Saturday, 22 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 22 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 22 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شکر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ذخیرہ اندوزی کو قابو کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے امتناعی ضابطے جاری۔
٭ جوڈیشیل خدمات کے امتحانات کی اہلیت کیلئے قانونی پیشے سے متعلق شرط میں عدالت ِ عظمیٰ نے کی نرمی۔
٭ قومی اساتذہ ایوارڈس کا اعلان؛ کیج کی کویتا گِتّے سمیت مہاراشٹر کے تین اساتذہ ایوارڈ یافتگان کی فہرست میں شامل۔
٭ مٹی اور پانی کے تحفظ سے متعلق بیداری کیلئے منعقدہ مہا واکیتھان کو شہریوں کی زبردست پذیرائی۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں جگیشا ڈرامہ فیسٹیول کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ بھارت کی تریسا جالی اور گائیتری گوپی چند کی جوڑی BWF چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں داخل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی حکومت نے شکر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کیلئے ضابطے جاری کیے ہیں۔ ملک بھر میں شکر کے تاجروں پر 30 نومبر تک 400 ٹن ذخیرے کی حد لگائی گئی ہے‘ جبکہ بڑی مقدار میں شکر استعمال کرنے والے صارفین کو یکم ستمبر کے بعد 15 دن کے استعمال سے زیادہ شکر ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دریں اثناء، ملک میں شکر کی دستیابی بڑھانے کیلئے10 ایل ایم ٹی خام شکر کی ڈیوٹی فری درآمد کی اجازت دی گئی ہے۔ حکومت نے شکر کارخانوں کو 15 اکتوبر سے کرشنگ شروع کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے جس کی وجہ سے اکتوبر کے مہینے میں شکر کی پیداوار معمول کے تین سے چار ایل ایم ٹی سے بڑھ کر 10 ایل ایم ٹی سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ اسی دوران‘ حکومت نے وضاحت کی ہے کہ ایتھنال کی پیداوار کیلئے شکر کا استعمال اس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ ہونے کا دعویٰ غلط ہے، اور حکومت صارفین سمیت گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے پابند ِ عہد ہے۔
***** ***** *****
الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کل سے ”موبائل فون سازی منصوبے (MPMS)“ کا آغاز کیا۔ مرکزی کابینہ نے گزشتہ ماہ 62 ہزار پانچ سو کروڑ روپے کی فراہمی کے ساتھ اس منصوبے کو منظوری دی تھی۔ یہ منصوبہ،گذشتہ یکم اپریل 2026سے شروع ہوکر، 2026-27 تا 2030-31 تک پانچ سال کی مدت کیلئے فعال رہے گا۔ اس منصوبے کا مقصد موبائل سازی کی سپلائی چین کو مضبوط کرنا، اندرونِ ملک موبائل سازی کی صلاحیت کو بڑھا کر عالمی مسابقت کا فروغ اور بھارتی موبائل فون برانڈز کو سہارا دینا ہے۔
***** ***** *****
پونے میں منعقدہ برکس مواصلاتی وزراء کا پانچ روزہ اجلاس کل مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا کی موجودگی میں اختتام پذیر ہوگیا۔ سندھیا نے بتایا کہ اس کا مقصد ”ڈیجیٹل انڈیا“ کے تصور پر مبنی نظریے کو برقرار رکھتے ہوئے ایک لچکدار، قابل اعتماد اور جامع مستقبل بنانا ہے۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے جوڈیشیل امتحان میں شرکت کیلئے کم از کم تین سال کی وکالت کی مشق کی شرط میں نرمی کر دی ہے اور اب وہ امیدوار جنہوں نے صرف ایک سال کیلئے قانون کی پریکٹس کی ہے وہ اس امتحان میں شرکت کر سکیں گے تاہم انہیں جوڈیشیل اکیڈمی میں تربیت مکمل کر کے ایک سال بطورِ معاون کام کرنا ہو گا۔ یہ ضابطہ یکم اپریل 2027 کے بعد معلّنہ امتحانات پر لاگو ہوگا‘ جبکہ اُس سے قبل کے امتحانات میں شریک امیدواروں پر کسی پیشگی تجربے کی شرط عائد نہیں ہوگی۔ انہیں ایک سال کیلئے بطور ٹرینی جوڈیشیل آفیسر تعینات کیا جائے گا۔ اس کے بعد انہیں ایک سال تک عدالتی معاون کے طور پر کام کرنا ہوگا۔
***** ***** *****
قومی اساتذہ ایوارڈز کا اعلان کل کردیا گیا۔ ایوارڈ یافتگان میں مہاراشٹر کے تین معلّمین بھی شامل ہیں۔ اس سال بیڑ ضلعے کے کیج کے سانے گروجی رہائشی اسکول کی معلمہ ڈاکٹر کویتا گِتّے، ناسک میونسپل کارپوریشن اسکول کی معلمہ کُندا بچّھاؤ اور ستارا کے فوجی اسکول کے معلم شیو پرساد ٹِنگرے کو اس اعزاز سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزازات آئندہ 5 ستمبر کو یوم اساتذہ کے موقع پر تفویض کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
آئندہ سال فروری-مارچ میں منعقد ہونے والے دسویں جماعت کے امتحانات کیلئے آن لائن درخواست دہی کا عمل ریاستی تعلیمی بورڈ کے ذریعے شروع کردیا گیا ہے۔ طلباء 31 اکتوبر 2026 تک مقررہ فیس کے ساتھ درخواستیں کر سکتے ہیں‘ جبکہ یکم نومبر سے 15 نومبر 2026 تک لیٹ فیس کے ساتھ درخواستیں قبول کی جائیں گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ آنجہانی سدھاکر راؤ نائیک کا یومِ پیدائش کل تحفظِ آب دن کے طور پر منایا گیا۔ مٹی اور پانی کے تحفظ کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ریاست کے مختلف حصوں میں ”مہا واکیتھان - واک فار واٹر“ اقدام کو شہریوں کی زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔ شہریوں نے مٹی اور پانی کے تحفظ کا عہد لیا اور اس مہم میں سرگرم تعاون کرنے کا عزم کیا۔
ریاستی سطح کے ”مہا واکیتھان: واک فار واٹر 2026“ پہل کا انعقاد ممبئی کے ورلی میں ہوا‘ جس میں مٹی اور پانی کے تحفظ کے وزیر سنجئے راٹھوڑ، ریاستی وزیر اندرنیل نائیک سمیت کئی دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ وزیر راٹھوڑ نے نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پانی کے تحفظ کی اس تحریک کو تقویت دیں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے کرانتی چوک سے مہاتما پھلے کے مجسّمے تک اس بیداری واک میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔
جالنہ شہر میں منعقد ’مہا واکیتھان‘ کو شہریوں کی بہتر پذیرائی حاصل ہوئی۔ مختلف اسکولوں اور کالجوں کے طلباء نے ضلع کلکٹر دفتر سے پولس میدان تک نکالے گئے اس واکیتھان میں حصہ لیا۔
پربھنی میں ”پانی روکیں، پانی بچائیں، پانی سے لبریز مہاراشٹر بنائیں“ کے پیغام کے ساتھ ”مہا واکیتھان - واک فار واٹر“ نکالا گیا۔ اس واک میں ایک رتھ کے ذریعے پانی کی بچت سے متعلق بیداری کا پیغام دیا گیا۔ ضلع پریشد کی سی ای او نتیشا ماتھر نے ہر شہری سے اپیل کی کہ وہ اپنی مٹی اور پانی کے تحفظ میں اپنا سرگرم کردار ادا کریں
ہنگولی میں ضلع کلکٹر راہل گپتا نے واکیتھان کو سبز جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
جبکہ بیڑ میں ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے مہا واکیتھان کو ہری جھنڈی دکھائی۔
ناندیڑ کے سرکاری ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ میدان میں کل آبی تحفظ دن منایا گیا۔ اس موقعے پر تین کلو میٹر طویل مہا واکیتھان کا انعقاد کیا گیا۔ مٹی اور پانی کے تحفظ کے مختلف کاموں پر مبنی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔
لاتور میں ضلع پریشد سے نئے ضلع کلکٹر دفتر تک نکالے گئے واک میں ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھارت باسٹیواڑ سمیت کالج کے طلباء، کھلاڑی، خواتین اور بزرگ شہریوں کے علاوہ ہر عمر کے شہریوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ ”پانی روکیں، پانی بچائیں، پانی سے لبریز مہاراشٹر بنائیں“ کا پیغام دے کر پانی کے تحفظ کیلئے بیداری پیدا کی گئی۔
دھاراشیو میں، تلجا بھوانی اسپورٹس کمپلیکس میں ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار اور ضلع پریشد سی ای او پرینودا مہاڑدڑکر کے ذریعے واکیتھان کا ہری جھنڈی دکھا کر آغاز عمل میں آیا۔ واک میں شامل شہریوں نے پانی کی بچت‘ پانی کی حفاظت اور مٹی کے تحفظ کا پیغام دیتے ہوئے واکیتھان کو کامیاب بنایا۔
***** ***** *****
معروف اداکارہ رتنا پاٹھک شاہ نے اس خیال کا اظہار کیا ہے کہ ڈراموں سے زندگی جینے کا شعور و احساس ملا ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں مہاتما گاندھی مشن یونیورسٹی میں ڈرامہ فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب تھیں۔ مہاتما گاندھی مشن اور مراٹھواڑہ آرٹ اینڈ فلم فاؤنڈیشن کی طرف سے دیا جانے والا ملند صفئی ایوارڈ کل‘ رتنا پاٹھک کے ہاتھوں اداکار یوگیش شرساٹ کو تفویض کیا گیا۔ اسی طرح گزشتہ روز ڈرامہ حیناچی سوٹ کیس پیش کیا گیا۔ آج، اس فیسٹیول میں رتنا پاٹھک کے ساتھ ایک ملاقات، ”سوال جواب“ کے موضوع پر ایک ڈرامہ اور ادب کو ڈرامے میں تبدیل کرنے کے عنوان سے ایک سمپوزیم منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
پربھنی شہر ٹریفک شاخ کی طرف سے کی گئیں مختلف کارروائیوں کے دوران 28 دو پہیہ گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے۔ ٹریفک محکمے نے متعلقہ افراد سے گاڑیوں کے مالکانہ دستاویزات اور ضروری کاغذات کے ساتھ 12 ستمبر تک شہر ٹریفک دفتر میں حاضر ہونے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر جی شری کانت نے کل لاتور میں ایک عوامی رابطہ اجلاس میں شہریوں سے بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں کے مختلف مسائل کا ادراک کیا اور ان کی شکایات و محضر بھی قبول کیے۔ جی شری کانت نے ہدایت دی کہ شہریوں کے مطالبات پر فوری کارروائی کی جائے اور شکایت گزاروں کے ساتھ ڈویژنل کمشنر دفتر میں اس کی معلومات جمع کرائی جائیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں کل‘ ایک ہی خاندان کے تین افراد پہاڑکی اونچائی سے گر کر ہلاک ہونے کا دردناک واقعہ پیش آیا۔ کنال چاندوڑے نامی ایک نوجوان مایوسی کے عالم میں پہاڑ سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے کی کوشش کر رہا تھا‘ اسی دوران اس کے والد بھی اسے بچانے کی کوشش میں پہاڑ سے گر پڑے۔ باپ اور بیٹے کی موت کے صدمے سے عاجز اس کی ماں نے بھی پہاڑ سے چھلانگ لگا دینے کی بات متعلقہ خبر میں کہی گئی ہے۔
***** ***** *****
عالمی بیڈمنٹن فیڈریشن چمپئن شپ میں خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں بھارت کی تریسا جالی اور گائیتری گوپی چند کی جوڑی سیمی فائنل میں داخل ہو گئی ہے۔ آج سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ چینی جوڑی سے ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ شکر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ذخیرہ اندوزی کو قابو کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے امتناعی ضابطے جاری۔
٭ جوڈیشیل خدمات کے امتحانات کی اہلیت کیلئے قانونی پیشے سے متعلق شرط میں عدالت ِ عظمیٰ نے کی نرمی۔
٭ قومی اساتذہ ایوارڈس کا اعلان؛ کیج کی کویتا گِتّے سمیت مہاراشٹر کے تین اساتذہ ایوارڈ یافتگان کی فہرست میں شامل۔
٭ مٹی اور پانی کے تحفظ سے متعلق بیداری کیلئے منعقدہ مہا واکیتھان کو شہریوں کی زبردست پذیرائی۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں جگیشا ڈرامہ فیسٹیول کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ بھارت کی تریسا جالی اور گائیتری گوپی چند کی جوڑی BWF چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں داخل۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 01 October 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...