178 رہ گئی ہے۔ اس سال ملک میں 442 لاکھ ہیکٹر متوقع خریف کاشت کے مقابلے میں 351 لاکھ ہیکٹر رقبے پر تخم ریزی مکمل ہو چکی ہے۔
بارش میں تاخیر کی وجہ سے تور، سویا بین، کپاس اور دیگر فصلوں کے بیج بونے کے عمل میں دیری ہوئی ہے۔ اس لیے کسان مکئی، باجرہ اور مونگ جیسی کم پانی میں جلد بڑھنے والی فصلوں کو ترجیح دیں۔
Byte: Shivraj Singh Chouhan, Union Agriculture Minister
***** ***** *****
مہاراشٹر میں بارش کی صورتحال کے بارے میں مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے گفتگو کی اور یقین دلایا کہ مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
ریاست میں بارش سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں وزیرِ اعلیٰ نے کل اسمبلی میں بیان دیا۔ ممبئی۔پونے شاہراہ پر کنیکٹنگ لنک کے قریبLand Sliding یعنی زمین کھسکنے کے واقعے کے سلسلے میں بعض افراد کی جانب سے عوام کو گمراہ کرنے والے بیانات پر انہوں نے ناراضی ظاہر کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ اس علاقے کے حفاظتی انتظامات کواور مضبوط بنانے کے لیے آئی آئی ٹی ممبئی کے ماہرین سے سفارشات طلب کی گئی ہیں۔
دوسری جانب ممبئی میں کل بارش میں کچھ وقفہ رہا، تاہم ضلع ناسک کے ترمبکیشور، اگت پوری، پیتھ اور سرگانا تعلقوں میں شدید بارش ہوئی۔ ناندور مدھمیشور آبی منصوبے سے اس وقت 28 ہزار 934 جبکہ ناگم ٹھان ڈیم سے 41 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ پونے ضلع کے پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن کے موشی علاقے میں واقع کچرا ڈپو کے قریب کل دوپہر ایک عمارت منہدم ہو گئی۔ اس عمارت میں تقریباً 23 افراد پھنس ہوئے تھے، جن میں سے 14 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے وزیرگریش مہاجن نے حادثے کے مقام کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔
ریاست کے کوکن، خاندیش، اہلیانگر اور پونے ضلع کیلئے محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔پونے ضلع کے جنّر، آمبے گاؤں اور بالائی علاقوں کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے پیشِ نظر مالشیج گھاٹ، نانے گھاٹ، شیونیری قلعہ، بھیم شنکر اور دیگر سیاحتی مقامات کیلئے فی الحال داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی تمام بسوں کو آئندہ دس برسوں میں الیکٹرک بسوں میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد مسافر برداری کے معاملے میں مکمل طور پر الیکٹرک بسوں کا استعمال کرنے والی مہاراشٹر، ملک کی پہلی ریاست بن جائے گی۔ یہ معلومات نقل و حمل کے ریاستی وزیر پرتاپ سرنائیک نے کل قانون ساز کونسل میں وقفہئ سوالات کے دوران دی۔
اسی بیچ وزیرِ ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ہندی بولنے والے رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی زبان سیکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہیں 15 اگست تک مراٹھی سیکھنے کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اگر 16 اگست سے کسی ڈرائیور کو مراٹھی زبان بولنانہیں آیا تو اس کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔
***** ***** *****
بھارتی شہری تحفظ ضابطہ مہاراشٹر ترمیمی بل کل قانون ساز کونسل میں منظور کر لیا گیا۔محکمہئ داخلہ کے وزیرِ مملکت یوگیش کدم نے یقین دلایا کہ اس بل کی وجہ سے کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، اس لیے اسے مشترکہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔اس ترمیمی بل میں ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے ملک یا ریاست کے خلاف اظہارِ رائے پر مبنی مواد پر پابندی عائد کرنے کی بھی ایک شق شامل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھی بولنے والے شہریوں کے جائز حقوق کے تحفظ کیلئے ریاستی حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل ودھان بھون میں منعقدہ اعلیٰ اختیاری کمیٹی کے اجلاس میں یہ یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں سرحدی تنازع کی سماعت جلد شروع کرانے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے ضروری درخواستیں دائر کی جائیں گی۔
***** ***** *****
ممبئی کے جے جے اور KEM اسپتالوں میں آئندہ دو سے تین ماہ کے اندر بغیر چیر پھاڑ کے جدید مشین کے ذریعے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل قانون ساز کونسل میں بتایا کہ اگر یہ طریقہ کامیاب رہا تو مہاراشٹربھر میں مشین کے ذریعے پوسٹ مارٹم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ پوسٹ مارٹم کرنے والے عملے کی خالی جگہوں کو جلد پُر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر، ناندیڑ، ممبئی، ناگپور اور پونے کے بی ایس سی نرسنگ کالجوں میں داخلے کی گنجائش 50 نشستوں سے بڑھا کر 100 کر دی جائے گی۔طبی تعلیم کے وزیر حسن مشرف نے کل اسمبلی میں یہ اعلان کیا۔انہوں نے بتایا کہ امباجوگائی سمیت دیگر جی این ایم کالجوں کو اپ گریڈ کرکے ہر ایک میں 100 نشستوں والے بی ایس سی نرسنگ کالج قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ دھاراشیو سمیت دس شہروں میں نئے سرکاری بی ایس سی نرسنگ کالج بھی قائم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے پربھنی، ہنگولی، لاتور اور بعض دیگر علاقوں میں گزشتہ رات آدھی رات کے بعد زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ہنگولی ضلع میں رات تقریباً ڈیڑھ بجے مسلسل دو شدید جھٹکے آئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی، جسے اس علاقے کا اب تک کا سب سے بڑا زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔اس کے بعد صبح تک مزید آٹھ جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کا مرکزبسمت تعلقہ کے پانگرا شندے گاؤں میں تھا۔ اس دوران ضلع کلکٹر راہل گپتا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ زلزلے سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہا ہے۔ گپتا نے بتایا کہ حکومتی مشنری متاثرین کی ہر ممکن مدد کیلئے تیارہے۔
***** ***** *****
آشاڑھی واری کے سلسلے میں سنت شری گیانیشور مہاراج کی پالکی کل آڑندی سے پنڈھرپور کیلئے روانہ ہوئی۔ اس موقع پر اعزازی 56 دِنڈیوں میں سے ہر ایک کے صرف 10 وارکریوں کو ہی مندر کے احاطے میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ آج پالکی پونے کی جانب اپنے سفر پر گامزن ہے۔
مکتائی نگر سے روانہ ہونے والی سنت مکتابائی کی پالکی کل بیڑ ضلع میں پہنچی۔ شاہ گڑھ میں گوداوری ندی کے کنارے مقدس نعلین کو ویدک منتروں کی گونج میں نہلایاگیا۔ اس تقریب کے بعد پالکی گیورائی روانہ ہوئی۔ آج پالکی گیورائی کے چنتیشور مندر سے اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہوگی۔وہیں شیگاؤں کے سنت گجانن مہاراج کی پالکی کل بیڑ ضلع کے پرلی میں واقع تھرمل پاور اسٹیشن کالونی پہنچی۔ آج یہ پالکی پرلی ویدھیاناتھ جائے گی، جس کے بعد امباجوگائی اور بوری ساورگاؤں میں اس کا قیام ہوگا۔
***** ***** *****
دھاراشیو شہر کی رہائشی پرتیبھا پرمود ہاولے سلائی کا کام کرتی ہیں۔ انہوں نے پی ایم وشوکرما اسکیم کے تحت درخواست دی جس کے چند ہی دن بعد ضروری اوزار اور سامان انہیں اپنے گھر پرمل گئے۔ انہوں نے آکاشوانی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس اسکیم کے سبب ان کا کاروبار اب چھوٹے سے بڑا ہو گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ایل نینو کے پیشِ نظر پانی کے کم استعمال سے جلد تیار ہونے والی فصلوں کو ترجیح دی جائے:مرکزی وزیرِ زراعت کی اپیل۔
٭ شدید بارش سے متعلق ہر ممکن مدد کی مرکزی وزیرِ داخلہ کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ کو یقین دہانی۔
٭ بھارتی شہری سلامتی ضابطہ ترمیمی بل قانون ساز کونسل سے منظور۔
٭ مراٹھواڑہ کے پربھنی، ہنگولی اور لاتور سمیت بعض علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے۔
اور۔۔۔٭ آشاڑھی واری کیلئے سنت گیانیشور مہاراج کی پالکی آڑندی سے روانہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment