Friday, 3 July 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 03 July 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/جولائی ۶۲۰۲ء؁
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ مہاراشٹر کاشتکار بااختیار خواتین بل ریاستی اسمبلی میں اتفاقِ رائے سے منظور۔
٭ زراعت اور غیر تجارتی مقاصد کیلئے معدنیات کے استعمال پر ملکیتی فیس معاف کرنے کا ریاستی حکومت کافیصلہ۔
٭ ملکہئ ترنم آشا بھوسلے موسیقی ایوارڈ شروع کرنے کا ریاستی حکومت کا اعلان۔
٭ مرکزی وزیرِ زراعت کے ہاتھوں وی بی جی رام جی اسکیم کا باقاعدہ آغاز۔
اور۔۔۔ ٭ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی اور بیڑ اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مہاراشٹربااختیار خواتین بل 2026 کل اسمبلی میں اتفاقِ رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اس بل سے زراعت اور اس سے منسلک شعبوں میں کام کرنے والی خواتین کو قرضوں، فصلوں کے بیمہ اور مختلف سرکاری اسکیمات کے فوائد زیادہ مؤثر طریقے سے ملیں گے۔ ساتھ ہی ان کے مسائل کے حل کے لیے علیحدہ امدادی اور شکایات ازالہ مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔ وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘نے بل کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بل میں زراعت کی جامع تعریف کی گئی ہے، اور جو خواتین زرعی کام کرتی ہیں ان کے پاس خود کی زرعی زمین نہ بھی ہو تب بھی انہیں کسان کا درجہ دیا جائے گا۔
نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے ”مہاراشٹر بااختیار خواتین کاشتکار بل“ کو خواتین کسانوں کی محنت، عزت اور حقوق کے لیے ایک تاریخی انصاف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل صرف ایک قانون نہیں ہے بلکہ مہاراشٹر کی زرعی معیشت کو مضبوطی دینے والی خواتین کسانوں کی محنت، عزت اور حقوق کے ساتھ ایک تاریخی انصاف ہے۔
اس بل کے نفاذ کے بعد خواتین کسانوں کو شناختی کارڈ ملے گا، زراعت کے لیے مالی امداد حاصل ہو گی اور اکیلی رہنے والی کاشتکار خواتین پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وزیر پنکجا منڈے، ادیتی تٹکرے، وزرائے مملکت مادھوری مساڑ، سلبھا گھوڑکے، منیشا چودھری، شویتا مہالے سمیت کئی دیگر اراکین نے اس بل پر بحث میں حصہ لیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر عوامی یونیورسٹیز تیسرا ترمیمی بل بھی کل اسمبلی نے منظور کر لیا۔ جبکہ قانون ساز کونسل میں اس بل کو پہلے ہی منظوری دی جاچکی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے زرعی اور غیر تجارتی مقاصد کے لیے معدنیات کے استعمال پر ملکیتی فیس معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے کل اسمبلی میں یہ جانکاری دی۔ انھوں نے بتایا کہ کسانوں کو معدنیات کو زراعت، کھیت گھر، کھیت راستوں کی مرمت اور مویشی گاہ وغیرہ جیسے غیر تجارتی مقاصد کے استعمال کے لیے تحصیل افسر کو درخواست دینا ہوگی اور ان کی درخواست کو اندرونِ15 دن منظوری مل جائے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل قانون ساز کونسل کو ایک تحریری بیان میں بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے ایلورہ کے معلم سریش بورسے کے زدوکوب اور موت کے معاملے میں دو پولس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ وکرم کالے اور دیگر اراکین نے اس سلسلے میں ایک توجہ دلاؤ تحریک پیش کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس معاملے میں کُل آٹھ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ان میں سے سات ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے کل اسمبلی کو سابق ضلع کلکٹر اویناش پاٹھک کے ذریعے بیڑ ضلعے میں قومی شاہراہ نمبر 52 کی اراضی کے حصول میں کیے گئے غبن سے متعلق جانکاری دی۔ وہ اس ضمن میں پرکاش سولنکے، راجیش شر ساگر، امیت دیشمکھ اور دیگر اراکین کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ باونکولے نے بتایا کہ اس معاملے میں اویناش پاٹھک کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی نے مذکورہ رقم کی وصولی کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔
***** ***** *****
پالی ٹیکنک یعنی انجینئرنگ ڈپلومہ نصاب کورسیز کے مرکزی داخلوں کے لیے درخواست دہی کی حتمی تاریخ میں 6 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل نے اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ داخلوں کیلئے درخواست کی مہلت کل ختم ہورہی تھی لیکن یہ فیصلہ طلباء کی طرف سے معیاد میں توسیع کے مطالبے اور داخلوں کیلئے امیدواروں کی تعدادکو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
موسیقی کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے بزرگ اور نامور فنکاروں کے اعزاز کے لیے ”ملکہئ ترنم موسیقی ایوارڈ“ شروع کیا جائے گا۔ وزیرِ ثقافت آشیش شیلار نے کل اسمبلی میں تحریری طور پر اس کا اعلان کیا۔ یہ ایوارڈ 10 لاکھ روپئے نقد، ایک شال اور ایک توصیفی سند پر مشتمل ہوگا۔ شیلار نے مزید کہا کہ یہ ایوارڈ ہر سال 8 ستمبر یا اس کے آس پاس آشا بھوسلے کی یوم پیدائش کے موقعے پر دیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
ترقی یافتہ بھارت روزگار اور ضمانت ِ ذریعہئ معاش دیہی وی بی جی رام جی اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کل مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کیا۔ آندھرا پردیش کے تروپتی ضلعے میں کل منعقدہ تقریب میں وزیرِ اعلیٰ این چندربابو نائیڈو اور نائب وزیرِ اعلیٰ پون کلیان موجود تھے۔ اس موقعے پر مستحقین میں اسکیم کے کارڈ تقسیم کیے گئے‘ ساتھ ہی اسکیم کے پورٹل کا افتتاح بھی کیا گیا۔ چوہان نے یقین ظاہر کیا کہ اس اسکیم سے نہ صرف مستحقین کو روزگار ملے گا بلکہ گاؤں کا چہرہ مہرہ بھی بدل جائے گا، انہوں نے کہا…
Byte: Union Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
اسی دوران‘ کل ریاست کے کئی مقامات پر بھی اس اسکیم کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
لاتور میں، گھرکل اور سینچائی کنوؤں کا ای-مسٹر لے کر اس اسکیم کا عملی آغاز کیا گیا۔ اس موقعے پر ضلع پریشد کی صدر اوشا پاٹل اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر راہل کمار مینا نے اسکیم سے متعلق کتابچہ بھی جاری کیا۔
جالنہ تعلقے کے اُٹوَد میں اس اسکیم کا آغاز ضلع کلکٹر آشیما متل اور ضلع پریشد سی ای او کرشن کانت کنواریہ کی موجودگی میں عمل میں آیا۔ اس موقعے پر ضلع کلکٹر متل نے بتایا کہ اس اسکیم میں آبی تحفظ، دیہی بنیادی سہولیات، ذریعہ معاش اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چار بڑے موضوعات پر توجہ دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے آشاڑھی ایکادشی کے لیے پنڈھر پور جانے والی معروف پالکیوں سمیت ایک ہزار چار سو دِنڈیوں کیلئے فی کس 20 ہزار روپے کی امداد تقسیم کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس کے لیے دو کروڑ 80 لاکھ روپے کا فنڈ بھی منظور کیا گیا ہے۔
دریں اثناء، شیگاؤں کے سنت گجانن مہاراج کی پالکی نے کل ہنگولی ضلعے کے دِگرس کراڑے میں مقام کیا، آج یہ پالکی اونڈھا تعلقے کے جَوَڑا بازار میں مقام کرنے کے بعد پربھنی ضلعے کی طرف گامزن ہوگی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھاراشیو اضلاع سے مختلف پالکیوں کو لے کر آنے والے وارکریوں کی حفاظت اور معیاری طبّی خدمات کی فراہمی کے لیے ضلع انتظامیہ نے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
***** ***** *****
خصوصی مختصر نظرثانی پروگرام کے تحت فہرست ِ رائے دہندگان کی تجدید کاری شروع کر دی گئی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی نے 29 جولائی تک جاری رہنے والی اس مہم میں گھر گھر پر پہنچنے والے بی ایل اوز اور انتخابی عملے سے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔
دھاراشیو ضلعے میں،ایک ہزار 523 بوتھ سطح کے ملازمین کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے اور 152 نگراں کار مقرر کیے گئے ہیں۔ بوتھ سطح کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ بوتھ سطح کے سیاسی جماعتوں کے کارکنان بھی اس کام میں تعاون کریں گے۔ دھاراشیو کے ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے شہریوں سے اس کام میں انتظامیہ کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
تھانے پولس نے اساتذہ اہلیتی امتحان (ٹی ای ٹی) کا پرچہ افشاء کرنے کے معاملے میں کل مزید تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ مفرور ملزم کپل دَہیا کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کیا گیا تھا‘ جس کے بعد تھانے پولس نے اسے جموں سے گرفتار کرلیا۔ اس معاملے سے جڑے دو اور ملزمان سونو سنگھ اور متھن سنگھ کو بہار کے پٹنہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔ اس معاملے میں اب تک کُل سات ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے بسمت، اونڈھا ناگناتھ اور کلمنوری تعلقے کے 25 دیہاتوں میں کل زلزلے کے دو خفیف جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ زلزلے کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور شہریوں سے کسی بھی افواہ پر یقین نہ کرتے ہوئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
اس دوران‘ دھاراشیو ضلعے میں زلزلے کا کوئی بھی سرکاری اندراج نہ ہونے کی وضاحت ضلع انتظامیہ نے کی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے ایسی کسی بھی افواہ پر یقین نہ کرنے اور انتظامیہ کی جانب سے سرکاری طور پر جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی اور بیڑ اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس دوران طوفانی ہوائیں، بجلی کی گرج اور چمک کے ساتھ بارش کے امکان کے پیشِ نظر پربھنی کی اقامتی ڈپٹی کلکٹر انورادھا ڈھالکری نے شہریوں سے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر....
٭ مہاراشٹر کاشتکار بااختیار خواتین بل ریاستی اسمبلی میں اتفاقِ رائے سے منظور۔
٭ زراعت اور غیر تجارتی مقاصد کیلئے معدنیات کے استعمال پر ملکیتی فیس معاف کرنے کا ریاستی حکومت کافیصلہ۔
٭ ملکہئ ترنم آشا بھوسلے موسیقی ایوارڈ شروع کرنے کا ریاستی حکومت کا اعلان۔
٭ مرکزی وزیرِ زراعت کے ہاتھوں وی بی جی رام جی اسکیم کا باقاعدہ آغاز۔
اور۔۔۔ ٭ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی اور بیڑ اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments:

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 جولائی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 03 July 2026 Time: 09:00-09:10 AM آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں ...