Thursday, 7 May 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 07 مئی 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 07 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/مئی ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی حکومت کی نظرِ ثانی شدہ قومی پنشن اسکیم کا انتخاب کرنے کیلئے سرکاری ملازمین کو 31 دسمبر تک کی مہلت۔
٭ میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کونسلوں کے تحت قطعہئ جاتِ اراضی کے 7/12 اُتاروں کا اجراء بند۔
٭ ناسک سرمایہ کاری کانفرنس میں تقریباً 14ہزار کروڑ روپئے کے معاہدے۔
٭ ریاست میں خواتین پر مظالم و تشدد پر قومی کمیشن برائے خواتین کا سخت نوٹس۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں SIR کے تحت رائے دہندگان کی میپنگ کا کام 10 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
قومی پنشن اسکیم کے تحت آنے والے ملازمین کیلئے ریاستی حکومت کی نظرِ ثانی شدہ قومی پنشن اسکیم اختیاری رہے گی۔ شعبہئ مالیات نے کل اس خصوص میں ایک مکتوب جاری کیا۔ اس متبادل کو قبول کرنے والے ملازمین کی خدماتِ کار اگر کم از کم 20 برس ہو تو انھیں آخری تنخواہ کا 50 فیصد وظیفہ ملے گا۔ اس سے کم مدتِ ملازمت والے افراد کو ان کی عرصہئ ملازمت کے مطابق وظیفہ ملے گا۔ حکومت نے وضاحت کی ہے کہ وظیفے کی یہ رقم کم از کم ساڑھے سات ہزار ہوگی۔ تاہم‘ 10 سال سے کم خدمات والے ملازمین اس اسکیم کے تحت وظیفے کے حقدار نہیں ہوں گے۔ استعفیٰ دے کر جانے والے ملازمین کو نظرِ ثانی شدہ پنشن اسکیم کے تحت وظیفہ نہیں ملے گا۔ انھیں صرف قومی پنشن اسکیم کے مطابق وظیفہ دیا جاسکے گا۔ اس متبادل کا انتخاب کرنے والے افسران و ملازمین کے خاندانوں کو 60 فیصد رقم خاندانی پنشن کے تحت ملے گی اور اس پر مہنگائی بھتہ بھی دیا جائے گا۔ نظرِ ثانی شدہ پنشن قبول کرنے والے ملازمین کو NPS میں سے پہلے نکالی گئی رقم کو 10 فیصد سود کے ساتھ واپس جمع کروانا ہوگا۔ مختلف یونیورسٹیز‘ ضلع پریشد‘ سرکاری اور امداد یافتہ تعلیمی اداروں کے ملازمین پر ان ضوابط کا اطلاق ہوگا۔ آئندہ 31 دسمبر تک ملازمین اس متبادل کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں طبّی خدمات کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کیلئے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی ”جائیکا“ کے ساتھ تقریباً تین ہزار 708 کروڑ روپئے کے منصوبے کو ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں قائم ہونے والے سات بی.ایس. سی نرسنگ کالجوں کو اس کا فائدہ ہوگا۔ ان میں لاتور کا نرسنگ کالج بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
میونسپل کارپوریشن اور کونسلوں کی توسیع شدہ حد بندی کے بعد نئے گاؤں کے علاوں میں قطعہ جاتِ اراضی کیلئے اب 7/12 اُتارے بند کردئیے جائیں گے۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے ان علاقوں کے رہائشیوں کو ان کی املاک کی دستاویزات جلد تیار کرکے دینے کی ہدایت کی ہے۔ کل وزیرِ محصول کی زیرِ صدارت اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس ضمن میں عنقریب سرکاری مکتوب جاری کیا جائے گا۔
***** ***** *****
مراٹھی زبان کے وزیر اُدئے سامنت نے ریاست کے سرکاری ملازمین کیلئے ہندی زبان کے امتحانات معطل کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ مہاراشٹر کے قیام سے قبل اُس وقت کی ممبئی حکومت نے سرکاری خط و کتابت اور معلومات کے تبادلے میں سہولت کیلئے ملازمین کیلئے ہندی زبان کا امتحان لازمی قرار دیا تھا۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہندی زبان کا بہت زیادہ استعمال نہیں ہورہا ہے۔ اس لیے یہ امتحانات جاری رکھنا مناسب نہیں ہے۔
دریں اثناء‘ وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے کہا ہے کہ صنعتی علاقوں میں ٹیکس وصولی کا اختیار MIDCکو دینے پر غور کیاجارہا ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ MIDC یہ ٹیکس جمع کرکے اپنے زیرِ انتظام علاقو ں میں بنیادی سہولتیں بہم پہنچائے گی اور اس کیلئے ضروری نفری قوت MIDC کو مہیا کی جائیگی۔
***** ***** *****
”ناسک انویسٹمنٹ سمٹ“ کل وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس سمٹ میں تقریباً 14ہزار کروڑ روپئے کے کُل 314 معاہدے ہوئے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ ان معاہدوں کے باعث ضلع کی معیشت کو رفتار ملے گی اور یہ چھوٹی و بڑی صنعتوں کیلئے ایک سنہری موقع ہوگا۔
اسی دوران سابق صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں کمبھ میلے کے پیشِ نظر پنچوٹی کے تاریخی کاڑا رام مندر میں 21 فٹ اونچا پانچ دھاتوں کا دھرم دھوج نصب کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
”مکھیہ منتری وِدّیارتھی وِگیان واری“ مہم کے تحت ریاست کی سائنسی نمائشوں میں بہترین کارکردگی انجام دینے والے طلباء و طالبات کو اِسرو اور امریکی ناسا مراکز کا دورہ کرنے کا موقع ملے گا۔ اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے کل نے اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ اس کیلئے تین کروڑ 30لاکھ روپئے کے مصارف متوقع ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں خواتین پر مظالم اور ہراسانی کا قومی کمیشن برائے خواتین نے سخت نوٹس لیا ہے۔ کمیشن کی چیئرپرسن وجیا راہٹکر نے اس ضمن میں محکمہ پولس نے اربابِ مجاز سے تفصیلی تبادلہئ خیال کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ناسک کے جعلی جیوتشی اشوک کھرات اور ٹی سی ایس کے معاملات کا دائرہ وسیع ہونے کے باعث جانچ کیلئے مزید وقت ضروری ہے۔ اسی طرح پونا میں چار سالہ کمسن بچی سے زیادتی کے ملزم کو سخت سزا یقینی بنانے کیلئے ثبوت فراہم کیے جانے کی ہدایت بھی کمیشن نے دی۔
دریں اثناء‘ پال گھر ضلع میں زیادتی کی متاثرہ نابالغ لڑکی سے قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرپرسن نیلم گورہے نے ملاقات کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ملزم کو ضمانت نہ ملنے اور انصاف کا عمل جلد مکمل کرنے کیلئے کوشش کی جائیگی۔
***** ***** *****
سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیٹس کے چیئرمین کے عہدے پر ششی شیکھر ویمپتی کو نامزد کیا گیا ہے۔ ان کے عہدے کی معیاد تین سال ہوگی۔ ویمپتی نے اس سے قبل پرسار بھارتی کے چیف ایکزیکٹیو کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے کل راجیہ سبھا کی رُکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ انھوں نے نائب صدر سی پی رادھا کرشنن سے ملاقات کرکے اپنا استعفیٰ سونپا۔
***** ***** *****
ایس ٹی کے نئے NCMC کارڈ کی قیمت 199 روپئے ہوگی اور اس سے پہلے اسمارٹ کارڈ رکھنے والوں کو یہ رعایتی قیمت پر 149 روپئے میں ملے گا۔ وزیر برائے حمل و نقل پرتاپ سرنائیک نے انتباہ دیا ہے کہ اس کارڈ کیلئے غیر واجبی قیمت وصول کرنے والے ایجنٹس کے لائسنس فوری منسوخ کردئیے جائیں گے۔ اس ضمن میں چند ایک ایجنٹس کے لائسنس منسوخ بھی کیے جاچکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی مالیاتی و ترقیاتی کارپوریشن برائے معذور افراد کی جانب سے معذور افراد کو دئیے جانے والے قرض کی حد بڑھانے کی جامع تجاویز تیار کرنے کی ہدایت وزیر اتل ساوے نے دی ہے۔ وہ کل اس حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ سرِدست معذور افراد کیلئے انفرادی قرض کی حد 50 ہزار ہے اسے پانچ لاکھ روپئے تک بڑھانے کی ہدایت بھی وزیرِ موصوف نے دی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں جاری SIR مہم کے تحت رائے دہندگان کی میپنگ کا کام 10 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی نے دی ہے۔ اب تک ضلع میں کل 32 لاکھ 44 ہزار 258 رائے دہندگان میں سے 24 لاکھ 15ہزار 35 ووٹرز کی میپنگ مکمل ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں مقامی کرائم برانچ نے 15لاکھ 98ہزار 429روپئے مالیت کا گٹکا اور ممنوعہ پان مصالحہ اور تمباکو ضبط کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں دو افراد کے خلاف پولس تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں بارش سے قبل نالوں کی صفائی کے کام آج سے آغاز ہورہا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی مجلس ِ قائمہ کے چیئرمین انیل مکرئیے کی موجودگی میں گاندھی نگر علاقے سے اس صفائی کے کام کا آغاز ہوگا۔
***** ***** *****
موسم: مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع کیلئے آج گرمی کا یلو الرٹ محکمہ موسمیات نے جاری کیا ہے۔ جبکہ ودربھ کے بیشتر علاقوں میں بے موسمی بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
اسی دوران ریاست میں کل آکولہ میں درجہ حرارت 42 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں پربھنی میں 41 اعشاریہ آٹھ اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں درجہ حرارت 39 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاستی حکومت کی نظرِ ثانی شدہ قومی پنشن اسکیم کا انتخاب کرنے کیلئے سرکاری ملازمین کو 31 دسمبر تک کی مہلت۔
٭ میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کونسلوں کے تحت قطعہئ جاتِ اراضی کے 7/12 اُتاروں کا اجراء بند۔
٭ ناسک سرمایہ کاری کانفرنس میں تقریباً 14ہزار کروڑ روپئے کے معاہدے۔
٭ ریاست میں خواتین پر مظالم و تشدد پر قومی کمیشن برائے خواتین کا سخت نوٹس۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں SIR کے تحت رائے دہندگان کی میپنگ کا کام 10 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 29.05.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 30 May 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपती संभाजीन...