Friday, 10 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 10 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 10 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۱/جولائی ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ ریاست میں یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے کیلئے سبکدوش جج کی سربراہی میں سات رکنی کمیٹی تشکیل۔
٭ شوگر فیکٹریوں سے کسانوں کو ان کے واجبات دلانے کیلئے حکومت کوشاں، وزیر تعاون کی اطلاع۔
٭ سنت گیانیشور اور سنت تکارام مہاراج کی پالکیاں پونے میں داخل۔
اور۔۔۔ ٭ جائیکواڑی آبی پشتے میں پانی کی سطح 30 فیصد، مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر مسلسل تین دنوں میں بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاست میں یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے کیلئے سپریم کورٹ کی سبکدوش جج جسٹس رنجنا دیسائی کی سربراہی میں سات رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے کل قانون ساز اسمبلی میں یہ اطلاع دی۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ یہ کمیٹی چھ ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرے جبکہ ناگپور میں ہونے والے سرمائی اجلاس میں یکساں سول کوڈ لانے کی کوشش کی جائے گی۔
***** ***** *****
ریاست میں 48 شوگر فیکٹریوں پر گنے کے کاشتکاروں کو مناسب قیمت کے طور پر 298 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ وزیر بابا صاحب پاٹل نے کل قانون ساز کونسل کو بتایا کہ اس رقم کو کسانوں تک پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں اور یہ رقم کسانوں کو جہاں ضرورت ہوگی سود کے ساتھ دی جائے گی۔ پاٹل نے واضح کیا کہ کسان دیگر فیکٹریوں کو گنا دیتے ہیں کیونکہ انہیں گنے کی زیادہ قیمت ملتی ہے، اس لیے زون پر پابندی لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
***** ***** *****
وزیر چندر کانت پاٹل نے کل قانون ساز کونسل میں اطلاع دی کہ حکومت چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن میں واقع سنت پیٹھ کی ترقی کیلئے ضروری فنڈز فراہم کرنے کے بارے میں مثبت ہے، اور فوری ضرورتوں کیلئے ایک کروڑ روپے کا فنڈ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی جانب سے مطالبہ کیے گئے 35 کروڑ روپے فنڈز کے حوالے سے بھی ضروری کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
وزیر شیویندر سنگھ بھوسلے نے کہا کہ پربھنی ضلعے کے دھانورا کاڑے اور وجھور میں گوداوری ندی پر پلوں کے کام سے متعلق باقی کام کے ساتھ ساتھ فنڈز کے بارے میں ضروری کارروائی کی جائے گی۔ وہ کل قانون ساز اسمبلی میں بی جے پی رکنِ اسمبلی اتل بھوسلے کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ وزیر نے یقین دلایا کہ حکومت دونوں پلوں کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
***** ***** *****
تھانے پولس نے ٹی ای ٹی پیپر لیک معاملے میں اتر پردیش سے دو اور ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ دونوں کے نام ہری اوم اور پون یادو ہیں اور تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ یہ دونوں پیپر لیک معاملے میں مالی لین دین سمیت تمام معاملات میں سرگرم عمل تھے۔
***** ***** *****
برکس ممالک کے وزرائے ٹرانسپورٹ کی تیسری میٹنگ کا کل ناگپور میں مرکزی ٹرانسپورٹ سکریٹری وی اوماشنکر نے افتتاح کیا۔ اس موقعے پر ری سائیکلنگ، نقل و حرکت، شہری انفراسٹرکچر، پائیدار ترقی اور ٹرانسپورٹ سیکٹر سے متعلق مختلف مسائل پر بات چیت کی گئی۔
دریں اثناء، برکس کے رکن ممالک کے وزرائے ٹرانسپورٹ کا اہم اجلاس کل 11 اور 12 جولائی کو ناگپور میں منعقد ہوگا۔اس دو روزہ اجلاس میں برکس کے رکن ممالک کے ٹرانسپورٹ وزراء اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے کل شولاپور ضلعے کے پنڈھر پور میں 68 اداروں کا معائنہ کیا۔ اس معائنے کے دوران شہر کے ہوٹلوں، مٹھائی کی دکانوں، ریستورانوں اور پرساد فروشوں سے کھانے پینے کی اشیاء کے 105 نمونے جانچ کیلئے لیے گئے۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ کارروائی اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کی گئی ہے کہ آشاڑھی ایکادشی کے دوران عقیدت مندوں کی صحت کو کوئی خطرہ نہ ہو۔
***** ***** *****
سنت گیانیشور مہاراج اور سنت تکارام مہاراج کی پالکیاں کل عقیدت مندانہ ماحول میں پونے پہنچی۔ پالکی کے راستے کے دونوں طرف عقیدت مندوں نے قطار میں کھڑے ہو کر پاپوش کے درشن کیے۔ پالکی جس میں سیکڑوں وارکری شرکت کررہے ہیں کل پونے سے روانہ ہوگی۔
***** ***** *****
شیگاؤں سے روانہ ہوئی سنت گجانن مہاراج کی پالکی کل بیڑ ضلعے کے پرلی پہنچی۔ پالکی کے استقبال کیلئے سیکڑوں کی تعداد میں عقیدت مند جمع تھے۔ پرلی کے بعد پالکی امباجوگائی اور بوری ساورگاؤں میں رکے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر سے تقریباً 60 سائیکل سوار پنڈھر پور واری کیلئے روانہ ہوئے۔ سائیکلسٹ فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر وجئے ویوو ھارے نے بتایا کہ سائیکل سوار جن کی عمریں 10 سے 79 سال کے درمیان ہیں، ساڑھے تین سو کلومیٹر کا فاصلہ صرف دو دن میں طئے کریں گے۔
دریں اثناء‘ جالنہ سے 25 وارکری سائیکلوں پر پنڈھر پور کیلئے روانہ ہوئے۔ بھوکردن اور جعفرآباد سے سائیکل سواروں کی یہ ٹیم روزانہ 120 کلومیٹر کا سفر طئے کر کے 11 جولائی کو پنڈھرپور پہنچے گی۔
***** ***** *****
ہنگولی کے ضلع کلکٹر راہل گپتا نے کل صبح پانگرا شندے اور کھاپرکھیڑا گاؤں کا دورہ کیا اور زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا معائنہ کیا۔ ضلعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے‘تاہم، 105 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ قومی زلزلہ پیماء مرکز کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز ہنگولی کا علاقہ تھا اور تمام جھٹکوں کی گہرائی 10 کلو میٹر درج کی گئی ہے۔
دریں اثناء‘ لاتور ضلعے کے اودگیر تک اس زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس ضمن میں لاتور کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھارت باسٹیواڑ نے کل متعلقہ سرکاری اداروں کا جائزہ لیا اور احکامات دیئے ہیں کہ اس سلسلے میں اس بات کا خیال رکھا جائے کہ افواہیں نہ پھیلیں، تمام متعلقہ ادارے محتاط رہیں اور آپس میں مل کر کام کریں۔
اس زلزلے سے ناندیڑ ضلعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے، ضلع انتظامیہ نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ تمام متعلقہ ایجنسیوں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کے وشنو پوری میں ناندیڑ تلجا پور بوٹی بوری قومی شاہراہ پر پل کا ایک حصہ گر گیا۔ اس واقعے میں دو افراد معمولی زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کل صبح ٹریفک رواں دواں تھی۔
***** ***** *****
نیشنل چائلڈ ہیلتھ پروگرام کے تحت کل ہنگولی میں ٹو ڈی ایکو چیک اپ کیمپ کا انعقاد صفر سے 18 سال کی عمر کے طالب علموں کیلئے دل کی بیماری کے شبہ میں کیا گیا۔ اس کیمپ میں 92 طلبہ کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 18 طلبہ کو دل کی مفت سرجری کیلئے منتخب کیا گیا۔ ان طلباء کی سرجری سرکاری اسکیم کے تحت تھانے کے K.I.M.S اسپتال میں کی جائے گی۔
***** ***** *****
نندی گرام ایکسپریس کے فرسٹ کلاس ایئر کنڈیشنڈ ڈبے میں غیر مجاز سجاوٹ کیلئے جالنہ کے ایک ڈیکوریٹر اظہر شیخ کے خلاف جالنہ ریلوے پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ متعلقہ بوگی کے ٹکٹ کلکٹر گریش کمار کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ریلوے پولس انسپکٹر پی بی انگلے نے کہا کہ اس واقعہ کی ڈیویژن سطح پر تحقیقات کی جارہی ہے اور اس کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے میں تعلیمی سال 2026 ستائیس میں کلاس پنجم میں پڑھنے والے اہل طلباء کیلئے جواہر نوودئے ودیالیہ کے جماعت ششم کے داخلہ امتحان کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اس داخلہ امتحان کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 31 جولائی 2026 ہے، جبکہ امتحان 28 نومبر 2026 کو ہوگا۔
***** ***** *****
طلباء کو ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی اور دھاراشیو ذیلی کیمپس کے ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ شعبہ جات میں گنجائش سے کم کورسز میں براہ راست داخلہ دیا جائے گا۔ خالی نشستوں پر داخلے کیلئے آن لائن رجسٹریشن 11 سے 31 جولائی کے درمیان یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے کیا جا سکتا ہے۔
***** ***** *****
ناسک ضلعے سے پانی کی آمد کی وجہ سے پیٹھن کے جائیکواڑی آبی پشتے میں زندہ پانی کا ذخیرہ 30 فیصد سے زیادہ ہو گیا ہے۔ ناندور- مدھمیشور سے گوداوری ندی کے طاس میں پانی کا اخراج فی الحال روک دیا گیا ہے، لیکن ناگم ٹھان ڈیم سے 30 ہزار 200 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جاری ہے۔
دریں اثناء، ریاست کے کوکن اور ودربھ کے کچھ اضلاع کے ساتھ ساتھ پونے اور ستارہ اضلاع کے بالائی پہاڑی علاقے میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دریں اثناء‘ مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر آئندہ تین دنوں کیلئے بارش کا امکان محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع تمباکو کنٹرول سیل کی جانب سے ضلعے کے مختلف سرکاری دفاتر میں تمباکو کی مصنوعات کا استعمال کرنے والے ملازمین کے خلاف ایک خصوصی تعزیری مہم چلائی جا رہی ہے۔ کل پنچایت سمیتی دفتر کے معائنہ کے دوران 14 ملازمین سے 2800 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ ریاست میں یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے کیلئے سبکدوش جج کی سربراہی میں سات رکنی کمیٹی تشکیل۔
٭ شوگر فیکٹریوں سے کسانوں کو ان کے واجبات دلانے کیلئے حکومت کوشاں، وزیر تعاون کی اطلاع۔
٭ سنت گیانیشور اور سنت تکارام مہاراج کی پالکیاں پونے میں داخل۔
اور۔۔۔ ٭ جائیکواڑی آبی پشتے میں پانی کی سطح 30 فیصد، مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر مسلسل تین دنوں میں بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 10.07.2025 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 10 July 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...