Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 14 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۱/ستمبر ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ برکس ممالک کے سربراہان کا اجلاس اختتام پذیر؛ آئندہ اجلاس کی صدارت چین کے سپرد۔
٭ 2029 تک بی جے پی اور این ڈی اے کے اقتدار والی21 ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کا مرکزی وزیر داخلہ کا اعلان۔
٭ ”شفاف ہوا کے سروے“ میں چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کو ملک میں سولہواں مقام۔
٭ منوج جرانگے کو ممبئی میں احتجاج کرنے کی اجازت دینے سے پولس انتظامیہ کا انکار۔
٭ دس روزہ گنپتی تہوار کا آج سے آغاز۔
اور۔۔۔٭ کرکٹ سمیت ہاکی کے ایشیا کپ مقابلوں میں بھارتی ٹیمیں ناقابلِ تسخیر ثابت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
بھارت کی صدارت میں نئی دہلی میں منعقدہ اٹھارہواں برکس سربراہی اجلاس 2026 کل کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس دو روزہ سربراہی اجلاس میں عالمی معیشت، ٹیکنالوجی اور تعاون پر اہم بات چیت ہوئی۔ برکس رُکن ممالک کے اجلاس کی اگلی صدارت چین کے سپرد کی گئی۔ اس سربراہی اجلاس میں لچک، اختراع، تعاون اور پائیداری پر منعقدہ سیشن کا اختتام کرتے ہوئے، وزیر اعظم نریندر مودی نے اس امید کا اظہار کیا کہ برکس سربراہان کے اجلاس میں منظور کردہ نئی دہلی اعلامیہ مستقبل میں تعاون کیلئے ایک مشترکہ نظریہ اور واضح سمت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا...
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
وزیرِ داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ 2029 سے پہلے بی جے پی اوراین ڈی اے کے اقتدار والی 21 ریاستوں میں یکساں سول کوڈ لایا جائے گا۔ وہ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ یکساں سول کوڈ سے متعلق بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا...
Byte: Home Minister Amit Shah
اس موقعے پر وزیرِ داخلہ نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی سیاسی زندگی کے 25 سال مکمل ہونے پر بی جے پی کی سیوا سنکلپ مہم کے بارے میں بھی جانکاری دی۔
اسی دوران‘ شاہ نے ممبئی میں تاریخی ایشیاٹک سوسائٹی کے اجلاس سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو ملک اپنی تاریخ، روایت اور علم کو محفوظ رکھتا ہے اسے ہمیشہ کیلئے غلام نہیں رکھا جا سکتا اور بھارت اس کی ایک اچھی مثال ہے۔ انہوں نے تاریخ کو مٹانے یا تبدیل کرنے کے الزامات کی تردید بھی کی۔
اس اجلاس میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قدیم تاریخ کو ایشیاٹک سوسائٹی کی شکل میں محفوظ کیا جا رہا ہے‘ جبکہ نائب وزیرِ اعلیٰ شندے نے کہاکہ ایشیاٹک سوسائٹی کے قدیم ورثے کی بقاء اور تحفظ ہمارا فرض ہے۔
***** ***** *****
دریں اثنا، وزیرِ داخلہ شاہ نے کل ممبئی میں 52 ویں انڈیا جیمز اینڈ جیولری ایوارڈز 2026 کی منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی۔ انھوں نے اپیل کی کہ تجربہ گاہوں میں بننے والے ہیروں کی تیاری کیلئے درکار مشینوں سے لے کر زیورات سازی، برانڈنگ، شو رومز اور عالمی نظامِ فروخت تک کے پورے انتظامات ملک میں ہی کیے جائیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے ”شفاف ہوا سروے 2026“ میں چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کو 10 لاکھ سے زیادہ آبادی والے 48 شہروں میں ملک بھر میں سولہواں مقام حاصل ہوا ہے۔ گذشتہ سال چھترپتی سمبھاجی نگر اس فہرست میں 34ویں مقام پر تھا۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مسلسل کیے جارہے مختلف اقدامات، کچرا نکاسی کے موثر انتظامات، گرد و غبار کی روک تھام، کچرا جلانے پر پابندی، ماحول دوست حمل و نقل اور عوامی بیداری کی وجہ سے اس فہرست میں بہتر مقام حاصل ہوسکا ہے۔
***** ***** *****
ممبئی پولس نے مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے کو ریزرویشن سمیت دیگر مطالبات کی یکسوئی کیلئے احتجاج کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس فیصلے سے متعلق ایک حکمنامہ آزاد میدان پولس اسٹیشن کی جانب سے جاری کیا گیاہے۔ پولس انتظامیہ کے اس حکمنامے میں وضاحت کی گئی ہے کہ آج سے شروع ہونے والے گنپتی تہوار کیلئے پولس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی اور اگر ایسی صورت حال میں احتجاج ہوتا ہے تو امن و قانون کا مسئلہ درپیش ہونے کا امکان ہے۔
دریں اثناء، اس حکمنامے کے بعد بھی منوج جرانگے نے ممبئی مارچ کیلئے پُرعزم ہونے کی وضاحت کی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
دس روزہ گنپتی تہوار آج سے شروع ہو رہا ہے۔ گنیش چترتھی کے موقعے پر ریاست سمیت چھترپتی سمبھاجی نگر اور ضلعے کے تمام بازاروں میں خریداروں کا ہجوم دکھائی دے رہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے مختلف علاقوں کے بازاروں میں گنیش مورتیاں، پوجا کے سامان اور سجاوٹ کی اشیاء دستیاب کروائی گئی ہیں۔ اس سال عقیدت مندوں کی بڑی تعداد ماحول دوست گنیش مورتیاں اور دیگر سامان خریدتے ہوئے نظر آرہی ہے۔ پولس انتظامیہ کی جانب سے گنپتی تہوار کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں روٹ مارچ کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے 432 گنیش منڈلوں نے ”بہترین عوامی گنیش منڈل مقابلہ 2026“ کیلئے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ اس مقابلے کو گزشتہ سال سے تعلقہ سطح تک بڑھایا گیا تھا‘ جبکہ اس سال پہلی مرتبہ اس مقابلے کو قومی اور بین الاقوامی سطح تک وسعت دی گئی ہے۔ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کیلئے درخواست دہی کی آخری مہلت 25 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی وزیر برائے سماجی انصاف اور چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ نے کہا ہے کہ ریاست میں خود مدد گروپس کی خواتین کا کام قابلِ ستائش ہے اور ان خواتین کو مرکزی دھارے میں لانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں اُمید گروپ کی دیہی علاقوں کی خواتین کے ذریعے تیار کردہ گنپتی مورتیوں کو فروخت کرنے کیلئے ضلع پریشد کے گنپتی مہوتسو سے مخاطب تھے۔
***** ***** *****
لاتور شہر میں گنیش چترتھی کے پیشِ نظر پولس انتظامیہ کی جانب سے امن و امان کی برقراری کیلئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں گاندھی چوک پولس اسٹیشن کی جانب سے شہر کے اہم راستوں پر فلیگ مارچ کیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں شری گرو گرنتھ صاحب جی مہاراج کے پہلے پرکاش پرو کے موقعے پر کل ایک عوامی طبّی جانچ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں ایک ہزار 157 شہریوں کو مختلف بیماریوں کی تشخیص کیلئے مفت طبی خدمات فراہم کی گئیں۔ اس میں 43 مریضوں کو بڑے اسپتالوں سے علاج کروانے کیلئے بھیجا گیا ہے۔
***** ***** *****
درج ِفہرست ذاتوں کے ریزرویشن کی ذیلی زمرہ بندی کی حمایت میں کل ناندیڑ میں ایک تائیدی مورچہ نکالا گیا۔ اس موقعے پر مورچے کے شرکاء کی جانب سے ضلع کلکٹر کو ایک مطالباتی محضر بھی پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
بھارتی خواتین اور مردوں کی جونیئر ٹیموں نے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کرلیا ہے۔ خواتین کی ٹیم نے کل کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں میزبان چین کو ایک صفر سے شکست دے کر مسلسل تیسری مرتبہ خطاب اپنے نام کیا۔ مقابلے کے 17ویں منٹ میں سانیکا چندرکانت مانے کے فیصلہ کن گول کے زور پر بھارتی ٹیم یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہوئی۔
مردوں کی ٹیم نے بھی کل‘ کھیلے گئے فائنل میں جنوبی کوریا کو چار ایک سے شکست دے کر مسلسل چوتھی بار ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا۔
***** ***** *****
خواتین کے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 72 رنوں سے شکست دے دی۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 183 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم صرف 111 رنز ہی بناسکی۔
***** ***** *****
بھارت اور افغانستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے افغانستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے افغانستان کی جانب سے مقررہ 156 رنز کا ہدف 13 اوورز اور چار گیندوں میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
***** ***** *****
موسم: محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن اور ودربھ کے بیشتر مقامات، وسطی مہاراشٹر کے مختلف مقامات اور مراٹھواڑہ کے چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس دوران وسطی مہاراشٹر کے مختلف مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ برکس ممالک کے سربراہان کا اجلاس اختتام پذیر؛ آئندہ اجلاس کی صدارت چین کے سپرد۔
٭ 2029 تک بی جے پی اور این ڈی اے کے اقتدار والی21 ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کا مرکزی وزیر داخلہ کا اعلان۔
٭ ”شفاف ہوا کے سروے“ میں چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کو ملک میں سولہواں مقام۔
٭ منوج جرانگے کو ممبئی میں احتجاج کرنے کی اجازت دینے سے پولس انتظامیہ کا انکار۔
٭ دس روزہ گنپتی تہوار کا آج سے آغاز۔
اور۔۔۔٭ کرکٹ سمیت ہاکی کے ایشیا کپ مقابلوں میں بھارتی ٹیمیں ناقابلِ تسخیر ثابت۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment