Tuesday, 14 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 14 JULY-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سپریم کورٹ نے رام جنم بھومی عطیہ غبن کیس میں حکومت اور رام جنم بھومی تیرتھ شیتر نیاس کوجاری کی نوٹس
٭ اربن چیلنج فنڈ مہم کی وجہ سے شہری انفراسٹرکچر اور خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری - وزیر اعلیٰ کا اظہار اعتماد
٭ ساسوڑ-جیجوری روڈ پر ڈنڈی ٹرک حادثے میں تین وارکری خواتین کی موت
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی کارروائی، تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کا کم معیار کا خوردنی تیل ضبط
ا لارڈز ٹیسٹ میں بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف تاریخی فتح

***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
سپریم کورٹ نے ایودھیا کی رام جنم بھومی مندر میں عطیات اور عطیہ کی گئی اشیاء کے غبن کے معاملے میں مرکزی اور اتر پردیش حکومتوں کے ساتھ ساتھ رام مندر کا انتظام سنبھالنے والی شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر نیاس کو نوٹس جاری کیا ہے۔ درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جومالیہ باغچی اور جسٹس وی موہنا کی بنچ کے روبرو ہو رہی ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ اس کیس کی تفتیش کرنے والی اتر پردیش پولیس کی تفتیشی ٹیم، تحقیقات پر پیشرفت رپورٹ پیش کرے۔
***** ***** *****
اتراکھنڈ کی بدری ناتھ مندر میں چندہ گھوٹالے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ کل رات خصوصی تفتیشی ٹیم (SIT) نے بدری کیدار مندر کمیٹی کے چیئرمین کو پوچھ تاچھ کے لیے دہرہ دون سے اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ریکارڈ کی جانچ شروع کر دی ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے یقین ظاہر کیا ہے کہ شہروں کی تخلیقی ترقی کے لیے اختراعی مہم، اربن چیلنج فنڈ، شہری بنیادی ڈھانچے اور خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری لائے گی۔ وہ اربن چیلنج فنڈ مہم کے مسودے پر کل ممبئی میں منعقدہ ایک تفصیلی بحث میں مخاطب تھے۔ اس سے قبل ناسک اور پونے میونسپل کارپوریشنوں میں پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے لیے اس بنیاد پر فنڈز اکٹھے کئے جا چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسکے لیے قومی اعلیٰ کمیٹی کی منظوری بھی حاصل کر لی گئی ہے، اور پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن اور ناگپور میونسپل کارپوریشن کے کچھ منصوبوں کو اس طریقے سے فنڈ فراہم کیا جائے گا۔
***** ***** *****
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ فڑنویس نے کارکنوں سے متعلق مختلف قوانین میں ترامیم کے ذریعے وسیع 'مزدوروں کے مفادات کے تحفظ کو ترجیح دینے کی ہدایت دی ہے۔ وہ کل ممبئی میں اس ضمن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی تجویز دی کہ اگر ریاستی ضابطوں کو مرکزی لیبر قوانین سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ریاست کے مفاد کے لئے کوئی ترمیم ضروری ہے تو وہ کی جانی چاہئے۔
***** ***** *****
کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل - CAG کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ریاست میں بند پڑے چھ ہاسٹلز کو پچھلے چار سالوں سے سرکاری گرانٹ مل رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان میں سے چار ہاسٹل جالنہ ضلعے میں ہیں اور ایک ایک ہاسٹل لاتور اور بلڈھانہ اضلاع میں ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چار سالوں سے ان میں ایک بھی طالب علم نہیں رہ رہا ہے، اس کے باوجود ریاستی حکومت کے سماجی انصاف کے محکمے نے ان ہاسٹلوں کو ڈیڑھ کروڑ روپے سے زیادہ کی گرانٹ دی ہے۔ سی اے جی نے یہ بھی کہا ہے کہ ریاست کے 49 سرکاری ہاسٹلوں میں کوئی سپروائزر نہیں ہے، جب کہ لڑکیوں کے پانچ ہاسٹلوں میں مرد نگرانوں کی تقرری کی گئی ہے۔ حکومت کا سال 2020 تک 200 ہاسٹلز کی تعمیر کا ہدف خاطر خواہ فنڈز کی منظوری کے باوجود پورا نہیں ہو سکا۔
***** ***** *****
شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے صدر ادھو ٹھاکرے نے کاکروچ جنتا پارٹی اور ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی جانب سے جے این یو اور جنتر منتر کے علاقوں میں مسابقتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف شروع کیے گئے احتجاج کی کھلے عام حمایت کی ہے۔ وہ کل ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان NEET پیپر لیک ہونے کے بعد استعفیٰ دیں اور متاثرہ طلباء کو معاوضہ ملے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ شیوسینا 20 جولائی کو پارلیمنٹ تک مظاہرین کے مارچ کی حمایت کے لیے مہاراشٹر میں بھی احتجاج کرے گی۔
***** ***** *****
بھیونڈی کی ایک عدالت نے ٹی ای ٹی پیپر لیک معاملے میں گرفتار دو ملزمین کو عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ اس معاملے میں اب تک 12 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جب کہ دو اہم ملزمان ابھی تک مفرور ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پونے ضلعے کے ساسوڑجیجوری روڈ پر سنت گیانیشور ماؤلی کی پالکی کے سامنے سے گزری ایک وارکری ڈنڈی کو لے جانے والی ٹرک کی زد میں آکر تین وارکری خواتین کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اس حادثہ میں چار وارکری خواتین زخمی ہوگئیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ٹرک ناندیڑ ضلعے کے ایک ڈنڈی کا تھا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ متوفی خاتون سانگلی ضلعے کے کسبے ڈگرج گاؤں کی رہنے والی ہے۔
وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے اور مرنے والی وارکری خواتین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے مرنے والوں کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اور پونے کی سرپرست وزیر سنیترا پوار نے اس واقعے پر غم کا اظہار کیا ہے اور اسپتال جاکر زخمی وارکری خواتین کی عیادت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وارکری خواتین کی حفاظت ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اس لیے پوار نے سبھی سے اپیل کی کہ وہ گاڑی چلاتے وقت وارکریوں کا خیال رکھیں۔نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ متعلقہ ایجنسیوں کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ واری کے دوران مکمل حفاظتی اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
***** ***** *****
پیٹھن کے سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکی نے کل بیڑ ضلعے کے ہٹکرواڑی کا گارماتھا گھاٹ کو عبور کیا۔ روایت کے مطابق دیہاتیوں نے ناتھ کی اولاد کو بغیر بیلوں کے گاڑی میں ڈال کر اپنی طاقت سے گارماتھا پہاڑ کو عبور کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں نوجوانوں اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ گارماتھا پہاڑ پر پہنچنے کے بعد ناتھ کی اولاد کی ستائش کی گئی
***** ***** *****
سنت گیانیشور مہاراج کی پالکی کل جیجوری پہنچی۔ شہریوں نے جوش و خروش سے پالکی کا استقبال کیا جبکہ سنت تکارام مہاراج کی پالکی کل ور ونڈ میں ٹھہری تھی
***** ***** *****
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن محکمے نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں دو اداروں پر چھاپہ مارا اور غیر معیاری خوردنی تیل کا ایک بڑا ذخیرہ ضبط کیا۔ ان اداروں کے نام بگاڑیہ ایگرو پروڈکٹس اور بگاڑیہ ویجیٹیبل پراڈکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ ہیں۔ یہاں سے تقریباً ایک لاکھ نوے ہزار 643 کلو کا پام تیل، سویا بین تیل، کاٹن آئل، اور نامعلوم سبزیوں کا تیل ضبط کیا گیا۔ اس ذخیرے کی بازاری قیمت تقریباً تین کروڑ روپے ہے۔ یہ کارروائی گودام میں موجود ناسازگار حالات، تیل پر گندگی اور پیکنگ کے ناقص نظام کی وجہ سے کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ تیل کے نمونے جانچ کے لیے بھیجے گئے ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے گیورائی تعلقہ کے جاتے گاوں میں لوکل کرائم برانچ نے تقریباً آٹھ لاکھ روپے مالیت کا ممنوعہ گٹکا ضبط کیا۔ پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر یہ کارروائی کی۔ اس معاملے میں تلواڑہ پولس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی، ناندیڑ کے وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر نے کہا کہ طلبہ یونیورسٹیوں اور کالجوں کی تمام تعلیمی سرگرمیوں کا مرکز ہیں اور یونیورسٹی ہمیشہ ان کی مجموعی بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ وہ کل یونیورسٹی کے اسمبلی ہال میں کالجز کے مختلف انتظامی اور تعلیمی مسائل کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
***** ***** *****
چھترپتی سنبھاجی نگر ضلع پریشد کی جانب سے نشہ سے پاک اور بچوں کی شادی سے آزاد چھترپتی سمبھاجی نگر پندھرواڑہ مہم کا کل افتتاح کیا گیا۔ 31 جولائی تک جاری رہنے والے اس اقدام میں مختلف بیداری پروگراموں کو روبہ عمل لایا جائے گا۔
***** ***** *****
بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے لندن میں منعقدہ لارڈز ٹیسٹ میں تاریخی فتح حاصل کی۔ کل مقابلے کے چوتھے دن بھارتی ٹیم نے میزبان انگلینڈ کو 186 رنز پر آؤٹ کر کے ٹیسٹ 270 رنز سے جیت لیا۔ اسنیہ رانا نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ سائلی ست گھرے، کرانتی گوڈ اور دیپتی شرما نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں بھارت کی جانب سے یاستیکا بھاٹیا نے سب سے زیادہ 113 رنز بنائے جبکہ اسمرتی مندھانہ نے 70 رنز بنائے۔ اس مقابلے میں سات وکٹیں لینے والی کرانتی گوڑ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سپریم کورٹ نے رام جنم بھومی عطیہ غبن کیس میں حکومت اور رام جنم بھومی تیرتھ شیتر نیاس کوجاری کی نوٹس
٭ اربن چیلنج فنڈ مہم کی وجہ سے شہری انفراسٹرکچر اور خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری - وزیر اعلیٰ کا اظہار اعتماد
٭ ساسوڑ-جیجوری روڈ پر ڈنڈی ٹرک حادثے میں تین وارکری خواتین کی موت
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی کارروائی، تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کا کم معیار کا خوردنی تیل ضبط
لارڈز ٹیسٹ میں بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف تاریخی فتح
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...