Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 31 July-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۳/جولائی ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ عام امتحانات میں بدعنوانی کی روک تھام سے متعلق ترمیمی بل پارلیمنٹ میں منظور؛ حکومت ایک قابلِ اعتماد تعلیمی نظام کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے منشیات کے خلاف اجتماعی جنگ کی ضرورت پر دیا زور۔
٭ سوویں کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس کیلئے پانچ کروڑ روپئے کے فنڈ کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست بھر میں موسلا دھار بارش۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
عام امتحانات میں بدعنوانی کی روک تھام سے متعلق ترمیمی بل پارلیمنٹ سے منظور ہو گیا ہے۔ یہ بل، جو پرسوں لوک سبھا میں منظور ہوا تھا، کل راجیہ سبھا میں بھی منظور کر لیا گیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حکومت ایک قابلِ اعتماد تعلیمی نظام قائم کرنے کیلئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ بل کی منظوری کے بعد کل سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے ایسا قانون منظور کیا ہے جو امتحانی نظام کو مزید مضبوط، شفاف اور قابلِ اعتماد بنائے گا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہر ریاستی اور مرکزی حکومت کو پرچہ لیک ہونے کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس سے طلبہ کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ اسی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ریاستی اور مرکزی حکومتوں کے لیے تعلیمی اور امتحانی نظام میں اصلاحات ناگزیر ہو گئی تھیں۔وزیر اعظم نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے یہ بل راجیہ سبھا میں پیش کیا اور بحث کا جواب دیا۔ اس بل میں پرچہ لیک، جعلی ویب سائٹس، جعلی ایڈمٹ کارڈز، کمپیوٹر نیٹ ورک سے چھیڑ چھاڑ، جوابی پرچوں میں رد و بدل اور غیر قانونی مدد سمیت 16 اقسام کی بدعنوانیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ قانون یو پی ایس سی، ایس ایس سی، ریلوے اور بینکنگ بھرتی کے امتحانات کیلئے بھی نافذہوگا۔
اسی بیچ، حزبِ اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے نے اس بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شفاف اور پرچہ لیک سے پاک امتحانات کیلئے جن سخت دفعات کی ضرورت تھی، وہ اس بل میں موجود نہیں ہیں اور حکومت نے صرف سطحی تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف حکومت کی کارروائی پر بھی تنقید کی اور مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے اور وزیرِ داخلہ امیت شاہ اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیں۔
***** ***** *****
قومی گیت وندے ماترم سے متعلق قومی وقار کی توہین کی روک تھام کا ترمیمی بل بھی پارلیمنٹ میں منظور ہو گیا ہے۔ راجیہ سبھا میں منظور ہونے کے بعد یہ بل کل لوک سبھا میں بھی منظور کر لیا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے منشیات کے خلاف اجتماعی جنگ چھیڑنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ کل ممبئی میں ”منشیات سے پاک ممبئی“ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ کو جیتنے کیلئے نوجوان نسل کا عزم نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”نشے سے پاک بھارت“ کیلئے ”نشے سے پاک مہاراشٹر“ اور ”نشے سے پاک ممبئی“ بنانا بے حد اہم ہے، اور اس مقصدکیلئے آج کی نوجوان نسل اہم کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر شرکاء کو منشیات کے خلاف حلف بھی دلایا گیا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ او ربیڑ ضلع کی رابطہ وزیر سنیترا پوار بیڑ ضلع کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ ان کی صدارت میں کل ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے اجلاس میں مختلف اہم محکموں کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ بیڑ کے ریلوے منصوبوں کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے مطلوبہ فنڈ بروقت فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ کھام گاؤں میں ریلوے انڈر بریج کا کام 15 اگست سے پہلے مکمل کیا جائے اور منصوبے کا اگلا مرحلہ 17 ستمبر تک مکمل کرکے اس کا افتتاح کیا جائے۔ موصوفہ نے ضلع پریشد کے اسکولوں میں طلباء کے تعلیمی معیار پر خصوصی توجہ دینے، قدیم اسکولی عمارتوں کی مرمت اور”امید مال“ کا کام فوری مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ بیڑ میں منعقد ہونے والے”کھاشابا جادھو“ ریاستی سطح کے کشتی مقابلوں کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کھیل محکمہ کو ہدایت دی کہ مقابلوں کا انتظام منظم انداز میں کیا جائے۔
***** ***** *****
مراٹھی زبان کے محکمے نے سوویں کل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس کیلئے پانچ کروڑ روپے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مراٹھی زبان کے وزیر ادئے سامنت نے کل پونے میں ایک صحافتی کانفرنس کے دوران یہ اعلان کیا۔وزیر موصوف نے بتایا کہ اس مناسبت سے منعقد ہونے والے 99 ناندی ادبی سمیلنوں کیلئے بھی پانچ کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ریاست کی 13 یونیورسٹیوں میں منعقد ہونے والے طلباء کے ادبی سمیلنوں کیلئے فی یونیورسٹی 25 لاکھ روپے کے حساب سے مجموعی طور پر چار کروڑ روپے کے فنڈ کا اعلان بھی کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
خواتین کو چاہیے کہ وہ مینوپاز اور PCODجیسی نسوانی بے ضابطگیوں سے متعلق مسائل کو نظر انداز نہ کریں بلکہ بروقت طبی معائنہ کروا کر ماہر ڈاکٹروں سے مشورہ لیں۔ صحت ِ عامہ و خاندانی بہبود کی ریاستی وزیر میگھنا بورڈیکر نے یہ اپیل کی۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں اسی موضوع پر منعقدہ ریاستی سطح کی تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو اس بارے میں وسیع پیمانے پر عوامی بیداری پیدا کرنی چاہیے اور ضروری طبی خدمات ہر خاتون تک پہنچانی چاہئیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے پرلی میں ”چھترپتی شیواجی مہاراج محصول سمادھان کیمپ“ مہم کے تحت مختلف سرکاری اسکیموں کے مستحقین میں کل رکنِ اسمبلی دھننجے منڈے کے ہاتھوں فوائد تقسیم کیے گئے۔
دھاراشیو ضلع کے پرنڈا تعلقہ میں کل یکم اگست کو ”چھترپتی شیواجی مہاراج محصول سمادھان کیمپ“ کا انعقاد کیا جائے گا۔ منتظمین نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اس کیمپ میں شرکت کریں۔
***** ***** *****
رمائی رہائشی اسکیم کے تحت مکانات کی تعمیر کیلئے پہلی قسط کی رقم دوگنی کر دی جائے گی۔ یہ اعلان کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں سماجی انصاف و خصوصی امداد کے ریاستی وزیر سنجے شرساٹ نے کیا۔ اب پہلی قسط 25 ہزار روپے کے بجائے 50 ہزار روپے ہوگی۔ اس موقع پردیگر پسماندہ بہوجن بہبودکے وزیر اتل ساوے سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔
***** ***** *****
پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم 2026 کے تحت بیڑ ضلع کے اہل کسان فوری طور پر اپنے آدھار کارڈکی آن لائن توثیق مکمل کریں۔ یہ اپیل ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے کی ہے۔ ضلع بیڑ کے 11 تعلقوں کے مجموعی طور پر 97 ہزار 194 کسان قرض معافی کیلئے اہل قراردیئے گئے ہیں، تاہم اب تک صرف 27 ہزار 500 کسانوں نے ہی آدھار کی توثیق مکمل کی ہے۔
اس اسکیم کے تحت پربھنی ضلع کے ایک لاکھ 60 ہزار 769 کسانوں کی معلومات پورٹل پر اپ لوڈ کی گئی ہیں۔ پہلی فہرست میں شامل 79 ہزار 855 اہل کسانوں کو تقریباً 582 کروڑ روپے کی قرض معافی کا فائدہ ملے گا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے متعدد علاقوں میں کل موسلا دھار بارش ہوئی۔چھترپتی سمبھاجی نگر شہر اور ضلع کے کئی علاقوں میں کل سے مسلسل بارش جاری ہے۔پھلمبری، کنڑ، سوئیگاؤں اور پیٹھن میں بھی شدید بارش ہوئی۔ سوئیگاؤں تعلقہ میں سونا ندی میں سیلاب آ گیا ہے اور ویتال واڑی ڈیم مکمل بھر چکا ہے۔ سلوڑ تعلقہ میں بھی نالے اور برساتی چشمے لبریز ہو کر بہہ رہے ہیں، جبکہ کیلنا ندی میں اس موسم کا پہلا بڑا سیلاب آیا ہے۔
جالنہ شہر سمیت ضلع کے بیشتر علاقوں میں رات بھر سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وہیں ناندید شہر میں نیتاجی سبھاش چندر بوس کالج کے روبرو سڑک دھنس جانے کے باعث ایک کار گڑھے میں گر گئی۔ خوش قسمتی سے اس کار میں کوئی موجود نہیں تھا۔ ضلع کے کنوٹ اور ماہور میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ پین گنگا ندی پر واقع سہستر کنڈ آبشار اس برس پہلی بار پوری شدت سے بہنا شروع ہوا ہے۔ پربھنی شہر میں میونسپل کارپوریشن نے آفات سے نمٹنے کے نظام کو الرٹ کر رکھا ہے۔ شہر کے بعض علاقوں میں درخت گرنے سے کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور ٹریفک بھی متاثر ہوئی۔ دھاراشیو ضلع میں بھی گذشتہ رات سے مسلسل بارش جاری ہے۔ اس بارش سے خریف کی فصلوں کو نئی زندگی ملی ہے، تاہم ضلع میں آبی ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہونے کیلئے مزید بارش کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ عام امتحانات میں بدعنوانی کی روک تھام سے متعلق ترمیمی بل پارلیمنٹ میں منظور؛ حکومت ایک قابلِ اعتماد تعلیمی نظام کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے منشیات کے خلاف اجتماعی جنگ کی ضرورت پر دیا زور۔
٭ سوویں کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس کیلئے پانچ کروڑ روپئے کے فنڈ کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ سمیت ریاست بھر میں موسلا دھار بارش۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment