Thursday, 13 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 13 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 13 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۱/ اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ FCRAبل کو مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کرنے کا لوک سبھا کا فیصلہ۔
٭ طبی نصاب میں داخلے کے اہلیتی امتحان نیٹ کے پرچہ لیک معاملے میں مرکزی وزیر داخلہ آج دینگے لوک سبھا میں بیان۔
٭ ریاست میں سرکاری عہدے پُرکرنے کی خاطرہونے والے امتحانات کا طریقہئ کار طئے کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل۔
٭ ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت حب الوطنی پر مبنی پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے آبی منصوبوں میں اس وقت اوسطاً 72فیصد، جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں 49 فیصد قابلِ استعمال آبی ذخیرہ موجود۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
’غیر ملکی عطیات سے متعلق قانون میں اصلاحات کے بل – ایف سی آر اے 2026کو لوک سبھا نے مزید غورو خوص کیلئے کل مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے سپردکیا۔ اس کمیٹی میں لوک سبھا کے12 اور راجیہ سبھا کے10 ارکین شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی سرمائی اجلاس کے پہلے ہفتے کے اختتام تک اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کرے گی۔ ’غیر ملکی عطیات قانون2010 / میں مزید ترمیم کرنا اور غیر ملکی عطیات کے استعمال کو زیادہ شفاف اور جواب دہ بنانا اس بل کا مقصد ہے۔
***** ***** *****
’نیشنل کوآپریٹیو ڈیولپمنٹ کارپوریشن بل، 2026‘ کل راجیہ سبھا میں منظور کر لیا گیا۔ لوک سبھا اس بل کو پہلے ہی منظور کر چکی ہے۔ اس بل کا مقصد ’نیشنل کوآپریٹیو ڈیولپمنٹ کارپوریشن ایکٹ، 1962‘ میں مزید ترمیم کرنا ہے۔ اس بل کے ذریعے کارپوریشن کو صنعتی پیداوار سے متعلق امور انجام دینے کی اجازت ملے گی۔ باہمی ترقی کے کام میں مصروف کسی بھی ادارے کو کارپوریشن کی جانب سے فنڈ فراہم کرنے کی گنجائش بھی اس قانون میں رکھی گئی ہے۔ کارپوریشن براہِ راست کسی بھی کوامداد باہمی ادارے یا کوباہمی ترقی کے کام میں مصروف کسی ادارے کو قرض اور گرانٹ فراہم کر سکے گی۔
***** ***** *****
طبی نصاب میں داخلے کے اہلیتی امتحان نیٹ کے پرچہ لیک معاملے میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ آج سہ پہر تین بجے لوک سبھا میں بیان دیں گے۔ شاہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا۔۔۔
Byte: Union Home Minister, Amit Shah
احتجاج کرنے والے طلبہ پر لاٹھی چارج اور مبینہ طور پر گولی چلانے کے احکامات کس نے دیے، یہ سوال لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ایک بار پھر اٹھایا۔ انہوں نے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر امیت شاہ نے یہ احکامات دیے تھے تو یہ ناانصافی ہے اور اس کیلئے انہیں استعفیٰ دینا چاہیے۔ اور اگر وزیر داخلہ کے حکم کے بغیر پولیس فورس کا استعمال کیا گیا تو ناکامی اور نااہلی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے شاہ کو استعفیٰ دینا چاہیے۔
***** ***** *****
ریاست میں مختلف سرکاری خدمات کی بھرتی کے لیے ہونے والے امتحانات کے طریقہئ کار میں جامع، زیادہ محفوظ اور تمام متعلقہ فریقوں کی رضامندی سے اصلاحات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں کل منعقدہ خصوصی اجلاس میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یہ فیصلہ کیا۔ یہ اعلیٰ سطحی کمیٹی ریاست کے ہرمحصول ڈویژن کا دورہ کرے گی اور تعلیمی اداروں کے منتظمین، متعلقہ فریقوں اور طلبہ سے بات چیت کرے گی۔ ان کی مرضی جاننے کے بعد جامع اصلاحات کے بارے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے پیپر لیک اور امتحانات میں بدعنوانی کے سلسلے میں حال ہی میں بنایا گیا قانون زیادہ سخت ہونے کے پیش نظر اسے مہاراشٹر میں بھی نافذ کرنے کے سلسلے میں آئندہ پندرہ دنوں میں کارروائی مکمل کرنے کی ہدایات بھی وزیر اعلیٰ نے دیں۔
***** ***** *****
ریاست کے شہری علاقوں کی منصوبہ بند ترقی کیلئے نائب وزیر اعلیٰ اور شہری ترقی کے وزیر ایکناتھ شندے نے ریاست کی مختلف 10 نگر پنچایتوں کے ترقیاتی منصوبوں کو منظوری دی ہے۔ اس سے ان نگر پنچایتوں کی ہمہ جہت ترقی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ ان میں مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کی سوئیگاؤں، لاتور ضلع کی شِرور اننت پال اور رینا پور، پربھنی ضلع کی پالَم اور بیڑ نگر پنچایتیں شامل ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں ایسے تمام کسانوں کے سرکاری طور پر رجسٹریشن کرنے کا اہم فیصلہ محکمہ محصولات نے کیا ہے جن کے نام سات بارہ ریکارڈ پر درج نہیں ہیں۔ وزیر محصولات چندر شیکھر باونکولے نے کل یہ اطلاع دی۔ اس فیصلے سے دو لاکھ13 ہزار کسانوں کے لیے ’ایگری اسٹیک‘ حاصل کرنے کی راہ ہموار ہو جائے گی، جس کے ذریعے انہیں قرض معافی سمیت مختلف سرکاری اسکیموں کا براہِ راست فائدہ مل سکے گا۔
اسی بیچ، شہریوں کو زیادہ شفاف، مقررہ مدت کے اندر اور مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے خدمات فراہم کرنے کیلئے رجسٹریشن اور اسٹامپ محکمے میں حکومتی طریقہئ کار کی ازسرِ نو تشکیل کرنے کا اعلان بھی باونکولے نے کیا۔ ان محکموں کی سابقہ15 خدمات کو مربوط کرکے اب ان کی تعداد 10کر دی گئی ہے۔ جن خدمات کیلئے قانون کے تحت حلف نامہ لازمی نہیں ہے، وہاں خود اعلانیہ حلف نامہ قبول کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت ریاست بھر میں حب الوطنی پر مبنی مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔چھترپتی سمبھاجی نگر میں سرسوتی بھون تعلیمی ادارے کی جانب سے کل ترنگا ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی میں ادارے کے اسکولوں کا بینڈ دستہ اور این سی سی کیڈٹس شریک ہوئے۔ میئر سمیر راجورکر نے ریلی کو ہری جھنڈی دکھائی۔بیڑ شہر میں بھی کل ترنگا ریلی نکالی گئی۔ بی جے پی کے نوجوان رہنما ڈاکٹر یوگیش شرساگر اور ڈاکٹر ساریکا شرساگر کی رہنمائی میں نکالی گئی اس ریلی میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
پربھنی شہر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ترنگا رنگولی مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ میئر سید اقبال نے اس مقابلے کا افتتاح کیا۔ اس مقابلے میں اسکولی اور اوپن گروپ کے شرکاء نے بھارتی تہذیب اور قومی یکجہتی کے موضوعات پر خوبصورت اور پیغام رساں رنگولیاں بنائیں۔
’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت دھاراشیو میں بھی آج سائیکل اور ای بائیک ریلی نکالی جائے گی۔
***** ***** *****
نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بچوں، بزرگوں اور ہر عمر کے افراد سے حب الوطنی کا جذبہ برقرار رکھنے کے لیے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم میں شامل ہونے کی اپیل چھترپتی سمبھاجی نگر کے تاجر وینکٹیش کملو نے کی ہے۔
***** ***** *****
درج فہرست ذاتوں SCکی ذیلی درجہ بندی کے خلاف چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل ’ریزرویشن بچاؤ مورچہ‘ نکالا گیا۔ ریپبلکن سینا کے سربراہ آنندراج امبیڈکر کی قیادت میں نکالے گئے اس مورچے میں امبیڈکر وادی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
***** ***** *****
ریاست میں Raggingکی روک تھام کے قانون کے تحت ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں کل ’رَیگنگ کی روک تھام اور پوکسو‘ کے موضوع پر رہنمائی کیمپ منعقد کیا گیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر اشوک مہاجن اس موقع پر موجود تھے۔ ضلعی قانونی خدمات اتھارٹی کے سیکریٹری شرد دیشپانڈے نے طلبہ کو رَیگنگ کے نقصانات، قانونی کارروائی اور طلبہ کی ذمہ داریوں کے بارے میں رہنمائی کی۔
***** ***** *****
اسی دوران، سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے تعلیمی سال2026-27 کیلئے گریجویشن کے پہلے سال میں داخلے کی آخری تاریخ بڑھا کر20 اگست کر دی گئی ہے۔
***** ***** *****
پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت پہلے مرحلے میں لاتور ضلع کے22 ہزار 963 اہل کسانوں کیلئے159 کروڑ روپے کا فنڈ موصول ہوا ہے۔ اہل کسانوں کے کھاتوں میں یہ رقم منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ضلع میں آپریٹیو سوسائٹیز کے ڈپٹی رجسٹرار وی۔ ایل۔ پوتنگلے نے بتایا کہ باقی اہل مستحقین کے لیے بھی فنڈ جلد موصول ہو جائے گا۔
***** ***** *****
ہنگولی میں کل وسنت راؤ نائک زرعی خود کفالت مشن کی ضلعی سطح کی جائزاتی میٹنگ مشن کے صدر نلیش ہیلونڈے پاٹل کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ہدایت دی گئی کہ ضلع کے ہر خودکشی کرنے والے کسان کے خاندان کے گھر جا کر ان کی مشکلات معلوم کی جائیں اور اہل خاندانوں کو ضروری سرکاری اسکیموں کا فائدہ دلایا جائے۔
***** ***** *****
ریاست کے تمام آبی منصوبوں میں اس وقت اوسطاً72 اعشاریہ 18 فیصد قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔ آبی وسائل محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست کے تمام منصوبوں میں تقریباً 29ہزار442 ملین مکعب میٹر قابلِ استعمال پانی موجود ہے۔اس وقت چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں 49 فیصد، پونے ڈویژن میں 86 فیصد، کوکن میں 87 فیصد، ناسک میں 75 فیصد، امراوتی میں 59 فیصد جبکہ ناگپور ڈویژن میں 58 فیصد قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ ہے۔چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے جائیکواڑی ڈیم میں 93 فیصد قابلِ استعمال پانی موجود ہے۔ ڈیم کے دائیں نہر سے1400 اور بائیں نہر سے1600، یعنی مجموعی طور پر2900 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ ڈیم میں اس وقت 2700 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد جاری ہے۔
ریاست میں آج کوکن اور ودربھ کے بعض اضلاع کیلئے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ کے لاتور اور ناندیڑ اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ FCRAبل کو مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کرنے کا لوک سبھا کا فیصلہ۔
٭ طبی نصاب میں داخلے کے اہلیتی امتحان نیٹ کے پرچہ لیک معاملے میں مرکزی وزیر داخلہ آج دینگے لوک سبھا میں بیان۔
٭ ریاست میں سرکاری عہدے پُرکرنے کی خاطرہونے والے امتحانات کا طریقہئ کار طے کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل۔
٭ ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت حب الوطنی پر مبنی پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے آبی منصوبوں میں اس وقت اوسطاً 72فیصد، جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں 49 فیصد قابلِ استعمال آبی ذخیرہ موجود۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 01 October 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...