Monday, 18 May 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 18 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 18 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعلیٰ نے 30جون سے پہلے کسانوں کیلئے قرض معافی اسکیم کا کیا اعلان۔
٭ CBI نے NEET پیپر لیک معاملے میں ناندیڑ کے ایک جوڑے سے کی پوچھ تاچھ۔
٭ ریاست میں 11 لاکھ 14 ہزار سے زیادہ خاندانوں کی جانب سے خودگنتی کا عمل مکمل۔
٭ لاتور میں پانی ذخیرہ کرنے کے گڑھے میں گرکر دو بچے ہلاک۔
٭ سینئر تال ساز ماؤلی ٹاکلکر کی پونے میں آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ شولاپور کے مہندر گائیکواڑ ہند کیسری؛ پرتگال اے ٹی پی چیلنجر ٹورنامنٹ میں بھارت کے سدھانت بانٹھیا کی دوہری جیت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
کسانوں کیلئے قرض معافی کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں اور اس اسکیم کا اعلان 30 جون سے پہلے کرنے کی اطلاع وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دی ہے۔ انھوں نے اس معاملے پر کابینہ کے اجلاس میں تفصیل سے تبادلہئ خیال کیے جانے کی بات کہی اور کہا کہ جیسے ہی باقی اضلاع کا ڈیٹا دستیاب ہوگا اسکیم کااعلان کردیا جائے گا۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ پھڑنویس نے کل میونسپل کارپوریشن اور آپُلکی ہیلتھ کیئر کے درمیان مشترکہ منصوبے کے طور پر پونے میں قائم کیے گئے ایک جدید ترین کینسر مرکز کا افتتاح کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر کینسر گرڈ بنایا جارہا ہے اور اس کے ذریعے مریضوں کو زیادہ مؤثر اور قابل ِرسائی علاج کی خدمات فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
دریں اثناء‘ بدھ بھوشن گرنتھ کے مصنف چھترپتی شری سمبھاجی مہاراج کے ایک مکمل لمبے مجسّمے کی بھی کل نقاب کشائی کی گئی‘ جسے پونے میونسپل کارپوریشن نے سمبھاجی مہاراج گارڈن میں تعمیر کیا ہے۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار بھی موجود تھیں۔ یہ ملک میں سمبھاجی مہاراج کا پہلا کانسے کا مجسمہ ہے جس میں بدھ بھوشن گرنتھ موجود ہے۔ بدھ بھوشن گرنتھ کے منتخب شلوک اور ان کے مراٹھی اور انگریزی ترجمے چھترپتی سمبھاجی مہاراج گارڈن میں اس مجسّمے کے ساتھ والی پتھر کی دیوار پر کندہ ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے بتایا ہے کہ ریت کی غیر قانونی کان کنی اور نقل و حمل کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ وہ کل‘ ناگپور میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے جالنہ میں ریت کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف کی گئی کارروائی کا بھی ذکر کیا۔
***** ***** *****
مرکزی تفتیشی بیورو (CBI) نے NEET پیپر لیک معاملے میں پوچھ گچھ کیلئے ناندیڑ کے ایک جوڑے کو طلب کیا ہے۔ اس جوڑے پر الزام ہے کہ انھوں نے پانچ لاکھ روپئے دیکر اپنی بیٹی کیلئے کاغذات خریدے۔ CBI کی ایک ٹیم نے ناندیڑ شہر کے وِدّیوت نگر میں ان سے تفتیش کی۔ انھیں مزید تفتیش کیلئے کل منگل کو پونے بلایا گیا ہے۔ ناندیڑ کے کچھ اور والدین سے تفتیش کی جائیگی۔ لاتور کے ایک ریٹائرڈ پروفیسر پی وی کلکرنی جنھیں اس کیس میں پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے اور منیشا مانڈھرے کو عدالت نے 14 دنوں کی CBI تحویل سنائی ہے۔
دریں اثناء‘ CBI نے اس معاملے میں کل لاتور شہر کے ایک پرائیویٹ کوچنگ کلاس ڈرائیور سے ایک بار پھر تفتیش کی۔ دو روز قبل اسی پرائیویٹ کلاس ڈرائیور سے ان کے گھر پر آٹھ سے نو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ تحقیقاتی ایجنسی مبینہ فرضی سوالیہ پرچے اور حقیقی NEET سوالیہ پرچے میں مماثلت کی جانچ کررہی ہے۔
***** ***** *****
مردم شماری 2027 کے تحت خودگنتی کا مرحلہ ختم ہوچکا ہے۔ ریاست بھر میں 11 لاکھ 14ہزار 277 خاندانوں نے خودگنتی کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ یہ عمل ایک مئی سے پندرہ مئی کے درمیان کیا گیا تھا۔ جن خاندانوں نے کامیابی سے خود گنتی کا عمل مکمل کرلیا ہے وہ اپنے علاقے میں آنے والے شمارکنندگان کو انگریزی کے ”H“ حرف سے شروع ہونے والا گیارہ ہندسی نمبر فراہم کریں۔ اس سے معلومات جمع کرنے کے عمل کو آسانی سے مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔
***** ***** *****
حکومت نے چاندی کی درآمد پر پابندی عائد کردی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارین ٹریڈ نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ اس نے سونے یا پلاٹینم کی ملمع کردہ چاندی کی درآمد پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ اس سے قبل حکومت نے 13 اپریل کو قیمتی دھاتوں پر درآمدی ڈیوٹی چھ فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن اور انڈین نیشنل ٹرسٹ فار آرٹ اینڈ کلچرل ہیریٹیج (INTAC) کی جانب سے کل شہر کے بیگم پورہ علاقے میں ہیریٹیج دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر تاریخ کے اسکالر سنکیت کلکرنی اور آدتیہ واگھمارے نے تاریخی تھتے حوض‘ بیگم پورہ علاقے کے قدیم باڑے‘ مندر‘ ہنومان جمنازیم اور کمبھار گلی کے بارے میں معلومات دی۔ اس موقع پر شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
لاتور شہر کے بودھے نگر علاقے میں پانی ذخیرہ کرنے کیلئے کھودے گئے گڑھے میں گر کر دو بچے ہلاک ہوگئے۔ یہ گڑھا تقریباً 15 تا 20 فٹ چوڑا تھا اور اسے ٹینکروں کیلئے پانی ذخیرہ کرنے کیلئے کھودا گیا تھا۔ پانی کا اندازہ نہ ہونے کی وجہ سے دونوں بچے پانی میں ڈوب گئے۔
دریں اثناء‘ علاقے کے مکینوں نے الزام لگایا ہے کہ گڑھے کے حوالے سے میونسپل کارپوریشن کو بارہا شکایات کے باوجود انتظامیہ نے گڑھے کو نظر انداز کیا۔
***** ***** *****
سینئر تال ساز گیانیشور عرف ماؤلی ٹاکلکر نے کل پونے میں ضعیف العمری سے انتقال کرگئے۔ وہ 99 برس کے تھے۔ انھوں نے مسلسل کئی نسلوں کے فنکاروں کے ساتھ تال کے عمل کو انجام دیا۔ ان کی آخری رسومات کل پونے میں ادا کی گئیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے ماجل گاؤں تعلقے کے کچھ دیہی علاقوں میں بہت سے تاجر تنظیمیں اور کچھ کمپنیاں بغیر کسی لائسنس کے زرعی پیداوار کی خرید و فروخت کررہی ہیں۔ زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی نے ایک سرکلر جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے عمل کو روکنے کیلئے سخت کارروائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
ناندیڑ دیہی پولس نے کل آپریشن کریک ڈاؤن کے تحت 30لاکھ 63 ہزار 650 روپئے مالیت کا ممنوعہ گٹکا اور ذائقے دار پان مسالہ ضبط کرلیا۔ پولس نے جال بچھا کر پیاز منڈی میں یہ کارروائی کی۔ اس معاملے میں رئیس محمد امیر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
شولاپورکے مہندر گائیکواڑ نئے ہند کیسری بن گئے ہیں۔ کل جب ساتارا میں منعقدہ 52 ویں ہند کیسری ریسلنگ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ پونے کے پرتھوی راج موہوڑ اور مہندر کے مابین جاری تھا۔ پرتھوی راج چوٹ کی وجہ سے دستبردار ہوگئے، جس کے بعد مہندر کو فاتح قرار دیا گیا۔ خواتین کے زمرے میں ہریانہ کی کاجل دھوجک خواتین کی ہند کیسری کی فاتح بنی۔ اس نے دہلی کی خوشی دلال کو شکست دی۔
***** ***** *****
تھائی لینڈ اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ساتوِک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی بھارتی جوڑی کو رنر اپ پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔ انہیں فائنل میچ میں انڈونیشیا کے لیو رولی کارنانڈو اور ڈینیئل مارٹن نے 21-12، 25-23 سے شکست دی۔
***** ***** *****
پرتگال میں جاری اے ٹی پی ٹینس چیلنجر ٹورنامنٹ میں بھارت کے سدھانت بانٹھیا نے اپنے ساتھی بلغاریہ کے الیگزینڈر ڈونسکی کے ساتھ ڈبلز کا خطاب اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے پرتگال کے ٹیاگو پریرا اور اسپین کے ڈیوڈ ویگا ہرنانڈیز کی جوڑی کو راست سیٹوں میں 6-3، 6-2 سے شکست دی۔ سدھانت بانٹھیا نے تیسری مرتبہ اے ٹی پی چیلنجر خطاب جیتاہے۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ – آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل، دہلی کیپٹلس نے راجستھان رائلس کو پانچ وکٹوں سے شکست دی، جبکہ رائل چیلنجرز بنگلورو نے پنجاب کنگس کو 23 رنز سے شکست دی۔
اس ٹورنامنٹ میں آج چنئی سپر کنگس اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ یہ میچ شام ساڑھے سات بجے چنئی میں شروع ہوگا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل‘ سب سے زیادہ درجہ حرارت امراوتی اور وردھا میں 46 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اکولہ میں 45 اعشاریہ چار، پربھنی میں 44، جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر، دھاراشیو اور بیڑ میں اوسطاً درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس درج ہوا۔
دریں اثناء‘ آئندہ دو دنوں میں وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی کے افراد نے کل نو وہیکل ڈے پہل کو بہتر پذیرائی دی۔ جس میں ایندھن کی بچت‘ ماحولیاتی تحفظ اور قومی مفاد کا پیغام دیا گیا۔ شہریوں نے بڑے پیمانے پر گاڑیو ں کے استعمال سے گریز کیا اور سائیکل‘ پیدل چلنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کیا۔ سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر نے اس پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے چاکور تعلقے کے بوتھی میں گال سے پاک ڈیم اور گال سے لیس کھیت مہم کے ندی کو گہرا اور چوڑا کرنے کے کام کا افتتاح وزیرِ تعاون بابا صاحب پاٹل نے کیا۔ پاٹل نے ہر آدمی سے جل تارا جیسے پانی کے تحفظ کے اقدامات میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ وزیرِ اعلیٰ نے 30جون سے پہلے کسانوں کیلئے قرض معافی اسکیم کا کیا اعلان۔
٭ CBI نے NEET پیپر لیک معاملے میں ناندیڑ کے ایک جوڑے سے کی پوچھ تاچھ۔
٭ ریاست میں 11 لاکھ 14 ہزار سے زیادہ خاندانوں کی جانب سے خودگنتی کا عمل مکمل۔
٭ لاتور میں پانی ذخیرہ کرنے کے گڑھے میں گرکر دو بچے ہلاک۔
٭ سینئر تال ساز ماؤلی ٹاکلکر کی پونے میں آخری رسومات ادا۔
اور۔۔۔٭ شولاپور کے مہندر گائیکواڑ ہند کیسری؛ پرتگال اے ٹی پی چیلنجر ٹورنامنٹ میں بھارت کے سدھانت بانٹھیا کی دوہری جیت۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 30.05.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 30 May 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्...