Tuesday, 28 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 28 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 28 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/جولائی ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
٭ سوالیہ پر چے لیک ہونے کے معاملات کے تدارک سے متعلق بل پر آج پارلمنٹ میں بحث
٭ وزیر اعظم قومی زرعی ترقیاتی اسکیم کے تحت ریاست کے لیے 335/کروڑ روپیئے کی دوسری قسط منظور
٭ اس سال کا شیام دیشپانڈے گرنتھ سکھا ایوارڈ پر بھنی کے ڈاکٹر پون چانڈک کو دینے کا اعلان
٭ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی۔دو طلائی سمیت 10تمغے جیتے۔
٭اور۔ ریاست میں آئندہ چار دنوں تک موسلادھار بارش کی پیش گوئی۔

اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
مسابقتی امتحانات میں قبل از وقت سوالیہ پرچے افشاء ہونے کے معاملات کے تدارک کے سلسلے میں ”عوامی امتحانات میں ناجائز زرائع کی روک تھام ترمیمی بل 2026“ پر آج لوک سبھا میں بحث ہوگی۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی جانب سے کی گئی ثالثی کے بعد حزب اختلاف کے ارکان نے اس بل پر آج بحث و مباحثے کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس ترمیمی بل میں بدعنوانیوں کے ارتکاب کی تیز رفتار جانچ، فاسٹ ٹریک عدالتوں میں ان معاملات کی سماعت اور خاطیوں کو سخت سزائیں دینے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
گذشتہ روز ایوان میں شدید شور ورغل کے دوران ہی یہ بل مملکتی وزیر جتیندر سنگھ نے لوک سبھا میں پیش کیا۔اسپیکر اوم برلا نے بتایا کہ اس بل پر بحث کے لیے چھ گھنٹے مختص کئے گئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید وقت بھی دیا جا سکتا ہے۔
نیٹ کے سوالیہ پرچے لیک ہونے پر شدید احتجاج کرنے والے طلباء کے خلاف در ج کردہ ایف آئی آر واپس لیے جانے کے مطالبے پر کل پارلمینٹ کے دونوں ایوانوں میں حزب اختلاف نے شدید نعرے بازی کی۔ زور دار ہنگامہ آرائی کے سبب چار مرتبہ ایوان کی کاروائی ملتوی کرنی پڑی۔ بعد ازاں دونوں ایوانوں کا کام کاج دن بھر کے لیے ملتوی کردیا گیا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے خوراک و ادویہ محکمے کے لیے ''ڈرگ انسپکٹر گروپ-بی'' بھرتی کے لیے ہونے والے مسابقتی امتحان کا سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوے کا مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن نے نوٹس لیا ہے۔ کمیشن کے چیئرمین وویک بھیمنوار نے بتایا کہ اس معاملے کی مکمل جانچ کی جائے گی، ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی اور ذمہ دار افراد کے خلاف شکایت درج کرائی جائے گی۔
***** ***** *****
ٹی ای ٹی (TET) پرچہ لیک معاملے میں آگرہ سے تعلق رکھنے والے ملزم سونو کمار نے کل بھیونڈی کی عدالت میں خود سپردگی کردی۔ بعد ازاں عدالت نے اسے پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔ اس معاملے میں گرفتار ملزمان کی تعداد اب 15 ہو گئی ہے۔ خبروں کے مطابق اس بین الریاستی ریکیٹ کے دیگر ملزمان کے کردار کی بھی پولیس گہرائی سے جانچ کر رہی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم قومی زرعی ترقیاتی اسکیم کے تحت مہاراشٹر کے لیے 335 کروڑ روپے کی دوسری قسط کو مرکزی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔ وزیر زراعت دتاتریہ بھرنے نے بتایا کہ دوسری قسط کے لیے اہل قرار پانے والا مہاراشٹر ملک کی پہلی ریاست ہے۔ اس فنڈ کے استعمال سے مختلف زرعی منصوبوں پر مؤثر عمل درآمد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر تعلقہ کے نو دیہاتوں اور پَیٹھن میں ''وسندھرا'' کے نام سے جامع واٹرشیڈ مینجمنٹ پروگرام پر عمل کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ ٹویوٹا-کرلوسکر موٹرز کے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری فنڈ، ریاستی حکومت اور عوامی شراکت کے ذریعے چلایا جائے گا۔ اس سلسلے میں 22 جولائی کو مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ واٹرشیڈ آرگنائزیشن ٹرسٹ کے علاقائی منیجر شیام پڈولکر نے کل یہ اطلاع دی۔ اس منصوبے کے ذریعے علاقے میں پانی کی قلت دور کر کے زرعی شعبے کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔
***** ***** *****
اس سال کا شیام دیشپانڈے مینوریل گرنتھ سکھا ایوارڈ پربھنی کے ڈاکٹر پون چانڈک کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مطالعے کی تہذب کو فروغ دینے کے لیے زندگی بھر خدمات انجام دینے والے شیام دیشپانڈے کی یاد میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے سنڈے کلب اور دیشپانڈے خاندان کی جانب سے یہ ایوارڈ دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ 9 اگست کو چھترپتی سمبھاجی نگر کے سوامی رامانند تیرتھ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ہال میں منعقد ہونے والی تقریب میں تفویض کیا جائے گا
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھتر پتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جار ہی ہیں
***** ***** *****
بیڑ ضلع پریشد کی طالبہ انوجا ہاوڑے نے بھارت ٹیلنٹ سرچ (BTS) امتحان میں ریاست بھر میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ ستاراکے ضلع پریشد اسکول میں جماعت دوم کی طالبہ انوجا کا انتخاب بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارہ (ISRO) کے تعلیمی مطالعاتی دورے اور مختلف منصوبوں کے مشاہدے کے لیے کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست بھر میں مانسون سرگرم ہونے کے باوجود پربھنی میں اب بھی موسلادھار بارش کا انتظار ہے۔ اب تک صرف اوسطاً 88 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ چار لاکھ پچیس ہزار ہیکٹر رقبے پرتخم ریزی مکمل ہو چکی ہے۔گذشتہ دو دنوں سے ضلع میں ہلکی بارش ہو رہی ہے۔ لیکن زیر زمین سطح آب میں کمی واقع ہوئی ہے۔ بہتر بارش نہ ہونے کے باعث کاشتکاری کے کام ٹھپ پڑے ہیں۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے دوبارہ تخم ریزی کی ضرورت پڑنے پر بہترین بیج فراہم کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔
***** ***** *****
قومی اطفال صحت پروگرام کے تحت ناندیڑ ضلع اسپتال میں منعقد ہ خصوصی امراضِ قلب جانچ کیمپ میں 109 بچوں کا 2-D ایکو معائنہ کیا گیا۔ ان میں سے پیدائشی دل کے مرض میں مبتلا 17 بچوں کو کل تھانہ کے کیمز (KIMS) اسپتال میں مفت آپریشن کے لیے روانہ کیا گیا۔
***** ***** *****
درج فہرست ذاتوں کی ذیلی درجہ بندی کے مؤثر نفاذ کے مطالبے پر ماتنگ برادری کی جانب سے کل لاتور میں ایک احتجاجی مارچ نکالا گیا۔ اس مارچ میں ریاست بھر سے آنے والے سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سمردھ گرام مہم کے تحت کل دھاراشیو میں ''ویژن دھاراشیو 2030 – آپلا جیو دھاراشیو'' مہم کا افتتاح دیہی ترقی کے وزیر جے کمار گورے کی موجودگی میں کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع پریشد کے تمام افسران اور ملازمین سے متحد ہو کر کام کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں موسم خریف کے دوران سویا بین کی فصلوں سے متعلق کسانوں کی بڑی تعداد میں شکایات موصول ہونے کے بعد محکمہ زراعت نے کارروائی کرتے ہوئے چھ بیج تیار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔ ان بیجوں کے نمونے تجربہ گاہ میں جانچ کے لیے بھیجے گئے تھے، جن میں سے بعض نمونے غیر معیاری پائے گئے، ہمارے نمائندے نے یہ اطلاع دی ہے۔
***** ***** *****
تلجاپور میں آج ''چھترپتی شیواجی مہاراج ریونیو مہم'' کے تحت سمادھان اور مہا آروگیہ کیمپ منعقد کیا جا رہا ہے۔، انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ اس کیمپ سے زیادہ سے زیادہ شہری فائدہ اٹھائیں۔
ناندیڑ ضلع میں یکم اگست کو ''نشہ مُکت یووا – وکست بھارت'' قومی مہم چلائی جائے گی۔ اس کے تحت شہر کے یشونت مہاودیالیہ میں ضلعی سطح کے ثقافتی مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ ان مقابلوں میں شرکت کے لیے 15 سے 29 سال عمر کے نوجوانوں کو مائی بھارت پورٹل پر آن لائن رجسٹریشن کرنا لازمی ہوگا۔
***** ***** *****
چین میں جاری عالمی نشانہ بازی مقابلوں میں بھارت کی ایشا سنگھ نے 25 میٹر پسٹل مقابلے میں طلائی تمغہ جیت لیاہے جبکہ اسی مقابلے میں منو بھاکر نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ اس کامیابی پر دونوں نشانہ بازوں کو مبارکباد دی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
گلاسگو میں جاری دولتِ مشترکہ کھیلوں میں پیرا شاٹ پٹ خواتین کے F57 مقابلے میں بھارت کی شرمیلا دھنکر نے طلائی تمغہ جیت لیاہے۔ وہ پیرا ایتھلیٹکس میں طلائی تمغہ جیتنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ہائی جمپ میں سرویش کمار نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس کے علاوہ ویٹ لفٹنگ میں ولّوری اجیا بابو اور گیانیشوری یادو نے بھی چاندی کے تمغے جیتے، جبکہ بندیارانی دیوی نے 58 کلوگرام وزن کے زمرے میں کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
ٍ اب تک بھارت نے ان مقابلوں میں 2 طلائی، 5 چاندی اور 3 کانسے سمیت مجموعی طور پر 10 تمغے حاصل کیے ہیں۔دریں اثنا، تیراکی میں سواتک پاٹل اور ساجن پرکاش نے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ایتھلیٹکس میں مرلی شری شنکر نے لانگ جمپ جبکہ تیجس شرسے نے ہرڈلزکی دوڑ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
***** ***** *****
اہلیہ نگر اور ناسک اضلاع میں ہونے والی بارش کے باعث پَیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم میں پانی کی بڑی آمد جاری ہے۔۔ اس وقت ناسک ضلع کے مختلف ڈیموں سے دریائے گوداوری میں چھوڑا گیا پانی ناندور مدھمیشور کے راستے 46 ہزار کیوسک کی رفتار سے جائیکواڑی ڈیم کی جانب بہہ رہا ہے، جس کے نتیجے میں ڈیم کا پانی بڑھ کر 61 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح اوجنی ڈیم علاقے سے بھی بڑی مقدار میں پانی آرہا ہے اور ڈیم تقریباً 94 فیصد بھر چکا ہے۔
ناندیڑ ضلع کے چھ ریونیو حلقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ مکھیڑ تعلقہ کے مکھیڑ اور چانڈولا، کندھار تعلقہ کے پیٹھ وڑج اور باروڑ، جبکہ دیگلور تعلقہ کے دیگلور اور خاناپور ریونیو حلقوں میں 65 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔
***** ***** *****
ممبئی محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چار دنوں تک موسلادھار سے انتہائی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ مراٹھواڑہ میں بیڑ، دھاراشیو اور لاتور کے علاوہ دیگر تمام اضلاع کے لیے آج ییلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ ودربھ کے بیشتر اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
سرخیاں
٭ سوالیہ پر چے لیک ہونے کے معاملات کے تدارک سے متعلق بل پر آج پارلمنٹ میں بحث
٭ وزیر اعظم قومی زرعی ترقیاتی اسکیم کے تحت ریاست کے لیے 335/کروڑ روپیئے کی دوسری قسط منظور
٭ اس سال کا شیام دیشپانڈے گرنتھ سکھا ایوارڈ پر بھنی کے ڈاکٹر پون چانڈک کو دینے کا اعلان
٭ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی۔دو طلائی سمیت 10تمغے جیتے۔
٭اور۔ ریاست میں آئندہ چار دنوں تک موسلادھار بارش کی پیش گوئی۔

No comments:

Text -आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 02.10.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 02 October 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...