Sunday, 6 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 06 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 06 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/ستمبر ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پرائمری اسکولی تعلیم درمیان ہی میں چھوڑنے کی شرح تقریباً صفر ہونے پر صدرِ مملکت کی ملک بھر کے اساتذہ کو مبارکباد؛قومی اساتذہ ایوارڈز تقسیم؛ مہاراشٹر کے 9 اساتذہ شامل۔
٭ مراٹھا برادری 12 ستمبر کے بعد ممبئی مارچ کرے گی: منوج جرانگے کا انتباہ۔
٭ دہی ہنڈی تقاریب جوش و خروش سے منائی گئیں؛ ممبئی - تھانے میں 128 گووندا زخمی، تین ہلاک۔
٭ ایشیاء کپ خواتین T-20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کی پاکستان کیخلاف سات وکٹوں سے شکست دی۔
اور۔۔۔٭ بھارت کی ساتوک-چراگ جوڑی چائنا ماسٹرز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے پرائمری اسکولوں میں تعلیم درمیان ہی میں چھوڑدینے کی شرح تقریباً صفر تک پہنچنے پر ملک بھر کے اساتذہ کو مبارکباد دی ہے۔ وہ کل‘ دہلی میں یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کے قومی اعزاز کی تقسیم کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ تناسب 12 سال قبل چار اعشاریہ پانچ فیصد تھا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اب یہ شرح کم ہو کر صفر پر آ گئی ہے۔ صدر مرمو نے اپیل کی کہ اساتذہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی طالب علم تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انھوں نے کہا...
Byte: President Draupadi Murmu
صدرِ جمہوریہ نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ ہندوستانی ثقافت اور روایات کی قدر کرتے ہوئے انسانیت کیلئے کام کریں اس کے علاوہ معاشرے کے آخری فرد کی فلاح‘ ماحولیات کے تحفظ اور قومی مفاد کو اولیت دیں۔
اس موقع پر اعلیٰ تعلیم کے شعبے سے تعلق رکھنے والے 21 اساتذہ سمیت ملک بھر کے 48 اساتذہ کو صدر مملکت کے ہاتھوں ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ ان میں بیڑ ضلعے کے کیج سے کویتا گِتّے، ناسک کی کُندا بچّھاؤ، لاتور کے ویبھو کلکرنی، ستارا سے شیو پرساد ٹِنگرے، آئی آئی ٹی ممبئی کے وکرم وشال، وردھا سے امر تاکسانڈے،شولاپور کے سندیپان نروٹے، دھاراشیو سے کرن جھرکر اور ناسک کی ارچنا جادھو شامل ہیں۔
***** ***** *****
وزیر ِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون کے ساتھ ہی انسانی اقدار، ثقافتی ورثے اور باہمی تال میل کے ذریعے ہی دنیا میں توازن، امن اور خوشحالی لائی جا سکتی ہے۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں ”گلوبل امپیکٹ فورم 2026“ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، ہندوستان، برازیل، روس، چین اور جنوبی افریقہ پر مبنی برکس ممالک کے سفارتی نمائندے اور کاروباری شخصیات موجود تھیں۔ اپنی خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپنی اشیاء اور تجارت کے علاوہ ہندوستان نے دنیا بھر میں نظریات، علم اور زندگی کی قدروں کو پھیلایا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کی جانب سے بھرتی کیلئے منعقد کیے جانے والے مسابقتی امتحانات کا جامع مطالعہ کرنے اور اسے مزید شفاف بنانے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی سات رُکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو موجودہ نظام میں ضروری اصلاحات تجویز کرے گی۔ عمومی انتظامیہ کے محکمے نے اس حوالے سے سرکاری فیصلہ کل جاری کیا۔ محکمے کی اضافی چیف سکریٹری وی رادھا کی زیرِ صدارت اس کمیٹی میں ڈائریکٹر جنرل آف پولس سدانند داتے بھی شامل ہیں۔
***** ***** *****
قومی امتحانات کونسل (NTA) نے 9 اور 10 ستمبر کو ہونے والے انگریزی، کامرس اور سماجیات کے مضامین کے دوبارہ امتحان کیلئے ایڈمٹ کارڈ جاری کر دیے ہیں۔ سوالیہ پرچہ میں غلطیوں کے بعد یہ امتحان اب دوبارہ لیا جا رہا ہے۔ NTA کی جانب سے امیدواروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ UGC کی آفیشیل ویب سائٹ سے ایڈمٹ کارڈ حاصل کریں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے ریاست کے تمام میونسپل کارپوریشنوں میں خواجہ سراؤں کیلئے عوامی مقامات پر علیحدہ بیت الخلاء بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہری ترقیات کی وزیر مملکت مادھوری مساڑ نے ممبئی میں نامہ نگاروں کو یہ اطلاع دی۔ اس کام کیلئے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں اور میونسپل کارپوریشن سے کام کے تخمینے طلب کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے نے انتباہ دیا ہے کہ 12 ستمبر کے بعد مراٹھا برادری ممبئی کی طرف مارچ کرے گی۔ جالنہ ضلع کے انتروالی سراٹی میں بھوک ہڑتال کرنے والے جرانگے نے یہ بھی الزام لگایا کہ حیدرآباد گزٹ کے مطابق مراٹھواڑہ میں کنبی سرٹیفکیٹ کی تقسیم ابھی تک شروع نہیں ہوئی اور حکومت کی جانب سے اس کام کیلئے وعدے کے مطابق گاؤں گاؤں کیمپ لگانے اور اعلان کروانے کیلئے کوئی کارروائی بھی نہیں کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں‘ ریاستی پسماندہ طبقات کمیشن کے معاملے پر بھی حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ انہوں نے بطورِ احتجاج دو روز قبل جمعہ کی رات سے طبی علاج اور پانی بند کر دیا ہے۔
دریں اثناء، مراٹھا ریزرویشن ذیلی کمیٹی کے چیئرمین رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے اپیل کی ہے کہ ریاستی حکومت نے منوج جرانگے کے تمام مطالبات کا نوٹس لیا ہے، اس لیے وہ علاج سے انکار کا انتہائی قدم نہ اٹھائیں۔ وہ گزشتہ روز اہلیا نگر میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
دہی ہانڈی کا تہوار کل‘ روایتی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ ممبئی کے لال باغ دادر اور تھانہ کے میدانوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کی گووندا ٹیموں نے ڈھول تاشوں کی گونج میں دہی ہنڈی توڑنے کیلئے بڑے بڑے انسانی میناربنائے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نشے سے دور رہیں اور ایک صحت مند، باصلاحیت اور نشے سے پاک معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں اور دہی ہانڈی تہوار کے ذریعے ”منشیات سے پاک مہاراشٹر“ کے تصور کو مضبوط کریں۔ انہوں نے ورلی، دادر، گھاٹ کوپر میں منعقد ہونے والے مختلف دہی ہنڈی تقاریب کا دورہ کیا۔
دریں اثناء، نئی ممبئی کے ایرولی علاقے میں دہی ہنڈی کے دوران ہوئے حادثے میں 34 سالہ نوجوان گووندا کی گرکر موت ہوگئی۔ دہی ہانڈی کے دوران ہونے والے دیگر حادثات میں ممبئی کے ملاڈ کے مالونی علاقے میں دیوار گرنے سے سات سالہ لڑکا ہلاک ہو گیا، جبکہ کل پونے میں لوہے کی آہنی کمان گرنے سے ایک خاتون بھی ہلاک ہوئی۔ اس تہوار کے دوران ممبئی میں 118 نوجوان دہی ہنڈی پھوڑنے کی کوشش میں زخمی ہوئے۔ جن میں سے 85 ہنوز زیر علاج ہیں‘ جبکہ تھانے میں بھی زخمی ہونے والے 10 نوجوانوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی کئی مقامات پر دہی ہانڈی کی تقریبات منائی گئیں۔ سیاسی اور سماجی تنظیموں نے دہی ہنڈی پھوڑنے والی ٹیموں کیلئے بھاری انعامی رقوم کا اعلان کیا تھا، جس کے سبب گووندا ٹیموں میں زبردست مقابلہ ہوا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کے تحت کل چار اساتذہ کو ضلعی ایوارڈز دئیے گئے۔ جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 14 اسکولوں اور 9 خصوصی اساتذہ کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
صدرِ بلدیہ ونود گنگنے نے کہا ہے کہ تلجا پور بلدیہ کے تحت آنے والے تمام اسکولوں کو ایئرکنڈیشنڈ کیا جائے گا۔ وہ گزشتہ روز یوم اساتذہ کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اچھے معیار کے اسکول کی تعمیر اور طلباء کو تمام جدید سہولیات فراہم کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر نگر پریشد اسکول کے 29 اساتذہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
پربھنی کی رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر نے سیلو شہر کی ہمہ جہت ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کا تیقن دیا ہے۔ وہ سیلو میں تعمیراتِ عامہ کی نئی عمارت اور سرکاری رہائش گاہوں کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہی تھیں۔ بورڈیکر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی کو ترجیح دیں اور اپنے شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت رکھنے میں تعاون کریں۔
***** ***** *****
خواتین کے ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل دبئی میں کھیلے گئے ایک میچ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے صرف 56 رنز کا ہدف دیا۔ بھارت کی ٹیم نے یہ ہدف نویں اوور میں حاصل کر لیا۔
***** ***** *****
بھارت کے ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی”چائنا ماسٹرز“ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں مردوں کے ڈبلز کے فائنل میں داخل ہو گئی ہے۔ کل منعقدہ سیمی فائنل مقابلے میں ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے ملائیشیا کی جوڑی کو 21-16، 21-18، 21-11 سے شکست دی۔ ساتوک اور چراگ جوڑی کا مقابلہ آج شام ہونے والے فائنل میچ میں چین کی جوڑی سے ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ پرائمری اسکولی تعلیم درمیان ہی میں چھوڑنے کی شرح تقریباً صفر ہونے پر صدرِ مملکت کی ملک بھر کے اساتذہ کو مبارکباد؛قومی اساتذہ ایوارڈز کی تقسیم؛ مہاراشٹر کے 9 اساتذہ شامل۔
٭ مراٹھا برادری 12 ستمبر کے بعد ممبئی مارچ کرے گی: منوج جرانگے کا انتباہ۔
٭ دہی ہنڈی تقاریب جوش و خروش سے منائی گئی؛ ممبئی - تھانے میں 128 گووندا زخمی، تین ہلاک۔
٭ ایشیاء کپ خواتین T-20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی۔
اور۔۔۔٭ بھارت کی ساتوک-چراگ جوڑی چائنا ماسٹرز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...