Thursday, 27 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 27 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں:::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیر اعظم نریندر مودی آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے”کھیلو انڈیا ڈائیلاگ“ سے کریں گے خطاب۔
٭ نیپال میں آئے سیلاب میں 105 بھارتی سیاح لاپتہ؛ ریاست کے شہریوں کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری۔
٭ MPSC ڈرگ انسپکٹر پیپر لیک کیس میں کمیشن کے تین اہلکاروں سمیت چھ افراد گرفتار۔
٭ ریاست کے سرکاری اسکولوں میں ضرورت مند طلباء کو مفت چشمے۔
اور۔۔۔٭ سری لنکا کے خلاف ٹسٹ کرکٹ مقابلے میں بھارت کی گرفت مضبوط۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعظم نریندر مودی آج ٹیلی ویژن نظام کے ذریعے ”کھیلو انڈیا ڈائیلاگ“ سے خطاب کریں گے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد بھارت کے کھیلوں کے سفر میں نوجوانوں کی شرکت کو بڑھانا، ان کی امنگوں کو جاننا اور قابل نوجوانوں پر مبنی ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں انکے تعاون کو یقینی بنانا ہے۔ ”میرا یووا بھارت“ کے زیر اہتمام یہ پروگرام قومی کھیلوں کے دن 2026 کے جشن کا ایک حصہ ہے۔ ”یووا کنیکٹ“ پروگرام ملک کے ہر ضلعے کے دو کالجوں میں منعقد کیا جائے گا۔ اس اقدام کے ذریعے نوجوانوں کو کھلاڑیوں کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنے اور بھارتی کھیلوں کے مستقبل کے بارے میں اپنے خیالات اور خواہشات کا اظہار کرنے کا موقع ملے گا۔
یہ پروگرام چھترپتی سمبھاجی نگر کے گورنمنٹ آرٹس کالج میں منعقد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
نیپال میں آئے سیلاب میں 47 افراد ہلاک اور 500 کے قریب لاپتہ ہو گئے ہیں۔ لاپتہ ہونے والوں میں 105 بھارتی بھی شامل ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق زلزلے سے برفانی تودہ گرا اور پگھلی ہوئی برف کی ایک بڑی مقدار کوسی ندی میں داخل ہوئی جس سے اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ سیکیورٹی فورسز نے مختلف مقامات سے 80 افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے۔ سیلاب کے پیش نظر، مسلح سرحدی فوج نے بھارت-نیپال سرحد پر اپنی تمام اکائیوں کو محتاط رہنے کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے نیپال میں آئے سیلاب کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ سے بات کی اور کہا کہ ہندوستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔
دریں اثنا ء‘سیلاب میں پھنسے ریاست کے شہریوں کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے گئے ہیں۔ منترالیہ کا کنٹرول روم 24 گھنٹے کھلا رکھا ہے اور جن لوگوں کو کسی بھی قسم کی مدد کی ضرورت ہو ان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسٹیٹ کنٹرول روم کے ہیلپ لائن نمبر 1070 یا موبائل نمبر 93 21 58 71 43 پر رابطہ کریں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ نے یہ نمبر 0240- 23 31 07 7اور 73 50 33 51 04 جاری کیے ہیں۔
ضلع انتظامیہ نے ناندیڑ ضلع کے سیاحوں سے جو نیپال میں پھنسے ہوئے ہیں ان سے ٹول فری نمبر 02 462- 23 50 77 یا 10 77 پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی پبلک سروس کمیشن – MPSC کے ڈرگ انسپکٹر امتحان کے پیپر لیک ہونے کے معاملے میں ممبئی پولس نے کمیشن کے تین افسران سمیت کل چھ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار شدگان میں ایم پی ایس سی کے انڈر سکریٹری اور سیل آفیسر شامل ہیں۔ عدالت نے ان تمام ملزمان کو بدھ تک پولس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ رکن اسمبلی روہت پوار نے اس معاملے میں ایم پی ایس سی چیئرمین کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
سائبر مجرمین شہریوں کو پولس، CBI یا ججوں کے نام پر دھمکیاں دے کر دھوکہ دے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اپیل کی ہے کہ اگر آپ کو دھوکہ دیا گیا ہے تو آپ ایسے معاملات کا شکار ہوئے بغیر فوری طور پر سائبر ہیلپ لائن نمبر 1930 پر رابطہ کریں۔ وہ کل ممبئی میں ’ڈیجیٹل اریسٹ‘ عوامی بیداری کی مختصر فلم اور ’1930 مہاراشٹر سائبر ترانے‘ کی رونمائی کے بعد اظہارِ خیال کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ دھوکہ دہی کے بعد ’گولڈن اَوَرْ‘ بہت اہم ہے، اور اگر آپ فوری طور پر شکایت درج کراتے ہیں تو رقم روکنے یا وصولی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے وائس کلوننگ، ڈیپ فیک اور جعلی آڈیو ویڈیو جیسے سائبر خطرات کے بارے میں شہریوں میں وسیع پیمانے پر بیداری کی ضرورت کا بھی اظہار کیا۔
***** ***** *****
محکمہ اسکولی تعلیم نے ریاست کے اسکولی طلبہ کی آنکھوں کی صحت کا خیال رکھنے کیلئے ایک سہ فریقی مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کے مطابق سرکاری اسکولوں میں پانچویں سے دسویں جماعت کے 20 لاکھ طلباء کی آنکھوں کا معائنہ کیا جائے گا اور نظر کی کمزوری کے شکار ضرورت مند طلباء کو مفت نسخے کے چشمے فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس، نائب وزیر اعلی ایکناتھ شندے اور اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے کی موجودگی میں کل ممبئی میں اسکولی تعلیم محکمہ، رَتْن نِدھی چیریٹیبل ٹرسٹ اور One Sight Essilor Luxotica Foundation کے درمیان حال ہی میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن محکمے کے کمشنر تکارام منڈھے نے کہا ہے کہ محفوظ خوراک اکیلے حکومت یا انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں ہے، بلکہ شہری خوراک کے تاجروں اور ریگولیٹری اداروں سمیت سبھی کو اسکے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ وہ کل ممبئی میں صحافیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ شہری تہواروں کے موسم میں اشیائے خوردونوش کی خریداری کے دوران معیار، قیمت اور ایکسپائری ڈیٹ جیسی تمام چیزوں کو چیک کریں۔ منڈھے نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں کھلے تیل کی فروخت پر پابندی لگانا کوئی نیا حکم نہیں ہے، کھلے تیل کے بارے میں 2011 سے قوانین نافذ ہیں، تاہم کچھ خاص حالات میں کھلے تیل کی فروخت سے متعلق قوانین میں چھوٹ دی جا سکتی ہے۔ منڈھے نے بتایا کہ 31 جولائی تک، FDA نے ریاست کے تین ہزار ایک سو سے زیادہ فوڈ اداروں کا معائنہ کیا، جن میں سے 165 لائسنس منسوخ کر دیے گئے، اور 750 اداروں کو بہتری کیلئے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
کل ہر طرف یوم رحمت اللعالمین عید میلاد النبیؐ جوش و جذبے سے منائی گئی۔ اس موقعے پر حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے مقدس پیرہن اور موئے مبارک کی زیارت کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے خلد آباد میں لاکھوں کی تعداد میں عقیدت مند جمع ہوئے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں بھی میلاد النبیؐ کے موقعے پر عظیم الشان جلوس نکالے گئے۔ پولس کمشنر پروین پوار کی موجودگی میں ان جلوسوں کا استقبال کیا گیا۔ سماجی وابستگی کے پیغام کو عام کرنے کے لیے شہر کے چھ مقامات پر خون کے عطیہ کیمپ اور خوراک کے عطیات کا انعقاد کیا گیا۔
میلاد کے موقعے پر لاتور کے KGN گروپ کی جانب سے عیدگاہ میدان میں منعقدہ عظیم الشان خون عطیہ کیمپ کو زبردست ردعمل ملا۔ اس کیمپ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے خون کا عطیہ کیا۔
بیڑ کے بارشی ناکہ علاقے میں مسلم بھائیوں کی جانب سے جلوس نکالا گیا۔ اس موقعے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے سماجی ہم آہنگی اور اتحاد کا پیغام دیا گیا۔
***** ***** *****
پیاز کی قیمت استحکام اسکیم کے تحت NAFED اور NCCF کے ذریعے خریدا گیا تقریباً ساڑھے چار سو میٹرک ٹن پیاز کل ناسک ضلعے کے لاسل گاؤں سے ایک خصوصی ٹرین کے ذریعے دہلی کے لیے روانہ ہوا۔ یہ انتظام مرکزی حکومت کی صارفین کے تحفظ کی وزارت نے شہری علاقوں میں صارفین کو مناسب قیمت پر پیاز فراہم کرنے کیلئے کیا تھا۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے سرکاری اسپتالوں کے فائر آڈٹ اور اسٹرکچرل آڈٹ کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت رابطہ وزیر شیویندر راجے بھونسلے دی ہے۔ وہ کل اس ضمن میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ یہ زیادہ موثر طریقے سے کام کر رہے ہیں انھوں اسپتال میں آگ بجھانے کے نظام اور فائر الارم کو چیک کرنے کی ہدایت کی‘ خاص طور پر آئی سی یو اور کمرے میں جہاں آکسیجن سلنڈر اور وینٹی لیٹرز رکھے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ممبئی میں آج ہونے والے کرانتی کاری شیتکری سنگھٹنا کے احتجاج کے پیش نظر میں لاتور ضلعے میں پولس نے تنظیم کے ریاستی صدر راجو کسبے اور کارکنوں کو کل اوجنی ٹول ناکے پر روک دیا تھا۔ تاہم، کسبے، سینکڑوں کسانوں کے ساتھ، پولس سے بچ کر ممبئی کی جانب روانہ ہو گئے۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ ضلعے کے ٹول ناکے پر پولس کی جانب سے قافلے کو روکنے کے بعد مظاہرین اور پولیس کے درمیان زبانی جھڑپ بھی ہوئی۔
***** ***** *****
کولمبو میں کل دوسرے ٹیسٹ کرکٹ مقابلے کے چوتھے دن کے اختتام پر سری لنکا نے 16 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ بھارت کی پہلی اننگز کے 503 کے مجموعی اسکور کے تعاقب میں سری لنکا کی پہلی اننگز کل 290 رنز پر ختم ہوئی۔ بھارت نے پہلی اننگز میں 213 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد سری لنکا کو فالو آن دیا۔ اسکے بعد سری لنکا نے دن کے اختتام پر چھ وکٹ پر 229 رنز بنا لیے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں تک مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ وزیر اعظم نریندر مودی آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے”کھیلو انڈیا ڈائیلاگ“ سے کریں گے خطاب۔
٭ نیپال میں آئے سیلاب میں 105 بھارتی سیاح لاپتہ؛ ریاست کے شہریوں کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری۔
٭ MPSC ڈرگ انسپکٹر پیپر لیک کیس میں کمیشن کے تین اہلکاروں سمیت چھ افراد گرفتار۔
٭ ریاست کے سرکاری اسکولوں میں ضرورت مند طلباء کو مفت چشمے۔
اور۔۔۔٭ سری لنکا کے خلاف ٹسٹ کرکٹ مقابلے میں بھارت کی گرفت مضبوط۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 01 October 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...