Monday, 25 May 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 25 May -2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/مئی۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ صدر جمہوریہ کے ہاتھوں آج پہلے مرحلے میں 66/پدم ایوارڈز کی تقسیم۔
٭ ناگپور کے جدید گودام لاجسٹکس پارک کا وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح۔مال برداری کے مصارف کم کرنے پر حکومت کی خصوصی توجہ کا عزم
٭ موسم خریف کی منصوبہ بندی محتاط طریقے سے کی جائے۔وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کی کسانوں سے اپیل۔
٭ ارکان حج کے پہلے مرحلے کا آغاز۔لاکھوں حاجی مکہ سے منیٰ کی خیمہ بستی پہنچ گئے۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر مقامات پر غیر موسمی بارش۔ آئندہ دو دنوں میں بیڑ،لاتوراور دھاراشیو اضلاع میں بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
آج صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں پدم ایوارڈز تقسیم کیئے جائیں گے۔اس موقع پر 66/اہم شخصیات کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھاکرشنن، وزیر اعظم نریندرمودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔آج ہونے والی اس تقریب میں دو افراد کو پدم وبھوشن، چھ افراد کو پدم بھوشن اور 58/افراد کو پدم شری ایوارڈز سے نوازاجائیگا۔باقی ایوارڈز دوسرے مرحلے میں دیئے جائیں گے۔ریاست مہاراشٹر سے 15/افراد کو ان ایوارڈز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کہا ہے کہ عالمی سپلائی چین کا حصہ بننے کے لیے عالمی سطح پر مسابقت کے قابل ہونا ضروری ہے۔ ناگپور کے نم جی گونڈ کھیری علاقے میں 100ایکڑ قطعہ اراضی پر تعمیر کردہ جدید گودام لاجسٹکس پارک کا افتتاح کل وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے صنعت، پیداواری شعبے اور سپلائی چین کو بڑا فائدہ ہوگااور وضاحت کی کہ حکومت مال برداری پرہونے والے مصارف کو کم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے لاجسٹکس کے شعبے میں مزید توسیع کی کافی گنجائش موجود ہے۔اس موقع پر مرکزی وزیر نتن گڈکری سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔ گڈکری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مال برداری کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کا وسیع پیمانے پر استعمال کیا جائے تو ایندھن پر انحصار اور ایندھن کے اخراجات کم ہونگے۔ ماحولیات کے توازن کو برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ نتیجتاً لاجسٹکس کے اخراجات بھی کم ہونگے۔
***** ***** *****
ریزروبینک آف انڈیا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال مارچ میں بھارتی شہریوں کے فروری کے مقابلے میں سیاحت اور بیرونی ملک سفر کے اخراجات کم رہے۔ فروری میں شہریوں کے بین الاقوامی سفر پر ایک ارب تیس کروڑ ڈالر خرچ ہوئے تھے۔ جبکہ مارچ میں یہ مصارف ایک ارب نو کروڑ ڈالر رہے۔
مغربی ایشیاء میں جاری بحران کے سبب تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپیئے کی قدر میں کمی کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے شہریوں سے غیر ضروری بیرون ملک سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
پرائم پوائنٹ فاؤنڈیشن نامی نجی ادارے کی جانب سے دیئے جانے والے اس برس کے ”سنسد رتن“ ایوارڈ کے لیے 12/اراکین پارلمان اور چار پارلمانی کمیٹیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر سے شری کانت شندے، ہیمنت ساورا،اسمتاواگھ،نریش مہسکے اور میدھا کلکرنی کو مختلف زمروں میں ایوارڈز کے لیے منتخب کیا گیاہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈسی بی ایس ای نے بارھویں جماعت کے نتائج کے بعد کی کاروائی میں پیش آنے والی تکنکی دشواریوں کا اعتراف کیا ہے۔ بورڈ نے تسلیم کیا ہے کہ بعض طلباء سے غلطی سے زائد یا غلط فیس وصول کی گئی اور یہ فیس واپس کی جائے گی۔بور ڈ نے یہ بھی کہا کہ بغیر دشواری کے جوابی پرچوں کی نقل اور دیگر کاروائی مکمل کرائی جائے گی۔
***** ***** *****
وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی نے مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے کسانوں سے موسم خریف کی منصوبہ بندی احتیاط کے ساتھ کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایل نینو کے اثرات کے باعث اس سال بارش میں بے قائدگی اور معمول سے کم بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس پس منظر میں کم مدت اور کم پانی میں پیدا ہونے والی فصلوں کے انتخاب، تخم ریزی سے قبل بیجوں کی مناسب تیاری، ڈرپ اور اسپرنکلر آبپاشی، محفوظ آبپاشی کے نظام اور پانی کے ذخیرے پر زور دیا گیا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر اندومنی نے کسانوں سے اپیل کی ہیکہ وہ یونیورسٹی کی رہنمائی سے فائدہ اٹھا تے ہوئے سائنسی طریقے سے کاشت کریں۔
***** ***** *****
شبھ گندھ ساہتیہ پریشد کا ”جیون گورو“ ایوارڈ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی سابق سینیٹ رکن اور تاریخ داں ڈاکٹر غنی پٹیل کو کل دیا گیا۔ احمد نگر میں منعقدہ ریاستی سطح کے شبدھ گندھ ساہتیہ سمیلن میں وزیر زراعت دتاترے بھرنے کے ہاتھوں غنی پٹیل کو ایوارڈ دیا گیا۔
***** ***** *****
لائنس کلب آف لاتور سٹی کی جانب سے ”سمان کارکردگی کا“ اس ریاستی سطح کے ایوارڈ کی تقسیم بھی کل کی گئی۔اس موقع پر آکاش وانی کے لاتور کے نامہ نگار ششی کانت پاٹل، موسیقی کے شعبے میں آساوری بودھنکر جونی۔میزبان شیل سوریہ ونشی، مہیش ہیڈا، سماجی کارکن سنجئے راجوڑے اور دیگر کو بھی ایورڈز دیئے گئے۔
***** ***** *****
چھتر پتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نے بجلی کے مصارف کم کرنے کے لیے بیشتر دفاتر اور منصوبے شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کے روایتی توانائی کے وزیر اتل شاوے کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے 30/میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے کی تجویز تیار کی ہے۔ میونسپل کمشنر امول یڑگے نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناندیڑ کے سرکاری میڈیکل کالج و اسپتال کے سابق ڈین ڈاکٹر وی ایل دیشپانڈے کل چل بسے۔وہ 83/برس کے تھے۔ وہ ریاست کے طبی تعلیم کے ڈائیریکٹر بھی رہ چکے تھے۔
***** ***** *****
نانڈیڑ شہر کے ساٹھے چوک علاقے میں دو بچوں کی دریائے گوداوری میں ڈوبنے سے موت واقع ہوگئی۔ 14/سالہ دنویر شنگاڑے اور 13/سالہ گنیش ڈونگرے نہانے کے لیے نگینہ گھاٹ گئے تھے۔ جہاں پانی کی گہرائی کا اندازہ نہ ہونے کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔
***** ***** *****
اس سال فریضہئ حج کی ادائیگی کے عمل کا آج سے آغاز ہوگیا ہے۔ دنیا بھرکے لاکھوں عازمین آج سعودی عرب کے شہر مکہ سے دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی منی میں پہنچ گئے ہیں۔ اس سال بھارتی حج کمیٹی کے ذریعے ایک لاکھ 22/ہزار سے زائد اور خانگی ٹور آپریٹرز کے ذریعے 54/ہزار سے زائد عازمین سفر حج پر پہنچ چکے ہیں۔ حسب روایت سعودی وزارت برائے حج و عمرہ نے اس سال بھی حاجیوں کی سہولت کے لیے عدیم المثال انتظامات کئے ہیں۔ حج کارکن اعظم وقوف عرفہ کل ادا کیاجائے گا۔
***** ***** *****
آج آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل راجستھان رائلز نے ممبئی انڈینز کو 30/رنوں سے شکست دے دی۔ جبکہ دہلی کیپیٹلز نے راجستھان رائلز کو 40/رنوں سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے بعد راجستھان رائلز کی ٹیم پلے آف مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ اس کے بعد رائل چیلنجرز بنگلورو۔گجرات ٹائٹنز اور سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیمیں بھی ناک آوٹ مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ اس مرحلے کا پہلا میچ کل دھرم شالہ میں رائل چیلنجرز اور گجرات ٹائٹنز کے مابین کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف علاقوں میں کل مانسون سے پہلے غیر موسمی بارش ہوئی۔ مراٹھواڑہ کے بعض مقامات پر بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی جس سے کئی علاقوں میں پھلوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔
محکمہئ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دو دن کوکن کے چند مقامات پر بارش جبکہ وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں گھن گرج اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی دوران 26/مئی تک امراوتی، وردھا اور چندر پور اضلاع کے لیے شدید گرمی کا ریڈ الرٹ جبکہ آکولہ، ناگپور اورگڈچرولی اضلاع کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیاہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ صدر جمہوریہ کے ہاتھوں آج پہلے مرحلے میں 66/پدم ایوارڈز کی تقسیم۔
٭ ناگپور کے جدید گودام لاجسٹکس پارک کا وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح۔مال برداری کے مصارف کم کرنے پر حکومت کی خصوصی توجہ کا عزم
٭ موسم خریف کی منصوبہ بندی محتاط طریقے سے کی جائے۔وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کی کسانوں سے اپیل۔
٭ ارکان حج کے پہلے مرحلے کا آغاز۔لاکھوں حاجی مکہ سے منیٰ کی خیمہ بستی پہنچ گئے۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر مقامات پر غیر موسمی بارش۔ آئندہ دو دنوں میں بیڑ،لاتوراور دھاراشیو اضلاع میں بارش کی پیش گوئی۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 30.05.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 30 May 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्...