Thursday, 28 May 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 28 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 28 May 2026
Time: 09:00-09:10 AM
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: 09.00 سے 09.10/ بجے
***** ***** *****
سرخیاں
پہلے خاص خبروں کی سرخیاں...
٭ سارتھک PDS اسکیم کو آئندہ پانچ برسوں کیلئے جاری رکھنے کی مرکزی کابینہ نے دی منظوری۔
٭ پیاز کی ضمانتی قیمت سے متعلق آئندہ دس دنوں میں نکالا جائے گا حل: وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ رائے دہندگان کی فہرست پر گہرائی سے نظرِ ثانی کے عمل یعنی SIR کو سپریم کورٹ نے قانونی طور پر صحیح قرار دیا۔
٭ ہائیڈروجن سے چلنے والی ملک کی پہلی ریل گاڑی کو وزارتِ ریلوے کی جانب سے ہری جھنڈی۔
٭ ملک بھر میں عیدالاضحی منائی جارہی ہے جوش و خروش کے ساتھ۔
اور۔۔۔ ٭ NEET سوالیہ پرچے لیک کیے جانے کے معاملے میں مزید دو افراد CBI کی حراست میں۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی کابینہ کی اقتصادی اُمور سے متعلق کمیٹی نے عوامی تقسیم کے نظام کے تحت راشن کی تقسیم‘ نقل و حمل اور انتظامی امداد کیلئے سارتھک PDS اسکیم جاری رکھنے کو منظوری دی ہے۔ اس اسکیم پر عمل درآمد کیلئے 25 ہزار 530 کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔ کمیٹی نے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے ذریعے بین ریاستی حمل و نقل اور غذائی اجناس کی لاگت سے نمٹنے کی خاطر مرکزی امداد کے قوانین میں تبدیلی کی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ملک کے کئی حصوں میں درجہئ حرارت میں اضافے کے سبب شہریان سے گرمی میں احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں وزیرِ اعظم نے مشورہ دیا کہ اتنی شدید گرمی میں پانی کی سطح کو جسم میں برقرار رکھنا چاہیے‘ باہر جاتے وقت پینے کا پانی اپنے ساتھ رکھنا چاہیے اور پیاسے لوگوں کیلئے پینے کے پانی کا بندوبست کرنا چاہیے۔ مودی نے عوام سے دوپہر کی شدید گرمی میں باہر نکلنے سے گریز کرنے‘ زیادہ سے زیادہ آرام کرنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے جانوروں اور پرندوں کیلئے پانی سے بھرا برتن رکھنے کا بھی مشورہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ بچے‘ بوڑھے اور دھوپ میں کام کرنے والے افراد گرمی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں اور ایسے وقت میں احتیاط برتنے اور دیکھ بھال کرنے سے کسی کی جان بچائی جاسکتی ہے۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ انتخابی کمیشن کی رائے دہندگان کی فہرست پر نظرِ ثانی یعنی SIR کے عمل کو کالعدم قرار نہیں دیاجاسکتا۔ عدالت نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 کی دفعہ 324 کے تحت SIR کرانے کا اختیار ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوائے مالیہ باگچی کی بینچ نے بہار میں SIR کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے گذشتہ برس جون میں جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کو چیلنج کرنے والی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے خیال ظاہر کیا کہ انتخابی فہرست پر گہری نظرِ ثانی SIR کا مقصد آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانا ہے۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے مطالبہ کیا ہے کہ رائے دہندگان کی فہرست پر گہرائی سے نظرِ ثانی کے عمل SIR کو پنڈھرپور واری اور قدرتی آفات کے دوران نہ کیا جائے۔ SIR کا دوسرا مرحلہ 30 جون تا 29 جولائی کے دوران منعقد ہوگا۔ اس دوران آشاڑھی واری رہے گی، جس میں ریاست کے لاکھوں وارکری حصہ لیں گے جس کے سبب وہ اس موقع پر گاؤں سے باہر ہوں گے۔ اس لیے ان کے ناموں کے چھوٹ جانے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے آئندہ ماہِ جولائی میں ممبئی عظمیٰ‘ کوکن‘ پونے اور ستارا کے علاقوں میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ان تمام باتوں کے پیشِ نظر سپکاڑ نے ریاست کے چیف الیکٹرول افسر چوکھ لنگم کو ایک خط لکھ کر کہاہے کہ SIR پروگرام کو مزید ایک مہینے کیلئے ملتوی کردیا جائے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ پیاز کے معاملے پر مرکزی حکومت کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی ہے اور آئندہ دس دنوں میں امدادی قیمت کے بارے میں کوئی حل نکالا جائے گا۔ نئی دہلی میں کل مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں پیاز کے مسئلے سمیت مختلف مسائل پر ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے یہ بات کہی۔ پیاز کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے ریاستی حکومت کے تجویز کردہ اقدامات کے بارے میں مرکزی حکومت کا رویہ مثبت ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مرکزی حکومت NAFED اور NCCF سے دو لاکھ ٹن کی بجائے 10 لاکھ ٹن پیاز خریدنے اور اضافی ایکسپورٹ ڈیوٹی عائد کرنے کے مطالبے پر بھی مثبت ہے۔ اس میٹنگ میں مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان‘ مرکزی وزیر پرلہاد جوشی‘ نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ سُنیترا پوار‘ ریاستی وزراء رادھا کرشن وکھے پاٹل اور گریش مہاجن موجود تھے۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ‘ سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (CBSE) کی نہم جماعت کے طلبہ کیلئے کم از کم دو بھارتی زبانوں سمیت تین زبانیں سیکھنے کو لازمی قرار دینے کی پالیسی کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت کرے گی۔ سپریم کورٹ نے نیشنل کاؤنسل آف ایجوکیشنل اینڈ ٹریننگ (NCERT) اور مرکزی حکومت کو دو ہفتوں میں جواب داخل کرنے کیلئے نوٹس جاری کی ہے۔
اسی بیچ مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے مشورہ دیا ہے کہ CBSE کا ادائیگی کا نظام زیادہ مضبوط‘ قابلِ بھروسہ اور طالب علم دوست ہونا چاہیے۔ وزیرِ موصوف نے ضروری اصلاحات کی تجویز پیش کی، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ طلبہ کو امتحان کے بعد کی خدمات اور فیس پر مبنی مختلف عمل کے دوران کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
***** ***** *****
ریلوے کی وزارت نے ہائیڈروجن ایندھن سے چلنے والی ملک کی پہلی ریل گاڑی کو منظوری دے دی ہے۔ دس ڈبوں پر مشتمل یہ آزمائشی ریل گاڑی ہریانہ کے جند اور سونی پت کے درمیان چلے گی۔ Hydrogen Fuel Cell Technology کا استعمال ماحول دوست اور Green Transport کی جانب ایک بڑا قدم ہوگا۔ وزارتِ ریلوے نے اطلاع دی ہے کہ یہ ٹرین زیادہ سے زیادہ 75 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** *****
جدید بھارت کے معمار اور سابق وزیرِ اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو کل اُن کی برسی کے موقع پر ملک بھر میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام کے ذریعے پنڈت نہرو کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
***** ***** *****
ریاست کے مقامی خود مختار اداروں سے قانون ساز کونسل کیلئے چنی جانے والی 16 نشستوں اور ناگپور کے ایک ضمنی انتخاب سمیت کُل 17 نشستوں پر مہاوِکاس آگھاڑی مقابلہ کرے گی۔ اس کیلئے کل ممبئی میں نشستوں کی تقسیم پر ابتدائی بحث ہوئی۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے کہا کہ ہم دو دنوں میں ایک اور میٹنگ کریں گے اور اتفاقِ رائے سے سیٹوں کی تقسیم کے فیصلے کا اعلان کریں گے۔
***** ***** *****
عیدالضحیٰ کا تہوار آج منایا جارہا ہے۔ مسلم بھائیوں نے آج علی الصبح مختلف مساجد اور عیدگاہوں میں بقرعید کی نماز ادا کی۔ اس کے بعد قربانی کا آغاز کیا گیا۔ گورنر جشنو دیو ورما نے بقرعید کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ یہ تہوار قربانی اور ایثار کا پیغام دیتا ہے۔ ملک کے بعض حصوں میں بقرعید کل منائی گئی۔
***** ***** *****
21 جون کو منائے جانے والے بین الاقوامی یوگا دِن کی مرکزی تقریب اس برس کولکتہ میں ہوگی۔ وزارتِ آیوش کے مرکزی وزیر پرتاپ راؤ جادھب نے کل کھجوراہو میں یہ اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس برس کے یوگا دشن کا تھیم ”صحت مند بڑھاپے کیلئے یوگا“ ہے۔ یوگا دِن کی مناسبت سے یوگا پاک پہل‘ یوگا سنگم پورٹل اور یوگا کے دوران پہنے جانے والے ٹی شرٹ کی ڈیزائن کی بھی نقاب کشائی کی گئی۔
***** ***** *****
مرکزی جانچ ایجنسی نے کل NEET-UG سوالیہ پرچہ لیک کیے جانے کے معاملے میں کل مزید دو افراد کو گرفتار کیاہے۔ لاتور سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر منوج شرورے کو کل پوچھ تاچھ کے بعد حراست میں لیا گیا۔ شرورے پر الزام ہے کہ انھوں نے لاتور کے ایک سبکدوش پروفیسر پی وی کلکرنی سے کیمسٹری کے پرچے کے سوالات جانے۔ پونے کے ڈاکٹر ابھنگ پربھو میڈیکل اکیڈمی میں علم ِ کیمیاء کے استاد تیجس شاہ کو بھی کل سی بی آئی نے گرفتار کیا۔ انھوں نے سوالیہ پرچہ ملزمہ منیشا حوالدار سے حاصل کیا تھا۔ اس معاملے میں سی بی آئی کی جانب سے گرفتار کیے گئے افراد کی تعداد اب 13 ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے حال ہی میں 12 برس مکمل کیے ہیں۔ اس دوران حکومت کی جانب سے ٹیکس ڈھانچے میں کیے گئے بنیادی ردّ و بدل سے شہریان کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔ سابق رکنِ اسمبلی شری کانت جوشی نے کہا ہے کہ اس کے سبب ٹیکس دہندگان کی تعداد میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ آکاشوانی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا:
BYTE: EX MLA SHRIKANT JOSHI
***** ***** *****
سرخیاں
آخرمیں خاص خبریں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے...
٭ سارتھک PDS اسکیم کو آئندہ پانچ برسوں کیلئے جاری رکھنے کی مرکزی کابینہ نے دی منظوری۔
٭ پیاز کی ضمانتی قیمت سے متعلق آئندہ دس دنوں میں نکالا جائے گا حل: وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ رائے دہندگان کی فہرست پر گہرائی سے نظرِ ثانی کے عمل یعنی SIR کو سپریم کورٹ نے قانونی طور پر صحیح قرار دیا۔
٭ ہائیڈروجن سے چلنے والی ملک کی پہلی ریل گاڑی کو وزارتِ ریلوے کی جانب سے ہری جھنڈی۔
٭ ملک بھر میں عیدالاضحی منائی جارہی ہے جوش و خروش کے ساتھ۔
اور۔۔۔ ٭ NEET سوالیہ پرچے لیک کیے جانے کے معاملے میں مزید دو افراد CBI کی حراست میں۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 30.05.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 30 May 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्...