Sunday, 2 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 02 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ نشے سے پاک نوجوان- ترقی یافتہ بھارت مہم“ کا آج وزیر اعظم کریں گے آغاز؛ ملک بھر میں دس ہزار مقامات پر ”نشے سے بچاؤ“ کیلئے حلف برداری تقاریب کا انعقاد۔
٭ عمومی امتحانات میں نامناسب ذرائع کی روک تھام کے ترمیمی بل پر صدرِ جمہوریہ نے کیے دستخط۔
٭ ملک‘ لوک مانیہ تلک کی ثقافتی قوم پرستی پر گامزن ہے۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کا اظہارِ خیال۔
٭ پیشگی ٹیکس کے طور پر مرکز سے ریاست کو سات ہزار22 کروڑ روپئے کا اضافی فنڈز ہوگا موصول۔
٭ ریاست بھر میں لوک مانیہ تلک اور انابھاؤ ساٹھے کو خراج عقیدت پیش۔
اور۔۔۔٭ دولت ِ مشترکہ کھیلوں میں بھارتی مکّے بازوں نے جیتے سات طلائی تمغے، 39 تمغوں کے ساتھ بھارت چوتھے مقام پر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
”نشے سے پاک بھارت“ اور ترقی یافتہ بھارت“ 2047 کے تصورات کو عملی جامہ پہنانے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر وزیر اعظم نریندر مودی آج ”نشے سے پاک نوجوان- ترقی یافتہ بھارت عزم مہم“ کا آغاز کریں گے۔ اس اقدام کے ذریعے وزیر اعظم مودی ملک کے نوجوانوں سے منشیات کی لت کے خلاف عوامی تحریک شروع کرنے کی اپیل کریں گے۔ اس مہم کا مقصد عوامی بیداری، اجتماعی شمولیت اور مسلسل عوامی شرکت کو فروغ دے کر منشیات سے پاک ملک کے قیام کیلئے ایک اجتماعی قومی مہم کی طرف نوجوانوں کو راغب کرنا ہے۔ اس موقعے پر آج ملک بھر میں تقریباً دس ہزار مقامات پر ”نشے سے بچنے“ کا عہد کرنے کیلئے بیک وقت تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
***** ***** *****
صدر ِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے عمومی امتحانات میں غلط ذرائع کے استعمال کی روک تھام کے ترمیمی بل پر دستخط کردئیے ہیں۔ جس کے بعد پارلیمنٹ میں منظور کیا گیا یہ بل اب قانون میں تبدیل ہو گیا ہے، جس سے امتحانی نظام مزید مضبوط، شفاف اور قابل اعتبار ہو جائے گا۔ اس قانون میں پرچہ افشاء، جعلی ویب سائٹس، جعلی ایڈمٹ کارڈ، کمپیوٹر نیٹ ورکس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ، جوابی بیاضوں میں تبدیلیاں اور غیر قانونی مدد جیسی 16 طرز کی بدعنوانیوں کی روک تھام کیلئے سخت دفعات شامل کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ ملک‘لوک مانیہ تلک کی ثقافتی قوم پرستی کی راہ پر گامزن ہے۔ پونے میں لوک مانیہ تلک یادگاری ادارے کی جانب سے دیا جانے والا لوک مانیہ تلک قومی ایوارڈ 2026، شاہ کے ہاتھوں کل قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کو تفویض کیا گیا۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ نے کہا:
Byte: Amit Shah
دریں اثناء، وزیرِ داخلہ شاہ نے کہا کہ قومی سلامتی کو مزید ناقابلِ تسخیر بنانے میں ڈوبھال کی خدمات پیش قیمتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈوبھال کی دور اندیشی، حوصلہ اور پالیسیوں نے ملک کے حفاظتی نظام کو مضبوط کیا ہے۔
اس موقعے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اجیت ڈوبھال نے کہا کہ ان کی اسکولی زندگی کی یادیں پونے سے جڑی ہوئی ہیں اور اسی شہر میں لوک مانیہ تلک سے منسوب اعزاز سے نوازا جانا زندگی کا ایک ناقابلِ فراموش لمحہ ہے۔
اس موقعے پر وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور سنیترا پوار، مرکزی وزیرِ مملکت مرلی دھر موہوڑاور لوک مانیہ تلک یادگاری ادارے کے صدر ڈاکٹر روہت تلک سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات موجود تھیں۔
***** ***** *****
ریاستوں کے مالیاتی نظام کو مزید مستحکم کرنے اور ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کیلئے مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کو ایک لاکھ نو کروڑ روپئے کی ٹیکس تقسیم کی اضافی پیشگی قسط تقسیم کی ہے۔ ریاست وار تقسیم کے مطابق مہاراشٹر کو سات ہزار 22 کروڑ روپئے کا اضافی فنڈ ملا ہے۔ یہ فنڈ 10 اگست کو کیے جانے والے باقاعدہ ماہانہ ٹیکس تبادلے کے علاوہ دیا گیا ہے، جو ریاست کی مالیاتی منصوبہ بندی میں ایک بڑا تعاون فراہم کرے گا۔
مرکز نے سیلاب سے حفاظت کے اقدامات کیلئے ریاستوں کو دو ہزار 117 کروڑ روپے دیئے ہیں۔ اس میں سے مہاراشٹر کو پہلی پیشگی قسط کے طور پر 500 کروڑ روپے کا فنڈ ملے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے کمرشیل استعمال کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 192 روپے کی تخفیف کر دی ہے، نئی قیمتیں کل سے نافذ العمل ہو گئی ہیں۔ اس کے مطابق، تجارتی استعمال کے 19 کلو کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت ممبئی میں گھٹ کر دو ہزار 690 روپے پر ہو گئی ہے۔ جبکہ پانچ کلو وزن والے چھوٹے سلنڈر کی قیمت بھی 808 روپئے پچاس پیسے سے کم کر کے 762 روپے فی سلنڈر کر دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے کاکروچ جنتا پارٹی سمیت دیگر تنظیموں کو بیرون ِملک سے ملنے والے فنڈز کی جانچ شروع کردی ہے۔ مملکتی وزیرِ داخلہ پنکج بھوئیر نے کل میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ جانکاری دی۔ بھوئیر نے کہا کہ اگر یہ فنڈز غلط مقاصد کیلئے استعمال ہو رہے ہیں تو متعلقین پر کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
کاشتکاروں کو فصل انشورنس اسکیم کی درخواستیں دہی کی مہلت میں 10 اگست تک توسیع کردی گئی ہے۔ گذشتہ31 جولائی تک ریاست بھر سے 53 لاکھ 74 ہزار 39 فصل بیمہ کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ جن میں سے 50 لاکھ 26 ہزار 685 درخواستیں غیر مقروض کسانوں کی جبکہ تین لاکھ 47 ہزار 354 درخواستیں قرض لینے والے کسانوں کی ہیں۔
***** ***** *****
لوک مانیہ بال گنگادھر تلک کی برسی کے موقعے پر، رتناگیری کے ضلع کلکٹر منوج جندل نے کل ان کی جائے پیدائش پر تلک کے مجسّمے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اسی طرح مختلف تنظیموں اور اداروں نے بھی ریاست کے مختلف مقامات پر تلک کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقاریب منعقد کیں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں وشو ہندو پریشد سمیت مختلف تنظیموں کی جانب سے لوک مانیہ تلک کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
لوک شاہر انابھاؤ ساٹھے کی یومِ پیدائش کے موقع پر کل انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد میں انابھاؤ ساٹھے کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقعے پر ضلع پریشد کے نائب صدر جتیندر جیسوال نے انابھاؤ ساٹھے کے خیالات پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
بیڑ میں انابھاؤ ساٹھے کے مجسّمے پر پھول چڑھاکران کی خدمات کو یاد کیا گیا۔ اس موقعے پر ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ انا بھاؤ ساٹھے کے مکمل مجسّمے کی تعمیر کیلئے اقدامات کرے گا۔ رکنِ اسمبلی سندیپ شر ساگر نے بتایا کہ بیڑ بلدیہ کے عام اجلاس میں انابھاؤ ساٹھے کے مجسّمے کی تعمیر کی ایک قرارداد منظور کی گئی ہے۔ سمتا سینک دَل نے بھی اس مناسبت سے ساٹھے کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جبکہ ایک ہزار خواتین کی شرکت کے ساتھ ایک خراجِ عقیدت ریلی بھی نکالی گئی۔
ناندیڑ اور دھاراشیو میں بھی انابھاؤ ساٹھے کی یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے دیونی میں کل‘ مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کا یومِ تاسیس منایا گیا۔ اس موقعے پر منعقدہ تقریب میں دو کتابوں کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے بزرگ ادیب دھننجے گڑسورکر نے دیہی علاقوں میں ادبی تحریکوں کی ضرورت کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
گلاسگو میں جاری دولت ِ مشترکہ کھیلوں میں بھارت مکّے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کل سات طلائی تمغے اپنے نام کیے۔ جاسمین بمبوریا، پریتی پوار، ساکشی چودھری، پریا گھنساس، اروندھتی چودھری، سچن سواچ اور انکش پنگھال نے طلائی تمغے جیتے ہیں۔ جبکہ مکے باز لولینا بورگوہین، جادومنی سنگھ اور نریندر بیروال نے نقرئی تمغے حاصل کیے۔
پیرا ایتھلیٹکس میں سومن رانا نے مردوں کے شاٹ پٹ F75 زمرے میں طلائی تمغہ جیتا۔ شبھم جویال نے اس ٹورنامنٹ میں نقرئی تمغہ جیتا۔ اسی طرح پروین چتراویل نے ٹرپل جمپ میں نقرئی تمغہ، جبکہ سیلوا پربھو نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ گل ویر سنگھ نے پانچ ہزار میٹر دوڑ اور اُنّتی شرما نے جوڈو میں میں کانسے کا تمغہ جیتا۔
بھارت ان کھیلوں میں کُل 39 تمغے جیت کر چوتھے مقام پر پہنچ گیا ہے۔ اس میں 13 طلائی، 17 نقرئی اور نو کانسے کے تمغے شامل ہیں۔
***** ***** *****
موسم: ریاست کے بیشتر علاقوں میں کل بارش ہوئی۔ جبکہ مراٹھواڑہ کے پربھنی، ہنگولی، ناندیڑ و دیگر اضلاع میں آئندہ چار دنوں میں بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دریں اثناء‘ پیٹھن کے جائیکواڑی پشتے میں 57 ہزار 266 ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد ہو رہی ہے اور اس منصوبے میں پانی کا ذخیرہ 82 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے۔ پشتے کی دائیں نہر سے 1100 ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ جبکہ بائیں نہر سے 700 ملین کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ نشے سے پاک نوجوان- ترقی یافتہ بھارت مہم“ کا آج وزیر اعظم کریں گے آغاز؛ ملک بھر میں دس ہزار مقامات پر ”نشے سے بچاؤ“ کیلئے حلف برداری تقاریب کا انعقاد۔
٭ عمومی امتحانات میں نامناسب ذرائع کی روک تھام کے ترمیمی بل پر صدرِ جمہوریہ نے کیے دستخط۔
٭ ملک‘ لوک مانیہ تلک کی ثقافتی قوم پرستی پر گامزن ہے۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کا اظہارِ خیال۔
٭ پیشگی ٹیکس کے طور پر مرکز سے ریاست کو سات ہزار22 کروڑ روپئے کا اضافی فنڈز ہوگا موصول۔
٭ ریاست بھر میں لوک مانیہ تلک اور انابھاؤ ساٹھے کو خراج عقیدت پیش۔
اور۔۔۔٭ دولت ِ مشترکہ کھیلوں میں بھارتی مکّے بازوں نے جیتے سات طلائی تمغے، 39 تمغوں کے ساتھ بھارت میڈل ٹیلی میں چوتھے مقام پر۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 01 October 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...