Monday, 27 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 27 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/جولائی ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ حکومت کا نندن نیلیکنی کی سربراہی میں امتحانی اصلاحات پر اعلیٰ اختیاراتی ٹاسک فورس قائم۔
٭ ایک محفوظ، قابل اور خود انحصار بھارت کی تعمیر کے عزم کو مضبوط کرنے کیلئے من کی بات میں وزیر اعظم کی اپیل۔
٭ مہا آروگیہ کیمپ کے ذریعے صحت کی دیکھ بھال کو آخری سطح تک بڑھانے کا وزیر اعلیٰ کا عزم۔
٭ میرابائی چانو کو کامن ویلتھ گیمز میں ویٹ لفٹنگ میں سونے کا تمغہ، ٹورنامنٹ میں اب تک بھارت کو چار تمغے۔
اور۔۔۔ ٭ ناسک سے جائیکواڑی کی جانب پانی کا اخراج شروع، پانی کا ذخیرہ 55 فیصد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعظم نریندر مودی نے معروف ٹیکنالوجی ماہر نندن نیلیکنی کی سربراہی میں امتحانی اصلاحات پر ایک اعلیٰ اختیاراتی ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کیا۔ کل سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس امتحانی نظام کو مضبوط بنانے پر توجہ دے گی اور اس کی سفارشات کی بنیاد پر مستقبل کے امتحانات کی ساکھ کو یقینی بنانے کیلئے جلد از جلد ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے”من کی بات“ پروگرام میں ایک محفوظ، قابل اور خود انحصار بھارت کی تعمیر کے عزم کو مضبوط کرنے کی اپیل کی۔ اس پروگرام کی 136ویں قسط کل نشر کی گئی۔ کارگل فتح دن کے موقعے پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے سپاہیوں کی استقامت، بے مثال ہمت اور غیر متزلزل اعتماد کارگل کی چیلنجنگ صورتحال سے بڑھ کر ہے اور ہم شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی دفاعی شعبہ خود انحصاری کی جانب بڑی چھلانگ لگا رہا ہے، وزیر اعظم نے دیسی جنگی جہاز، پناکا طویل فاصلے تک مار کرنے والے گائیڈڈ راکٹ اور کوش میزائل کے کامیاب تجربات کا ذکر کیا۔
Catch The Rain مہم کے ذریعے پانی کے تحفظ کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے بارش کی ہر بوند کو محفوظ کرنے کی اپیل کی۔ وزیر اعظم نے ناسک میں پانی کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیر اعظم نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے گنیش اُتسو کے دوران مٹی کے گنیش کی مورتیوں کو نصب کرنے کی اپیل کی۔ بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، انہوں نے گرو پورنیما کی مبارکباد پیش کی۔ آئندہ یوم آزادی کے پس منظر میں انہوں نے لوگوں سے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم میں جوش و خروش سے حصہ لینے اور گھروں پر ترنگا لہرانے کی اپیل کی۔
وزیر اعظم نے ”من کی بات“ میں خلائی شعبے میں بھارت کی تاریخی کامیابی، کھیلوں اور سائنس اولمپیاڈ کے میدان میں بھارتیوں کی نمایاں کامیابیوں، ”ووکل فار لوکل“ مہم، بھارتی ثقافت اور روایت سے متعلق مختلف سرگرمیوں، قومی ہینڈلوم ڈے وغیرہ جیسے امور کا بھی ذکر کیا۔
***** ***** *****
کل 27 واں کارگل فتح دن منایا گیا۔ سن 1999 کی کارگل جنگ میں بھارتی فوجیوں نے بے مثال بہادری سے پاکستان کو شکست دی تھی۔ وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے لداخ میں کارگل وار میموریل پر شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یہ بتاتے ہوئے کہ دہشت گردی کے خلاف بھارت کی پالیسی واضح ہے، انہوں نے پاکستان کو واضح پیغام دیا کہ اگر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت ہوگی تو وہ صرف پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے مسئلے پر ہوگی۔ یہ بتاتے ہوئے کہ بھارت اپنی دفاعی صلاحیت اور خود انحصاری کو مسلسل مضبوط بنا رہا ہے، راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ قومی سلامتی نہ صرف فوجیوں کی ذمہ داری ہے بلکہ 140 کروڑ ہم وطنوں کی اجتماعی ذمہ داری بھی ہے۔
***** ***** *****
کارگل فتح دن ریاست بھر میں منایا گیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
بہوجن بہبود کے وزیر اتل ساوے نے چھترپتی سمبھاجی نگر کے کارگل میموریل پارک میں شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ ساوے نے کہا کہ حکومت نے اس میموریل پارک کی ہمہ جہت ترقی کیلئے چھ کروڑ روپے کا فنڈ منظور کیا ہے، اور یہ میموریل پارک صرف ایک پارک نہیں رہے گا بلکہ اُسے حب الوطنی، تحریک اور بہادری کی زندہ یادگار کے طور پر تیار کیا جائے گا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے کرانتی چوک اور چھاؤنی چوک سمیت مختلف مقامات پر شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
لاتور ڈسٹرکٹ سولجر ویلفیئر آفس نے ضلع اسپورٹس کمپلیکس میں شہداء کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے مہا آروگیہ کیمپ کے ذریعے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو آخری سطح تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وہ کل ناگپور میں وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ اور چیریٹیبل ہاسپٹل ہیلپ ڈیسک کے تعاون سے منعقدہ مہا آروگیہ کیمپ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ معاشرہ صحت مند رہے اور کوئی بھی مریض پیسے کی کمی کی وجہ سے علاج سے محروم نہ رہے۔
مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ”پردھان منتری جن آروگیہ اسکیم“ اور ”مہاتما جیوتی راؤ پھولے جن آروگیہ اسکیم“ کے ذریعے ریاست کے 12 کروڑ شہریوں کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت بارہ سو سے 23 سو بیماریوں کو شامل کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 5 لاکھ روپے تک مفت علاج دستیاب ہے۔
***** ***** *****
ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ NEET پیپر لیک پر ملک گیر احتجاج شروع کرنے والے طلباء نے اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی جمہوری تاریخ میں ایک سنہری تاریخ رقم کی ہے۔ وہ کل ممبئی کے شیواجی پارک میں منعقدہ یوتھ میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے کہا کہ طلباء کے اس احتجاج نے ثابت کر دیا ہے کہ آج کا ”جنرل زیڈ“حکومت کو چیلنج کر سکتا ہے۔
***** ***** *****
اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کی پہلی فہرست کے مطابق دھاراشیو ضلعے کے 46 ہزار کسانوں کو فائدہ ہوا ہے۔ اگلے مرحلے میں تقریباً 30 ہزار کسانوں کو فائدہ پہنچے گا، اور اس اسکیم کے تحت ضلعے کے تقریباً 75 سے 80 ہزار کسانوں کے دو لاکھ روپے تک کے قرضے معاف کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
بھارت کی میرابائی چانو نے گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں ویٹ لفٹنگ میں گولڈ میڈل جیتا۔ میرابائی نے خواتین کے 48 کلوگرام زمرے میں 190 کلوگرام وزن اٹھا کر ریکارڈ توڑ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے کامن ویلتھ گیمز کی Snatch کیٹیگری میں 85 کلو اور کلین اینڈ جرک کیٹیگری میں 105 کلوگرام وزن اٹھا کر نئے ریکارڈ بنائے۔ نائب صدرِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اور وزیر اعظم نریندر مودی نے میرا بائی کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ بھارت نے کل اس مقابلے میں دو چاندی کے تمغے بھی جیتے تھے۔ رشی کانتا سنگھ نے مردوں کے 60 کلوگرام ویٹ لفٹنگ زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا، جبکہ راجہ موتھوپنڈی نے 65 کلوگرام ویٹ لفٹنگ زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ بھارت نے اس مقابلے میں اب تک کل چار تمغے جیتے ہیں جن میں ایک طلائی، دو چاندی اور ایک کانسے کا تمغہ شامل ہیں۔
***** ***** *****
بھارت نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلے میں زمبابوے کو 35 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز تین- صفر سے جیت لی۔ کل ہرارے میں کھیلے گئے مقابلے میں بھارتی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 193 رنز کا ہدف دیا۔ ویبھو سوریہ ونشی نے 49 گیندوں پر 81 رنز بنائے۔ جواب میں زمبابوے کی ٹیم 20 اوورز میں 157 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم نے ICC مردوں کی T20 انٹرنیشنل رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
***** ***** *****
ناسک ضلع میں کل ہوئی موسلادھار بارش نے دیہی علاقوں کو بری طرح متاثر کیا ہے جبکہ باگلان تعلقے میں کھیت میں کام کرنے والے ایک کسان کی کرنٹ لگنے سے موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ گوداوری طاس میں پانی بڑھنے سے نپھاڑ تعلقے میں دریا کے کنارے واقع دیہاتوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ انتظامیہ نے 429 شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔
فی الحال، ناسک کے گنگاپور آبی پشتے سے پانی خارج ہونے کی شرح چار ہزار 947، دارنا ڈیم تیرہ ہزار 250، اور ناندور- مدھمیشور ڈیم سے 46 ہزار 227 مکعب فٹ فی سیکنڈ ہے۔
پیٹھن کے جائیکواڑی رن کیچمنٹ ایریا میں موسلادھار بارش سے گوداوری ندی میں طغیانی آگئی ہے۔ جائیکواڑی ڈیم میں پانی کی سطح55اعشاریہ چار نو فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
دریں اثنا، مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، ہنگولی، ناندیڑ اور لاتور اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ حکومت کا نندن نیلیکنی کی سربراہی میں امتحانی اصلاحات پر اعلیٰ اختیاراتی ٹاسک فورس قائم۔
٭ ایک محفوظ، قابل اور خود انحصار بھارت کی تعمیر کے عزم کو مضبوط کرنے کیلئے من کی بات میں وزیر اعظم کی اپیل۔
٭ مہا آروگیہ کیمپ کے ذریعے صحت کی دیکھ بھال کو آخری سطح تک بڑھانے کا وزیر اعلیٰ کا عزم۔
٭ میرابائی چانو کو کامن ویلتھ گیمز میں ویٹ لفٹنگ میں سونے کا تمغہ، ٹورنامنٹ میں اب تک بھارت کو چار تمغے۔
اور۔۔۔ ٭ ناسک سے جائیکواڑی کی جانب پانی کا اخراج شروع، پانی کا ذخیرہ 55 فیصد تک۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...