Thursday, 17 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 17 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 17 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۱/ستمبر ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ حیدرآباد مکتی سنگرام دن کے موقع پر آج مراٹھواڑہ میں پرچم کشائی سمیت مختلف تقاریب کا اہتمام۔
٭ بیڑ-پونے ریلوے خدمات کا آج بیڑ ریلوے اسٹیشن سے افتتاح۔
٭ EPFO کی لازمی رکنیت کیلئے ماہانہ تنخواہ کی حد 15 ہزار روپے سے بڑھا کر کی گئی 25 ہزار۔
٭ وزیر اعظم کے سیاسی سفر کی سلور جوبلی کے موقع پر آج سے ’سیوا سنکلپ ابھیان‘۔
٭ فلمی دنیا کا اعلیٰ ترین دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بزرگ اداکار اننت ناگ کو دینے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ ریاستی حکومت کو تین ماہ کی مہلت دیتے ہوئے منوج جرانگے پاٹل کا بھوک ہڑتال ملتوی کرنے کا فیصلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
آج حیدرآباد مکتی سنگرام دن منایا جا رہا ہے۔ 17 ستمبر 1948 کو حیدرآباد ریاست نظام کی حکمرانی سے آزاد ہو کر بھارت میں ضم ہوئی۔ اُس وقت کے نائب وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی قیادت میں ’آپریشن پولو‘ کے نام سے کی گئی پولس کارروائی کے ذریعے بھارتی فوج نے حیدرآباد پر قبضہ کرکے نظام کو شکست دی۔ حیدرآباد صوبے کا مراٹھواڑہ علاقہ بھی آزاد ہوا اور زبان کی بنیاد پر اسے مہاراشٹر میں شامل کیا گیا۔ اس مکتی سنگرام دن کے موقع پر آج مراٹھواڑہ بھر میں مختلف پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں سدھارتھ گارڈن کے یادگار ستون کے احاطے میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں مرکزی سرکاری پرچم کشائی عمل میں آئی۔ اس پروگرام میں شرکت کیلئے وزیر اعلیٰ کل چھترپتی سمبھاجی نگر پہنچے۔
بیڑ میں نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار، جالنہ میں ضلع کی سرپرست وزیر پنکجا منڈے، پربھنی میں سرپرست وزیر میگھنا ساکورے -بورڈیکر، دھاراشیو میں سرپرست وزیر پرتاپ سرنائیک اور ناندیڑ میں سرپرست وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں پرچم کشائی کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر وجئے پھلاری کے ہاتھوں پرچم کشائی کی جارہی ہے۔ اس کے بعد مہاتما پھلے آڈیٹوریم میں معروف مصنف ڈاکٹر سشیل دھسکٹے کا ’مراٹھواڑہ: زبان اور ثقافت‘ کے موضوع پر لیکچر ہوگا۔ ڈویژن کے تعلیمی اداروں میں بھی پرچم کشائی اور پریڈ سمیت مختلف پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ-پونے ریلوے خدمات کا آج بیڑ ریلوے اسٹیشن پر افتتاح ہوگا۔ اس تقریب میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کریں گے، جبکہ نائب وزیر اعلیٰ اور ضلع کی سرپرست وزیر سنیترا پوار اور ماحولیات کی وزیر پنکجا منڈے ذاتی طور پر موجود رہیں گی۔ اس پروگرام کے پیش نظر ضلع کلکٹر ویویک جانسن اور پولس سپرنٹنڈنٹ نوینت کانوت نے کل ریلوے اسٹیشن کا دورہ کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا۔
دریں اثناء، بیڑ میں کل ضلع کلکٹردفتر میں نائب وزیر اعلیٰ اور ضلع کی سرپرست وزیر سنیترا پوار نے ضلع میں خشک سالی جیسی صورتحال اور خریف کے موسم کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ضلع میں فصلوں کے نقصان، پانی کی قلت، چارے اور بجلی کے مسائل کے سلسلے میں مختلف مطالبات پیش کیے گئے۔
بیڑ ضلع کے 11 تعلقوں میں بارش کی مقدار انتہائی کم اور غیر منظم ہونے کے باعث گاؤں کی سطح پر حقائق پر مبنی معائنہ کرکے معاوضہ اور امداددینے اور ضرورت مند دیہاتوں میں ٹینکر اور چارہ ڈپو شروع کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔
***** ***** *****
ملازمین کے پروویڈنٹ فنڈ کی تنظیم EPFO کی لازمی رکنیت کیلئے ماہانہ تنخواہ کی حد 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کرنے کی مرکزی کابینہ نے منظوری دی ہے۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا:
Byte: Ashwini Vaishnav, Union Minister for Information & Broadcasting
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کے سیاسی سفر کو 25 برس مکمل ہو رہے ہیں۔ یہ سفر ’جن سیوا سے راشٹر سیوا‘ کے منتر اور آج بھی برقرار ان کی انتھک وابستگی سے طئے ہوا ہے۔ خدمت اور بہتر حکمرانی کے نقطہئ نظر سے تحریک حاصل کرتے ہوئے حکومت 2047 تک ’ترقی یافتہ بھارت‘ کا ہدف حاصل کرنے کیلئے مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ جامع ترقی اور سماجی بااختیاری کے ذریعے یہ عزم لوگوں کے معیارِ زندگی کو بدل رہا ہے۔ اسی مناسبت سے آج منائی جا رہی وزیر اعظم کی سالگرہ کے موقع پر آج سے 17 اکتوبر تک ملک بھر میں ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ چلایا جائے گا۔
اسی بیچ، وزیر اعظم نریندر مودی آج نئی دہلی میں سیمی کان انڈیا 2026 کا افتتاح کریں گے۔ اس کانفرنس میں 52 ممالک کے نمائندے، 400 سے زائد اعلیٰ عہدیدار، 150 سے زائد مقررین اور 600 سے زائد کمپنیاں شرکت کریں گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
فلمی دنیا کے اعلیٰ ترین اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کیلئے معروف کنڑ اداکار اننت ناگ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ آئندہ 22 تاریخ کو گجرات کے کیوڑیا میں منعقد ہونے والی 72ویں قومی فلم ایوارڈز تقریب میں انہیں یہ اعزاز دیا جائے گا۔ اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیے جانے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اننت ناگ کو مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا تحریک کے رہنما منوج جرانگے پاٹل نے ریاستی حکومت کو تین ماہ کی مہلت دیتے ہوئے اپنی بھوک ہڑتال واپس لے لی۔ جرانگے پاٹل کی طبیعت خراب ہونے کے باعث ممبئی جانے کا دورہ روک کر بیڑ ضلع کے پاٹودا ہی میں انہوں نے قیام کیا، جہاں ان کا علاج کیا گیا۔ان سے ملاقات کیلئے پاٹودا میں حکومت کا وفد آج علی الصبح پہنچا۔ اس وفد میں وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل، وزیر دادا بھسے، رکن اسمبلی پرساد لاڑ اور رکن اسمبلی سریش دھس شامل تھے۔ اس کے بعد ہونے والی بات چیت کے اختتام پر جرانگے پاٹل نے بھوک ہڑتال واپس لینے اور اپنا ممبئی دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ ہمارے نامہ نگار نے یہ اطلاع دی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کی ترقی اور ترقیاتی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے شیوسینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے ’مراٹھواڑہ کی ترقی… تم سے نہ ہو پائے گی!‘ کے عنوان سے عوامی تحریک جاری ہے۔ اس تحریک کے تحت آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں ڈویژنل کمشنر دفتر کے روبرو پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے کی موجودگی میں دھرنا دیا جائے گا۔اسی بیچ، ٹھاکرے نے کل حیدرآباد مکتی سنگرام کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آج حیدرآباد مکتی سنگرام دن کے موقع پر احتجاج کے بجائے قربانی، لگن اوراجتماعیت کا احترام کریں، یہ اپیل دھاراشیو کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے کی ہے۔ انہوں نے کل ایک صحافتی کانفرنس میں اپیل کی کہ یہ دن سادگی سے منایا جائے اور اس تاریخی دن ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جس سے سماج میں تلخی پیدا ہو یا سماجی ماحول متاثر ہو۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے سین گاؤں تعلقہ کے منّاس پمپری میں بارش نہ ہونے کے باعث متاثرہ سویا بین کی فصلوں کارابطہ وزیر نرہری جھرواڑ نے کل معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کے نقصان کے ازالے کے لیے حکومتی سطح پر کسانوں کو زیادہ سے زیادہ امداد دلانے کی کوشش کی جائے گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن MPSCمیں بھرتی کے امتحانی عمل سے متعلق تجاویز اور آراء جاننے کیلئے حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے کل ناگپور میں مسابقتی امتحانات کے طلبہ سے ملاقات کی۔ کمیٹی کی سکریٹری وی. رادھا نے بتایا کہ تقریباً دو ہزار سے زائد طلباء سے ملاقات کرکے ان کی شکایات اور تجاویز سنیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کلکٹردفتر کے روبرو کل ’شیتکری حق مورچے‘ کی جانب سے ’ہلگی بجاؤ‘ احتجاج کیا گیا۔ کسانوں کے اس مورچے کے رہنما راجندر آمٹے نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر خشک سالی کا اعلان کرے، نقصانات کے پنچ نامے تیار کرے، فی ایکڑ 40 ہزار روپے معاوضہ دیا جائے اور زیرِ التوا فصل بیمہ کی رقم فوری طور پر جمع کی جائے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ریاستی کھادی اور دیہی صنعت بورڈ کی جانب سے پی ایم وشوکرما اسکیم کے تحت پربھنی میں آج اس اسکیم کے استفادہ کنندگان کا اجتماع منعقد کیا جائے گا۔ ضلع میں اس اسکیم کے نفاذ کو مزید مؤثر بنانے کیلئے پیش رفت کا جائزہ لینا، زمینی سطح پر استفادہ کنندگان کی ضروریات جاننا اور ان کی مشکلات کو سمجھنا اس اجتماع کا بنیادی مقصد ہے۔ ضلع دیہی صنعت افسر نے پی ایم وشوکرما اسکیم کے استفادہ کنندگان سے اس اجتماع میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور افغانستان کے درمیان جاری تین ٹی-20 کرکٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج دہلی میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔بھارت نے اس سیریز میں دو- صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ حیدرآباد مکتی سنگرام دن کے موقع پر آج مراٹھواڑہ میں پرچم کشائی سمیت مختلف تقاریب کا اہتمام۔
٭ بیڑ-پونے ریلوے خدمات کا آج بیڑ ریلوے اسٹیشن سے افتتاح۔
٭ EPFO کی لازمی رکنیت کیلئے ماہانہ تنخواہ کی حد 15 ہزار روپے سے بڑھا کر کی گئی 25 ہزار۔
٭ وزیر اعظم کے سیاسی سفر کی سلور جوبلی کے موقع پر آج سے ’سیوا سنکلپ ابھیان‘۔
٭ فلمی دنیا کا اعلیٰ ترین دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بزرگ اداکار اننت ناگ کو دینے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ ریاستی حکومت کو تین ماہ کی مہلت دیتے ہوئے منوج جرانگے پاٹل کا بھوک ہڑتال ملتوی کرنے کا فیصلہ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...