Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 03 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/ اگست ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ”نشہ مکت یووا – وِکست بھارت سنکلپ“کے تحت سو ہفتوں پر مشتمل عوامی شرکت کی ملک گیر مہم کا آغاز۔
٭ تعلیمی اداروں کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے: وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اظہارِ خیال۔
٭ زمینی لین دین میں شفافیت لانے کیلئے سرمائی اجلاس میں لینڈ ٹائٹلنگ بل لایا جائے گا: ریاستی وزیرِ محصول کا اعلان۔
٭ جائیکواڑی ڈیم کی دونوں نہروں سے پانی کا اخراج؛ گوداوری ندی کے کنارے رہنے والے شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل۔
اور۔۔۔٭ گلاسگو میں دولت ِ مشترکہ کھیلوں کا اختتام؛ 2030 کے مقابلوں کی میزبانی بھارت کرے گا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ بھارت کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے ملک کے نوجوانوں کا جسمانی طور پر صحت مند، ذہنی طور پر مضبوط اور منشیات کی لعنت سے دور رہنا نہایت ضروری ہے۔
نئی دہلی میں کل وزیر اعظم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ”نشہ مکت یووا – وکست بھارت سنکلپ ابھیان“ اور منشیات کے خلاف سو ہفتوں پر مشتمل عوامی شرکت کی ملک گیر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے منشیات کے مضر اثرات، خاندان کے کردار، اساتذہ کی ذمہ داری، نوجوانوں کے فرائض اور منشیات سے پاک بھارت کی تعمیر میں عوامی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کی حمایت، یوگا اور مراقبہ انسان کو منشیات کے خلاف جدوجہد کیلئے اندرونی قوت فراہم کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے ہر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نشہ سے پاک بھارت مہم میں بھرپور حصہ لیں اور کہا کہ منشیات سے پاک بھارت کا یہ عہد مسلسل جاری رہے گا۔انہوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بھی اس پروگرام میں آن لائن شرکت کرتے ہوئے نوجوانوں سے منشیات سے دور رہنے کی اپیل کی۔یہ مہم آئندہ سو ہفتوں تک جاری رہے گی اور ہر اتوار ملک بھر میں مختلف مقامات پر منشیات سے نجات کے موضوع پر،پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
پربھنی کی وسنت راؤ نائک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں بھی اس پروگرام کی براہِ راست نشریات دکھائی گئیں۔ اس موقع پر طلباء نے منشیات سے دور رہنے کا حلف لیا۔ یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر اندر منی نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ ہر قسم کے نشے کی عادتوں سے دور رہیں اور صحت مند طرزِ زندگی، مثبت سوچ، اچھے کردار، نظم و ضبط اور سماجی ذمہ داری کو اختیار کریں۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وہ کل ناگپور میں رام دیوبابا یونیورسٹی کے مصنوعی ذہانت مرکز کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اب زندگی کے ہر شعبے میں اپنا اثر قائم کر رہی ہے اور مستقبل میں بہت سی ملازمتوں کی نوعیت تبدیل ہو جائے گی۔ دنیا اب چھٹے صنعتی انقلاب کی بات کر رہی ہے، جس میں روبوٹکس، ڈیپ ٹیک، کوانٹم ٹیکنالوجی اور بائیوٹیکنالوجی اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے انسانیت کی فلاح، صحت کی خدمات اور زرعی شعبے میں بھی مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ آج ملازمتوں کے شعبے کو صرف ڈگری یافتہ افراد نہیں بلکہ باصلاحیت اور مؤثر کردار ادا کرنے والی افرادی قوت کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
زمینی لین دین میں شفافیت لانے کیلئے اسمبلی کے آئندہ سرمائی اجلاس میں لینڈ ٹائٹلنگ بل پیش کیا جائے گا۔ یہ اعلان وزیرِ محصول چندرشیکھر باونکولے نے کل رتناگیری میں چھترپتی شیواجی مہاراج مہاراجسومہم کیمپ کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نئے قانون کا اصول یہ ہوگا کہ پہلے زمین کی پیمائش، پھراندارج اور اس کے بعد ریکارڈ میں تبدیلی کی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد معاشرے کے آخری فرد تک سہولت پہنچانا ہے اور عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے سرکاری خدمات ان کی دہلیز تک پہنچنی چاہیے۔
***** ***** *****
سیلاب سے متاثرہ ریاستوں کو فوری امداد فراہم کرنے کیلئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ریاستی امدادی فنڈ کے تحت مرکز کی جانب سے دو ہزار 117 کروڑ روپے پیشگی امداد منظور کی ہے۔اس میں سے مہاراشٹر کیلئے پانچ سو کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت سیلاب سے متاثرہ ریاستوں کو امداد، بچاؤ اور بازآبادکاری کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آشاڑھی واری کے دوران مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) نے تقریباً ساڑھے پانچ ہزار بسوں کے ذریعے نو لاکھ سے زائد عقیدت مندوں کو محفوظ سفری سہولت فراہم کی۔ یہ اطلاع نقل و حمل کے ریاستی وزیر اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ آشاڑھی یاترا کے دوران ایس ٹی کارپوریشن کی بسوں نے تقریباً بائیس ہزارپھیریاں کیں جن سے کارپوریشن کو 41 کروڑ 18 لاکھ روپے سے زیادہ کی آمدنی ہوئی۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس بار آمدنی میں پانچ کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”لال پری“ کی عوامی خدمت کی روایت آئندہ بھی مزید مضبوط انداز میں جاری رہے گی۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں جل جیون مشن اور سوچھ بھارت مہم کے تحت کام کرنے والے ملازمین کو باقاعدہ تنخواہیں دینے کے سلسلے میں بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ نے اہم حکم جاری کیا ہے۔عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ موجودہ ملازمین کو باقاعدگی سے تنخواہیں ادا کی جائیں اور عدالت کے آئندہ حکم تک ان کی جگہ کسی نئے شخص کی تقرری نہ کی جائے۔ اس معاملے میں ناندیڑ ضلع پریشد کے ضلع پانی و صفائی مشن شعبے کے ڈاکٹر نند لال لوکڑے اور دیگر ملازمین نے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ میں درخواست دائر کی تھی۔
***** ***** *****
چھترپتی سنبھاجی نگر کی ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں 141 پروفیسروں کی تقرری کی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے 468 امیدواروں کا آج اور کل تحریری امتحان لیا جا رہا ہے۔
رجسٹرار ڈاکٹر پرشانت امرتکر نے بتایا کہ یہ امتحان یونیورسٹی کے کمپیوٹر سائنس، مینجمنٹ اسٹڈیز اور نالج ریسورس سینٹر کے تین مراکز پر منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
چھترپتی سنبھاجی نگر کے گارکھیڑہ علاقے میں واقع اشمیرہ غازی کاسمیٹک شاپ پر خوراک و ادویات محکمے نے چھاپہ مار کر بغیر لائسنس اور مشتبہ کاسمیٹک مصنوعات ضبط کر لیں۔ضبط شدہ مصنوعات کی مالیت تقریباً تین لاکھ 55 ہزار روپے ہے۔ اس معاملے میں جواہر نگر پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف علاقوں میں ہونے والی شدید بارش کے باعث کئی آبی منصوبے لبریزہوچکے ہیں۔چھترپتی سنبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن میں واقع جائیکواڑی ڈیم کا ذخیرہ آب 86.11 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے بالائی علاقوں میں واقع آبی منصوبوں سے بڑی مقدار میں پانی آ رہا ہے۔ اس وقت ڈیم میں فی سیکنڈ 29 ہزار 481 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد جاری ہے، جبکہ دائیں نہر میں 1200 اور بائیں نہر میں 700 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ جائیکواڑی آبپاشی محکمہ کے ایگزیکٹو انجینئر گنیش ہاسے نے گوداوری ندی کے کنارے رہنے والے شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
شولاپور ضلع کا اُجنی ڈیم سو فیصد بھر چکا ہے اور بھیما ندی میں بڑی مقدار میں پانی چھوڑا جا رہا ہے۔پنڈھرپور میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر احتیاطی قدم کے طور پر ندی کے کنارے رہنے والے تقریباً ایک سو خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ریاست کے چاروں خطوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ کوکن، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
گلاسگو میں منعقدہ دولت ِ مشترکہ کھیلوں کا کل ایک شاندارتقریب کے ساتھ اختتام ہوا۔اس موقع پر 2030 کے دولت ِ مشترکہ کھیلوں کی میزبانی باضابطہ طور پر بھارت کے حوالے کر دی گئی۔ گلاسگو کی میئر جیکولین میک لارین نے منتقلی کا پرچم دو مرتبہ کے اولمپک تمغہ یافتہ نیرج چوپڑا، بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن کی صدر پی ٹی اُوشا اور گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ ہرش سنگھوی کے حوالے کیا۔ان کھیلوں میں بھارت نے 13 طلائی، 17 چاندی اور 9 کانسے کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 39 تمغے اپنے نام کرتے ہوئے چوتھا مقام حاصل کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ”نشہ مکت یووا – وکست بھارت سنکلپ“کے تحت سو ہفتوں پر مشتمل عوامی شرکت کی ملک گیر مہم کا آغاز۔
٭ تعلیمی اداروں کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے: وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اظہارِ خیال۔
٭ زمینی لین دین میں شفافیت لانے کیلئے سرمائی اجلاس میں لینڈ ٹائٹلنگ بل لایا جائے گا: ریاستی وزیرِ محصول کا اعلان۔
٭ جائیکواڑی ڈیم کی دونوں نہروں سے پانی کا اخراج، گوداوری ندی کے کنارے رہنے والے شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل۔
اور۔۔۔٭ گلاسگو میں دولتِ مشترکہ کھیلوں کا اختتام؛ 2030 کے مقابلوں کی میزبانی بھارت کرے گا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment