Thursday, 14 May 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 14 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۱/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی کابینہ نے خریف ہنگام کی 14 فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت میں اضافے کو دی منظوری۔
٭ وزیرِ اعلیٰ نے کمبھ میلے کے ہر اکھاڑے کیلئے پانچ کروڑ روپؤں کے فنڈ کی فراہمی کا کیا اعلان؛ کمبھ میلے کے LOGO کی وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں نقاب کشائی۔
٭ NEET-UG پیپر افشاء کیے جانے کے معاملے میں پونے اور اہلیانگر سے ایک-ایک شخص گرفتار۔
٭ چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی سالگرہ کے موقع پر آج مختلف تقاریب کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں گرمی کی لہر کا انتباہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی کابینہ نے خریف ہنگام کی 14 فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت میں اضافے کو منظوری دی ہے۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اشوینی ویشنو نے کل نئی دہلی میں کابینی اجلاس کے بعد یہ اطلاع دی۔ سورج مکھی کے بیجوں کی فی کوئنٹل قیمت میں سب سے زیادہ 622 روپئے اضافہ کیا گیا ہے۔ وہیں کپاس کی قیمت 557 روپئے اور تل کی قیمت 500 روپئے فی کوئنٹل بڑھادی گئی ہے۔ ’A‘ گریڈ کے دھان کی کم از کم امدادی قیمت دو ہزار 461 روپئے فی کوئنٹل‘ ہائبریڈ جوار چار ہزار 23 روپئے‘ باجرہ 2900 روپئے اور تور کی کم از کم امدادی قیمت آٹھ ہزار 450 روپئے فی کوئنٹل مقرر کی گئی ہے۔
ویشنو نے بتایا کہ خریف ہنگام میں تقریباً 824 لاکھ میٹرک ٹن زرعی پیداوار کی خریداری کی جائے گی‘ جس کیلئے کسانوں کو اندازاً دو لاکھ 60 ہزار کروڑ روپئے کسانوں کو ادا کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
وزیرِ موصوف نے مزید بتایا کہ ناگپور بین الاقوامی طیران گاہ کو جدید بنانے اور تزئین و آرائش کی منظوری دی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ میہان منصوبے کے تحت ناگپور ہوائی اڈے کو علاقائی Cargo کا مرکز بنانے کے سفر میں یہ ایک اہم قدم ہے۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے مرکزی حکومت کے اس فیصلے کا استقبال کیا ہے۔ انھوں نے کل ممبئی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اس فیصلے کیلئے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اپنے اندرونِ ملک دوروں کیلئے گاڑیوں کی تعداد میں کمی کردی ہے۔ ان کے قافلے میں ضروری سیکوریٹی کو برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ دیگر گاڑیاں کم کردی گئی ہیں۔ اسی طرح وزیرِ داخلہ امت شاہ نے بھی اپنی گاڑیوں کے قافلے میں نصف سے زیادہ کی کمی کی ہے۔
وہیں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اپنے سمیت تمام وزراء کی گاڑیوں کے قافلے کو فوری طور پر نصف کردینے کی ہدایت دی ہے۔ اس خصوص میں کل منعقدہ میٹنگ میں وزیرِ اعلیٰ نے دیگر وزیروں اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ غیر ملکی دورے نہ کریں۔ انھوں نے وزراء سے کہا کہ جب تک شدید ضروری نہ ہو وہ عام فضائی خدمات کا استعمال کریں۔ پھڑنویس نے وزیروں اور افسران کو میٹرو سمیت حمل و نقل کے عام ذرائع کے استعمال میں اضافے کی بھی صلاح دی۔
***** ***** *****
ناسک-ترمبکیشور سنہستھ کمبھ میلے کے Logo یعنی عرفی نشان کی نقاب کشائی کل وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس موقع پر نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور سنیترا پوار موجود تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ یہ نشان ثقافتی ورثے، بھارتی روایات اور قومی یکجہتی کا مؤثر پیغام دیتا ہے۔
***** ***** *****
حمل و نقل کے ریاستی وزیر پرتاپ سرنائیک نے خانگی بس خدمات فراہم کرنے والوں اور غیر قانونی مسافر ایپس کے ذریعے دھوکہ دہی کی روک تھام کی خاطر طویل مدتی حل طئے کرنے کیلئے ایک خصوصی کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ مسافروں کی لوٹ کھسوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔
***** ***** *****
NEET-UG کے سوالیہ پرچے کے افشاء کیے جانے کے معاملے میں پولس نے پونے کے ببوے واڑی علاقے سے ایک خاتون کو حراست میں لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد مذکورہ خاتون کو مرکزی جانچ ایجنسی (CBI) کے حوالے کیا گیا ہے۔
اسی معاملے میں CBI نے کل اہلیانگر ضلع سے دھننجئے لوکھنڈے نامی نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مذکورہ نوجوان سے اہلیا نگر CP آفس میں پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ مرکزی جانچ ایجنسی نے اس معاملے میں ناسک سے بھی ایک شخص شبھم کھیرنار کو حراست میں لیا ہے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ شبھم کے بھائی اور دوستوں سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
دہشت گردی کی روک تھام کے دستے (ATS) نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناندیڑ اضلاع میں چند نوجوانوں سے تفتیش کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کے پاکستان کی دہشت گرد تنظیم سے تعلق کے شبہ میں پوچھ تاچھ کی گئی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے سونے چاندی پر کسٹم ڈیوٹی چھ فیصد سے بڑھاکر 15 فیصد کردی ہے۔ وہیں پلاٹینیم کی درآمد پر اس ڈیوٹی میں 15.4 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ وہیں سونے کے سکوں اور دیگر اجزاء کسی درآمدی ڈیوٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی آج سالگرہ منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر پربھنی میں رکنِ اسمبلی راہل پاٹل کی موجودگی میں سمبھاجی سینا کی جانب سے ایک جلوس نکالا جائے گا۔ وہیں چھترپتی سمبھاجی نگر میں دھرم ویر چھاوا تنظیم کی جانب سے 51 غریب اور چھوٹے کسانوں میں بیج اور شمبھو گاتھا کی کتابیں تقسیم کی جائیں گی۔ اسی کے ساتھ سمبھاجی مہاراج کو پوواڑے گانوں اور دیگر تقاریب کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے مرکزی ادارے CBSE کے تحت منعقدہ بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا کل اعلان کیا گیا۔ اس مرتبہ کم و بیش 85 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں، جن میں لڑکیاں 88 فیصد اور لڑکے 82 فیصد ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی تعلیمی بورڈ کے تحت دسویں اور بارہویں جماعتوں کے سپلیمنٹری امتحانات آئندہ 16جون سے شروع ہوں گے۔ اس کیلئے نظام الاوقات بورڈ کے ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے۔ بارہویں جماعت کے امتحانات کیلئے درخواست دہی کی باقاعدہ مدت کل ختم ہورہی ہے۔ وہیں لیٹ فیس کے ساتھ 20 مئی تک فارم داخل کیا جاسکتاہے۔ دسویں کے طلبہ عام فیس کے ساتھ 21 مئی تک اور لیٹ فیس کے ساتھ 25 مئی تک درخواست دہی کرسکتے ہیں۔
***** ***** *****
صحت کے ریاستی وزیر پرکاش آبٹکر نے کہا ہے کہ ریاست کے ہر ضلع میں ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس اسکیم (ESIC) کے اسپتال قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ وزیرِ موصوف کل کولہاپور میں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس اسکیم کے تحت مہاراشٹر کو ملک میں پہلا مقام دلانے کیلئے مشن موڈ میں کام کریں۔
***** ***** *****
میئر سمیر راجورکر نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں آبرسانی کی خاطر جیون پرادھیکرن ادارے کی جانب سے بچھائی گئی 900ملی میٹر پائپ لائن کو مکمل گنجائش کے ساتھ شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آبرسانی کے انتظام سے متعلق جائزاتی اجلاس سے وہ کل خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے انتظامیہ کو بجلی کمپنی مہاوترن سے تال میل قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ پانی فراہمی کے دوران بجلی منقطع نہ کی جائے۔
***** ***** *****
پربھنی تعلقے کے سلطان پور اور پورنا تعلقے کے ساتے گاؤں نے مردم شماری کے تحت گھروں کی 100 فیصد خود گنتی مکمل کرلی ہے۔ انتظامیہ نے گاؤں کی سطح پر آگاہی پیدا کرکے شہریان کی شرکت کو یقینی بنایا۔ مردم شماری کا دوسرا مرحلہ کل سے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے سلوڑ تعلقے کے شیونا علاقے میں دو سگے بھائی کھیت میں موجود تالاب میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ گورو اور گوپال سابڑے ان کے نام ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت خریف ہنگام 2025-26 میں سویا بین کی فصل کے نقصان کیلئے ناندیڑ ضلع کے کسانوں کو 884 کروڑ 72 لاکھ روپؤں کا معاوضہ منظور کیا گیا ہے۔ ضلع کے تمام 93 محصول منڈل اس رعایت کیلئے اہل قرار دئیے گئے ہیں۔ چھ لاکھ 34 ہزار 623کسان درخواست دہندگان کو اس اسکیم کا فائدہ ملے گا۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت مراٹھواڑہ میں گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی ہے۔ آکولہ میں کل ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 45.6 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے بیڑ میں 44ڈگری‘ چھترپتی سمبھاجی نگر 43.6‘ پربھنی 43.1 اور دھاراشیو میں 40 اعشاریہ آٹھ ڈگری سیلسیئس تپش درج کی گئی۔
اسی بیچ بیڑ اور دھاراشیو اضلاع میں کل زوردار بارش ہوئی۔ تیز ہواؤں کے ساتھ کئی درخت اُکھڑ گئے‘ ساتھ ہی پاٹودہ تعلقے میں ژالہ باری کی اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مرکزی کابینہ نے خریف ہنگام کی 14 فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت میں اضافے کو دی منظوری۔
٭ وزیرِ اعلیٰ نے کمبھ میلے کے ہر اکھاڑے کیلئے پانچ کروڑ روپؤں کے فنڈ کی فراہمی کا کیا اعلان؛ کمبھ میلے کے LOGO کی وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں نقاب کشائی۔
٭ NEET-UG پیپر افشاء کیے جانے کے معاملے میں پونے اور اہلیانگر سے ایک-ایک شخص گرفتار۔
٭ چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی سالگرہ کے موقع پر آج مختلف تقاریب کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں گرمی کی لہر کا انتباہ۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 30.05.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 30 May 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्...