Tuesday, 8 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 08 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 08 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/ستمبر ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیر اعظم نریندر مودی آج ممبئی میں گلوبل فنٹیک فیسٹ 2026 کا کریں گے افتتاح۔
٭ مرکزی وزیر داخلہ کی زیر صدارت مغربی زونل کونسل کا اجلاس؛ علاقائی مفاد کے امور پر تبادلہ خیال۔
٭ کنبی سرٹیفکیٹس سے متعلق مسائل کے حل کیلئے 10 سے 17 ستمبر تک ہر ضلعے میں کیمپ کا انعقاد۔
٭ 21 ستمبر کو چھترپتی سمبھاجی نگر میں ٹاسک فورس بھرتی کے امتحان کے پیٹرن‘ ڈائیلاگ پروگرام کے سلسلے میں چھ محکموں کا دورہ۔
اور۔۔۔٭ ڈویژنل کمشنر نے مراٹھواڑہ کے تمام ڈیموں میں پینے کیلئے پانی محفوظ رکھنے کا دیا حکم۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعظم نریندر مودی آج مہاراشٹر اور گجرات کا دورہ کریں گے۔ وہ ممبئی میں گلوبل فنٹیک فیسٹ 2026 کا افتتاح کریں گے۔ یہ کانفرنس، ایجنٹک AI، ٹوکنائزیشن اور کوانٹم ٹیکنالوجی کے ذریعے جامع مالیات کے راستے کو آسان بنانے پر تبادلہ خیال کرے گی۔
اس سے پہلے وزیر اعظم گجرات کے وڈودرا میں 35 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد و افتتاح کریں گے اور عوام کے نام وقف کریں گے۔ وہ ویسٹرنDedicated fret Corridor کے تین اہم مراحل قوم کو وقف کریں گے اور چار مال بردار ریل خدمات کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ مغربی خطہ ملک کی اقتصادی، صنعتی اور مالیاتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وہ کل پنجی، گوا میں مغربی علاقائی کونسل کی 28ویں میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی خطہ مالیات، برآمدات، بندرگاہوں، اسٹارٹ اپس، سیمی کنڈکٹرز، سیاحت اور بلیو اکانومی جیسے مختلف شعبوں میں بہت بڑا تعاون رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مغربی خطے کی ریاستیں سبز توانائی کے میدان میں ملک کی قیادت کر رہی ہیں، امت شاہ نے مرکزی حکومت کی سبز توانائی کی پالیسیوں کا فائدہ اٹھانے کی اپیل کی۔ اس میٹنگ میں وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس، گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل، گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت، اور دمن دیو اور دادرا نگر حویلی کے ایڈمنسٹریٹر پرفل پٹیل کے علاوہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس میٹنگ میں علاقائی مفاد کے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرکزی وزیر داخلہ جو کہ گوا کے تین روزہ دورے پر ہیں، نے گوا پولس کو صدر جمہوریہ پرچم پیش کیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے انتروالی سراٹی میں OBC سماج کے مطالبے کے چلتے بھوک ہڑتال پر بیٹھے مظاہرین منگیش سسان، وٹھل تاڑیکر، باباصاحب بتولے اور ستیش کولال کو حراست میں لیا گیا۔ ان چاروں نے مراٹھا مظاہرین منوج جرانگے کے احتجاج کے مقام سے کچھ فاصلے پر اپنا احتجاج شروع کیا تھا۔ پولس نے امن و امان کی وجہ سے احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
دریں اثناء‘ جرانگے کی غیر معینہ بھوک ہڑتال کا کل دسواں دن تھا۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ وہ تاحال طبی معائنہ نہ کرانے اور پانی اور نمکین لینے سے انکار کے موقف پر قائم ہیں۔ جرانگے نے 12 ستمبر کو انتروالی سراٹی میں مراٹھا بھائیوں کی میٹنگ بھی بلائی ہے۔
***** ***** *****
کنبی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے مراٹھا ریزرویشن سب کمیٹی کے چیئرمین وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے تمام اضلاع کے ضلع کلکٹروں بشمول ڈویژنل کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 10 سے 17 ستمبر تک ہر ضلعے میں کیمپ منعقد کریں۔ وکھے پاٹل نے ضلع وار جاری کردہ ذات کی تصدیق کے سرٹیفکیٹس کی تعداد، کنبی ریکارڈ اور موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وکھے پاٹل نے ہدایت دی کہ ریٹائرڈ جسٹس شندے کمیٹی کے ذریعے پائے گئے 58 لاکھ ریکارڈ کی فہرستیں ہر گرام پنچایت میں شائع کی جائیں گی جبکہ تمام اضلاع کے افسران کو مناسب تال میل کے ساتھ ریزرویشن کے ہر مسئلہ پر سنجیدگی سے کارروائی کرنی چاہیے۔
***** ***** *****
دھنگر برادری کے ارکان نے کل ریاست کے کئی مقامات پر احتجاج کیا اور ریزرویشن بشمول ST زمرے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقعے پر مختلف مطالبات کیے گئے جن میں اہم مطالبہ یہ تھا کہ ریاستی حکومت آج سپریم کورٹ میں اس مسئلہ کی سماعت میں کوئی مبہم موقف اختیار نہ کرے اور دھنگر برادری کے حقوق کے تحفظات پر عمل آوری کیلئے پوری قانونی قوت کے ساتھ اپنا مضبوط موقف پیش کرے۔
***** ***** *****
بھرتی امتحان کے نظام کا جامع مطالعہ کرنے اور ضروری اصلاحات تجویز کرنے کیلئے مقرر کردہ ٹاسک فورس ریاست کے تمام چھ محکموں کا دورہ کرے گی۔ اس دورے کے دوران طلبہ، مسابقتی امتحانات کے امیدواروں، والدین، اساتذہ، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے براہ راست بات چیت کی جائے گی اور انکی تجاویز، مسائل اور آراء معلوم کی جائیں گی۔ یہ بات چیت کا سیشن 21 ستمبر کو چھترپتی سمبھاجی نگر کے اسمارٹ سٹی دفتر میں منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
MPSC امیدواروں نے ریاستی پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں پیپر لیک ہونے اور دیگر بے ضابطگیوں کی ذمہ داری لیتے ہوئے کمیشن کے چیئرمین ویویک بھیمنوار سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دیگر 10 مطالبات کی حمایت میں ایم پی ایس سی کا امتحان دینے والے طلبہ نے کل ریاست کے کئی مقامات پر مظاہرہ کیا۔
***** ***** *****
نئی نسل کی تشکیل میں آنگن واڑی کارکنوں اور مددگاروں کا کردار بہت اہم ہے، اور انہیں بچوں کو نظم و ضبط، ثقافت اور شفقت دے کر ایک مہذب نسل کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈالنے کی اپیل تعاون کے وزیر بابا صاحب پاٹل نے کی۔ وہ لاتور ضلع کے احمد پور تعلقے کے شِرور تاج بند میں انٹیگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروس اسکیم پروجیکٹ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ احمد پور تعلقے سے چار آنگن واڑی ورکروں اور 15 مددگاروں کو وزیر تعاون نے تقرری کے احکامات دیئے۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر جی شری کانت نے مراٹھواڑہ کے تمام ڈیموں میں پینے کیلئے پانی محفوظ رکھنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے پانی کے الیکٹرک پمپوں کو بھی ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
دریں اثناء، مانجرا ابی پشتے میں صرف 12 فیصد پانی بچا ہے، جو دھاراشیو، لاتور اور بیڑ اضلاع کو پانی فراہم کرتا ہے۔ اس ضمن میں اس ڈیم سے زراعت کے لیے پانی کی سپلائی بند کر دی گئی ہے اور ان تینوں اضلاع کی 22 پانی فراہمی اسکیمیں بھی بند ہونے کا خدشہ ہے۔
***** ***** *****
اوسہ تحصیل آفس پر کل کسانوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ لاتور ضلعے کو فوری طور پر خشک سالی سے متاثرہ قرار دیا جائے۔ اس احتجاج میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اوسہ کے تحصیلدار کے ذریعہ وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس کو ایک محضر بھی پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست میں ممکنہ شدید خشک سالی جیسی صورتحال کے پیش نظر سابق رکن اسمبلی دھیرج دیشمکھ نے وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس کو خط لکھ کر کسانوں کے لیے ایک جامع خصوصی مالیاتی پیکج اور مراٹھواڑہ اور ودربھ کے شدید متاثرہ علاقوں کیلئے ”ایل نینو خصوصی پیکیج“ کی فوری منظوری کا مطالبہ کیا ہے۔ کئی اضلاع میں تسلی بخش بارش نہیں ہوئی ہے۔ جس کے تحت دیشمکھ نے اس خط میں بتایا ہے کہ پینے کے پانی کے ساتھ ساتھ مویشیوں کے چارے کا مسئلہ بھی سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے کل بیڑ ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو ایک عوامی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بیڑ ضلعے میں قحط کا اعلان کیا جائے، پانی اور بجلی کے مسائل کو حل کیا جائے اور جل جیون مشن میں ہونے والی بدعنوانی کی تحقیقات کی جائیں۔ احتجاج میں شیوسینکوں، عہدیداروں اور کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں سڑک حادثہ میں تین افراد کی موت اور چار زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کل دوپہر کے قریب اونڈھا ناگناتھ تا زیرو پھاٹا راستے کے کڑمبا پاٹی تا گنڈہ پاٹی کے درمیان سڑک پر ایک آٹورکشا اور ایک مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئی۔ مرنے والوں میں ایک سالہ بچی اور اس کی ماں کے علاوہ ایک 12سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
بیڑ کے ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے تمام لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے تاکہ گنیش چترتھی کے دوران امن و قانون کی کوئی پریشانی نہ ہو۔ وہ کل امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ گنیش مورتی وسرجن کیلئے پانی کی قلت پر غور کرتے ہوئے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ مقامی خود مختار اداروں کو مصنوعی انتظامات کرنے پر غور کرنا چاہیے، اور منڈلوں کو ایک ماحول دوست گنیش اُتسو منانے کیلئے پہل کرنی چاہیے۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر راہول کرڈیلے نے گنیش چترتھی کے دوران ناندیڑ شہر اور ضلعے میں ڈولبی سسٹم کے استعمال پر پابندی لگانے کا حکم جاری کیا ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا ہے کہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
قومی غذائیت مہینہ 2026 کل سے ملک بھر میں شروع ہوگا۔ پربھنی میں اس موقعے پر منعقد ہونے والی سرگرمیوں کے خاکہ کا اعلان ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر نتیشا ماتھر اور محکمہ خواتین و اطفال کی ترقی کے ضلع پروگرام افسر آر پی کڑم نے کیا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع سمیت پورے مراٹھواڑے کی ترقی کیلئے اہمیت کی حامل بیڑ پونے ریلوے خدمات آئندہ، 17 ستمبر کو شروع ہوگی۔ اس ضمن میں، مجاہدین آزادی ریلوے آندولن سمیتی نے کل ضلع کلکٹر ویویک جانسن کو مبارکباد دی۔ یہ خدمت بیڑ اور پونے کے مابین رابطے کا ایک نیا ذریعہ فراہم کرے گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ وزیر اعظم نریندر مودی آج ممبئی میں گلوبل فنٹیک فیسٹ 2026 کا کریں گے افتتاح۔
٭ مرکزی وزیر داخلہ کی زیر صدارت مغربی زونل کونسل کا اجلاس، علاقائی مفاد کے امور پر تبادلہ خیال۔
٭ کنبی سرٹیفکیٹس سے متعلق مسائل کے حل کیلئے 10 سے 17 ستمبر تک ہر ضلعے میں کیمپ کا انعقاد۔
٭ 21 ستمبر کو چھترپتی سمبھاجی نگر میں ٹاسک فورس بھرتی کے امتحان کے پیٹرن، ڈائیلاگ پروگرام کے سلسلے میں چھ محکموں کا دورہ۔
اور۔۔۔٭ ڈویژنل کمشنر نے مراٹھواڑہ کے تمام ڈیموں میں پینے کیلئے پانی محفوظ رکھنے کا دیا حکم۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...