Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 26 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/جولائی ۶۲۰۲ء
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ NEET پیپر افشاء ہونے کے معا ملے میں جاری احتجاجی مظاہرہ ختم کرنے کا کاکروچ جنتا پارٹی کا اعلان۔
٭ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان مستعفی؛پرہلاد جوشی کو دی گئی عبوری اضافی ذمہ داری۔
٭ آج کارگل وجئے دیوس؛ ذریعے ملک پر جان نچھاور کرنے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ وزیر اعظم نریندر مودی آج ”من کی بات“ پروگرام میں عوام سے مخاطب ہوں گے۔
٭ بھارت کی اناہت سنگھ نے لڑکیوں کی عالمی جونیئر اسکواش چمپئن شپ جیت لی۔
اور۔۔۔ ٭ بھارت نے زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ جیت کر سیریز میں ناقابلِ شکست سبقت حاصل کرلی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
کاکروچ جنتا پارٹی نے NEET پرچے افشاء ہونے کے معاملے میں جاری احتجاجی مظاہرہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ CJP کے ترجمان سوربھ داس اور آشوتوش رانکا نے کل نئی دہلی میں مرکزی وزراء جے پی نڈا اور جتیندر سنگھ کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کی۔ ان مذاکرات کے بعد منعقدہ ایک مشترکہ صحافتی کانفرنس میں نڈا نے کہا کہ حکومت نے سی جے پی کی جانب سے کیے جارہے تمام مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا اور ان مطالبات کو تسلیم کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا...
Byte: Union Minister J.P. Nadda
سی جے پی کے ترجمانوں نے اس اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے احتجاج میں شریک طلباء اور سی جے پی کے احتجاج کے منتظمین کے خلاف کارروائی نہ کرنے، خود کشی کرنے والے طلباء کے لواحقین کو قواعد کے مطابق زیادہ سے زیادہ مالی امداد فراہم کرنے اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کے حوالے سے اٹھائے گئے مسائل پر غور کرنے جیسے تمام مطالبات کو تسلیم کر لیا ہے۔ اس لیے انھوں نے اعلان کیا کہ وہ فوری طور پر احتجاج واپس لے رہے ہیں۔ ترجمان آشوتوش رانکا نے احتجاج میں شریک تمام طلبہ سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا..
Byte: Ashutosh Ranka
***** ***** *****
سی جے پی کے مطالبے پر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو پیش کر رہے ہیں‘ تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ملک دشمن عناصر جنتر منتر پر ہونے والے احتجاج اور مجموعی صورت حال کا فائدہ نہ اٹھائیں اور طلباء اپنا وقت اور توانائی مستقبل کی تعمیر کیلئے استعمال کریں۔ مرکزی وزیر پرہلاد جوشی کو اب وزارتِ تعلیم کا عبوری قلمدان دے دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء، این سی پی شرد چندر پوار پارٹی کے صدر شرد پوار نے کہا ہے کہ پردھان کا استعفیٰ نوجوانوں کی طاقت و اتحاد اور جمہوریت کیلئے ایک بڑی فتح ہے۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے تھا۔
***** ***** *****
سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور ایم این ایس کے صدر راج ٹھاکرے نے کہا ہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ ختم کرنے کے باوجود ممبئی میں آج مجوزہ ترنگا مارچ اعلان کے مطابق ہی ہو گا۔ وہ کل‘ ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ مظاہرین کے خلاف پُر تشددکارروائی کرنے والی دہلی پولس کے خلاف کارروائی کی جائے گی یا نہیں؟۔
***** ***** *****
مہاراشٹر اساتذہ اہلیتی امتحان یعنی (ٹی ای ٹی) کے سوالیہ پرچہ قبل از وقت افشاء ہونے کے معاملے میں مرکزی ملزم سمجھے جانے والے وجیندر کمار گپتا اور اندرجیت سنہاکو کل بھیونڈی پولس نے بہار سے گرفتار کرلیا۔ بعد ازاں‘ بھیونڈی کی ایک عدالت نے ان دونوں ملزمان کو 30 جولائی تک پولس کی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔ وجیندر کمار گپتا کے آگرہ میں ایک پرنٹنگ پریس کے ملازمین کے ساتھ مالی لین دین کے معاملات کا انکشاف ہوا ہے۔ اس معاملے میں گرفتار ملزمان کی تعداد اب 14 تک ہوچکی ہے۔ 28 جون کو ہونے والا ٹی ای ٹی امتحان سوالنامہ قبل از وقت افشاء ہونے کے بعد ملتوی کر دیا گیا تھا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
کارگل وجئے دیوس آج منایا جا رہا ہے۔ 1999 میں ہندوستانی فوج کی پاکستان کیخلاف معرکے کی 27 ویں سالگرہ کے موقعے پر کل سے لداخ کے شہر دراس میں دو روزہ تقاریب کا آغاز ہوا۔
آج ریاست بھر میں مختلف مقامات پر اس جنگ کے جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے کرانتی چوک علاقے میں آج صبح یوگا اینڈ اسپورٹس ویلفیئر اینڈ سائیکلسٹ فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا‘ جس میں ہندوستانی فوجیوں کی شجاعت کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
اتر پردیش میں سارناتھ کے مقدس مقام کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔ تتھاگت بھگوان گوتم بدھ کی زندگی کے اس اہم مقام کو عالمی سطح پر شناخت دئیے جانے کے اس فیصلے پروزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اظہارِ مسرت کیا ہے۔
دریں اثناء، وزیر اعظم آج صبح گیارہ بجے آکاشوانی کے ماہانہ پروگرام”من کی بات“ کے ذریعے سامعین سے خطاب کریں گے۔ یہ اس سلسلے کی 136ویں قسط ہے۔ یہ پروگرام آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام چینلز، نیوز ویب سائٹ اورنیوز آن اے آئی آر موبائل ایپ پر نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
گزشتہ روز آشاڑھی ایکادشی کا تہوار روایتی عقیدت اور احترام سے منایا گیا۔ مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے تمام وٹھل مندروں میں درشن کیلئے عقیدت مندوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے قریب والوج میں واقع پنڈھر پور مندر میں کل صبح سے ہی عقیدت مندوں کا ہجوم تھا۔ ہزاروں عقیدت مندوں نے منظم قطار میں وٹھل-رکمنی کے درشن کیے۔ پیٹھن میں، آشاڑھی ایکادشی کے موقع پر شری سنت ایکناتھ مہاراج کے درشن کیلئے وارکریوں اور عقیدت مندوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔ سنت ایکناتھ سنستھان کے صدر اور رکنِ اسمبلی ولاس بھومرے نے اپنی اہلیہ کے ساتھ سمادھی کے درشن کیے۔
بیڑ‘ پربھنی‘ ہنگولی، جالنہ اور مراٹھواڑہ کے دیگر اضلاع میں بھی ہزاروں عقیدت مندوں نے وٹھل‘ رکمنی مندروں میں درشن کیے اور مہاآرتی پوجا کی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کی پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم 2026“ کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے ایک ہزار 276 دیہاتوں کے ننانوے ہزار 648 اہل کسانوں کی فہرست سرکاری پورٹل پر جاری کردی گئی ہے۔ ضلع ڈپٹی رجسٹرار سمرت جادھو نے یہ اطلاع دی۔ جادھو نے کسانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ آدھار کی تصدیق اور ایگری اسٹیک رجسٹریشن کو فوری طور پر مکمل کریں۔
ناندیڑ ضلعے کے ایک ہزار 582 دیہاتوں کے کل 96 ہزار 920 کسان اسکیم کے تحت اہل قرار دئیے گئے ہیں۔ ضلع ڈپٹی رجسٹرار شاہوراج ہیرے نے بتایا کہ ان کسانوں کی فہرست سرکاری پورٹل پر جاری کر دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں کل شام تقریباً چھ بجکر پچاس منٹ پر زلزلے کے خفیف جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیماء پر زلزلے کی شدت تین اعشاریہ ایک ریکارڈ کی گئی۔ ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں اور افواہیں نہ پھیلائیں۔
***** ***** *****
بھارتی اسکواش کھلاڑی اناہت سنگھ نے ورلڈ جونیئر اسکواش چمپئن شپ جیت لی ہے۔ گزشتہ روز کینیڈا کے اونٹاریو، میں کھیلے گئے فائنل میچ میں اناہت نے مصر کی رقیہ سالم کو 11-3، 11-7، 11-9 سے شکست دی۔ اناہت جونیئر اسکواش چمپئن شپ جیتنے والی پہلے بھارتی کھلاڑی بن گئی ہیں۔
***** ***** *****
بھارت نے کل‘ زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کا دوسرا میچ 90 رنوں سے جیت کر تین میچوں کی سیریز میں ناقابلِ تسخیر برتری حاصل کر لی۔ گزشتہ روز ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی جانب سے دیے گئے 220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 18ویں اوور میں صرف 129 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
***** ***** *****
موسم: ودربھ کے بیشتر اضلاع میں آج بارش کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، کوکن میں آرینج الرٹ اور پونے ضلع کے بالائی علاقے کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع میں آج تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ناسک ضلع میں بارش کی وجہ سے ناندور- مدھیمیشور پشتے سے تقریباً 64 ہزار ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ احمد نگر اور ناسک اضلاع سے پانی چھوڑنے کی وجہ سے فی الحال تقریباً 80 ہزار ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی جائیکواڑی ڈیم میں داخل ہو رہا ہے۔ جس سے جائیکواڑی منصوبے میں پانی کا ذخیرہ 48 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ NEET پیپر افشاء ہونے کے معا ملے میں جاری احتجاجی مظاہرہ ختم کرنے کا کاکروچ جنتا پارٹی کا اعلان کیا۔
٭ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان مستعفی؛پرہلاد جوشی کو دی گئی عبوری اضافی ذمہ داری۔
٭ آج کارگل وجئے دیوس؛ ملک پر جان نچھاور کرنے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ وزیر اعظم نریندر مودی آج ”من کی بات“ پروگرام میں عوام سے مخاطب ہوں گے۔
٭ بھارت کی اناہت سنگھ نے ورلڈ جونیئر اسکواش چمپئن شپ کی فاتح۔
اور۔۔۔ ٭ بھارت نے زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ جیت کر سیریز میں برتری ناقابلِ شکست سبقت حاصل کرلی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment