Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 13 July-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۱/جولائی ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آئندہ تین برسوں میں ریلوے کے145 اڑان پلوں کی تعمیر مکمل کی جائے گی: وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ معیاری صحت کی سہولیات معاشرے کے آخری فرد تک پہنچنی چاہیے: لوک سبھا اسپیکر کا اظہارِ خیال۔
٭ پمپری چنچوڑ کے کچرا ڈپو حادثے میں مجموعی طور پر نو افراد ہلاک؛ بچاؤ مہم کا اختتام۔
٭ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آلِ ثانی کا انتقال۔
اور۔۔۔٭ آشاڑھی یاتراکیلئے ایس ٹی کارپوریشن کی جانب سے ساڑھے پانچ ہزار خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریلوے پھاٹک سے پاک مہاراشٹر بنانے کیلئے آئندہ تین برسوں میں ریلوے کے 145اڑان پل تعمیر کیے جائیں گے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یہ اعلان کیا۔ ناگپور میں مہاریل کی جانب سے تیار کیے گئے ناگپور، سانگلی، ستارا، ناسک، چندرپور اور امراوتی اضلاع کیلئے 484 کروڑ روپے مالیت کے نو اہم بنیادی سہولیات کے منصوبوں کا افتتاح کل وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ریکارڈ مدت میں اور اعلیٰ معیار کے ساتھ یہ تمام کام مکمل کرنے پر ”مہاریل“ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے بتایا کہ مہاریل نے آئندہ تین برسوں میں ان تمام اڑان پلوں کی تعمیر مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس تقریب میں مرکزی وزیر نتن گڈکری، وزیرِ محصولات چندر شیکھر باونکولے، مالیات کے وزیرِ مملکت آشیش جیسوال اور دیگر مقامی عوامی نمائندے موجود تھے۔ اس موقع پر نتن گڈکری نے کہا کہ ”مہاریل“ کی جانب سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبے تیز رفتاری اور معیاری انداز میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔
***** ***** *****
اسی دوران ناگپور میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مہرشی سدرشن والمیکی کالونی اور وزیرِ اعظم رہائشی اسکیم کے تحت ”سوپن پورتی سدنیکا“ رہائشی منصوبے کا سنگِ بنیاد بھی وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس کے ہاتھوں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کارکنوں سمیت معاشرے کے ہر طبقے کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے ریاستی حکومت پُرعزم ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ بڑے شہروں کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد ہی لاڈ پاگے کمیٹی کی سفارشات کے مطابق تقریباً 500 افراد کو تقرری کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلانے کہا ہے کہ معیاری صحت کی خدمات معاشرے کے آخری فرد تک پہنچنی چاہیے۔ وہ کل ناسک میں اشوکا ہیلتھ سٹی اور اشوکا خواتین و اطفال اسپتال کے افتتاح کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے مختلف منصوبے نافذ کر رہی ہیں جن سے شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند اور بیماریوں سے پاک زندگی کیلئے ہر شخص کو یوگا اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانا چاہیے۔ اس موقع پر خوراک و شہری رسد کے وزیر چھگن بھجبل بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
پمپری چنچوڑ کے موشی کچرا ڈپو میں پیش آنے والے حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام نو افراد کی لاشیں ملنے کے بعد کل بچاؤ مہم ختم کر دی گئی۔ گزشتہ آٹھ تاریخ کو دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے ایک عمارت پر کچرے کا بڑا ڈھیر گرنے سے یہ حادثہ پیش آیا تھا۔ مرنے والوں میں چھترپتی سمبھاجی نگر کا ایک رہائشی بھی شامل ہے۔ پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر وجے سوریہ ونشی نے ہدایت دی ہے کہ جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کو فی کس دس لاکھ روپے مالی امداد فراہم کرنے کیلئے فوری کارروائی کی جائے۔
***** ***** *****
قطر کے سابق امیر حمد بن خلیفہ آلِ ثانی کا کل 74 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ شیخ حمد نے 18 برس تک قطر کی قیادت کی اور 2013 میں رضاکارانہ طور پر اقتدار اپنے بیٹے کے حوالے کر دیا تھا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کے حقیقی دوست تھے۔ ان کے احترام میں حکومت ِ ہند نے آج ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے آشاڑھی یاترا کیلئے ساڑھے پانچ ہزار خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ یہ اعلان ریاستی وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سر نائیک نے کیا۔ وہ کل پنڈھرپور کے چندر بھاگا بس اسٹینڈ پر آشاڑھی یاترا کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں ایس ٹی کارپوریشن کے افسران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کسی بھی گاؤں سے اگر 40 یا اس سے زیادہ عقیدت مند اجتماعی طور پر درخواست کریں گے تو اس گاؤں سے براہِ راست پنڈھرپور کیلئے خصوصی ایس ٹی بس فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 75 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کو مفت سفر کی سہولت دی جائے گی جبکہ دیگر مستحق مسافروں کو کرایے میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔
***** ***** *****
آشاڑھی واری کے پیشِ نظر خواتین و اطفال کی ترقی کے محکمے اور مہاراشٹر ریاستی خواتین کمیشن کی جانب سے ”مہیلا اُنتی واری 2026“کے خصوصی پروگرام کا آغاز کل پونے ضلع کے اُرولی کانچن میں کیا گیا۔ اس موقع پرِ خواتین و اطفال کی ترقی کی وزیر ادیتی تٹکرے نے ڈیجیٹل عوامی بیداری پر مبنی تشہیری رتھ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں اور واری کے دوران دستیاب صحت کی جانچ، ہیرکنی مرکز، خواتین کو بااختیار بنانے کے مراکز اور دیگر سہولیات سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں۔ اس مہم کے تحت پالکھی کے راستے پر ڈیجیٹل تشہیری رتھ اور لوک فنون کے ذریعے خواتین کے تحفظ، بااختیار بنانے، ان کے حقوق اور سرکاری اسکیموں کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کی جائے گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر اور کرناٹک سے چار ہزار سائیکلوں پر مشتمل دِنڈی کل پنڈھرپور پہنچی، اس مناسبت سے پنڈھرپور میں سائیکل کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سائیکل سواروں نے وارکری روایت کے مطابق سائیکلوں پر شہر کا چکر لگایا۔ پانڈورنگ چاٹے اور آشاڑھی پنڈھرپور سائیکل واری ایسوسی ایشن کے صدر اُمیش پریچارک نے سائیکل دِنڈی کا افتتاح کیا۔ ”فِٹ انڈیا“ قومی مہم کے تحت اس پروگرام میں سائیکل چلانے جیسی جسمانی ورزش کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
***** ***** *****
اسی دوران ریاست کے مختلف علاقوں سے روانہ ہونے والی پالکیاں پورے جوش و خروش کے ساتھ پنڈھرپور کی جانب رواں دواں ہیں۔ وارکریوں کے ہری نام کے نعروں اور روحانی ماحول نے واری کے جذبے کو مزید بڑھا دیا ہے۔سنت گیانیشورکی پالکی کل ساسوڈ میں قیام پذیر تھی، جہاں مقدس نعلین کے درشن کے لیے عقیدت مندوں اور وارکریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سنت تکارام کی پالکی کا قیام کل یوت میں رہا۔سنت نیورتّی ناتھ کی پالکی کل اہلیا نگر پہنچی، جہاں بیسک ٹریننگ رجمنٹ کے فوجی ادارے کی جانب سے وارکریوں میں ہلکی غذا اور پانی تقسیم کیا گیا۔ وہیں سنت ایکناتھ کی پالکی کل رائے موہ میں ٹھہری تھی۔
***** ***** *****
کولمبیا کے شہر بکارامانگا میں منعقد ہونے والے 56 ویں بین الاقوامی طبیعیات اولمپیاڈ 2026 میں شریک پانچوں بھارتی طلبہ نے سونے کے تمغے حاصل کیے ہیں۔ ان میں ممبئی کے شریشٹھ سُریّا، پونے کے کنشک جین، اندور کے رِدھیش بینڈالے، نئی دہلی کے رِشِت گرگ اور احمد آباد کے سَورِت جوشی شامل ہیں۔ اس مقابلے میں 85 ممالک کے 381 طلبہ نے حصہ لیا۔ تمغوں کی درجہ بندی میں بھارت، چین، قزاقستان، روس، جنوبی کوریا اور تائیوان کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلے مقام پر رہا۔ بین الاقوامی طبیعیات اولمپیاڈ میں بھارت کی جانب سے پانچ طلائی تمغے جیتنے کا یہ دوسرا موقع ہے۔
***** ***** *****
خواتین کرکٹ میں لارڈز کے میدان پر انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں بھارت نے سات وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنا کر اپنی دوسری اننگزکے خاتمے کا اعلان کیا۔جس کے بعد کل تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں یاستکا بھاٹیہ نے 113 رنز بنائے، جبکہ سائلی سات گھرے، کرانتی گوڈ اور اسنیہا رانا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس وقت بھارت کو 327 رنز کی برتری حاصل ہے۔
***** ***** *****
ضلع بیڑ کے تعلقہ پرلی ویجناتھ کے سِرسالہ گاؤں میں آبی تحفظ، شجرکاری اور کسانوں کی معاشی ترقی کے لیے ”جل ورکش سمردھی ابھیان“ کا آغاز کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت ضلعی انتظامیہ اور گلوبل وکاس ٹرسٹ کی مشترکہ کوششوں سے مختلف ترقیاتی کام انجام دیے جا رہے ہیں۔ ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے کہا کہ ندیوں کی بحالی اور تالابوں کی گہرائی بڑھانے کے کاموں سے مستقبل میں پانی کی دستیابی میں اضافہ ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آئندہ تین برسوں میں ریلوے کے145 اڑان پلوں کی تعمیر مکمل کی جائے گی: وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ معیاری صحت کی سہولیات معاشرے کے آخری فرد تک پہنچنی چاہیے: لوک سبھا اسپیکر کا اظہارِ خیال۔
٭ پمپری چنچوڑ کے کچرا ڈپو حادثے میں مجموعی طور پر نو افراد ہلاک؛ بچاؤ مہم کا اختتام۔
٭ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آلِ ثانی کا انتقال۔
اور۔۔۔٭ آشاڑھی یاتراکیلئے ایس ٹی کارپوریشن کی جانب سے ساڑھے پانچ ہزار خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment